جتنی بھی کتابیں ہیں ان سب میں ایک چیز آپ کو یہ ملے گی، یہ تو درسِ نظامی کی کتاب اس اعتبار سے کہا بھی جا سکتا ہے کہ بالکل جب کوئی آدمی علوم و فنون سے فارغ ہو جائے تو پھر اس کتاب کو پڑھاتے ہیں۔
لیکن سبقاً سبقاً یہ خارج اوقات میں پڑھاتے ہیں یعنی اس اعتبار سے کہ یہ وفاق المدارس کے نصاب میں شامل نہیں ہے۔ تو اس اعتبار سے درسِ نظامی کی کتاب ہے بھی اور نہیں بھی۔
ان ساری کتابوں میں جتنے بھی مصنفین ہیں، وہ ظاہر ہے کہ انسان ہیں۔ اور کوئی بھی آدمی جب کتاب لکھتا ہے تو بہت مرتبہ دلائل کے اعتبار سے اس میں علمی طور پر اختلاف کیا جا سکتا ہے۔
صرف اللہ کی کتاب قرآن ہی کا یہ مقام اور اس کی شان ہے کہ جو کچھ حق تعالیٰ شانہٗ نے فرمایا بالکل صحیح اور بالکل درست ہے اور اس پہ کوئی آدمی تبصرہ بھی کرتا ہے کہ یہ صحیح ہے یا میرے نزدیک یہ صحیح ہے، تو بھی ایک طرح کی بے ادبی ہے کیونکہ ہم تو اس مقام کے بھی نہیں ہیں کہ حق تعالیٰ شانہٗ کے لیے تصدیق کر سکیں، اس نے جو کچھ فرمایا سو سچ ہے۔ مگر کبھی یہ بات کرنی پڑتی ہے۔
اور قرآنِ کریم کو چھوڑ کے باقی جتنی بھی کتابیں ہیں علمی اعتبار سے، حتیٰ کہ قرآن کی تفسیر پر علمی اعتبار سے اعتراضات ہوتے ہیں۔ فلاں انسان نے یہ لکھا ہے، اس کی روایت قابلِ ترجیح ہے یا نہیں ہے، فلاں آدمی نے یہ لکھا ہے اور اس کی شرح میں اس چیز کو انہوں نے بیان کیا ہے، اس چیز کو بیان کیا جائے یا نہ کیا جائے۔ ابنِ کثیر رحمۃ اللہ علیہ کی جو تفسیر ہے اس کا بڑا نام ہے لیکن اس کے باوجود ابنِ کثیر رحمۃ اللہ علیہ کے کئی مقامات ہیں جن پر انہوں نے جو چیزیں لکھی ہیں وہ معاملے درست نہیں ہیں۔
حنفی فقہ میں ہدایہ کی شرح ہے فتح القدیر، اور صاحبِ فتح القدیر رحمۃ اللہ علیہ بڑا مقام ہے ان کا۔ لیکن جہاں انہوں نے خمس پر بحث کی ہے، پانچویں حصے پہ، زکوٰۃ پہ بحث کی ہے، وہاں حضرت حسن رضی اللہ عنہ کے لیے طلاق کے مسئلے میں جو انہوں نے الفاظ استعمال کیے ہیں، یا جو کچھ انہوں نے کہا ہے وہ بہت زیادہ قابلِ اختلاف ہے اور اختلاف کرنے کا حق بنتا ہے، مگر کون اب فتح القدیر پڑھتا ہے اور کس کو پتا ہے کہ ابنِ ہمام نے کیا لکھا ہے۔
تو ہر کتاب میں کچھ نہ کچھ ایسی چیز ہوتی ہے جس سے علمی بنیاد پر اختلاف کیا جاتا ہے۔ تو مصنف جو کچھ کہتا ہے اس میں ایک تو اس کا ادب اور احترام رہنا چاہیے۔ مگر یہ کہ جب آدمی کتاب پڑھا رہا ہو تو ان کی جو بھی تسامح اور جو بھی انہوں نے کوئی ایسی بات لکھ دی ہے، اپنے طور پہ تو انہوں نے صحیح لکھی، علمی اختلاف ہو تو اس اختلاف کو ظاہر بھی کر دینا چاہیے۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حجۃ اللہ البالغہ میں چند مقامات ایسے ہیں، جو کچھ انہوں نے لکھا ہے ان کے اپنے علمی اعتبار سے چاہے درست ہو لیکن وہ مانا نہیں جا سکتا۔ ان کی جب بھی کوئی شرح لکھے گا یا کوئی بحث کرے گا علمی اعتبار سے تو وہ اس سے اختلاف کرے گا۔ یہاں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تعلق اور نسبت اور حدیث میں جو ان کا بلند مقام تھا شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا اور مدینہ منورہ میں جو پڑھے تھے، اور پھر ان پر جو اثر تھا اپنے اساتذہ کا، اور شیخ الاسلام ابنِ تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ کے مسلک کا، اس وجہ سے انہوں نے حدیث کو سب سے افضل علم قرار دیا۔
اس کی تاویل اور توجیہ کرنی پڑتی ہے۔ ورنہ سب سے افضل علم وہ قرآنِ کریم کی تفسیر ہے۔
کیونکہ اللہ کا کلام جس طرح سب سے افضل ہے حدیث کے مقابلے میں، خدا کی کتاب اعلیٰ اور اولیٰ درجہ رکھتی ہے۔ اسی لیے یہاں تک لکھا گیا کہ اگر فقہاء نے لکھا ہے کہ لائبریری ہے اور کتابیں اگر تہہ بہ تہہ رکھی جائیں تو انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم اور اس کی تفسیر کو حدیث سے اوپر لانا چاہیے کیونکہ اس کا ادب اور احترام کا تقاضا یہ ہے۔ سب سے اچھا علم قرآنِ کریم کی تفسیر کا ہے۔ کیونکہ قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ نے جو کچھ کہا ہے، ایک ایک حرف سے بات کہیں سے کہیں جا پہنچتی ہے۔ ایک ایک نقطے سے بات کہیں پہ کہیں جا پہنچتی ہے۔ پھر اس کی قرأت بھی، پھر کس قرأت میں کس نے اس کو کس طرح پڑھا ہے۔ عبد اللہ ابنِ مسعود رضی اللہ عنہ کی روایت کیا ہے، فلاں کی روایت، امام حفص رحمۃ اللہ علیہ کی روایت کیا ہے، ورش کی روایت کیا ہے۔
اب یہ ہمارے زمانے میں ایک نیا فتنہ اٹھا ہے بہت بڑا، اور وہ یہ کہ ایسے گمراہ پیدا ہو گئے ہیں جو قرأتوں کا ہی انکار کرنے لگے۔ وہ کہتے ہیں قرآن صرف اور صرف امام حفص رحمۃ اللہ علیہ کی قرأت ہے جو حرمین شریفین میں پڑھی جاتی ہے یا یہاں پڑھی جاتی ہے۔ دو چیزوں کے متعلق لوگ کہتے تھے کہ یہ کبھی بھی دجلہ کے پل سے بھی پار نہیں جائیں گی ان لوگوں کی باتیں، ایک امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی فقہ اور ایک امام عاصم رحمۃ اللہ علیہ کی قرأت۔ اور عاصم رحمۃ اللہ علیہ کے راوی تھے امام حفص۔ اور حفص کی قرأت اس وقت دنیا میں اکثر و بیشتر امت میں یہی پڑھی جاتی ہے۔ نوے فیصد کے قریب مسلمان یہی پڑھتے ہیں۔
تو ان لوگوں نے یہ ظلم کیا کہ وہ کہتے ہیں اور کوئی قرأت ہی نہیں ہے۔ اگر یہ افریقہ گئے ہوتے، اور اگر یہ سوڈان گئے ہوتے، اور اگر یہ صومالیہ کے لوگوں سے ملے ہوتے، تو امام ورش رحمۃ اللہ علیہ کی قرأت میں لوگ قرآن پڑھتے ہیں۔ قالون کی قرأت میں لوگ قرآن پڑھتے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں حج میں کچھ لوگ آئے ہوئے تھے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا ہم اسے یوں پڑھتے ہیں۔ تو ان سے پوچھا کہ بھئی یہ کس کی قرأت ہے؟ انہوں نے کہا ورش رحمۃ اللہ علیہ کی قرأت ہے۔ تو ان سے کہا گیا کہ ہم لوگ یوں پڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا: تم بھی ٹھیک پڑھتے ہو، ہم بھی ٹھیک پڑھتے ہیں۔ دونوں طرح حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم پہ یہ روایات نازل ہوئی ہیں۔
تو اب بھلا بتاؤ جو امت کے وہ آٹھ دس فیصد سہی، پانچ فیصد سہی، دو فیصد ہی سہی، وہ جو قرآنِ کریم پڑھتے ہیں نماز میں، روزے، تراویح میں، اور اگر یہ کہیں کہ اس قرأت کے علاوہ سب کچھ باطل ہے معاذ اللہ، نہ ان کی نمازیں صحیح ہیں، نہ ان کا قرآن صحیح ہے، بلکہ ان کا قرآن کو کسی اور طرح پڑھنا بھی پھر تو کفر ہو جانا چاہیے۔
یہ اب گمراہی شروع ہوئی ہے۔ ورنہ پہلے قرأتیں سب تھیں اور خاص طور پہ ملتان جو تھا، یہ تو قرأتوں کا مرکز تھا۔ ملتان میں اتنے قاری تھے، اتنے قاری تھے کہ تیسری صدی ہجری میں جو آئے ہیں یہاں پر ملتان میں مسلمان اور جنہوں نے یہاں تاریخ لکھی ہے وہ کہتے ہیں کہ یہاں پر ہر طرف امام ورش رحمۃ اللہ علیہ کی قرأت پہ قرآن پڑھا جاتا ہے۔ اور وہ کہتے ہیں کہ ملتان مرکز بن گیا ہے پورے ہندوستان کا قرأتوں میں، اللہ تعالیٰ نے اتنا علم ملتان میں رکھا تھا، اور واقعی بہت بڑے بڑے ائمہ تھے جو ملتان آئے اور انہوں نے قرأت کو رائج کیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ امام حفص رحمۃ اللہ علیہ کی قرأت چل پڑی۔
تو سب سے افضل علم تو اس اعتبار سے قرآنِ کریم کا علم ہے کہ قرآن میں قرأتیں اور یہ علم۔ اسی لیے جو متقدمین تھے، وہ قاری اس انسان کو کہتے تھے جس میں بنیادی طور پر چار علوم پائے جائیں:
ایک تو اس نے حفظ کیا ہوا ہو قرآنِ کریم کو۔
دوسرا علم جو ضروری تھا، اس کو ساتوں، دس کی دس قرأتوں کا علم ہو۔
تیسرا علم جو وہ کہتے تھے کہ اسے رسم الخط کا علم ہونا چاہیے۔ کہ رسم الخط جو ہے، اس کے تابع ہے قرأت۔ رسم الخط ہے ویسے جیسے لکھا جاتا ہے، قرأت ویسے جیسے پڑھا جائے گا۔
اور چوتھا علم تجوید کا تھا۔
یہ چار علوم جس انسان کو آتے تھے، قرأتوں کا اختلاف جانتا تھا، رسم الخط کہ قرآن کو کیسے لکھنا ہے۔ اس لیے قرآن میں آپ کبھی رسم الخط دیکھیں نا، تو یہ کئی جگہ پر مختلف ہے۔ آپ غور سے دیکھیں گے تو ابراہیم کا لفظ ہے، یہ دو نقطوں کے ساتھ بھی لکھا ہوا ملے گا، اور ابراہیم ایسے بھی ملے گا کہ اس میں دو نقطے نہیں ہیں، ’ہا‘ کے اوپر کھڑی زبر ڈال دی۔ اگر آدمی ویسے پڑھے تو ابراھام بنتا ہے، ابراہیم بنتا ہی نہیں، ’یا‘ ہے ہی نہیں۔ لیکن قرأت حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سے یونہی منقول چلی آئی ہے، اس لیے اسے پڑھتے ہیں۔
بہرحال، تو اس لیے قاری وہ جو حافظ بھی ہو، قرأتوں کا علم بھی اسے پورا آتا ہو، تجوید بھی پڑھا ہوا ہو، اور اس کے ساتھ ساتھ چوتھا علم اس کو وہ کہتے تھے کہ رسم الخط بھی اسے پتا ہو، تو تب وہ قاری بنتا ہے۔ اور ہمارے زمانے میں قاری بس ایک ہی چیز ہوتی ہے، وہ حافظ ہو نہ ہو، اسے قرأتوں کا کوئی خبر ہو نہ ہو، اور رسم الخط تو بہت دور کی بات ہے، کتنے لوگ رہ گئے ہوں گے جاننے والے۔ اگر آواز اچھی ہے تو وہ قاری ہے بس!
اب اتنا علم ہو گیا ہے کہ آواز اچھی ہے تو قاری ہے حالانکہ وہ ایک اضافی خوبی ہے۔ اللہ کی طرف سے ہے۔ نہیں ہے کسی کی تو اس میں کون سی ایسی بات ہے۔ حسنِ خدا نے خوبی رکھی ہے ایک آدمی میں، الحمد للہ اچھی بات ہے۔ غیر اختیاری چیز ہے نا، تو غیر اختیاری چیزوں پر فضیلت کی بنیاد کیسے رکھی جا سکتی ہے؟ تو اس لیے یہ قرآنِ کریم کی جو، جو علم ہے بہت وسیع ہے، بہت زیادہ ہے۔ اس کی اصل حقیقت یہ ہے اور اس کے بعد حدیث کا نمبر آتا ہے۔
لیکن حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کو چونکہ حدیث سے شغف زیادہ تھا اس اعتبار سے، اور اگر اس کی توجیہ ہم کریں تو ہم یہ کہیں گے کہ عملی زندگی میں حدیث کا علم چونکہ عام طور پر پایا جاتا ہے اور اس کی ضرورت زیادہ پیش آتی ہے اس لیے شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث کو تفسیر پر بھی ترجیح دی۔ کہ تفسیر کا تعلق عام روزمرہ کی زندگی سے نہیں ہوتا، وہ ایک علمی چیز ہے بہت اچھی ہے، حدیث کا تعلق بار بار پیش آتا ہے۔ جوتا پہننا ہے تو کیسے پہننا ہے، حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے کپڑے پہنے تھے تو کیسے پہنے تھے، کیا چیز کیسے کی تھی، نماز کیسے پڑھی تھی، روزے کیسے رکھے تھے، یہ چیز کیا تھی، یہ چیز کیا تھی، ہر ہر چیز میں چونکہ حدیث کا معاملہ یا ریفرنس آتا ہے تو عام عوام کے اعتبار سے یہ علم چونکہ زیادہ مفید ہے، اس اعتبار سے انہوں نے کہا کہ دینی علوم جو ہیں، یقینی علم جو حاصل ہوتا ہے، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے علومِ دینیہ کو یقینی فرمایا ہے۔
یقینی اس لیے کہا یہ لفظ کہ انسان علم حاصل کرتا ہے حواس کے ذریعے۔ آدمی کو پتا چلتا ہے گرم سرد کا، اور، اور آدمی کو پتا چلتا ہے کہ انسان کس چیز کو چھوتا ہے اس سے، سونگھتا ہے اس سے، حواس سے پتا چلتا ہے نا کہ اس کی، یہ چیز کیا ہے۔ اور علم کا دوسرا، بلکہ یہ حواس کے بھی اوپر جا کر عقل ہے جو فتویٰ دیتی ہے۔ اگر ہاتھ بے حس ہو جائے، سن کر دو، اللہ تعالیٰ معاف کرے کسی کو فالج ہو جائے، تو اس کا ہاتھ چاہے آگ میں ڈال دو، برف پہ رکھ دو اسے پتا ہی نہیں۔ اس لیے کہ اس کے بعد جو عقل فتویٰ دینے والی تھی کہ یہ کیا چیز ہے، وہ عقل کا اور اس کا رابطہ منقطع ہو جاتا ہے۔
تو حواسِ خمسہ کے ذریعے آدمی علم حاصل کرتا ہے اور وہ علم پھر جاتا ہے پلٹ کے دماغ میں، اور دماغ فتویٰ دیتا ہے کہ یہ کیا چیز ہے، یہ شیر ہے، ریچھ ہے، قالین ہے، میز ہے، لاؤڈ اسپیکر ہے، کیا چیز ہے۔ سب کچھ انسان کی عقل بتاتی ہے۔ اور بعض اوقات عقل انسان کی گم ہو جاتی ہے، جب عالم بدل جاتا ہے تو حکم بدل جاتا ہے۔ اس دنیا ہی میں ہو جاتا ہے۔ خواب کے عالم میں چلے جاؤ، حکم بدل جاتا ہے۔ ایک آدمی نے چوری کی خواب میں، اب اس کو کہا، کیا کہا جائے؟ کچھ بھی نہیں۔ عالم بدل گیا نا، حکم اس کا بدل گیا۔ اس عالم میں کوئی چیز کھل جاتی ہے اس پہ، کوئی چیز دیکھتا ہے، اب اس عالم کے بدل جانے کی وجہ سے جو حکم تھا وہ اس دنیا میں نہیں لگایا جا سکتا۔ خواب کے احکامات خواب ہی کے ساتھ ہوتے ہیں۔
تو یہ بھی علم کے حصول کا ایک ذریعہ ہو جاتا ہے۔ اولیاء اللہ کا کشف ہے، الہام ہے، خواب ہیں، اور ان میں جن چیزوں سے انسان کو علم حاصل ہوتا ہے سب سے زیادہ غالباً، غالباً اس لیے کہہ رہے ہیں کہ اس کی ترتیب میں اگرچہ فقہاء کا آپس میں بھی اختلاف ہے لیکن غالباً سب سے اچھی چیز جس سے علم حاصل ہوتا ہے وہ خواب ہے۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ اس کی حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے گارنٹی دی ہے۔ اس کے متعلق فرمایا ہے کہ یہ نبوت کے چھیالیسواں حصہ ہے۔
اور ایک جگہ آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ نبوت کا تیسواں حصہ ہے۔ مختلف روایات میں مختلف الفاظ ہیں، لیکن نبوت کا حصہ چونکہ اسے فرمایا ہے، اس اعتبار سے علم حاصل ہوتا ہے حواس سے، عقل سے، خواب سے۔ اور خواب کے بعد پھر دوسری چیز، یا یہ چوتھی چیز سمجھ لیجیے الہام ہے، الہام سے علم حاصل ہوتا ہے۔
اور الہام ایسے بھی ہو جاتا ہے، اس کی مختلف قسمیں ہوتی ہیں۔ الہام ایسے بھی ہوتا ہے کہ ایک آدمی کوئی بات کہتا ہے بغیر دماغ کے تعلق کے یہ الہام ہے۔ دماغ کی بات نہیں ہوتی، بے اختیار کہتا ہے کہ یہ مر جائے گا۔ اور ہوتا وہی ہے، مر جاتا ہے۔ وہ بے اختیار کہتا ہے کہ اس کام کو یہ نہ کرو، خود بھی سوچتا ہے میں نے یہ کیوں کہا؟ اور اس کی حقیقت اتنی سی ہے کہ اللہ کا کوئی فرشتہ، کوئی غیب کی مخلوق خدا کی طرف سے اس سے آ کے ہم کلام ہوتی ہے۔ تو بغیر رویت کے، بغیر دیکھنے کے یہ چیز خود بخود اس کے دل میں آ جاتی ہے اور دل سے زبان پہ آ جاتی ہے اور بے اختیار سے کہہ گزرتا ہے اور کوئی اس سے پوچھے کہ کیا دلیل ہے؟ وہ کہتا ہے کوئی دلیل نہیں۔ کیوں کہا تھا؟ پتہ نہیں کیوں کہہ دیا تھا۔ کبھی کہتا ہے غلطی ہو گئی پتہ نہیں یہ کیا کہہ دیا۔
معاذ اللہ، یہ باتیں پاگلوں کی نہیں، دیوانوں کی نہیں کر رہے کہ جو بغیر سوچے سمجھے کوئی بول دے۔ مطلب جس انسان کو واقعی اللہ نے کوئی مقام عنایت فرمایا ہو اور پھر وہ کبھی بات کہہ دیتا ہے بغیر دماغ کے زبان کے تعلق کے، تو وہ الہامی چیز ہو جاتی ہے۔ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہر امت میں ایسے لوگ ہیں جن کے ساتھ فرشتے باتیں کرتے تھے، ہوئے ہیں۔ اور آپ نے فرمایا: میری امت میں یہ عمر رضی اللہ عنہ ایسے ہیں۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا ایسے ہی تھا معاملہ۔
پھر تیسری چیز فراست آ جاتی ہے۔ فراست بھی ایسی چیز ہے جس سے علم حاصل ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں فرمایا: إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّلْمُتَوَسِّمِينَ اور اس میں بڑی نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لیے جو فراست سے کام لیتے ہیں۔ فراست کا مطلب انسان عقل، ہوش، حواس، کوئی چیز دیکھتا ہے، پھر اس سے ملتی جلتی کوئی چیز دیکھتا ہے تو وہ حکم لگا دیتا ہے کہ یہ ہو جائے گا، یہ ایسی چیز ہو جائے گی۔ اس کو الہامی طور پہ بتا دیا جاتا ہے۔
یہ چیزیں دونوں حضرت عمر رضی اللہ عنہ میں جمع ہو گئی تھیں، فراست بھی اور الہام بھی۔ ان کا الہام اس درجہ درست تھا کہ قرآنِ کریم کی کئی آیات ان کے، ان کے کہنے کے مطابق، جب، کے مطابق وہی نازل ہو گئیں۔ وہ الہام ان کا ایسا تھا۔
اور آخر پہ نمبر آتا ہے کشف کا، اور کشف میں وہ چیز صورت دکھا دی جاتی ہے کہ یہ چیز ہونی ہے۔ تو یہ ایسی چیزیں ہیں کہ ان میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جو نفس کی پاکیزگی سے حاصل ہو جاتی ہیں۔ بلکہ یہ نہ، یہ، یہ کہیے کہ ان میں سے کچھ چیزیں ایسی ہیں جو نفس کی صفائی سے حاصل ہو جاتی ہیں۔
اور شریعت میں مطلوب نفس کی صفائی نہیں، نفس کی پاکیزگی ہے۔ نفس کسی انسان کا پاک ہونا الگ چیز ہے، صاف ہونا الگ چیز ہے۔ جتنے شدید مجاہدے میں زندگی گزارے گا اتنا ہی نفس صاف ہو جائے گا، پاک نہیں ہوتا۔ یہ بڑے کام کی بات ہے۔ ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ بعض لوگوں کو یہ مقامات حاصل ہو جاتے ہیں اپنے نفس کی صفائی سے، پاکیزگی سے نہیں۔
شدید محنت کرے، مجاہدہ کرے، مثلاً سردی میں کپڑے نہ پہنے، اور اپنے اندر کی طاقتوں کو بیدار کرتا رہے۔ غصے پر قابو پا لے، کہ کسی حال میں غصہ نہیں کرنا۔ فرض کر لو ناخن کاٹنا چھوڑ دے، بیس بیس سال ناخن، سخت تکلیف ہو رہی ہے نہیں کاٹ رہا۔ یہ سب اذیتیں جو دینی ہیں نا اپنے آپ کو، یہ کر دیتی ہیں نفس کو صاف۔ اور نفس کو جب صاف کرتی ہیں تو وہ اندر سے صفائی ایسی ہونا شروع ہو جاتی ہے کہ شیاطین، جنات، فرشتے ان کا اثر اس پر پڑتا ہے۔ اور جب اثر پڑتا ہے صفائی کی وجہ سے تو یہ آدمی لوگوں کو بتانا شروع کرتا ہے کہ تمہارے ہاں یہ چیز ہو جائے گی، تمہارے ساتھ ایسے ہو جائے گا، تمہیں عنقریب دولت مل جائے گی، یہ چیزیں ہو جائیں گی۔
شیاطین بتاتے ہیں۔ شیاطین جاتے ہیں آسمان کی طرف، اللہ کے فیصلے سننے۔ اللہ کے فیصلے اوپر سے نازل ہوتے ہیں نیچے، درمیان میں جب فرشتوں تک پہنچتے ہیں حتیٰ کہ وہ فرشتے جو بادلوں میں ہوتے ہیں۔ قرآنِ کریم میں بھی آیا ہے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جب حکم نازل ہوتا ہے تو، یعنی اس کی تفسیر یہ ہے کہ آسمانوں میں کھلبلی مچ جاتی ہے۔ فرشتے خوف کے مارے پر مارنے لگتے ہیں اپنے آسمانوں میں کہ اللہ کی طرف سے حکم نازل ہوا ہے کوئی، گھبرا اٹھتے ہیں۔
اور پھر ایک دوسرے سے پوچھتے ہیں، یہ قرآن میں آیا ہے: مَاذَا قَالَ رَبُّكُمْ؟ تمہارے رب نے کیا کہا؟ اور قبل اس کے کہ دوسرے کا جواب سنیں، ایک تفسیر اس کی یہ بھی ہے، کہ وہ آپس میں خود ہی کہتے ہیں: قَالُوا الْحَقَّ، جو کچھ بھی کہا سو سچ ہے۔ وَهُوَ الْعَلِيُّ الْكَبِيرُ، اللہ کی ذات بڑی بلند ہے، بڑی عظمت والی ہے۔
اتنی ہیبت اور رعب طاری ہوتا ہے۔ وہ احکامات فرشتے لے کے آتے ہیں نیچے۔ وہ جب نیچے لاتے ہیں تو وہ ملاءِ سافل، جو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ آگے بحث کریں گے بہت اچھی بحث، ان فرشتوں تک پہنچاتے ہیں جو زمین میں ہیں۔ اس سارے چین کے دوران کہیں کہیں شیاطین سنتے ہیں۔ اور جب شیطان سنتا ہے، جنات سنتے ہیں، یہ اس آدمی کو جا کر دیتے ہیں جس کا نفس صاف ہو گیا ہوتا ہے، پاک نہیں۔
تو نتیجہ کیا نکلتا ہے کہ اس نفس کی صفائی کی وجہ سے لوگ کہتے ہیں جی ہے تو ہندو لیکن بات اس نے بڑی زبردست کہی، بالکل سچی نکلی۔ عیسائی ہے، سکھ ہے، یہودی ہے، فاسق و فاجر، ہے مسلمان، فاسق و فاجر ہے، بھنگ پیتا ہے، چرس پیتا ہے، لیکن جی اس نے فلاں کو کہا، اور یہ دو چار باتیں اگر عورتوں میں مشہور ہو جائیں تو پھر تو وہ پکا ہی ولی ہو گیا نا! پھر تو اس کی ولایت کے لیے اور کوئی چیز ہی نہیں چاہیے، پھر تو لوگوں میں چل سو چل، پھر لوگوں کا مجمع لگ جاتا ہے۔
اور اس کے برعکس ایک چیز ہے نفس کی صفائی کی بجائے پاکیزگی، اور پاکیزگی حاصل ہوتی ہے اتباعِ سنت سے۔ اس لیے حضرت مجدد الف ثانی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ کا کمال ہے اس معاملے میں کہ انہوں نے کہا دنیا کی جتنی لذات اور تنعمات ہیں اور جتنی مباح چیزیں ہیں سب کو استعمال کرو اور ان کے ساتھ ساتھ اتباعِ سنت کو اور تزکیے کو اپنا شعار بناؤ، تمہارا نفس پاک ہو جائے گا۔ اور پاکیزگی جب حاصل ہو جائے گی تو اللہ کے ہاں یہ مطلوب ہے، اسی سے نجات ہو جائے گی بس۔ اس سے جو خواب آئے، کوئی کشف ہو، کوئی چیز ہو تو ٹھیک ہے، نہ ہو تو کیا پروا ہے۔
یہ وہ مقام ہے جہاں پر پہنچ کر ایک مومن اور کافر میں فرق پڑ جاتا ہے۔ ایک فاسق انسان کے نفس میں کیونکہ اسے بھی صفائی حاصل ہوئی ہوتی ہے مجاہدے سے، اور اس کو صفائی حاصل ہوتی ہے، پاکیزگی بلکہ حاصل ہو جاتی ہے اس کو اتباعِ سنت سے۔ تو اتباعِ سنت کی وجہ سے جو پاکیزگی اسے حاصل ہوتی ہے، اس پہ بھی غیب کے الہام ہوتے ہیں، اظہار ہوتا ہے لیکن اس پہ اظہار ہوتا ہے فرشتوں کے ذریعے۔ پھر جنات کا دخل نہیں رہتا، پھر فرشتے اس پر چیزیں لاتے ہیں۔ ہاں، سمجھنے میں غلطی ہو جائے یہ ہو سکتا ہے۔
سمجھنا کشف کا اور خواب کا، اس میں کوئی آگے پیچھے بات ہو جائے تو اور تو اور حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے خواب دیکھا کہ تشریف لے جا رہے ہیں مکہ مکرمہ اور حاضری ہو رہی ہے بیت اللہ میں، اور جب پہنچے تو وہ چیز نہیں ہو سکی۔ صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا کہ آپ نے تو فرمایا تھا مجھے خواب آیا ہے۔ لیکن وہ خواب جو تھا وہ اگلے سال کے لیے تھا، ۸ ہجری میں جب مکہ فتح ہوا ہے، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دو سال پہلے ۶ ہجری میں تشریف لے گئے اور وہاں پہ صلح حدیبیہ ہو گئی۔ تو خواب کے سمجھنے میں کبھی کبھی بڑی، بڑی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے اور انیس بیس کا فرق آ ہی جاتا ہے۔
حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ابو جہل کو دیکھا خواب میں، جنت میں پھر رہا ہے۔ حالانکہ وہ بدر میں مارا گیا تھا۔ کسی کی سمجھ میں نہیں آیا کہ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ خواب آخر کیا معنی رکھتا ہے کہ ابو جہل جنت میں پھر رہا ہے۔ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی کوئی تعبیر نہیں دی، بس خاموش رہے، صرف اتنا فرمایا: میں نے اسے دیکھا ہے کہ جنت میں پھر رہا ہے۔ پھر کیا ہوا اس کے بعد؟ اس کے بعد یہ ہوا کہ جب عکرمہ رضی اللہ عنہ مسلمان ہوئے ہیں ابو جہل کے بیٹے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ میرے خواب کی تعبیر ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں نے دیکھا خواب میں، بخاری شریف میں آئی ہے یہ روایت، کہ ایک آدمی طواف کر رہا ہے بیت اللہ کا، تو میں نے پوچھا یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا یہ دجال ہے۔ تو حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے خود دجال کو دیکھا ہے بیت اللہ کا طواف کرتے ہوئے۔ اور فرمایا پھر دوسرا آدمی دیکھا تو لوگوں نے کہا یہ مسیح علیہ السلام ہیں۔ اب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحیح بخاری کی روایت کے مطابق دجال کو دیکھا کہ وہ بیت اللہ کا طواف کر رہا ہے، تو اس کا مطلب کیا ہوا؟
پھر اس پہ شراح جب آئے ہیں حدیث کے تو وہ کہتے ہیں کہ ممکن ہے دجال جب پیدا ہوا تھا یا جب بنا تھا، کسی زمانے میں گیا ہو طواف کرنے بیت اللہ کا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو وہ منظر دکھایا گیا۔ کسی نے کہا اس کا مطلب یہ ہے کہ امت کا آخری طبقہ جو اکثر طواف کرنے والے ہوں گے وہ اصل میں دجال کی صفات رکھتے ہوں گے۔ دجل کا مطلب ہے نا فریب۔ تو جتنے فریب دینے والے، دھوکہ دینے والے، حرام کا مال کمانے والے، کہنا کچھ کرنا کچھ، سب پہنچے ہوئے ہوتے ہیں اکثر و بیشتر رمضان میں، اکثر و بیشتر۔ یہاں جو کچھ مرضی کرتوت کرتے رہیں، اور فیشن بن گیا ہے کہ ستائیسویں جی بیت اللہ میں، حرم میں، حرم مسجد نبوی میں۔
حالانکہ، درمیان میں ایسے ہی مسئلہ آ گیا، کنز کی شروح دیکھو تو فقہاء نے لکھا ہے، آج سے تین سو سال پہلے کے فقہاء لکھتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ نفل حج نہیں کرنا چاہیے۔ اور پھر کہتے ہیں وجہ اس کی یہ ہے کہ مسلمانوں کی معاشی حالت اتنی کمزور ہو گئی ہے، اب وہ پہلے جیسی خوشحالیاں نہیں رہیں۔ تو اپنے قرب و جوار میں دیکھیں کہ کس کو پیسے کی ضرورت ہے، ادارے کیسے قائم ہو سکتے ہیں، مفہوم خلاصہ اس عبارت کا یہ ہے۔ تو کہتے ہیں یہاں پیسے خرچ کریں، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ اٹھ کے ہر سال نفل حج پہ چلا جائے۔ تین سو سال پہلے فقہاء کہتے تھے۔ انہیں کیا معلوم تھا کہ حرام کا پیسہ اتنا آ جائے گا۔ تو اس لیے اس کی ایک تعبیر یہ بھی کی گئی ہے کہ اس امت کے آخری حصے میں اکثر لوگ جو بیت اللہ کا طواف کرنے کے لیے آئیں گے ان کے پیسے حرام کے ہوں گے، حلال کا جائز کا پیسہ نہیں ہو گا۔
تو اب حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا خواب ہے، اب اس کی تعبیر اور بھی ہو سکتی ہے، پتہ نہیں اب کیا ہو، کیا چیزیں، دجال جب آئے، مر جائے، پھر پتہ چلے کہ اس خواب کا کیا بنا حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی۔ تو اس لیے خواب ہے، کشف ہے، یہ سب ذرائع ہیں۔
اور ان سب سے آخر پر جو یقینی ذریعہ علم کا ہے وہ وحی ہے۔ بس وحی ایسی چیز ہے کہ اس جیسا علم نہیں ہو سکتا۔ وہ عقل سے، ان سب چیزوں سے ماوراء ہے۔ اس لیے شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہاں پر جو یقین کا لفظ ارشاد فرمایا ہے نا، وہ اسی معنی میں ہے کہ یقینی علم جس سے حاصل ہوتا ہے وہ اللہ کی وحی ہے۔ وگرنہ عقل دھوکہ کھا جاتی ہے۔ عقل کوئی چیز دیکھتی ہے، بعد میں پتہ چلتا ہے چیز کچھ اور تھی، یہ بچے ہیں، ان کی عقل کتنی ہے، انہیں جھاڑی میں بلی نظر آ جاتی ہے۔ رات کو کہو جا کے دوسرے کمرے سے چیز لے آؤ تو وہ کہتا ہے پتہ نہیں وہاں پہ ایک سایہ میں نے ایک دن دیکھا تھا، اب وہ بڑا جاتا ہے تو اسے پتہ ہوتا ہے کیا سایہ اور کیا چیز، کچھ بھی نہیں۔ تو تدریجاً عقل بڑھ گئی نا۔
قطعی حکم کئی مرتبہ نہیں لگایا جا سکتا۔ عقل کچھ کہتی ہے کہ دس سال بعد کیا ہو جائے گا، پھر کیا ہو جاتا ہے، پھر کیا سے کیا ہو جاتا ہے۔ یقینی چیز علم جو حاصل ہوتا ہے، وہ وحی ہے اللہ کی جانب سے۔ اس لیے یہاں پر فرمایا حضرت نے کہ یقینی علم جو حاصل ہوتا ہے: وَمَبْنَى الْفُنُوْنِ الدِّيْنِيَّةِ وَأَسَاسُهَا، اور دین کے جتنے فنون ہیں اور ان کی جو اساس ہے۔
علم اور چیز ہے، فن اور چیز ہے۔ علم تو حقیقی اعتبار سے کہتے تھے ان چیزوں کو جن کی بنیاد وحی ہے۔ اور فن کہتے ہیں اس چیز کو جو اس کے سمجھنے تک پہنچنے میں مدد دیتا ہے۔ منطق ایک فن ہے، فلسفہ ایک فن ہے، اسی طرح صرف اور نحو یہ فنون میں شمار ہوتے تھے، اور علم اصل میں کتاب و سنت میں شمار ہوتا تھا۔ کہ وہ علم ہے اور یہ فنون ہیں جن کے ذریعے اس علم تک پہنچا جاتا ہے، جن کے ذریعے پیسہ کمایا جاتا ہے۔ اور فنون اگر انہیں کوئی آدمی صحیح نیت سے پڑھے گا، اللہ کے ہاں اسے بھی اجر اور ثواب ملے گا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ قرآنِ کریم نے جتنی قوموں کا ذکر کیا ہے کہ یہ تباہ ہو گئی، یہ چیز ہو گئی، یہ چیز ہو گئی، انہیں بہت سی چیزیں ایسی آتی تھیں جو آج ہم فنون کہتے ہیں، لیکن اپنے زمانے کے اعتبار سے انہوں نے اسے بطورِ علم حاصل کیا تھا۔ مثلاً اللہ تعالیٰ نے قومِ ثمود اور عاد کے متعلق کہا ہے کہ وہ تباہ ہو گئے، برباد ہو گئے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنا عذاب بھیجا۔ اللہ نے فرمایا کہ ان کے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے ان سے کہا: أَتَنْحِتُونَ، تم تراشتے ہو پہاڑوں کو! تو پہاڑ کو تراشنا اور اس سے پوری چٹان کا نکال لینا، اور اندر کھوکھلا کمرہ پیدا ہو گیا، بن گیا۔ اور پھر اس کمرے کے بعد دوسرا کمرہ، پھر تیسرا کمرہ، پھر اس میں باغ کہاں لگے گا، پھر اس میں بیٹھنے کی جگہ کون سی ہو گی۔ اب ہے ایک پہاڑ، اور ڈیزائننگ انہوں نے اس کی اس طرح کی کہ اس میں نو سو کمرے بنانے ہیں، ایک ہزار کمرہ بنانا ہے۔
تو یا اللہ کمرے کیسے بنیں گے؟ چھت کتنی ہو گی؟ کتنے فٹ چھوڑ کے پھر اوپر کھدائی شروع کرو گے؟ پھر اس کے بعد سمت کیا ہو جائے گی وہاں پہنچ کے؟ وہاں پہنچ کے پھر آگے باورچی خانہ ہے مثلاً، وہ کہاں بنے گا؟ بیٹھنے کی جگہ کہاں بنے گی؟ اتنے اتنے بڑے محلات تعمیر کر لیتے تھے یہ اسی طرح تراش تراش کے۔ اور یقینی بات ہے کہ انہیں کم سے کم جیومیٹری آتی تھی، حساب کا علم آتا تھا، ناپنا تولنا آتا تھا، وزن کا پتہ ہو گا کہ پتھر کتنے وزن کے ہیں، کس طرح نکلیں گے، کہاں انہیں لے کر جانا ہے، ان سے اور کیا کام لیے جا سکتے ہیں، یہ سب چیزیں ہیں اور اللہ تعالیٰ نے اسے علم قرار دیا ہے، وہ ان کے زمانے کا علم تھا۔
تو فنون جو ہیں، ان کا بھی ایسے ہی ہوا کرتا ہے کہ اس زمانے میں وہ علم ہوتا ہے، لیکن فن کو بھی اگر کوئی آدمی صحیح نیت سے حاصل کرے، اللہ کے ہاں اس کا بھی اجر ہے، اللہ کے ہاں اس کا بھی ثواب ہے۔
مسلمانوں میں اب بہت سی چیزیں ایسی ہیں، چونکہ اب کرنی بھی نہیں چاہییں، وجہ اس کی یہ ہے کہ اب مسلمانوں میں عام علمی بیداری رہی نہیں۔ وگرنہ جب تک مسلمان تابع تھے فتوے کے اور دین پر عمل کرتے تھے، بہت بڑی بڑی چیزیں ہوتی تھیں۔ کیونکہ مفتیوں کو، فقہاء کو پتہ تھا کہ اس بات کی اجازت انہیں اگر دے دی جائے تو یہ ہمارے تابع ہی رہیں گے۔ ہمارے فتوے پہ نہیں اطمینان، دوسرے شہر سے فتویٰ لے لیں گے، اس پہ اطمینان نہیں کہیں اور چلے جائیں گے، رہیں گے دین میں ہی۔
فقہاء پہ ایک، ایک مرتبہ ایک علاقہ تھا اور وہاں قدرتی آفات نازل ہو گئی تھیں۔ تو فقہاء نے اس سال میں یہ فتویٰ دیا کہ اس سال کوئی قربانی نہ کرو، اور انہوں نے کہا: اس سے زیادہ مسلمانوں کو پیسے کی زیادہ ضرورت ہے، یہ پیسہ یہاں دے دو۔ اور قربانی کو فقہاء نے کہا، حنفی فقہاء نے، انہوں نے کہا کوئی اس سال ضرورت تمہیں نہیں ہے ایسی، یہاں جو مسلمانوں پہ آفت آئی ہے یہ کہیں زیادہ ہے، پیسہ یہاں دو، یہاں لوگوں پہ خرچ کرو۔ اب یہ فتویٰ دیا بھی نہیں جا سکتا، دینا بھی نہیں چاہیے، وجہ اس کی یہ ہے کہ لوگ دین سے نکل جائیں گے۔
لیکن جب تک علماء کا اثر تھا، وہ ان چیزوں کو کنٹرول کر لیتے تھے، قابو میں لے آتے تھے۔ اگلے سال اگر انہوں نے فتویٰ یہ دے دیا کہ نہیں، اب وہ پیسہ خرچ کرنا وہاں جائز نہیں ہے، اب پیسہ یہیں خرچ کرو، قربانی ہی دو، تو لوگ کہتے تھے بالکل ٹھیک ہے، دین ہے۔ علماء بھی دیندار تھے، علم تھا جو وسیع تھا۔ یہی حال فنون کا بھی تھا۔ جس زمانے میں فلسفہ، منطق یہ چیزیں آنا شروع ہوئی ہیں، اس زمانے میں علماء نے کہا کہ اس علم کو حاصل کرنا ضروری ہے، یہ پڑھو، واجب ہے۔ جس زمانے میں سحر کے اثرات بڑھ گئے جادو کے اور یہودی اور یہ لوگ جادو کرنے لگے زیادہ، تو ادھر سے مسلمان علماء نے کہا یہ علم سیکھو، جادو کا کیسے ہوتا ہے، کیسے اس کا توڑ ہوتا ہے، وہ انہوں نے سکھایا تاکہ کفر کا مقابلہ کیا جا سکے، فنون میں بھی مقابلہ کیا جا سکے۔
یہی حال آج کی دنیا کا بھی ہے، آج کے معاملات کا بھی ہے۔ اس لیے بڑے معتدل اور بڑے، بڑے جو سمجھدار اللہ کے بندے ہیں وہ اپنے حلقے میں کبھی بھی یہ نہیں کہیں گے کہ تم سب کچھ چھوڑو اور آ کے درسِ نظامی پڑھو۔ وہ کہتے ہیں کاروبار کر رہے ہو بالکل ٹھیک ہے، اسی میں لگے رہو اور اپنے آپ کو درست کرو، اس لیے کہ مسلمان تاجر کی بھی ضرورت ہے۔ پیسہ کماؤ، مدرسے میں لا کے دو، بچے پڑھ رہے ہیں ان کی، ان کی کفالت برداشت کرو، یہ تمہارا کام ہے، وہ ان کا کام ہے۔ ڈاکٹرز ہیں وہ کہتے ہیں بالکل ٹھیک ہے، اپنے شعبے میں کام کرو اور دین کے مطابق کام کرو۔ وہ یہ نہیں کہتے کہ اس کو چھوڑ دو اور آ کر تم مدرسے میں اب داخلہ لے لو۔
اور یہ وہ چیز ہے جس کے لیے بہت مناسب الفاظ اور نرم الفاظ میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ اب ہمارے نوجوانوں میں بہت سے ایسے ہیں جو اس دین، دنیاوی علم کو چھوڑ دیتے ہیں اس غفلت کی بناء پر کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ علم پڑھ کے کیا کرنا ہے، اور انہیں پھر آگے سے ایسے لوگ مل جاتے ہیں جو کہتے ہیں چھوڑو، یہ تو دنیا کا علم ہے، تم آج بینک میں کام کر رہے ہو کیا فائدہ ہے اس کام کا، کمپیوٹر میں کیا تمہیں حاصل ہو جائے گا، چھوڑو ان چیزوں کو، آؤ اللہ اللہ کرتے ہیں، آؤ مسجد میں بیٹھ جاؤ۔
نتیجہ یہ کہ معاشرہ جو تشکیل پاتا ہے، وہ یہ کہ ہم وکالت کو چھوڑ دیں فاسقوں کے لیے، ڈاکٹروں کو چھوڑ دیں، سارے طب کے پیشے کو ان کے لیے جو ایک سے ایک بڑا پیسے کا پجاری بیٹھا ہوا ہے۔ اسی طرح ہم کمپیوٹر کے سیکشن کو چھوڑ دیں، ان سب نوجوانوں کے ذہن کو نکال کر ہم لے آئیں کہ یہاں بیٹھ جاؤ مسجد میں بس، کوئی اور کام نہیں کرنا۔ تو نتیجہ یہ نکلے گا کہ باقی جو شعبے ہیں ان میں بے دین لوگ عام ہو جائیں گے، ہمیں اپنے کام کے لیے پھر انہی کے پاس جانا پڑے گا، پھر انہی کی منتیں کرنی پڑیں گی۔ فائدہ کیا کیا؟
مثلاً ایک لڑکا انجینئرنگ یونیورسٹی میں پڑھتا ہے، نقشے بنا لیتا ہے۔ میں اسے کہتا ہوں نقشے بنانا چھوڑو، یہ تو دنیا داری ہے، کیا کرنا ہے؟ آؤ حجۃ اللہ ہی بیٹھ کے پڑھا کریں گے روز۔ آ گیا، حجۃ اللہ ہم نے پوری پڑھا دی۔ گھر اخراجات اور کھانے کے لیے کیا ہو گا؟ اس سے کہو اللہ پہ بھروسہ کرے، بیٹھا رہے۔ کتنے دن؟ عملی زندگی کو دیکھو نا، ہو گا کیا؟ اور اب جب مسجد کے ڈیزائن کی ضرورت پیش آئی، مدرسے کی پیش آئی تو پھر جا کر کسی ایسے آدمی کی منتیں کرنی پڑیں جس کو دین کا ذرہ پرواہ نہیں، وہ کہتا ہے مولوی صاحب نقشہ بنانا ہے تو اتنے پیسے لگیں گے۔ ہیں پیسے، بسم اللہ آئیے، ایک سے ایک بہتر چیز بنا کے دیتے ہیں، نہیں ہیں پیسے، پیسے لے کے آئیے۔
یہی اگر آدمی جس کو ہم نے کھینچا تھا یونیورسٹی سے اگر اسے پڑھنے دیتے اور ہمیں جب ضرورت پیش آئی تھی نقشے کی تو جا کے اس سے کہتے کہ بھائی یہ مدرسے کا کام ہے، مسجد کا کام ہے، کوئی پیسہ نہیں دینا، تمہاری صلاحیتیں ہیں وہ پول کرنی ہیں، پیسہ ہمارے پاس جتنا ہے ہم لگائیں گے، تم اپنی صلاحیت کو لگاؤ، یہ دونوں، تینوں، دس، پندرہ آدمی مل کے ایک مسجد بنا لیں گے، تو وہ آدمی کام میں آتا۔
اس لیے یہ جو رجحان چل پڑا ہے نا ہمارے ہاں کہ فنون سے لوگوں کو ہٹاؤ، یونیورسٹی سے، میڈیکل کالج سے، اس سے، اس سے، یہ اس ایئر میں چھوڑ دیا، اس نے اس ایئر میں چھوڑ دیا، اس نے اس طرح کر لیا، اس طرح کر لیا، یہ بڑی خطرناک چیز ہے۔ اس پہ چند مہینے پہلے، یہ، اس لیے اب یہ حوالہ اس لیے دے رہا ہوں کہ ہے بڑی خطرناک بات، ہمیں تو پڑیں جوتے اگر کوئی سن لے، اس لیے اس کا حوالہ دے رہا ہوں، یہ چند مہینے پہلے وفاق المدارس میں کراچی سے غالباً، غالباً جامعہ فاروقیہ سے ایک مضمون آیا تھا، وہ چھپا تھا، اس کا خلاصہ یہی ہے جو آپ سے عرض کیا۔
ایک آدمی نے بینکنگ کی تعلیم حاصل کی ہے، لگا دیے اس نے بیس سال، اب اس کی عمر ہو گئی تیس سال، پینتیس برس، اللہ نے دین کی توفیق دی، اب ہم اسے کہیں آج ہی استعفیٰ دے دو، کیا صورت ہے؟ اسے دو وجہ سے بینک میں کام کرنے دو، اسے کہو بھئی اس سے بہتر جاب کی تلاش کرو، کہیں مل جائے وہاں چلے جانا۔ حضرت تھانوی نور اللہ مرقدہ فرماتے تھے: دوسری جگہ جا کر نوکری کرے، سال چھ مہینے رہے، پھر پتہ چل جائے کہ میں یہاں پر چل سکتا ہوں، پھر پہلی جگہ استعفیٰ دے۔ اتنے محتاط لوگ تھے، اتنی احتیاط تھی، یہ ایک انسانی زندگی اور معاشرے کو سمجھتے تھے۔
اور ہم کہتے ہیں اس وجہ سے بھی اسے کام کرنے دو کہ فرض کر لو اللہ توفیق دے کسی کو کل وہ اسلامک بینکنگ کرنا چاہے، تو معاشرے میں لوگ کہاں سے لائے گا؟ اس کا تجربہ ہے، اب اللہ نے دین کی سمجھ بھی دی ہے، جونہی اخبار میں، کسی ذریعے سے پتہ چلے گا اسے کہ فلاں جگہ اسلامک بینک قائم ہو رہا ہے، دو چار ہزار کم مل رہی ہے تنخواہ، کہتا ہے کوئی پرواہ نہیں، اسلامک بینکنگ ہے میں بھی یہاں چلا جاؤں، اپنی صلاحیتیں یہاں کھپا لوں۔
تو فنون جو ہیں، ان میں کوئی پیچھے رہ جائے، بھئی یہ کیوں؟ یہی چیز ہے آہستہ آہستہ، آہستہ آہستہ ہوتے ہوتے اتنی زیادہ ترقی کر جاتی ہے کہ جب دماغ فنون کی طرف نہیں چلتے تو سائنٹسٹ کم ہو جاتے ہیں، کیمسٹ کم ہو جاتے ہیں۔ کیمسٹ یہ تھوڑی ہیں جو وہ دوائیاں بیچتے ہیں ہمارے ہاں عام محاورے میں کیمسٹ کسے کہتے ہیں، لیکن کیمسٹری کا علم کم ہو گیا نا۔ اب سوچیں اس کا فرق کہاں جا کر پڑا، سائنٹسٹ کم ہو گئے، سائنسدان رہے نہیں، نتیجہ یہ کہ سائنس اور ٹیکنالوجی ساری کی ساری کافروں کے ہتھے چڑھ گئی۔
اور جو بھی بنائیں گے اب وہ کافر بنائیں گے، ہم محتاج بیٹھے ہیں۔ اگر پتہ ہو کہ یہ ملک ہے اور اس کے پاس اٹامک پاور ہے، سائنسدان اس کے ہیں، یہ چیزیں ہیں، یہ چیزیں ہیں، کون اسے چھیڑنے کی ہمت کر سکتا ہے؟ یہ اسرائیل کی جو اتنی زیادہ حفاظت ہو رہی ہے نا، اس کے ایک شہر یروشلم میں نوبل، نوبل پرائز جنہیں ملتا ہے دنیا میں، جن سائنٹسٹس کو، جن لوگوں کو کام کرنے میں، ایک مرتبہ کسی ضرورت سے ہم فہرست دیکھ رہے تھے، تو یہاں پر اسی سے زیادہ غالباً سائنٹسٹ ہیں۔ اسی سے زیادہ نوبل پرائز ونر ہیں جنہوں نے نوبل پرائز حاصل کیا ہے، پوری یہودی دنیا ان کی حفاظت کرتی ہے کہ یہ دماغ ہے۔
آپ کے ہاں ایک دماغ آیا ڈاکٹر عبد القدیر صاحب کا، معلوم نہیں کیا معاملہ ہو کیا نہ ہو، لیکن یہ کہ وہ ایک آدمی آیا نا، نام تو ایک ہی آیا، اس کے پیچھے بھی بہت سے ہوں گے، یقیناً، یقیناً ہیں، تو ایک نام آیا ہے اس کی وجہ سے دیکھ لو کیا ہو رہا ہے، تو جن کے اپنے شہروں میں دسیوں افراد ایسے بیٹھے ہوئے ہیں انہیں حفاظت کرنی ہے، وہ ان کا اثاثہ ہیں۔
تو یہ فائدہ ہوتا ہے فنون میں آنے کا۔ اس لیے جو لوگ، جو دماغ ہیں اچھے، فنون میں کام کرتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے کہ بڑھو، آگے کام کرو۔ سلوک، تزکیہ، احسان، ایک وہ ہوتا ہے جو عام عوام کے لیے کافی ہوتا ہے۔ حسد نہ کرے، غصہ نہ کرے، مالی معاملات اپنے درست رکھے، اور جو شریعت نے چیزیں کہی ہیں اس کی پابندی، سنتِ مؤکدہ اس کی پابندی، بس!
اور ایک سلوک وہ ہے، تصوف اور احسان کا حصہ، جو مشائخ کا خاصہ ہے یعنی ذکر، اذکار، مراقبات، آگے کی چیزیں، وہ پھر جتنی محنت جس لائن میں لگ جاتا ہے کر لیتا ہے۔ اب اللہ کے ہاں پہنچ کر کیا فیصلہ ہو گا، یہ اللہ ہی جانتا ہے۔ دونوں کی اپنی اپنی خدمات ہیں، کس کو خدا کیا مقام دے گا۔
بڑی اچھی بات حضرت نے ہمیں سنائی، مولانا ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے تھے کہ میں اور مولانا منظور نعمانی صاحب گئے ایک خلیفہ تھے حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کے، غالباً عبد الغفور نام حضرت نے بتایا تھا۔ لکھا ہوا ہے، دیکھیں گے اگر غلط ہوا تو تصحیح کر لیں گے، عبد الغفور ہی شاید بتایا تھا، حضرت نے کہا ہم ان کے پاس پہنچے تو اللہ تعالیٰ نے انہیں بڑا غیر معمولی اعتدال دیا تھا۔ ان کی صفات، ان کی خوبیاں بیان کیں، پھر فرمانے لگے کہ: بھائی! جو لوگ کہتے ہیں کہ ہمارے حضرت بڑے مقام کے آدمی تھے اور آپ کے حضرت سے زیادہ مقام تھا، حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ سے بڑا مقام فلاں کا تھا، تو میں ان سے یہ کہتا ہوں کہ اللہ کے علم میں ہے، اللہ کی قدرت میں ہے کہ کون اس کے زیادہ قریب ہے۔
تو تم کہتے ہو کہ تمہارے شیخ جو تھے وہ میرے شیخ مولانا شبلی نعمانی، تھانوی رحمۃ اللہ علیہ سے بڑے تھے، تو میری تو تمنا ہے کہ جو میرے حضرت کا مقام تھا، حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کا، اللہ تعالیٰ اس امت کے ہر ہر فرد کو جنت میں وہی جگہ دے جو میرے حضرت کو دی۔ فرمایا: میرے حضرت کے درجے میں کوئی کمی تھوڑی آئے گی! ہمیں کیا ضرورت ہے تقابل کرنے کی؟ اور جو آپ کے شیخ کا مقام تھا، اللہ اس امت کے ہر ہر فرد کو بھی وہ اگر مقام دے دے تو خدا کے لیے کیا مشکل ہے؟
فرمایا: اس میں کون سی ایسی بات ہے کہ جس میں تقابل کرنے بیٹھ جاؤں کہ تمہارے حضرت اللہ کے زیادہ قریب تھے یا ہمارے حضرت قریب تھے، اللہ کا معاملہ اللہ ہے۔ ساری امت میرے حضرت جیسا مقام پا لے تو حضرت کے مرتبے میں تو کوئی کمی آنی نہیں، اللہ تعالیٰ نے حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ سے کوئی چیز لے کے باقی لوگوں کو تھوڑی دینی ہے، وہ تو اس نے اپنی قدرت سے دینی ہے، تو اس کی، اس بحث کا کیا فائدہ؟
بالکل یہی بات ہے۔ ایک آدمی سائنس میں، کسی فیلڈ میں ترقی کر کے اللہ کو راضی کر لیتا ہے اور ایمان پہ موت آ جاتی ہے جو اصل بات ہے۔ اور ایک آدمی اللہ اللہ کرتا ہے اس کی ایمان پہ موت آ جاتی ہے، تو دنیا سے ایمان جب سلامت لے گئے، تو حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کسی آدمی کو جنت میں ایک کوڑے کے برابر جگہ مل جائے، چار فٹ کی، تین فٹ کی، وہ پلاٹ جو مل جائے، فرمایا: یہ تمہاری ساری دنیا سے اور ساتوں آسمانوں سے بڑی چیز ہے۔ اللہ اکبر!
تو اس لیے حضرت نے یہ جو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں نا کہ دینی فنون جو ہیں، اور ان کی اساس کہ علمِ حدیث ہے۔ کیونکہ فنون بھی اسی لیے پڑھے اور پڑھائے جاتے ہیں کہ حدیث کا علم حاصل ہو۔ صرف، نحو، منطق یہ علوم کی جو تقسیم ہے، وہ انشاء اللہ آگے ایک جگہ آئے گی پھر عرض کریں گے آپ سے کہ مسلمانوں میں علوم کی تقسیم کیسے ہوتی تھی۔ بڑی تقسیم ہوتی تھی، یہ علم حاصل کرنا ہے، یہ علم حاصل کرنا ہے، پھر اس کی شاخیں ہیں، پھر اس کی شاخیں ہیں، اس کی شاخیں کیا ہیں؟ ایک انجینئرنگ ہے، ایک طب ہے، ایک موسیقی ہے، ایک عروض ہے، ایک فلسفہ ہے، کیا کیا چیزیں ہیں، پھر اس میں کس شعبے میں آنا ہے، اس طرح اس زمانے میں مسلمانوں میں وہ افسر نکلتے تھے جن کو آپ آج کل کیا کہتے ہیں، سی ایس پی؟ سی ایس پی آفیسرز کہتے ہیں نا؟ جو مقابلے کے امتحان دے کے آگے آتے ہیں نا، اس طرح پورا نظامِ تعلیم مرتب تھا اور اس میں سے لوگ نکلتے تھے اور انہی لوگوں میں سے پھر بادشاہ اپنے وزیر لے لیتا تھا۔
وہاں وزارتیں ایسے نہیں ملا کرتی تھیں کہ اس کی سفارش ہو گئی، اس کی سفارش ہو گئی، بلکہ بادشاہ کو تو حکومت چلانی ہوتی تھی نا، ملک تھوڑا بیچنا ہوتا تھا۔ تو وہ پھر اس کے ذریعے دیکھتے تھے کہ کتنا پڑھا لکھا ہے، کس شعبے میں کام کر لے گا، اس نظامِ تعلیم سے پٹواری سے لے کے وزیرِ اعظم تک آدمی نکل آتے تھے۔ وہ نظامِ تعلیم ایسا تھا۔ تو وہ آگے آئے گی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جہاں بحث کی ہے، پھر بات کریں گے۔
حضرت فرماتے ہیں علمِ حدیث ہے، جس کے لیے سارے علوم اور فنون پڑھے جاتے ہیں۔ اچھا، علمِ حدیث کیا ہے؟
ارشاد فرمایا کہ: الَّذِي يُذْكَرُ فِيهِ جس میں حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات، يُذْكَرُ فِيهِ بیان کیے جاتے ہیں، مَا صَدَرَ مِنْ أَفْضَلِ الْمُرْسَلِينَ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَعَلَى آلِهِ وَأَصْحَابِهِ أَجْمَعِينَ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جو کچھ صادر ہوا وہ سب کچھ بیان کیا جاتا ہے۔
افضل المرسلین، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو انہوں نے تمام انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام سے افضل قرار دیا اور اس کی بنیاد قرآن کی وہ آیت ہے کہ اللہ نے فرمایا: تِلْكَ الرُّسُلُ فَضَّلْنَا بَعْضَهُمْ عَلَىٰ بَعْضٍ، وہ رسول ہیں ہم نے بعض رسولوں کو بعض رسولوں پر ترجیح دی ہے، مِّنْهُم مَّن كَلَّمَ اللَّهُ، کچھ ایسے ہیں جن سے اللہ نے کلام کیا ہے، حضرت آدم علیہ الصلوٰۃ والسلام ہیں، حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام ہیں، حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، اور اللہ نے کہا کچھ کے درجات ہم نے بلند کیے۔ تو اللہ نے وہ درجات اپنی طرف سے انہیں عنایت فرمائے ہیں۔
اب یہ جو لٹریچر آ رہا ہے نا نیا نیا، جس میں خاص طور پہ یہ چیزیں آہستہ آہستہ وہ لکھتے جاتے ہیں کہ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا سب سے افضل ہونا اس کی کوئی دلیل ہمیں نہیں ملی۔ یہ مل جائے گا، کیا ذکر کریں وحید الدین خان صاحب جو کچھ ان کا رسالہ نکلتا ہے ’الرسالہ‘، اور ان کی کتابیں آپ پڑھیں اس میں آپ کو ملیں گی یہ جملے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام سے افضل تھے اس کی کوئی دلیل نہیں ہے، غلط بات ہے۔ قرآنِ کریم نے جو کہا ہے کہ فَضَّلْنَا بَعْضَهُمْ عَلَىٰ بَعْضٍ ہم نے خود انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کے درجات رکھے ہیں، کچھ کو کم درجے میں، کچھ کو ان سے بڑھ کے، کچھ کو ان سے بڑھ کے، اور احادیث اس پہ بے شمار ہیں۔ قرآن نے خود بتایا ہے، وہ یہ چیز ہے۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے افضل تھے۔ ہے کیا چیز حدیث؟ تین چیزیں آگے ذکر فرمائیں: مِنْ قَوْلٍ أَوْ فِعْلٍ أَوْ تَقْرِيرٍ، حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا قول، فعل، اور تقریر۔
حدیث میں حضرت نے تین چیزوں کا ذکر کیا کہ حدیث کہتے کس کو ہیں۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قول کو قرار دیا، فعل کو قرار دیا، اور تقریر کو۔ قول تو آسان ہے، مثلاً رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما دیا یہ کام کرو، نہ کرو، جو کچھ ارشاد فرمایا قول ہو گیا۔ اور قول جو ہو گیا تو حدیث کا مقام سمجھنا چاہیے کہ یہ میرے اور آپ تک، اچھی طرح سمجھو اس بات کو، میرے اور آپ تک پہنچنے میں جو واسطے درمیان میں آئے ہیں ان واسطوں کی وجہ سے وہ حدیث ضعیف ہو گئی، وہ حدیث کمزور پڑ گئی، کوئی جھوٹا آدمی درمیان میں آ گیا تو ہم نے کنڈم کر دیا ہم نے کہا جی ہم نہیں مانتے اس حدیث کو یہ آدمی جھوٹا ہے، ٹھیک ہے؟
لیکن فرض کر لو، فرض کر لو جس آدمی کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا یہ بات کرنا، اگلی صدی میں آدمی جھوٹے آ گئے، اس سے اگلی صدی میں آ گئے، ہم نے تو ان راویوں کی بنیاد پہ کہا نا کہ یہ بات ٹھیک نہیں ہے، لیکن فرض کرو اس سے واقعی فرمایا تھا، تو اس آدمی کے حق میں جو صحابی رضی اللہ عنہ تھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کہنا اور قرآن کی آیت دونوں برابر ہو گئی نا، قطعی چیز ہو گئی نا، اس کے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان تو کوئی واسطہ نہیں رہا۔
آج ہم کہتے ہیں یہ حدیث صحیح ہے، یہ حدیث بہت ہی پکی ہے، قوی، کچھ بھی آپ کہیں، ہم سب اس بنیاد پر کہہ رہے ہیں کہ یہ راوی درمیان میں ٹھیک ہیں، امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے صحیح کرا دی، امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے صحیح کرا دی، فلاں نے، فلاں نے، یہ ہماری، میری آپ کی بحث ہے۔ اس آدمی کو جس کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا تھا اس کے لیے تو اس کا ماننا فرض ہو گیا، اس کے لیے تو قرآن کی آیت اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا قول دونوں چیزیں برابر ہو گئیں۔
صحیح ہے؟ یہ بات سمجھ میں آتی ہے؟ یہ ہے وہ بنیاد جس پہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے کہا کہ میں وراثت تقسیم نہیں کر سکتا۔ کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرما دیا تھا کہ ہم جو کچھ چھوڑ کے جاتے ہیں انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام یہ اس میں وراثت نہیں چلتی۔ یہ تو صدقہ ہے، یہ تو بیت المال ہے۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی طرف سے قرآن کی آیات پیش کی گئیں، یہ لوگ ٹھیک کہتے ہیں کہ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے کہا قرآن نے کہا ہے کہ عورت یا مرد جس کا بھی انتقال ہو گا اس کو وراثت ملنی چاہیے، جو باقی اس کے ورثاء ہیں اس میں تقسیم ہو گی مال کی، تو حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے پاس قرآنِ کریم کی آیت قطعی دلیل تھی۔
یقیناً قرآن نے کہا ہے: لِلنِّسَاءِ نَصِيبٌ عورتوں کا حصہ ہے، لِلرِّجَالِ نَصِيبٌ مردوں کا بھی حصہ ہے، مِمَّا اكْتَسَبُوا وَلِلنِّسَاءِ نَصِيبٌ مِمَّا اكْتَسَبْنَ، عورتیں اور مرد جو کچھ بھی چھوڑ کے جاتے ہیں دنیا میں ان کے اولاد وارث بنتی ہیں۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کا موقف اگر قرآن کی آیت ہے تو ادھر حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے براہِ راست سنا ہوا ہے، وہ کیسے اس کی نافرمانی کرتے؟ نافرمانی کرتے تو گناہ گار نہ ہو جاتے؟ کیا ہوتا؟
تو اس لیے حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا قول جو ہم تک پہنچتے ہیں ہم تو راویوں پر بحث کرتے ہیں، کتابیں دیکھتے ہیں، یہ چیزیں کہتے ہیں، جس کو براہِ راست فرمایا ہے اس کے لیے تو وہ قرآن کی آیت ہی کی طرح فرض ہو گیا ہے۔
أَوْ فِعْلٍ، یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فعل، یہ آیا ہے حدیث میں۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے دوسری حدیث کی تشریح کی کہ فعل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا، اسے بھی حدیث کہیں گے۔ فعل یعنی کوئی کام آپ نے کیا۔ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے مثلاً کوئی کام لے لیں، نماز پڑھی، یہ ایک کام ہے، بتایا قرآن میں نہیں بتایا نماز کیسے پڑھنی ہے، پڑھنی ہے، قرآن نے نہیں بتایا کہ دونوں سجدوں کے درمیان کتنی دیر وقفہ کرنا ہے، بیٹھنا ہے، کیا کرنا ہے، لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عملی طور پر بتایا۔
أَوْ تَقْرِيرٍ، یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریر۔ تقریر اردو والی نہیں۔ تقریر کا مطلب ہے قائم رکھنا۔ حدیث کہتے ہیں قول کو، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فعل کو، اور تیسرا لفظ یہ جو فرمایا نا تقریر، تقریر کا مطلب کہ آپ کی بات کو قائم رکھنا، اہ نا، تقریر کا مطلب آپ کا بات کو قائم رکھنا۔ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کوئی کام ہوا اور آپ نے اس کام کو منع نہیں فرمایا، بس کافی ہے جواز۔ بس دیکھا، چپ رہے، کافی ہے۔ دیکھ کے فرما دیا ٹھیک ہے، تو بھی کافی ہے۔
تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دیکھنا کسی فعل کو اور منع نہ کرنا اس سے، یہ دلیل ہے اس بات کی کہ یہ حدیث ہے۔ مثلاً تین دن تراویح پڑھائی، دو دن اور پھر تیسرے دن تشریف نہیں لائے، اور جب تیسرے دن تشریف آوری نہیں ہوئی تو اس کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اپنی اپنی پڑھنی شروع کر دی۔ آپ نے فرما دیا اگلے دن صبح رمضان میں کہ میں رات اس لیے نہیں آیا تھا، آپ نے فرمایا الفاظ یہ آئے ہیں حدیث میں کہ مجھے پتہ چل گیا تھا جو تم حرکتیں کر رہے ہو۔ وہ صحابہ رضی اللہ عنہم کو بڑا شوق تھا اس نماز کا، تو کچھ لوگوں نے آواز، کھانسی کی تاکہ آپ کو پتہ چلے ہم انتظار کر رہے ہیں، کچھ نے جا کر آہستہ آہستہ ناخنوں سے دروازہ دستک دی تاکہ پتہ چلے ہم لوگ، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دن فرمایا میں سب چیزیں سمجھ رہا تھا، لیکن میں اس لیے نہیں آیا کہ اللہ کو یہ تراویح ایسی پسند آئی کہ اگر یہ فرض ہو جاتی میری امت پہ تو کیا ہوتا۔
صحابہ رضی اللہ عنہم نے خود پڑھی۔ جب خود پڑھنے لگے، ایک آدمی آیا، ایک حافظ یہاں کھڑا ہے ایک حافظ یہاں، اس کے پیچھے چار ہیں اس کے پیچھے پانچ، جتنے جتنے لوگ ہو گئے۔ تو آپ نے کیا فرمایا؟ آپ نے فرمایا: أَصَابُوا، صحیح کیا ہے۔ وَنِعْمَ مَا صَنَعُوا، اور جو کچھ کر رہے ہیں بہت اچھا ہے۔ یہ ہے تقریر، کہ آپ کا قائم رکھنا کسی چیز کو کہ بالکل ٹھیک ہے۔ ارشاد فرما دیا، نہ بھی فرماتے تو دیکھ لیا تھا منع نہیں کیا، کافی تھا۔ تراویح یہ ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا تو بس اتنا ہے کہ انہوں نے تمام ان ٹکڑیوں کو، یہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے دور میں بھی جاری رہا، حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے صرف یہ کیا کہ ایک امام کے پیچھے سب کو جمع کر دیا، بس۔
اس لیے جو یہ کہتے ہیں نا کہ بدعتِ عمر ہے رضی اللہ عنہ، معاذ اللہ، عمر رضی اللہ عنہ نے بدعت، کیسی بدعت کہ عمر رضی اللہ عنہ نے کی؟ صحابہ رضی اللہ عنہم میں بدعات نہیں تھیں۔ یہ اصولی بات ہے۔ وہ تو وہی کچھ کرتے تھے جو کچھ انہوں نے دیکھا تھا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے بس اتنا کیا کہ ایک امام کے پیچھے بہت سی جماعتوں کو جمع کر دیا کہ اچھا نہیں لگتا ایک آدمی یہاں ایک یہاں ایک یہاں ایک یہاں اس مسجد میں قرآن سنا رہا ہے، سب ایک کے پیچھے سنا کرو، بس یہ کیا ہے انہوں نے۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کسی چیز کو برقرار رکھنا یہ ہے تقریر۔
آگے شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ حدیث کے متعلق جو الفاظ ارشاد فرما رہے ہیں وہ حدیث کی تعریف ہے، یعنی تعریف کا مطلب اس کی عظمت کو بیان کر رہے ہیں ورنہ اصل میں تو تعریف انہوں نے اتنی کی کہ قول، فعل، اور تقریر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی، ان تینوں چیزوں کے مجموعے کو حدیث کہتے ہیں۔
حدیث اور سنت میں فرق ہے۔ دیکھو، حدیث ناسخ ہوتی ہے، منسوخ ہوتی ہے، سنت وہ ہے جو منسوخ نہیں ہوتی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک کام کیا، صحابہ رضی اللہ عنہم نے دیکھا، پھر انہوں نے کیا یا نہیں کیا؟ کیوں نہیں کیا؟ یہ بحث ہے۔ اب نہیں کیا، ہم نے جان لیا کہ اس فعل کو حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا تھا، صحابہ رضی اللہ عنہم نے چھوڑ دیا تھا نہیں کیا تھا، اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی نہ کوئی وجہ آخر ضرور ہے، وہ وجہ ہماری سمجھ میں آئے یا نہ آئے ہم اس کام کو نہیں کریں گے۔
حدیثیں آپس میں ایک دوسرے کو منسوخ کرتی ہیں، کینسل کرتی ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ کیا ہے بہت سی چیزیں ایک دوسرے کو کینسل کر دیتی ہیں، ایک حکم ہے یہ کرو، ایک حکم ہے نہ کرو، کسی وقت یہ بات ہے، کسی وقت یہ بات ہے۔ بڑی اچھی بات شیخ الاسلام ابنِ تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ نے لکھی جہاں انہوں نے جمعہ کی بحث کی ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ رضی اللہ عنہم میں تمہیں ہر طرح کے لوگ مل جائیں گے۔
یہ ایک ایسی جماعت ہے جو امام کے پیچھے فاتحہ پڑھتے تھے، یہ ایک ایسی جماعت ہے جو نہیں پڑھتے تھے، ایک ایسی جماعت ہے جو تین مرتبہ نماز میں ہاتھ اٹھاتے تھے، رکوع میں جانے سے پہلے، رکوع سے اٹھنے کے بعد، اور تیسری رکعت کے شروع ہونے میں، اور یہ ایک ایسی جماعت ہے جو ایک مرتبہ ہاتھ اٹھاتے تھے، اور یہ ایسے ہیں جو جنازے میں فاتحہ پڑھتے ہیں، اور یہ ایک ایسی جماعت ہے جو نہیں پڑھتے، اور ایک ایسی جماعت ہے جو چار تکبیریں کہتی ہے، ایک ایسے ہیں جنہوں نے سات، نو تک تکبیریں کہی ہیں، یہ سب کے سب افعال انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دیکھے ہیں تو ہی صحابہ رضی اللہ عنہم نے کیے ہیں، ان میں کوئی بدعتی نہیں۔ ان میں کسی نے اپنی طرف سے دین میں اضافہ نہیں کیا۔
یہ ہیں احادیث، اور حدیث سے سنت کا مقام زیادہ اونچا ہے۔ سنت اس کو کہتے ہیں کہ حدیثوں کو دیکھا ایک مجتہد نے، اس نے کہا یہ بھی حدیث ہے، یہ بھی حدیث ہے، یہ بھی حدیث ہے، اس کو دیکھو تو صحیح اصل میں مسئلہ کیا ہے، اس نے فیصلہ کیا کہ یہ احادیث اس حدیث کو کینسل کر دیتی ہیں منسوخ ہیں۔ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مکہ کے دور کی حدیث ہے، یہ مدینہ منورہ میں آ کے عمل بدل گیا تھا۔ مدینہ منورہ میں ۷ ہجری تک یہ عمل رہا ہے، ۹ ہجری میں یہ عمل آپ کا تبدیل ہو گیا، پچھلی ساری چیزیں کینسل ہو گئی ہیں۔
مثلاً حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قربانی کا گوشت کوئی اپنے گھر میں نہ رکھے، اور اسے تقسیم کرو فقیروں کو دو۔ صحابہ رضی اللہ عنہم نے بہت تھوڑا گوشت رکھا۔ پھر اگلے سال کو حکم ہو گیا آپ نے فرمایا: اچھا دیکھو، تین حصے کیا کرو قربانی کے گوشت کے۔ ۷ ہجری جب آئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں نے تمہیں منع کیا تھا نا کہ قربانی کا گوشت جو ہے وہ تین حصوں میں تقسیم کر کے رکھو اور تقس، تقسیم کر دو اور گھر میں نہ رکھو، اور دیکھو میں نے تمہیں منع کیا تھا نا کہ قبرستانوں میں نہ جایا کرو، كُنْتُ نَهَيْتُكُمْ میں نے تمہیں منع کر دیا تھا، فَالْآنَ اب میں یہ تمہیں کہتا ہوں کہ وہ پابندی ختم ہو گئی۔
غربت اٹھ گئی، ہر آدمی قربانی کرنے پہ مدینہ منورہ میں تقریباً قدرت حاصل ہو گئی، فرمایا: قربانی کا گوشت چاہے رکھو، چاہے کھاؤ، چاہے دوستوں کو دو، جو مرضی کرو۔ تو یہ پہلا حکم جو تھا بعد کے حکم نے کینسل کر دیا۔ فرمایا: میں نے تمہیں منع کیا تھا قبرستانوں میں نہ جایا کرو، الْآنَ زُورُوهَا، اب جایا کرو! اب جاؤ۔ فَإِنَّهَا تُذَكِّرُكُمُ الْآخِرَةَ، اس سے تمہیں اپنا مرنا یاد آئے گا۔
یہ ہے احناف میں جو بڑے گہرے اور، اور، اور متقدمین تھے ان کی دلیل۔ وہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب یہ کہا نا کہ جایا کرو، تو یہاں یہ نہیں فرمایا کہ عورتوں کو منع کر دیا بلکہ فرمایا جایا کرو، تو سب کے لیے پابندی تھی، سب کے لیے پابندی اٹھ گئی۔ تو جتنی احادیث میں آیا ہے کہ عورتیں نہ جائیں قبرستان میں، وہ ساری احادیث اس حدیث سے منسوخ ہو گئیں۔ حالانکہ حدیث میں آتا ہے: لَعَنَ اللَّهُ، اللہ کی لعنت ہو قبروں پہ جانے والیوں ایسی اور ایسی اور ایسی، حنفی فقہاء نے کہا سرخسی رحمۃ اللہ علیہ وغیرہ انہوں نے کہا یہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا نا کہ اب جایا کرو قبرستانوں میں تو مرد عورت کی پابندی ختم ہو گئی۔
ہم اب روکیں گے عورتوں کو قبرستان میں جانے سے جب ہمیں ڈر ہو کہ جا کر یہ غیر شرعی کام کریں گی۔ اگر شریعت کے مطابق جاتی ہے، کوئی بدعت نہیں ہے، کچھ نہیں ہے، تو اسے جانے کی اجازت ہونی چاہیے، بس ٹھیک ہے۔ اپنا مرنا بھی یاد آتا ہے، کچھ دل کو بھی تسلی ہوتی ہے۔ بھائی کا انتقال ہو گیا، کسی اور کا، کوئی چیز ہو گئی، اب وہ ماں ہے، بہن ہے، بیٹی ہے، کہیں سے آتی ہے، قبرستان جانا چاہتی ہے، اسے کیسے روکا جائے؟ اس کے جذبات ہیں، محبت تھی، تعلق تھا، لے جائیں۔ جا کے قبر پہ فاتحہ پڑھی، دیکھ لیا نشانی ہے، یہ بھائی ہے، بیٹا ہے، باپ ہے، کون ہے۔ بس، تو یہ احادیث آپس میں ایک دوسرے کو اس طرح منسوخ کرتی ہیں۔
اور کبھی کبھی حدیث کو منسوخ کرتا ہے خود راوی صحابی رضی اللہ عنہ جو ہے نا اس کا عمل۔ یہ ہے وہ چیز، جس کے بعد طے ہوتا ہے کہ سنت کیا ہے۔ سنت منسوخ نہیں ہوتی، حدیث منسوخ ہوتی ہے۔
مثلاً ہمارے ہاں مصیبت یہ ہے کہ سارا دین اب سیاست کے تابع ہو گیا ہے، عقل کے تابع ہو گیا ہے، مطلب جو سیاست میں آ جائے، ہر موقع سے فائدہ اٹھاؤ، کسی طرح کہ دین چاہے بگڑ جائے، کچھ ہو جائے معاذ اللہ، سیاست ایسی غالب آ گئی لوگوں پہ۔
حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے بھائی، چچا، بڑا تعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو چچازاد بھائی حضرت جعفر رضی اللہ عنہ، اور، اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا اور تعلقات بھی حضرت جعفر رضی اللہ عنہ سے تھے، موتہ میں شہید ہو گئے۔ اور حض، حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم روئے، مسجد نبوی میں بیٹھے، لوگ تعزیت کے لیے آتے تھے ان کے گھر گئے، ساری چیزیں، اور آپ نے فرمایا: میں نے جعفر کو دیکھا اور اس کے پر لگے ہوئے تھے اور وہ اڑ رہا تھا۔ احد میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم شہید ہوئے ہیں ستر، اسی طرح متعدد مقامات پر صحابہ رضی اللہ عنہم کی شہادت ہوئی، چلو احد کو چھوڑ دو اس کی کچھ اور توجیہ کر لیتے ہیں، صراحتاً رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ منورہ میں موجود ہیں، کسی ایک صحابی رضی اللہ عنہ کی غائبانہ جنازہ کی نماز آپ نے نہیں پڑھائی۔
اب تو سیاست ہے نا، تو غائبانہ جنازے یہ حنفی بھی پڑھتے ہیں، عجیب حالت ہے ان کی بھی۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا دور ہے، کسی ایک آدمی کا غائبانہ جنازہ ان لوگوں نے نہیں پڑھایا۔ ایک لے دے کے حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں دو آدمیوں کا غائبانہ جنازہ ہوا، ایک حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ تھے، یہ معاویہ بن ابو سفیان نہیں، یہ تو بعد تک رہے ہیں رضی اللہ عنہما، وہ اور تھے ایک صحابی رضی اللہ عنہ، یا ان کا جنازہ پڑھایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اور یا جنازہ پڑھایا نجاشی کا۔
ان احادیث کو لے کر اب لوگ کہتے ہیں جی غائبانہ جنازے، بھئی غائبانہ جنازہ آیا کہاں، اللہ کے بندو؟ یہ تو بتاؤ۔ اور مزے کی بات یہ ہے کہ نجاشی کا انتقال ہوا ہے ۹ ہجری میں، حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ مسلمان ہوئے ہیں ۷ ہجری میں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جنازہ پڑھا دیا، حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت ہے۔ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کا اپنا انتقال ۵۸، ۵۹ ہجری میں ہوا ہے، گویا اس جنازے کے پچاس سال بعد بھی وہ زندہ رہے ہیں۔ اور اس پچاس سال میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے ایک بھی غائبانہ جنازہ نہیں پڑھا۔ انہیں شوق نہیں تھا نیکیاں کرنے کا؟
سوچے آدمی، کہ پچاس سال حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ زندہ رہے ہیں جنہوں نے خود حضرت نجاشی رحمۃ اللہ علیہ کا جنازہ پڑھا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو غائبانہ جنازہ پڑھاتے دیکھا ہے، وہ پچاس سال خود نہیں پڑھا!
اس لیے یہ احناف کا جو موقف ہے نا، کہ ہر وہ حدیث جس پہ صحابہ رضی اللہ عنہم نے عمل نہیں کیا ہم عمل نہیں کریں گے، یہ بہت مضبوط بات ہے۔ وہ کہتے ہیں، اور کمال کی بات ابنِ ہمام نے اور ابنِ تیمیہ رحمۃ اللہ علیہما ان دونوں نے لکھی ہے، وہ کہتے ہیں کہ دیکھو صحابہ رضی اللہ عنہم کے متعلق یہ اصول یاد رکھو کہ ثواب حاصل کرنے میں، شریعت پہ عمل کرنے میں ہم سب سے زیادہ، پوری امت سے زیادہ شوق انہیں تھا۔ ان کی تو زندگی موت کا مسئلہ تھا نیکیاں، وہ سب سے زیادہ شوقین تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے کسی حدیث پہ عمل نہیں کیا تو ہم نہیں کرتے، کوئی نہ کوئی وجہ تو ہو گی نا۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے پوچھے کہ حضرت آپ نے غائبانہ جنازہ دیکھا ہے، پچاس برس آپ حضرت حیات ہیں، کوئی جنازہ نہیں پڑھا حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے غائبانہ۔ مدینہ منورہ سب کو اطلاع پہنچی ہو گی حضرت علی رضی اللہ عنہ شہید ہو گئے ہیں، اہلِ مدینہ نے کوئی غائبانہ جنازہ نہیں پڑھا، اہلِ مکہ نے کوئی نہیں پڑھا، صحابہ رضی اللہ عنہم سب کے سب تھے، حضرت عمر، حضرت عثمان رضی اللہ عنہما کی شہادت کی اطلاعات مصر اور ادھر اور ادھر سارے عالمِ اسلام میں آ کر پہنچی کہ خلافت تبدیل ہو گئی، کہیں اعلان نہیں ہوا کہ امیر المومنین عمر رضی اللہ عنہ کا غائبانہ جنازہ پڑھو۔
اس لیے صحابی رضی اللہ عنہ جب اپنی حدیث پر خود عمل نہ نہ کرے روایت پہ، ہم نہیں کہتے یہ سنت ہو سکتی ہے، نہیں مانا جا سکتا۔ کیوں نہیں عمل کیا؟
آخری مثال اس کی دوں، یہ قول، فعل، اور تقریر حضرت نے تین حدیث کی قسمیں کیں، یہی ہے صحابہ رضی اللہ عنہم کے عمل سے ثابت ہوتا ہے کہ سنت کیا ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب کتا کسی جان، کسی برتن میں منہ ڈال دے تو سات مرتبہ دھویا کرو۔
حدیث کی کتابوں میں آتا ہے کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کے سامنے کتے نے کسی چیز میں، برتن میں منہ ڈال دیا، انہوں نے کہا تین مرتبہ دھو لو یہ کافی ہے۔ حنفی فقہاء نے کہا خود فرماتے ہیں کہ سات مرتبہ، اور جب فتوے کا وقت آیا تو فرمایا تین مرتبہ، تو ہمیں کیا ضرورت ہے سات مرتبہ کا فتویٰ دینے کی، ہم بھی تین ہی پہ فتویٰ دیں گے۔ وجہ اس کی یہ کہ کم سے کم معیار یہ پتہ چلا کہ تین مرتبہ دھونے سے برتن پاک ہو جاتا ہے۔ سات مرتبہ جو فرمایا تو یہ تاکید کے لیے ہے، مبالغے کے لیے ہے، بہت اچھی طرح، بہت دل کے وسوسے دور کرنے ہیں تو چلو سات مرتبہ دھو لو، ورنہ تین مرتبہ برتن دھونے سے پاک ہو جائے گا۔
کیونکہ اگر تین مرتبہ دھونے سے نہ پاک ہوتا، تو حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے سات مرتبہ کیوں، کیوں نہیں حکم دیا؟ انہوں نے تو براہِ راست رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا تھا مسئلہ کہ سات مرتبہ دھو دیا کرو، پھر عمل کا وقت آیا تو تین مرتبہ فرما دیا، تو اس کا مطلب ہے کہ وہ جانتے تھے کہ جو روایت میں بیان کر رہا ہوں سات مرتبہ کی وہ اعلیٰ درجہ ہے، ورنہ تین درجے میں، تین مرتبہ دھونے سے بھی پاک ہو جائے گا۔
تو اس لیے جب حدیث صحابہ رضی اللہ عنہم کے ہاں آتی ہے نا، اور صحابہ رضی اللہ عنہم عمل کرتے ہیں، نہیں کرتے، کیا کرتے ہیں وہ، پھر احناف کہتے ہیں کہ اب دیکھو۔ اب اس کے بعد مجتہد کے پاس اتی ہے، مجتہد ان تمام احادیث کو دیکھ کے فیصلہ کرتا ہے کہ پہلا کون سا عمل ہے، آخری کون سا عمل ہے، اچھا آخری عمل یہ ہے، وہ کہتے ہیں یہ سنت ہے۔
اس لیے سنت اور حدیث میں فرق ہے۔ اسی لیے بزرگوں نے اپنا نام اہلِ سنت رکھا تھا، اہلِ حدیث نہیں رکھا تھا۔ کیونکہ وہ جانتے تھے کہ حدیث تو کوئی مذہب قرار نہیں پا سکتا۔ وہ یہ بھی ہے، یہ بھی ہے، یہ بھی ہے، یہ بھی ہے۔ سنت وہ جم گئی ہے۔
اور اسی لیے یہ سارے محدثین کہتے ہیں کہ ہم نے امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کو دیکھا سب سے زیادہ جس علم پر وہ بحث کرتے تھے اور سب سے زیادہ شوق تھا جس علم کا، اور ہر ایک سے پوچھتے تھے، کہتے تھے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا آخری فعل بتاؤ کیا ہے؟ ایسے نہ ہو کہ ہم آخری فعل کی بجائے کسی پہلے فعل پہ عمل کر لیں تو کوئی غلط بات ہو جائے۔ آخری فعل کیا تھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا؟ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ خود اسی فکر میں، بخاری نے بھی باب باندھا ہے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے کہ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا آخری فعل کیا تھا۔ آخری فعل کیا تھا، اس کا مطلب ہے پہلی ساری حدیثیں منسوخ ہو گئیں۔
اس کی بھی ایک مثال دوں۔ بحث یہ چلی کہ کتنی مرتبہ قرآن پڑھنا چاہیے؟ سال میں، مہینے میں؟ مختلف احادیث ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اجازت دے دی تھی تین مرتبہ پڑھ، تین دن میں ایک مرتبہ قرآن پڑھ لیا کرو، سات دن میں پڑھ لیا کرو، ہر مہینے پڑھ لیا کرو۔ جو ہر مہینے قرآنِ کریم ایک مرتبہ پورا پڑھ لے یعنی روز ایک پارہ، اس کے لیے حدیث میں بڑے فضائل آئے، چالیس دن کی بھی روایت آئی ہے، تین پاؤ روز پڑھ لے تو چالیس دن میں ہو جائے گا۔
پڑھے کتنا؟ کوئی طے شدہ بات ہونی چاہیے نا کہ کم سے کم کتنا پڑھ لے؟ یہ مسئلہ جب حنفی فقہاء کے ہاں آیا نا، تو فتاویٰ عالمگیری میں لکھا ہے کہ سال میں دو مرتبہ قرآنِ کریم کا پورا پڑھنا یہ سنتِ مؤکدہ ہے۔
اب ان سے پوچھو انہوں نے فتویٰ کہاں سے لیا؟ انہوں نے کہا اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وفات سے پہلے جو رمضان تھا، اس آخری رمضان میں دو مرتبہ قرآن جبرئیلِ امین کو سنایا اور دو ہی مرتبہ سنا ہے، تو آپ کا آخری فعل حجت ہے، آخری فعل دلیل ہے۔ تو ساری احادیث اب اس کا جو مرضی ٹھکانہ رکھیں کہ بہت اچھی بات ہے تین دن میں پڑھ لو، سات میں پڑھ لو، مہینے میں، چالیس دن میں، ساری آئی ہیں حدیث کی فضیلتیں، مگر فتویٰ آخری فعل پہ، اور آخری فعل یہ ہے کہ دو مرتبہ سناؤ اور دو مرتبہ سنا ہے۔
تو یہ ہے مسئلہ کہ حدیث آپس میں ایک دوسرے کو منسوخ کرتی رہتی ہیں۔ آپ ترمذی اٹھا کر دیکھیں نا، بخاری اٹھا کر دیکھیں، کتنی مباحث ہیں، یہ حدیث کیا ہے، یہ کیا ہے، یہ کیا ہے، یہ کیا ہے، مگر سنت جو ہے وہ مجتہد بیٹھ کے فیصلہ کرتا ہے کہ یہ آخری فعل ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا، بس اس پہ قائم رہو۔