شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة کو لکھنے کے لیے چار وجوہ کا ذکر فرمایا۔
اور پہلی بات تو ان پر جو انکشاف ہوا حضور اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم کی روح مبارکہ کا، اس کا انہوں نے بتایا۔ دوسری بات انہوں نے یہ کہی کہ اللہ تعالیٰ نے الہام کیا ان پہ۔ اور تیسری بات انہوں نے مکہ مکرمہ کا ذکر کیا کہ وہاں پر یہ بات دیکھنے میں آئی میرے، کہ خواب میں مجھے حضرت حسن اور حضرت حسین رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُمَا نے قلم عنایت فرمایا۔
ان تین وجوہ کے بعد شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اب چوتھی وجہ ذکر کرتے ہیں کہ میں نے یہ کتاب کیوں لکھی؟ تو وہ کہتے ہیں کہ:
اور مدتِ دراز سے میرے جی میں یہ بات آ رہی تھی کہ أَنْ أُدَوِّنَ فِيهِ رِسَالَةً کہ میں اس موضوع پر ایک کتاب لکھوں، تَكُونُ تَبْصِرَةً لِلْمُبْتَدِي جو کہ اس انسان کے لیے جو آغاز کر رہا ہے، تبصرہ، روشنی کا باعث بنے، وَتَذْكِرَةً لِلْمُنْتَهِي اور جو انسان اس فن میں انتہا تک پہنچ گیا، کمال رکھتا ہے، اس کے لیے یادداشت کا کام کرے، يَسْتَوِي فِيهِ الْحَاضِرُ وَالْبَادِ اور اس میں دونوں برابر ہوں، جو کوئی بھی اس میں حاضر ہے یعنی شہر کا رہنے والا ہے اور جو کوئی دیہات کا رہنے والا ہے، وَيَتَعَاوَرُهُ الْمَجْلِسُ وَالنَّادِ اور جو مجلس میں لوگ شامل ہوتے ہیں اور جن کی محفلیں ہوتی ہیں، ان لوگوں کے لیے یہ ایک ایسی چیز ہو جس کو وہ ہاتھوں ہاتھ لیں۔
ثُمَّ يَعُوقُنِي اور پھر اس کے بعد میں جس مشکل میں مبتلا تھا وہ یہ تھی کہ إِنِّي لَا أَجِدُ عِنْدِي میرے پاس کوئی ایسا نہیں تھا وَلَدَيَّ اور میرے سامنے بھی کوئی نہیں تھا وَلَا أَرَى مِنْ خَلْفِي وَبَيْنَ يَدَيَّ اور نہ میرے پیچھے اور آگے کوئی بھی ایسا نہیں تھا مَنْ أُرَاجِعُهُ فِي الْمُشْتَبَهَاتِ کہ میں مشکل مقامات پر اس کی طرف رجوع رجوع کرتا، مِنَ الْعُلَمَاءِ الْمُنْصِفِينَ الثِّقَاتِ ان علماء سے جو انصاف کرتے ہیں اور معتبر ہیں، وَيُثَبِّطُنِي قُصُورُ بَاعِي فِي الْعُلُومِ الْمَنْقُولَةِ مِمَّا كَانَ عَلَيْهِ الْقُرُونُ الْمَقْبُولَةُ اور اسی طرح یہ چیز مجھے بجھاتی تھی، ٹھہراتی تھی کہ پیچھے رہ جانا میرا ان علوم میں سے جو نقل ہوئے ہیں ان صدیوں سے جو صدیاں خدا کے نزدیک بہت قبولیت کی تھیں، وَيُفْشِلُنِي أَنِّي فِي زَمَانِ الْجَهْلِ وَالْعَصَبِيَّةِ وَاتِّبَاعِ الْهَوَى وَإِعْجَابِ كُلِّ امْرِئٍ بِآرَائِهِ الرَّدِيَّةِ وَأَنَّ الْمُعَاصَرَةَ أَصْلُ الْمُنَافَرَةِ وَأَنَّ مَنْ صَنَّفَ فَقَدِ اسْتُهْدِفَ اور اس کے ساتھ ساتھ مجھے پھسلا دیتی تھی اپنے مقام سے کہ میں اس دور میں پیدا ہوا ہوں جب جہالت عام ہو گئی ہے اور عصبیت ہے، اور لوگ اپنی خواہشات کی پیروی کرتے ہیں، اور ہر آدمی اپنی ناقص رائے اور اپنی چھوٹی سمجھ کو بھی بڑا سمجھ کے مشورہ دینے کو تیار ہے، اور اس بات نے بھی مجھے روکا کہ معاصرت سبب بن جاتی ہے نفرتوں کا، اور یہ کہ جو انسان بھی تحریر کرتا ہے وہ نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اس پورے پیراگراف میں بظاہر کوئی ایسی بات نہیں ہے جس کی تشریح کی جائے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بہت عمدہ اور بہت اعلیٰ عربی میں بڑی سادی سادی سی باتیں لکھی ہیں۔
مگر وہ کہتے ہیں کہ ان تمام چیزوں کے بعد، جب جب یہ تین باتیں میں نے تمہیں بتائیں تو میرے جی میں یہ آتا تھا کہ میں اس موضوع پر رسالہ لکھوں، کوئی کتاب لکھوں۔
اور اس کی وجہ یہ ہے کہ بارہویں صدی کے بعد، اور جب سے یورپی انقلاب برپا ہوا ہے جس کو اب تقریباً پانچ سو سال کی یہ یا اس سے بھی کم ہی مدت ہوئی ہے، دنیا کا مزاج بدلا۔ اور جو چیزیں پہلے بدیہی طور پر بغیر دلیل کے مانی جا سکتی تھیں، ان چیزوں کو انہوں نے دلائل کے ذریعے سے ثابت بھی کرنا شروع کیا اور ہر بات پہ کہ اس بات کی دلیل کیا ہے۔
یہ جتنی بھی تبدیلی آئی ہے بنیادی طور پہ وہ فزکس، طبیعیات کا نتیجہ ہے کہ طبعی چیزوں کو انہوں نے استعمال کیا، پانی ہے، آگ ہے، ہوا ہے، اس قسم کی چیزیں۔ اور یہی بات تھی جو علامہ اقبال نے کہی:
تو جب سے یہ دنیا میں تبدیلیاں آئی ہیں لوگوں نے بجائے اس کے کہ وہ ان چیزوں پر یقین رکھتے جو ان کی عقل سے بالا ہیں، انہوں نے یہ کہنا شروع کیا کہ اس کی علت کیا ہے، اس کی وجہ کیا ہے، یہ چیز سمجھ میں نہیں آتی۔ یہاں تک کہ یہ اتنا بڑھا کہ لوگوں نے کہا اللہ کہاں ہے، اللہ تعالیٰ کو دکھاؤ۔ خدا کی ذات اور اس کی صفات کو عقل کے ذریعے سمجھنے کی کوشش کرنے لگے۔ یہ ایک مثال ہے اس بات کی کہ زمانے میں تبدیلی کیا آئی۔
مسلمانوں نے جو تبدیلی پیدا کی تھی اور حضور اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم کے آنے سے جو عظیم تبدیلیاں اس کائنات میں پیدا ہوئیں، یہ ایک دن میں چیز پیدا نہیں ہو جاتی۔ تبدیلیاں آتی ہیں کہ ایک صدی، دو صدی، پانچ صدیاں، دس صدیاں گزر جاتی ہیں پھر جا کر کہیں تہذیب اپنی جڑیں پکڑتی ہے اور پھر جا کر کہیں انسانوں کے مزاج بدلا کرتے ہیں۔ مسلسل دھیرے دھیرے چیزیں آگے بڑھتی جاتی ہیں۔
حضور اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم کے آنے سے پہلے، یہ ایک دو مثالیں بھی ہیں، دو مثالوں کے ساتھ باہمی تقابل بھی ہے، کہ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم کے آنے سے پہلے بادشاہ کے منہ سے جو کچھ نکلتا تھا وہ مملکت کا قانون قرار پاتا تھا۔
اور اسلام کے آنے سے پہلے اس پوری کائنات میں شرک اتنا زیادہ حاوی تھا کہ بادشاہ خدا کا مظہر سمجھا جاتا تھا۔ جو کچھ بادشاہ نے کہہ دیا وہ اللہ کی طرف سے ہوگی، بس۔ وہ سمجھتے تھے کہ زمین میں حکومت ملتی ہی اسے ہے جس پر خدا کی خاص عنایات ہوں یعنی وہ خدا کا نائب ہوتا ہے۔ اسی لیے فرعون نے کہا کہ تم میرے علاوہ إِلٰهٍ غَيْرِي میرے علاوہ کسی اور کو اپنا خدا بنانا چاہتے ہو؟ اور اس کے جو کارندے تھے انہوں نے بھی کہا کہ ان لوگوں کا قصور یہ ہے موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کا، کہ یہ تمہارے علاوہ کسی اور کو خدا بنانا چاہتے ہیں۔ تو خدا کا نائب ہوتا تھا، اچھا کرے برا کرے کوئی نہیں بول سکتا تھا۔
اور پوری انسانیت اس قید میں جکڑی ہوئی تھی۔ ہر جگہ بادشاہتیں تھیں اور بادشاہتوں کے نظام میں سب سے زیادہ برائی یہی تھی، سب سے بڑی برائی یہی تھی کہ مذہب اور بادشاہت الگ نہیں تھی۔ بادشاہ جو کچھ کہتا تھا وہ خدا کی بات سمجھی جاتی تھی۔ اسلام جب آیا ہے، شریعت جب آئی ہے تو شریعت نے سب سے پہلے اس بات کا رد کیا تو اس نے کہا تمہارے حکمران تمہارے ہی جیسے افراد ہیں اگر وہ غلط کام کرتے ہیں تو انہیں ان کی غلطی پر ٹوکا جا سکتا ہے۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم نے کہ اس بات کے ذریعے اس پوری دنیا میں انقلاب برپا کیا کہ انہوں نے شرک کو الگ کر دیا اور بادشاہت کے نظام کو الگ کر دیا۔
یہ الگ بات ہے کہ اسلام میں بادشاہت جائز ہے یا نہیں۔ لیکن اتنا بڑا مرتبہ اس کو گرا دینا اور اس بت کو توڑ دینا، اور لوگوں کو یہ یقین دلا دینا کہ تم اپنے بادشاہ کے خلاف بولو گے تو اللہ کی رضامندی تمہیں حاصل ہو جائے گی اگر اس کے غلط کاموں کے خلاف بولو گے، اور صحیح کاموں میں اس کی اتباع کرو اور بادشاہت کی بجائے خلافت کو لے آئے، اور خلافت میں بھی سیدنا عمر رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُ اور سیدنا علی رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُ کے خلاف بھی لوگ اٹھ کے عدالت میں چلے جاتے تھے، تو یہ بہت بڑا فکری انقلاب تھا جو لوگوں کے دماغ میں پیدا کیا گیا کہ دیکھو یہ چیز ہے کہ بادشاہ اور لوگ تمہارے ہی جیسے ہوا کرتے ہیں، خلفاء تمہارے ہی جیسے ہیں۔ یہ شرک کو، بادشاہت کو، حکومت کے نظام کو اسلام نے الگ کیا تو نتیجہ یہ کہ لوگوں میں آزادی، حریت پیدا ہوئی اور لوگوں میں یہ جذبہ پیدا ہوا کہ بادشاہ اگر ظالم ہے اور ہم لوگ اگر پڑھے لکھے ہیں تو کوئی ضروری نہیں ہے کہ ہم بادشاہ کو مانیں۔ اس کی باتیں خدا کی باتیں تھوڑی ہیں۔ اللہ کا اپنا ایک نظام ہے اور خدا کا نظام نبوت کے ذریعے انسانوں تک پہنچتا ہے، بادشاہت کے ذریعے نہیں پہنچتا۔
یہ وہ انقلاب تھا جو رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم کے ذریعے اس پوری دنیا میں آیا ہے اور پوری دنیا میں لوگوں نے آزادی سے پھر سوچنا شروع کیا صدیوں کے اندر اندر۔ جہاں اسلام جاتا گیا اسلام نے لوگوں کو بتایا کہ یہ نظام الگ ہے اور یہ نظام الگ ہے۔
پھر اس کے بعد جب مسلمانوں نے بارہ تیرہ سو برس تک دنیا میں حکومت کی، پھر ان کا زوال ہوا اور یورپ اور یہ جو رینیساں جسے کہتے ہیں تجدید ہوئی یعنی گویا انقلاب دوبارہ آیا ان کے ہاں، تو انہوں نے ہر چیز کو عقل پہ پرکھنا شروع کیا، اس لیے کہ ان کے ہاں عقل کا تو استعمال تھا ہی نہیں۔
تو وہ ایک عروج تک پہنچے۔ اور اس عروج کو تقریباً انیسویں صدی کے زمانے تک گنا جا سکتا ہے، تین سو برس کے عروج کہتے ہیں، ان کے اس اعتبار سے کہ وہ ایک حد سے ہی بڑھ گئے۔ انہوں نے کہا اللہ کی ذات اور صفات اس کو بھی اب ثابت کرو۔ حالانکہ سوچا جائے ایک چھوٹی سی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ کو کیسے ثابت کریں؟ خدا کے لیے کیا دلیل دیں؟ اس کی ذات اور صفات جو ہیں انسان پابند ہے ان چیزوں کا جن چیزوں کو وہ دیکھتا ہے، سنتا ہے، اپنے حواسِ خمسہ کے ذریعے وہ فیصلہ کرتا ہے، انسان پابند ہے۔ عقل بتاتی ہے پھر۔ اس سے باہر ہم نکل ہی نہیں سکتے۔
مثلاً ہم میں سے کوئی آدمی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس دیوار کے پیچھے اب دیکھے کہ کیا ہو رہا ہے جب تک کہ وہ کچھ آلات کی مدد نہ لے۔ پھر سچائی پہ آ گیا اور چیزیں آ گئیں۔ ایک حد تک ہی بات سنی جا سکتی ہے، اس کے بعد نہیں سنی جا سکتی۔ تو یہ سب کی سب چیزیں عقل کو محدود کرتی ہیں۔ اور اللہ کی ذات خالق ہے۔
اب دو ہی صورتیں تھیں، یا تو عقل اپنی حدود سے نکل کر خدا کی ذات اور صفات کو دیکھتی وہ ہو نہیں سکتا، اور یا خدا جیسا کوئی ہوتا اور اس کو دیکھ کے کہتے کہ اللہ اس جیسا ہے، یہ بھی نہیں ہے۔ اس لیے کہ لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ اللہ نے فرمایا میرے جیسی کوئی چیز نہیں ہے۔
اور اس حد تک انسان کی عقل اور اس کی لغت محدود ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جب یہ کہا کہ يَدُ اللّٰهِ فَوْقَ أَيْدِيهِمْ اللہ کا ہاتھ صحابہ کرام رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُم کے ہاتھوں کے اوپر ہے، تو اللہ تعالیٰ کا ہاتھ یقینی طور پر انسانوں جیسا ہاتھ نہیں ہے، ہاتھ ہے۔ وہ وہی ہے جو خود خدا نے فرما دیا ہے۔ لیکن اللہ کا ہاتھ بتانے کے لیے ہم آخر کوئی لغت کوئی زبان کہاں سے لائیں کہ خدا کا ہاتھ کیسا ہے؟ ہم ہاتھ کے تصور سے باہر ہی نہیں نکل سکتے۔ زیادہ سے زیادہ ہم طاقت کا تصور کر لیں گے، جب طاقت کا تصور ہم کرتے ہیں تو پھر ہم کہتے ہیں کہ ہاتھ کو ہم نے طاقت سے تعبیر کیا ہے۔ اب اللہ کی طاقت کیا ہے؟ اس کا کوئی اندازہ ہی نہیں ہو سکتا۔ اس لیے کہ انسان کی عقل میں یہ چیزیں آتی ہی نہیں۔
تو انقلابات کیوں آیا کرتے ہیں زمانے میں؟ بارہویں صدی جب آئی ہے ہجری تو اس کے بعد آج سے دو سو سال پہلے، یہ بات عام طور پر پھیل گئی کہ ہر چیز کو عقل کے ذریعے ثابت کرو۔ بتاؤ یہ کیسے ہے، یہ کیسے ہے۔ بخار کو انہوں نے ماپ لیا، بلڈ پریشر کو ماپ لیا۔ یہ چیزیں جب معیار عقل ہو گئی تو پھر عقلی معیار پر انہوں نے کہا اب اللہ تعالیٰ کو بھی لاؤ، اللہ کو بھی جانچو، ماپو۔ اسی طرح روح کا بھی وزن کرو، یہ چیزیں کرو۔ تو یہ سب کی سب چیزیں جو تھیں اس نے دنیا میں یہ مزاج بنا دیا کہ دلائل کی بنیاد پر بات ہو۔
اور جب دلائل کی بنیاد پر بات ہو گی تو پھر اب بتائیے کہ زکوٰۃ کیوں دیں، حج کیوں کریں، روزے کیوں رکھیں، اللہ تعالیٰ کو ایک کیوں مانیں؟ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اللہ نے اس مقام پر یہ چیز الہام فرمائی کہ اب جو زمانہ آ رہا ہے اس میں عقلی دلائل کی بنیاد پر بات ہو گی، تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہ چاہا یعنی حقیقتاً تو اللہ نے چاہا لیکن شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی طبیعت میں یہ بات پیدا ہوئی کہ ہم شریعت کو عقل کے مطابق بھی بتائیں کہ عقل نے اس پہ کتنا کام کیا ہے اور عقلی طور پر دلائل کیا ہیں۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں میرے جی میں یہ بات پیدا ہوئی کہ میں ایک کتاب لکھوں۔
اچھا، اور کتاب ایسی لکھوں جو ابتدا کرنے والا ہے یعنی جو اس فن میں اترے، کوئی ایسا رسالہ لکھوں جو رہنمائی کرے اس انسان کی جو شریعت کو حکمتوں کے مطابق بیان کرنا چاہتا ہے۔ اور پھر دوسری طرف وہ اتنی شاندار چیز ہو کہ تَذْكِرَةً لِلْمُنْتَهِي جو انسان اس میدان میں پہلے سے کام کر رہا ہے کہ شریعت کی حکمتوں کو جانتا ہے اس کے لیے ایک یادگار چیز ثابت ہو۔
ان سے پہلے امت میں ہر دور میں لوگ کام کرتے رہے ہیں اگرچہ تھوڑے۔ بوعلی سینا نے کام کیا ہے، ابن رشد نے کام کیا ہے، ابن خلدون نے کام کیا ہے، عز بن عبد السلام نے کام کیا ہے رحمۃ اللہ علیہم اور بہت سے اور لوگ۔ لیکن ایک صدی میں دو آدمی آ گئے، تین آدمی آ گئے، چار آدمی آ گئے تو گویا وہ نہ ہونے کے برابر ہوئے۔ لیکن دلائل جو تھے وہ مسلسل چلتے رہے، بہت معرکۃ الآراء مسئلہ تھا اور وہ یہ کہ معجزات کیا چیز ہے، معجزے کو کیسے مان لیا جائے۔
اور بوعلی سینا نے یہ بات حل کی۔ الشفاء جو اس نے کتاب لکھی ہے، الشفاء کو پڑھنے پڑھانے والے ختم ہی ہو گئے ہوں گے شاید، اب دنیا میں الشفاء کو کون پڑھتا ہے اور کون پڑھا سکتا ہے اس کو، لیکن بوعلی سینا نے اس میں یہ کمال کی چیز لکھی کہ اس نے کہا یہ جتنے بھی کرامات اولیاء اللہ کے اور معجزات ہیں یہ عقل کے ذریعے ثابت ہوتے ہیں۔ اور پھر اس نے عقلاً دلائل بھی دیے کہ میرے زمانے میں ایسے ہوا، میں نے فلاں سے ایسے سنا، وہ آدمی جو سچ بولتا تھا اس نے مجھے یہ خبر دی، تو بوعلی سینا نے ان چیزوں کو بڑھایا۔
مگر بوعلی سینا کے اس فلسفے نے اسلام کی مبادیات میں سے بھی بعض چیزوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ وہ خود آدمی بے دین تھا، بد دین تھا۔ اور اس کے ذہن میں یہاں تک شرارت سما گئی کہ اگر اس کو لوگ نہ روک دیتے تو وہ تو نبوت کا دعویٰ کر دیتا۔ یہ چیزیں پھر اس سے آگے چلی ہیں یعنی جو اچھی باتیں تھیں پھر آگے کے لوگوں نے لے لیں۔
امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کا دور آیا۔ فلاسفہ کا اتنا زیادہ اثر تھا، اتنا زیادہ اثر تھا کہ وہ شریعت کے جس مسئلے کو چاہتے تھے لے کے بیٹھنا شروع کر دیتے تھے اور عقل سے جو بھی ثابت کرنا چاہتے تھے کرتے تھے، امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ نے اس کا رد لکھا۔ اور غزالی رحمۃ اللہ علیہ نے تہافت الفلاسفہ لکھی اور ایک طرح کے پرخچے اڑا دیے انہوں نے بہت سی چیزوں میں، اور یہ فلسفہ گر جاتا، یہ ساری عمارت تباہ ہو جاتی، ابن رشد اگر پیدا نہ ہوتا۔
ابن رشد آیا ہے اور اس نے امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کے رد میں کتاب لکھی تہافت التہافت۔ تو مرتے ہوئے فلسفے کو جان مل گئی اور اسے گویا کہ غذا مل گئی اور پھر یہ ایک نئے سرے سے زندہ ہو گیا۔ اور ابن رشد اس نے بھی بہت سی غلط چیزیں لکھی ہیں جیسے اور بہت سے لوگوں نے لکھی تھیں، لیکن خالصۃً عقل کی بنیاد پہ اسلام کو پرکھنا اس میں بیلنس کوئی شاذ ہی تھا، باقی وہ لوگ کم آئے، جیسے عز بن عبد السلام رحمۃ اللہ علیہ وغیرہ تھے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ پہ اللہ نے یہ کرم فرمایا۔ انہوں نے کہا میرے جی میں بھی آتا تھا، لیکن جو چیزیں روکتی تھیں پہلے تو انہوں نے کہا کہ میں لکھنا چاہ رہا تھا اور پھر يَسْتَوِي فِيهِ الْحَاضِرُ وَالْبَادِ، اس میں شہری اور دیہاتی سب برابر ہوں۔ یعنی ایسی آسان کتاب بھی لکھوں اور اتنی عمدہ طریقے پر لکھوں کہ جو دیہات میں زیادہ لکھے پڑھے لوگ نہیں ہیں وہ بھی اس کو سمجھ سکیں، اور جو مسلمان شہروں میں رہتے ہیں، تعلیم حاصل کی ہے وہ بھی اس کو اس کتاب کو سمجھ سکیں، اور پھر اسی طرح يَتَعَاوَرُهُ الْمَجْلِسُ وَالنَّادِ، اس کتاب کو سب وہ لوگ ہاتھوں ہاتھ لیں جو لوگ مجلسوں میں بیٹھتے ہیں اور ناد، نادی، محفل، جو لوگ لوگوں کے ساتھ بیٹھ کے گفتگو کرتے ہیں، یہ سب اس کتاب کو اچھی طرح پڑھیں اور اپنی محافل میں اپنی مجالس میں جب بھی وہ دین پر گفتگو کریں، جب بھی اہلِ علم اکٹھے ہوں تو انہیں پتہ ہو کہ یہ کون سا رسالہ ہے، کون سی ایک چیز ہے۔
ہوتا یوں ہے کہ جب قوم پڑھی لکھی ہوتی ہے تو جو اوپر کے مزاج میں چیزیں ہوتی ہیں، جو اوپر کے لوگ پڑھے لکھے ہوتے ہیں ان کی باتیں پھر آہستہ آہستہ نیچے کی طرف آنا شروع کرتی ہیں۔ اس وقت قوم میں طبقات بن جاتے ہیں۔ ایک طبقہ ایسا بن جاتا ہے جو یہ چاہتا ہے کہ جو کچھ اوپر پڑھا پڑھایا جا رہا ہے آپس میں اس پہ بات کیا کریں۔ ایک طبقہ ایسا ہوتا ہے جو محنت نہیں کر پاتا، محنت نہیں کر پاتا تو شرم سے ہی پڑھتا ہے کہ جب بھی جاؤں گا یہی بات ہوگی، جب بھی جاؤں گا یہی بحث کریں گے دوست، تو لہٰذا شرم سے کچھ پڑھو۔ اور کچھ ہوتے ہیں جو لاعلمی اور جہالت کی بنا پر اس کی مخالفت کرنا شروع کر دیتے ہیں، جو ہر قوم میں ہوتا آیا ہے اور شاید قیامت تک ایسے ہی ہوتا رہے گا، اس لیے کہ انسانوں کی فطرت ایسی ہی چیزیں اللہ نے رکھی ہیں۔ آپ دیکھیے اس کی مثالیں آپ تاریخ میں دیکھیں۔
تو جس زمانے میں یہ تھے، اخوان الصفا، وہ رسائل تھے، ابھی مل جاتے ہیں، چھپے ہوئے ہیں۔ تو وہ فلسفی تھے جن کے دماغ میں یہ بات سما گئی کہ شریعت کی خدمت کرنی چاہیے، جو کچھ انہوں نے کیا سو کیا، جس گمراہی کو پھیلایا انہوں نے، لیکن نوے سال کی مدت میں وہ رسالے بغداد اور دمشق سے لے کے سپین تک پہنچے۔ ہر جگہ۔ قوم پڑھی لکھی تھی نا، اسے مسلمان نوجوان جو تھے انہوں نے قبول کیا۔ اور اس زمانے کی تاریخ میں آتا ہے کہ کوئی لڑکا یا لڑکی شرم کے مارے اپنے دوستوں میں بیٹھ نہیں سکتا تھا جب تک کہ وہ اخوان الصفا کو پڑھا لکھا نہ ہوتا۔ اس لیے کہ سب لوگ پڑھے لکھے تھے۔
ایسے ایسے مسلمانوں کے شہر تھے جس میں محدثین کہتے ہیں جب ہم وہاں پہنچے تو وہ جو قلی تھے آپس میں وہ بھی ایک دوسرے سے راستے میں چلتے ہوئے بحث کر رہے تھے کہ قرآن کریم کی فلاں آیت کی تفسیر کیا ہے، وہ اسے یہ بتا رہا تھا یہ اسے یہ بتا رہا تھا۔ میں نے سوچا کہ یہ تو اتنے علماء ہیں، انہوں نے کہا نہیں نہیں، گھبرانے کی بات نہیں، ہمارے شہر میں کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو تفسیر نہ جانتا ہو۔
یہ چیزیں ہوتی ہیں جب لوگ پڑھے لکھے ہوتے ہیں، پھر اسی طرح ہوا کرتا ہے۔ امام ابو یوسف رحمۃ اللہ علیہ جیسا پڑھا لکھا آدمی، جو امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے باقاعدہ شاگرد تھے، پڑھتے تھے، غیر حاضری ہو گئی۔ امام صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے پوچھا بھئی ابو یوسف کہاں گیا؟ تو کسی نے بتایا سبزی منڈی میں دیکھا تھا۔ تو امام ابو یوسف رحمۃ اللہ علیہ کو دیکھنے گئے امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ تو وہ سبزی کا ٹوکرا سر پہ رکھ کے کہیں جا رہے ہیں، مزدوری کر رہے۔ ان کی غربت کا تو پتہ چلتا ہی چلتا ہے لیکن یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ اتنے علم والے آدمی بھی جو تھے وہ ان چیزوں میں تھے اور لوگوں میں، اگر ایک ہی امام ابو یوسف رحمۃ اللہ علیہ ہوتے تو لوگ نہ جانے دیتے، وہاں کتنے ہی تھے۔ امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ جیسے آدمی کے متعلق آتا ہے کہ کوفہ میں ان جیسی ستر کے قریب شخصیات تھیں۔
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق آتا ہے کہ انہوں نے جب موطا لکھی ہے امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے، تو انہیں کہا گیا کہ حضرت بہت سی موطائیں لکھی گئیں، موطا امام مالک آپ کی ایک ہے، اس کے علاوہ بھی بہت سی موطا نام کی کتابیں لکھی گئی ہیں۔ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے بڑا اچھا جواب دیا۔ انہوں نے کہا جو اللہ کے لیے لکھی گئی ہے وہ باقی رہے گی اور جو اللہ کے لیے نہیں ہے وہ نہیں رہے گی۔ بس، ڈرنے کی کیا بات ہے کہ میری کتاب مقبول نہیں ہوگی یا لوگ اسے نہیں پڑھیں گے۔ تو مطلب یہ کہ جو اللہ کے لیے لکھی گئی ہے وہ باقی رہے گی، یہ ان کے اخلاص کی دلیل تھی اور اب تک باقی ہے۔
تو جب لوگ پڑھے لکھے ہوتے ہیں تو عمومی طور پر مزاج قوم کا یہی ہوتا ہے۔ تو وہ اخوان الصفا کسی نے نہ پڑھا ہو، وہ کسی علمی محفل میں جا کے بیٹھ ہی نہیں سکتا تھا۔ بالکل ٹھیک یہی چیز آپ کو یہاں نظر آئے گی کہ جب اس کا کارل مارکس کا انقلاب آیا ہے اور کمیونزم دنیا میں پھیلا ہے، تو مارکس بنیادی طور پہ وہ جرمنی میں بھی اس نے کام کیا، انگلینڈ میں رہ کے کام کیا، تو جرمنی میں ہیگل کا فلسفہ اتنا پھیلا، ہیگل ازم اتنی پھیلی کہ وہاں پر کوئی جوان لڑکا اور لڑکی وہ باہر نہیں نکلتے تھے جب تک کہ انہوں نے ان چیزوں کو نہیں پڑھا ہوتا تھا، وہ جانتے تھے کہ کوئی بھی دوست ملے گا تو کسی نہ کسی نظریے کا ذکر چھیڑ دے گا، میں نے پڑھا لکھا ہے نہیں لہٰذا شرمندگی ہو گی۔
اس کی مثال اب بھی دیکھ لو، اب بھی مل جاتی ہے۔ مثلاً کسی انسان کو ای میل نہ کرنی آتی ہو، کسی بچے کو، اور بچوں میں کہے کہ مجھے ای میل کرنی نہیں آتی تو بچے ہنسیں گے نا، کہیں گے تمہیں ای میل بھی نہیں کرنی آتی، تمہیں ایس ایم ایس بھی نہیں آتی، تمہیں کمپیوٹر بھی نہیں آتا۔ یہ چیزیں کیا ہیں، یہ ساری نسلوں کے ساتھ ساتھ منتقل ہوتی ہیں۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں میں نے چاہا کہ ایسی کتاب لکھوں کہ لوگ جب مجلس اور محفل میں بیٹھیں تو بھی اس کا تذکرہ آئے، ہاتھوں ہاتھ لیں۔ لیکن جو چیز میرے لیے رکاوٹ بنتی تھی وہ ان میں سے پہلی بات تو یہ تھی کہ میرے آگے، پیچھے، دائیں، بائیں کوئی ایسا نہیں تھا کہ میں اگر خود کسی جگہ پھنس جاؤں تو میں اس سے رجوع کروں، ایسے بڑے بڑے علماء جن کے علم کا میں بھی معترف ہوں اور جن کے علم کا اعتراف کروں اور میں سمجھوں کہ واقعی یہ ہیں جو میری مشکلات میں مدد کر سکتے ہیں، ایسے لوگ نہیں تھے۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے معاصرین میں اگرچہ بہت ممتاز ہستیاں تھیں لیکن وہ اپنے اپنے فن میں طاق تھیں، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ جیسی جامعیت ذرا مشکل تھی۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے معاصرین میں سلسلہ نقشبندیہ کے امام حضرت مرزا مظہر جانِ جاناں رحمۃ اللہ علیہ حیات تھے۔ اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ ان کی خانقاہ میں جاتے تھے حضرت مجدد الف ثانی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتوبات پڑھنے۔ اور جا کر حضرت سے پوچھتے تھے کہ حضرت مکتوبات شریف میں یہ جو عبارت ہے اس کا کیا مطلب ہے؟ تو حضرت مرزا مظہر جانِ جاناں رحمۃ اللہ علیہ سمجھاتے تھے، اور بارہا ایسے ہوا کہ شاہ صاحب جب تشریف لے گئے تو حضرت ہنسے اور فرمایا شاہ صاحب نہیں سمجھے، دیکھنا پھر دوبارہ آئیں گے پھر سمجھیں گے اس بات کو۔ بڑا کمال دیا تھا اللہ نے مرزا مظہر جانِ جاناں رحمۃ اللہ علیہ کو، اور سلسلہ نقشبندیہ مجددیہ میں اپنے دور کے امام تھے۔ اسی طرح ہوتا تھا اور ہوتا رہا ہے کہ وہ ایک ایک فن میں گویا اپنے تئیں بہت آگے تھے لیکن ایسی جامعیت جو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ میں آ گئی تھی بہت کم تھی۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے خود ایک جگہ لکھا ہے کہ میں نے ایک مرتبہ پوری دنیا مجھے دکھائی گئی عالمِ کشف میں جیسے میری ہتھیلی۔ تو میں نے دیکھا ایک شہر کو اور وہاں پر بہت جگمگاہٹ تھی روشنی، اور اس میں بھی ایک ستارہ، ایک چراغ تھا جو بہت روشنی دے رہا تھا۔ تو میں نے پوچھا یہ کیا ہے؟ تو انہوں نے کہا یہ تمہارا شہر دہلی ہے۔ میں نے کہا یہ روشنیاں کیا ہیں؟ انہوں نے کہا یہ روحانیت کے مراکز ہیں، یہاں سے لوگوں کو اپنے اپنے زمانے میں ہدایت ملی ہے، یہ وہ مشائخ ہیں جن سے اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کا کام لیا ہے۔ تو میں نے کہا یہ سب سے زیادہ روشن چراغ یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا یہ تمہارے جو صوفی ہیں مرزا مظہر جانِ جاناں رحمۃ اللہ علیہ یہ ان کا دل ہے، اس میں اتنا نور ہے اور اس سے اتنی ہدایت مل رہی ہے لوگوں کو۔ تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں میں واقف ہوا حضرت کی عظمت سے۔ تو ان کے معاصرین ایسے تھے لیکن شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں جو کام میں کرنا چاہتا تھا اس میں علماء مل جائیں مجھے ایسے جو ثقات ہوں، یہ نہیں ہوا۔
اور دوسری چیز جو مجھے روکتی تھی وہ یہ تھی کہ قُصُورُ بَاعِي فِي الْعُلُومِ الْمَنْقُولَةِ مِمَّا كَانَ عَلَيْهِ الْقُرُونُ الْمَقْبُولَةُ کہ مجھے وہ جو زمانے حضور اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم کے بعد تھے ایسی صدیاں تھیں جنہیں اللہ نے قبول کیا، اس جیسے علماء نہیں ملے۔ وہ صدیاں کون سی تھیں؟ تین تھیں۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم نے خود ہی بتا دیا تھا، آپ نے فرمایا تھا سب سے اچھا زمانہ میرا ہے، پھر میرے بعد صحابہ کرام رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُم کا ہے، پھر تابعین کا، پھر تبع تابعین کا رَحِمَهُمُ اللّٰهُ، یہ تین یا چار دور، بعض میں تین آتا ہے بعض میں چار آتے ہیں۔ تبع تابعین کے بعد رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم نے فرمایا تھا دو چیزیں پھیل جائیں گی، ایک تو جھوٹ پھیل جائے گا اور ایک فرمایا تھا جہالت عام ہو جائے گی۔
اور جھوٹ تو ایسا پھیلا ہے، ایسا پھیلا ہے کہ اس دن سے لے کے اب تک اس جھوٹ سے جان نہیں چھوٹی امت کی، اچھا دور رہا یا برا دور رہا، حکمرانوں سے لے کے عوام تک جھوٹ کا راج رہا۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم نے فرمایا تھا کہ جھوٹ پھیل جائے گا اور پھر یہ بھی بتایا تھا حضرت انس رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُ کی روایت میں آتا ہے، لوگوں نے ان سے شکایت کی حجاج بن یوسف کے مظالم کی، تو انہوں نے کہا لوگو! رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم نے فرمایا تھا کہ ہر وہ دن جو مجھ سے دور ہوتا جائے گا اور قیامت کے قریب ہوگا وہ زیادہ شر اپنے ساتھ لے کے آئے گا۔
تو زمانے میں جو تغیر اور تبدل تھا اس میں سے ایک چیز یہ تھی کہ شاہ صاحب کہتے ہیں وہ تابعین، تبع تابعین، وہ دور تو مقبول لوگوں کا تھا، ایسے کوئی لوگ مجھے ملتے جو لوگ کام کرتے، یا یا یہ کہ وہ جو علوم ان کے زمانے میں تھے میں ان علوم کو حاصل کرنے میں قاصر رہ گیا۔ یہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی کسرِ نفسی ہے اور یہ مقام عجیب ہے، وہ یہ کہ عقلاً لوگوں کی بھی سمجھ میں آتا ہے کہ اس شخص کو اللہ نے کمال دیا ہے لیکن وہ اس انسان کو اس کمال کا اتنا ادراک ہو جائے کہ واقعی مجھ میں یہ کمال ہے، یہ نہیں ہوتا۔ خدا کو منظور یہی ہوتا ہے کہ وہ اپنے آپ کو مٹاتا رہے، اور جتنا بھی مٹتا رہے گا حقیقت میں اللہ کے ہاں اتنی اس کی عظمت بھی ہوگی اور اس کے علوم میں برکت بھی ہوگی۔
تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں دوسری میری مصیبت یہ تھی، تیسری چیز جو مجھے پھسلا رہی تھی اس مقام سے، پھسل جاتا تھا میں، وہ یہ کہ میں اس دور میں پیدا ہوا ہوں جب جہالت ہے، عصبیت ہے اور اپنی خواہشات کی پیروی۔
جہالت تو بہت زیادہ ہو گئی، اس لیے کہ وہ صدیاں جو تھیں ان میں جہالت شروع ہوئی۔ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ دہلی میں تھے، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے زمانے میں پھر بھی علم کا کچھ چرچا تھا لیکن اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کے بعد جو آہستہ آہستہ مغلوں کا زوال شروع ہوا ہے تو اس کے ساتھ ساتھ ملک میں علمی مراکز بھی اجڑنے لگے۔ کیونکہ بادشاہ علوم کی سرپرستی کرتے تھے۔
کتنی ہی کتابیں ایسی ہیں جن کتابوں پر پورے دین کی گویا عمارت کھڑی ہے لیکن ان کتابوں کو آپ پڑھیں گے تو اس کی ابتدا میں لکھا ہے کہ بادشاہِ وقت نے مجھ سے درخواست کی کہ میں اس مسئلے پہ لکھوں لہٰذا میں یہ لکھتا ہوں۔ یہ میں کتاب لکھ رہا ہوں اور میں یہ تحفے میں فلاں آدمی کو پیش کر رہا ہوں۔ امام رازی رحمۃ اللہ علیہ جیسا انسان، اس شخص کی کوئی کتاب بھی نہ ہوتی تو تاسیس التقدیس بس ایک کتاب اس کی کافی تھی۔ ہے تو ڈیڑھ سو صفحے کا رسالہ ایک لیکن اس کمال کی چیز ہے تاسیس التقدیس کہ پورا علم کلام اور باری تعالیٰ کی تمام صفات کی کی بنیاد بنیادی جو مباحث ہیں اس میں امام رازی نے رکھی ہیں۔ اور رازی رحمۃ اللہ علیہ اس میں لکھتا ہے کہ ہمارے زمانے میں سلطانِ وقت اتنے منصف اتنے اچھے ہیں کہ میں نے چاہا انہیں کوئی تحفہ پیش کروں اور ان کے لیے میں نے یہ رسالہ لکھا۔ ظاہر ہے جب یہ رسالہ پہنچا ہوگا تو انہوں نے بھی امام رازی رحمۃ اللہ علیہ کو نوازا ہوگا، ہوتا یہی تھا کہ علماء کام کرتے تھے، محنت کرتے تھے، بات پہنچتی تھی تو وہ اتنا کچھ دے دیتے تھے، اتنا کچھ کر دیتے تھے کہ علماء کو پوری زندگی اور کام کرنے کی ضرورت ہی نہیں، بیٹھ کے کتابیں لکھتے رہو، پڑھتے رہو اور لوگوں کو تعلیم دیتے رہو۔
نتیجہ اس کا یہ کہ عمومی معاشرے میں تعلیم عام تھی اور تعلیم تھی مفت۔ اور جو لوگ اچھا پڑھتے تھے، اساتذہ جب لکھ دیتے تھے کہ یہ یہ شاگرد اچھا ہے تو اس کے لیے گورنمنٹ وظیفہ مقرر کر دیتی تھی۔ پھر گورنمنٹ انہی انہی حلقوں سے اپنے وزراء کو لے لیتی تھی۔ وزراء کے پاس بھی علم ہوتا تھا تو بادشاہ، اس کے ہاں علمی مجالس ہوتی تھیں اس لیے جاہل آدمی کا بادشاہ بننا بھی بڑا مشکل ہو گیا تھا۔
محمود غزنوی کے متعلق آپ دیکھتے ہیں، اس ایک، کئی مثالیں ہیں، سینکڑوں، ہزاروں تو نہیں کہتا لیکن سینکڑوں مثالیں ایسی مل جائیں گی کہ اس محمود غزنوی کو دیکھ لو، محمود غزنوی کو اتنا پڑھنے لکھنے کا شوق تھا، اتنا کتابوں کا شوق تھا کہ اس شخص نے علوم کو پڑھا اور جن علوم کے متعلق وہ سمجھتا تھا کہ یہ مسلمانوں کو گمراہ کر سکتے ہیں اس نے کہا ان کتابوں سب کو میری مملکت سے نکال دو، مثلاً نجوم تھا۔ اس نے کہا لوگوں کا عقیدہ اور اعتقاد خراب کرتے ہو اور نجوم کی نحوست ہے، نکالو ان کتابوں کو۔ محمود غزنوی نے پوری کوشش کی کہ تین آدمی اس کے ہاتھ آئیں۔ ان میں سے ایک البیرونی تھا اور ایک بوعلی سینا تھا۔ بوعلی سینا کو پتہ تھا کہ میں اس کے ہاتھ چڑھ گیا تو اس نے مروا دینا ہے، اس لیے کہ بوعلی سینا بنیادی طور پر قرامطی تھا اور قرامطی، قرامطی تھا اور ان لوگوں نے جو گمراہیاں پھیلائی ہیں، اتنی زیادہ گمراہی ہو گئی تھی کہ خلافت عاجز آ گئی تھی ان لوگوں سے اور یہ بیت اللہ سے حجر اسود کو اکھاڑ کر لے گئے۔ حج انہوں نے نہیں ہونے دیا۔ ایسے سال گزرے ہیں چودہ سال کہ مسلمانوں نے حج کیا اور حجر اسود بیت اللہ میں نہیں تھا، یہ اٹھا کر لے گئے، اتنا غلبہ ہو گیا تھا ان پہ۔ اور یہ تاریخ آپ پڑھیں گے تو آخر درخواست کی گئی محمود غزنوی سے کہ ان ظالموں کا کچھ علاج کرو۔ اس اللہ کے بندے نے انہیں سزائیں دیں، قتل کیا، مارا، تب جا کر کہیں یہ فتنہ ٹھنڈا ہوا ورنہ یہ فتنہ کسی کے قابو میں نہیں آتا تھا۔
تو محمود غزنوی، غزنہ کو اس نے بھر دیا تھا کتابوں سے۔ اور البیرونی آیا ہے اس نے اس سے کہا کہ یہ چیزیں لکھو، یہ چیزیں لکھو، البیرونی نے دنیا کا نقشہ تیار کیا اور چیزیں کیں جو بھی اس نے کارنامے انجام دیے، تو اسے چاندی سے تول دیا، دو مرتبہ چاندی سے تول کے اور وہ ساری چاندی اس کے حوالے کر دی گئی کہ یہ رکھو اور تم اپنے استعمال میں۔ بادشاہ کو، بادشاہ جو تھے علماء کو سونے میں تول دیتے تھے کہ اتنی زبردست چیز تھی۔ ملا عبد الحکیم سیالکوٹی تھے، اب سیالکوٹ کیا ایک چھوٹا سا قصبہ تھا لیکن پورے ہندوستان میں شہرت تھی کہ یہاں ایسا آدمی بیٹھا ہے جس سے آ کر پڑھنا چاہیے، اور ملا عبد الحکیم سیالکوٹی کو شاہجہان بادشاہ نے ان کی خدمات کے اعتراف میں دو مرتبہ سونے سے تلوایا۔
تو آپ سوچیں کہ اگر فرض کر لو وہ مولوی صاحب کا وزن بھی ممکن ہے زیادہ ہو تو ڈیڑھ دو سو کلو سونا کسی کو مل جائے، دو مرتبہ مل جائے تو وہ لوگ پھر لکھتے تھے۔ اسی لیے وہ ہے بھی لطیفے کی بات بھی، ہے تو حقیقت کہ ملا عبد الحکیم سیالکوٹی جب بلائے گئے دہلی تو ان سے کہا گیا کہ سونے میں تلوایا، باقاعدہ رسم ہوئی، لوگوں نے مبارکباد دی، تو بادشاہ نے کہا کہ کھانا آج جو ہے وہ بحری بیڑے میں کھائیں گے۔
تو کشتیاں سمندر، اس میں دریا میں چل رہی تھیں اور دریا میں بھی طغیانی تھی، اور بادشاہ کھانا لایا گیا، مصروف تھے کھانے میں اور اچانک کشتی جو تھی اس میں ہچکولے لگنے لگے اور پانی زیادہ آ گیا۔ معمول کی بات تھی۔ تو ملا عبد الحکیم سیالکوٹی نے اپنے کپڑے، چیزیں سمیٹنی شروع کیں، تو پریشان ہو گئے کہ کیا ہوگا، تو شاہجہان کو زیادہ تجربہ تھا، وہ ہنستا رہا، اس نے کہا حضرت کچھ نہیں ہوتا۔ تو انہوں نے کہا کچھ ہو گیا تو پھر؟ اس نے کہا حضرت کچھ نہیں ہوتا، یہ معمول کی چیزیں ہیں اور سمندری سفر میں، دریائی سفروں میں یہ ہوا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کوئی مسئلہ نہیں ہے، جو تمہارے ساتھ ہے مگر میرے لیے بڑا مسئلہ ہے۔ اس نے کہا شاہجہان بادشاہ نے کہ وہ کیا؟ کہنے لگے کہ تم مر گئے تو خیر سے چار تو بیٹے ہی موجود ہیں جو تمہاری سلطنت کو سنبھال لیں گے، اور اگر مجھے کچھ ہو گیا تو مجھے گرد و پیش میں پوری صدی میں کوئی آدمی مجھ جیسا نظر نہیں آتا، اس علم کا کیا ہوگا جسے میں نے حاصل کیا؟ تو شاہجہان چپ ہو گیا اور بات واقعی ایسی تھی کہ تم مرے تو سینکڑوں جو بادشاہت سنبھالنے کو تیار ہیں، مجھے کچھ ہو گیا تو میرے باقیوں کا کیا بنے گا؟
یہ چیزیں تھیں علماء، لیکن نتیجہ یہ نکلا اورنگزیب رحمۃ اللہ علیہ کی حکومت کے ختم ہونے کا کوئی معمولی سانحہ نہیں تھا، ان کے انتقال کے بعد ان جیسا آدمی نہیں آ سکا جو حکومت کو سنبھال لیتا۔ بڑا دانا آدمی تھا، اس نے اپنی ساری مملکت وفات سے پہلے خود ہی چار حصوں میں تقسیم کر دی۔ اسے بھی پتہ تھا کہ بیٹوں میں یہ اہلیت ہی نہیں۔ اس نے چار ٹکڑے کر دیے اپنی حکومت کے، اس نے کہا چاروں سنبھال لو بیٹو اور آپس میں لڑنا نہ، یہ کام نہ کرنا۔ اور پھر اس نے کہا کہ مغلوں کے خون میں بغاوت رہی ہے۔ اس نے کہا بغاوت ہمیشہ خاندان میں رہی ہے لیکن میں تمہیں سمجھاتا ہوں نہ لڑو، اپنی اپنی حکومتیں کرتے رہو، لیکن ہوا وہی جو ہونا تھا۔ اور اس کے بعد علم کا بھی زوال شروع ہو گیا۔
یہاں تک کہ لاہور میں جو اس کے بیٹے تھے اعظم، انہوں نے یا تو شیعیت قبول کر لی یا شیعیت کے بالکل قریب ہو گئے۔ اور ایک جگہ جمعہ پڑھنے گیا اور خلفائے اربعہ کا نام جب مولوی صاحب نے خطبے میں دیا تو اس نے بعد میں بلایا اور اس نے کہا مولوی صاحب! یہ لاہور جیسے شہر میں خلفائے اربعہ کا نام کس کھاتے میں؟ آپ کو صرف حضرت علی اور امام حسین اور امام حسن عَلَيْهِمُ السَّلَام ان کا نام لینا چاہیے تھا، یہ اس نے کہا۔ تو انہوں نے کہا مجھے دو تمنائیں تھیں، تین، ایک تمنا تھی کہ حج کر لوں، وہ ہو گیا، ایک تمنا تھی کہ قرآن پاک یاد کر لوں وہ بھی ہو گئی، اور تیسری تمنا اللہ سے شہادت کی کی تھی، تو شاید آج وہ پوری ہونی ہے۔ اس نے کہا اب یہ بھی کر دیتے ہیں۔ اس نے کہا میں صحابہ رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُم کا نام نہیں چھوڑ سکوں گا، جمعہ کا خطبہ جب بھی ہوگا میں ضرور لوں گا۔ تو اس نے کہا تم لو گے تو یہی ہوگا، پھر اس نے انہیں شہید کروا دیا۔
تو یہ اک طرف زوال آتا گیا علم میں، پھر جب مسائل بڑھے، معاش کے مسائل بڑھے، اورنگزیب کو دیکھیں اس کے سارے کارنامے، ان میں سے ایک بہت بڑا کارنامہ یہ کہ یہ جتنا درس نظامی اب یہ جتنے مولوی صاحبان پڑھتے اور پڑھاتے ہیں، یہ فرنگی محل، ایک فرانس کا تاجر آیا اس نے لکھنؤ سے باہر وہ ایک محل بنایا بہت بڑا اپنے لیے، وہ چلا گیا وقت کے ساتھ، تو جو اس کی جائیداد، جو چیزیں تھیں یہاں چھوڑ گیا۔ اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ نے وہ محل اور اس کی جتنی چیزیں تھیں وہ ان علماء کو دے دیں، کہا یہاں مدرسہ قائم کیجیے اور آپ پڑھیے پڑھائیے۔ فرنگی محل کے علماء اب تک ان کا اثر ہے اور فرنگی محل بہت بڑی چیز تھی۔ اب تو خیر لکھنؤ کے بالکل بیچ میں ہی آ گیا ہے بلکہ لکھنؤ کے بیچ میں کیا ایک کنارے پر آ گیا ہے، لکھنؤ اتنا زیادہ پھیل گیا ہے، لیکن یہ علماء کی سرپرستی تھی حکومت کی طرف سے۔
تو نتیجہ اس کا یہ نکلا کہ عوام بھی دلچسپی لیتے تھے، انہیں بھی پتہ ہوتا تھا کہ یہ یہ چیزیں ہیں اس کی وجہ سے معاشی اعتبار سے کچھ فائدہ ہو جائے گا۔ اب جب حکومت نے سرپرستی چھوڑی، دوسری طرف معاش کے مسائل بن گئے، تو لوگوں نے وہ چیزیں حاصل کرنا شروع کیں جن چیزوں میں لوگوں کو پیسے ملتے تھے۔ اور ہندوؤں کے ساتھ معاملہ یہ تھا نہیں، انہوں نے کون سا درس نظامی پڑھنا تھا یا انہوں نے کون سا کتاب و سنت پڑھنی تھی، اس لیے ہندو ہر زمانے میں وہ علم پڑھتے رہے جو مارکیٹ میں رائج تھا۔ اس لیے ہندو بہترین فارسی لکھتے پڑھتے تھے، مسلمان علماء کے مقابلے میں ہندوؤں کی فارسی تھی، اس لیے کہ مسلمان حکمران ملازم وہ رکھتے تھے جو فارسی کما حقہ۔ پھر جب فارسی ختم ہوئی انگریزی آئی، ہندو انگریزی میں آگے بڑھ گئے، اس لیے کہ انہیں اپنے آپ کو معاشی طور پر برقرار رکھنا تھا، آخر پیسے کمانے تھے۔ ہندوؤں میں بہترین انگریزی، میتھمیٹکس کا دور آیا تو ہندو بہترین میتھمیٹیشن ہوئے، وجہ اس کی یہ ہے کہ مارکیٹ کے علوم یہ تھے۔ اب بھی آپ دیکھ لیں تو مارکیٹ کے جو علوم ہوتے ہیں ان کی لوگ قدر کیا کرتے ہیں۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا جب زمانہ آیا ہے تو اس زمانے کے آتے آتے علم میں بڑا زوال آ گیا تھا، پھر اس کے بعد تو بالکل ہی زوال آ گیا۔ یہاں تک کہ حضرت شیخ الہند رحمۃ اللہ علیہ کہتے تھے کہ کوئی آدمی مر جاتا تھا تو چودہ چودہ میل، پندرہ پندرہ میل تک کوئی مولوی نہیں ملتا تھا کہ جنازہ پڑھائے۔ اتنی جہالت میں گزری ہے، وہ ڈیڑھ دو سو سال خالصۃً جہالت میں گزرے ہیں۔ پنجاب میں اس زمانے میں پھر بھی کچھ تعلیم ہوتی تھی، پنجاب کو تعلیم سے محروم کیا انگریزوں نے۔ انہوں نے کہا اگر اتنے پڑھے لکھے پنجاب والے ہو گئے تو ہندوستان پہ حکومت مشکل ہو جائے گی اس لیے ان کو بالکل تعلیم سے محروم کر دو۔ اس زمانے کی رپورٹس اگر آپ دیکھیں، شاید یہ بات ذرا سی ہٹ گئی ہے لیکن ایک مختصر سی بات عرض کریں، ایک پنجاب میں یعنی ملتان، لاہور اور اس کے درمیانی علاقے اور گجرات اور جہلم تک اسی فیصد لوگ پڑھے لکھے تھے۔
تو انگریزوں کو یہ ڈر ہوا کہ جب اسی فیصد پنجاب کے لوگ پڑھے لکھے ہیں تو یہ لوگ اگر لڑائی پہ آ گئے، چکوال میں، یہ نسلیں ایسی ہیں جو مارشل ریسز کہلاتی تھیں ان کے نزدیک، انہوں نے کہا پھر بنے گا کیا؟ انہوں نے کہا ان سے تعلیم کو ختم کرو۔ تو تعلیم کو ختم کرنے کے لیے جو سفارشات بھیجی گئیں، لاہور میں وہ ہے نا ایچی سن کالج، اس کے پرنسپل نے جو سفارشات لکھی تھیں اس میں اس نے ایک چیز یہ بھی لکھی، اس نے کہا یہ جتنے اساتذہ سکولوں میں پڑھاتے ہیں، مدارس میں پڑھاتے ہیں، گورنمنٹ جن کو تنخواہ دیتی ہے، ایک کام یہ کرنا چاہیے کہ ان کی تنخواہیں بجائے گاؤں کے نمبردار، زمیندار یا یا اس کے ذمے جو ہوتا ہے اصل مکھیا، اس کے ذمے لگانے کے بجائے آپ ہیڈ کوارٹر میں دیجیے۔ یہ تبدیلی آپ کریں۔ گورنمنٹ نے کر دی۔
ہوتا یہ تھا کہ گاؤں میں عشر جمع ہوا، گاؤں میں پیسہ جمع ہوا، رکھ لیا وہ جو زمیندار ہوتا ہے، کیا کہتے ہیں اس کو، نمبردار، نمبردار پیسے رکھ لیتا تھا۔ وہ گاؤں کے مولوی کو، استاد کو ہر مہینے پیسے دے دیتا تھا، مولوی صاحب بھی پڑھاتے رہتے تھے، استاد صاحب بھی پڑھاتے رہتے تھے۔ انہوں نے کہا اب اس نظام کو توڑیں اور تنخواہ کا نظام یہ مقرر کریں کہ گاؤں کے جتنے اساتذہ ہیں وہ شہر میں ہیڈ کوارٹر میں آ کے تنخواہیں لیں۔ تو جب ہیڈ کوارٹر میں آتے تھے وہ تنخواہ لینے کے لیے، تو دو دن تین دن آنے میں لگ گئے، دو تین دن جانے میں لگ گئے، پھر شہر کی مصروفیات، تو تین چار ہفتوں کے بجائے پڑھائی دو ہی ہفتے رہ گئی۔ پڑھائی میں فرق پڑنے لگا۔ تو اس ایک تجویز سے بیس پچیس سال کے عرصے میں آہستہ آہستہ تعلیم کا معیار کہیں سے کہیں جا پہنچا اور بچے فیل ہونے لگے، انگریزوں نے کہا بس یہ ٹھیک ہے، اس طرح اس نظام کو کم کیا جائے، تعلیم کو کم کیا جائے۔
اور پھر تعلیم کا رجحان چونکہ سکولوں کی طرف ہونے لگا تھا اور پیچھے رہ گئے تھے مدارس، تو مدارس میں بھی اسی اعتبار سے مولوی کم پیدا ہونے لگے، یہاں تک کہ حضرت شیخ الہند رحمۃ اللہ علیہ کہتے تھے اور وہ جب مالٹا سے واپس آئے تو کہتے تھے کہ مولوی صاحب! اب تو پھر کوئی مل جاتا ہے جنازہ نکاح پڑھانے کے لیے، ایسا دور ہم نے دیکھا کہ چودہ چودہ میل تک گھوڑا بھیجتے تھے کہ مولوی صاحب کو لاتے تھے اور جنازہ کوئی پڑھاتا تھا ورنہ مولوی نہیں ملتے تھے۔ اور اگلی بات بھی کہیں۔ حضرت فرماتے تھے مولوی کم تھے لیکن مرتد نہیں ہوتے تھے۔ حضرت فرماتے تھے مولوی بہت تھوڑے تھے لیکن ایمان کے ایسے پکے تھے کہ کوئی چیز انہیں اپنے مقام سے ہٹا نہیں سکی۔ اب ہمارے دیکھتے ہی دیکھتے مولوی اتنے ہو گئے اور انگریز خرید لیتا ہے۔ فرماتے تھے یہ کیا فرق پڑ گیا ہے؟
تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں ہمارے زمانے میں جہالت پھیلی، عصبیت اور وَاتِّبَاعِ الْهَوَى یعنی اپنی خواہش کی پیروی کرنا۔ اور پھر فرماتے ہیں، بہت اچھی بات کہ بِآرَائِهِ الرَّدِيَّةِ وَإِعْجَابِ كُلِّ امْرِئٍ بِآرَائِهِ الرَّدِيَّةِ، جو بے کار رائے ہوتی ہے کسی شخص کی، وہ اس پر بھی مر مٹتا ہے۔ یہ وہ چیز ہے جو رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم نے فرمائی تھی۔ آپ نے فرمایا تھا کہ ایسا وقت آ جائے گا جب ہر آدمی رائے دینے والا اپنی رائے پہ مر مٹے گا۔ ایسا دور آ جائے گا قیامت کے نزدیک کہ آدمی کہے گا جو میں کہتا ہوں بس سب سے اچھی بات یہ ہے۔ تو عرض کیا گیا کہ پھر اس کا حل؟ تو رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم نے فرمایا اپنے گھر میں بیٹھ جانا۔
شاہ صاحب کہتے ہیں ہمارا زمانہ ایسا آ گیا کہ جس کو کچھ بھی نہیں آتا وہ کہتا ہے میری رائے سب سے معتبر ہے، اور ہمارے زمانے میں سب سے زیادہ مظلومیت دین کے ساتھ ہے یہ کہ جس کو دو لفظ بھی پڑھنے نہیں نہ آتے، وہ بھی کہتا ہے کہ مفتی اعظم سے کم میرا خطاب نہیں۔ سب سے اچھا آدمی میں ہوں۔ اور جو یقینی طور پر لوگوں کو پیسے دے دے کے اپنے نام سے کتابیں لکھواتے ہیں، اللہ کی شان ہے وہ بھی شیخ الاسلام بنتے ہیں۔ ایسا وقت آ گیا ہے، وہ بھی اپنے آپ کو شیخ الاسلام کہلاتے ہیں جن کے متعلق یہ فنی طور پر پتہ ہے کہ خود اس سے اسی کی کتاب پوچھ لو کہ حضورِ والا یہ کتاب آپ نے لکھی ہے، اس میں کیا کیا ہے، تو اس نے اپنی کتاب بھی پوری نہیں پڑھی ہوتی، اس لیے کہ لکھی کسی اور نے، اس نے کون سا پڑھنی ہے۔
حالانکہ دیکھو یہ شیخ الاسلام اتنا بڑا عہدہ تھا کہ قانونی اعتبار سے ملک میں یہ امیر المؤمنین کے تحت آتا تھا لیکن مملکت یعنی درجات جو قانون کے تحت متعین ہوتے ہیں، مگر قانون میں حکم اس کا امیر المؤمنین پہ چلتا تھا۔ یعنی کہیں بھی عدالت میں مقدمہ آ گیا تو شیخ الاسلام کا فتویٰ چلتا تھا، خلیفۃ المسلمین اس کے تابع ہوتے تھے۔ ترکی کے خلیفۃ المسلمین تھے، یہ امیر المؤمنین کہلاتے تھے سارے ترک، یہ چار ساڑھے چار سو سال خلافت ان کے پاس رہی ہے لیکن کسی کام میں بھی یہ لکھ کے باقاعدہ بھیجتے تھے کہ شیخ الاسلام سے فتویٰ لو کہ وہ کیا کہتے ہیں۔
بیت اللہ کی عمارت بنانی تھی انہوں نے ترکوں نے، تو بیت اللہ کی عمارت بنانے کے لیے بہت اس نے کہا جو اس وقت کے خلیفۂ وقت تھے مراد، وہ چاہتے تھے بنائیں، لیکن انہیں پتہ تھا اور انہوں نے اس کو خوشی سے تسلیم کیا، انہوں نے ابو السعود رحمۃ اللہ علیہ جو شیخ الاسلام تھے اس دور کے، انہیں باقاعدہ خط لکھا، فتویٰ اس پہ پیش کیا استفتاء، کہ حضرت آپ اجازت دیں تو ہم بیت اللہ کو کی عمارت بنائیں ورنہ نہیں بناتے، تو پھر شیخ الاسلام نے فتویٰ دیا، شیخ الاسلام اتنا بڑا عہدہ تھا اور اب دیکھو کہ کیا ہو گیا ہے کہ کہ پیسے دے کے چند بچوں کو رکھ لیا ہے، جو جو جس فن کا ماہر ہے اس سے کتابیں لکھوا لیں اور پھر اپنے نام کے ساتھ شیخ الاسلام بھی لکھ لیا، اور بہت زیادہ مہربانی کی تو ترکی گئے اور سرخ ٹوپی اور اس پہ سفید وہ پٹہ جو باندھتے ہیں وہ باندھ دیا، یہ ہوتی تھی ترک علماء کا ایک لباس ہوتا تھا، بس وہ لیا اور شیخ الاسلام بن گئے۔
اب تو حالت سب سے زیادہ جو پتلی ہے وہ دین کے معاملے میں ہے کہ جن لوگوں کو آپ دیکھتے ہوں گے ٹی وی پہ مذاکرات، اخبارات میں انٹرویو اور اخبارات میں یہ چیزیں، تو ان لوگوں کو دیکھو ایک حدیث کا نہیں پتہ، اور دین کے بارے میں وہ ایسی رائے دیتے ہیں کہ کیا کہیں۔ ضیاء الحق کے زمانے میں شرعی عدالت کے ایک جسٹس، چیف جسٹس شرعی عدالت کے مقرر ہوئے۔ تو کسی کتاب کے غرض سے میں گیا ہوا تھا ادھر فیصل مسجد کے ساتھ جو لائبریری ہے۔ تو وہ صاحب بھی گھوم رہے تھے، ہمیں نہیں معلوم تھا کہ یہ کون ہے، کون نہیں ہے۔ تو انہوں نے وہاں پر خود ہمارے سامنے کہا کہ ہاں قرآن کریم میں پڑھ لیتا ہوں، تو کسی نے پوچھا کہ کیسے پڑھتے ہیں آپ، یہ تو مسئلہ ایسے ہے؟ تو انہوں نے کہا میں عربی نہیں پڑھ سکتا، انگلش میں پڑھتا ہوں۔ تو جو انگلش میں، رومن انگلش میں قرآن پڑھتا ہے وہ بھی جسٹس ہے شرعی عدالت کا، یہ زوال کا حال ہے۔ اور وہ چاہیے جو زبان بولے حکومت کی، تو پھر شیخ الاسلام ہو یا شیخ الحدیث ہو پھر سب چیزیں ہو سکتی ہیں۔
یہاں پر شاہ صاحب کہتے ہیں میرے زمانے میں یہ مصیبت ہے کہ ہر آدمی اپنی رائے پر مٹا ہوا ہے، وَأَنَّ الْمُعَاصَرَةَ أَصْلُ الْمُنَافَرَةِ اور یہ دیکھو کہ منافرت وہ معاصرت سے پیدا ہوتی ہے، دو فقرے آخر میں شاہ صاحب نے کہے ہیں۔ انہوں نے کہا جب ہم عصر جو لوگ ہوتے ہیں یہ ایک دوسرے کا اعتراف نہیں کرتے۔ جب ہم عصر ہوتے ہیں نا، اللہ تعالیٰ کی ایک سنت ہے اشتباہ، خدا بالکل ملتی جلتی چیزیں بھیجتا ہے تاکہ وہ انسانوں کو آزمائے، اور انسان آزمائے جاتے ہیں اسی طرح سے۔ اس کی آسان مثال اپ دیکھیں نا، تو جب فصل اگتی ہے تو فصل میں، گندم میں، مختلف دالوں میں بالکل انہی جیسے پودے اگتے ہیں اور زمیندار دیکھ کر پہچان جاتا ہے کہ یہ گندم نہیں ہے، یہ کوئی اور بوٹی ہے، وہ اکھاڑ دیتا ہے، یہ ہے اشتباہ، اشتباہ۔ اور اللہ تعالیٰ ایسے ہی کرتا ہے۔
انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام آئے، کافروں کو جو بہت بڑے بڑے شبہات تھے ان میں سے ایک بڑا شبہ انہیں یہ بھی تھا کہ وہ کہتا إِنْ هٰذَا إِلَّا بَشَرٌ مِثْلُكُمْ، بولے یہ ہمارے جیسا ہی تو آدمی ہے، يَأْكُلُ مِمَّا تَأْكُلُونَ مِنْهُ وہ وہی کھاتے ہیں جو تم کھاتے ہو اور وہی پیتا ہے جو پانی ہم پیتے ہیں، یہ کیسے ممکن ہے کہ اس انسان کو جو ہم جیسا ہی ہے ہم پہ فضیلت حاصل ہو جائے؟ یہ ہوا کرتا ہے اس طرح۔ تو جن لوگوں کو اللہ نے توفیق دی ہوتی ہے ان کی نگاہ پہچان جاتی ہے کہ کھاتا پیتا ہماری طرح ہے، بازاروں میں ہماری طرح چلتا ہے لیکن یہ وہ ہستی نہیں ہے جو ہم ہیں، ہم میں اور اس میں صرف ظاہری مشابہت ہے انسانیت کی ورنہ اصل کے اعتبار سے اس کا معاملہ کچھ اور ہے۔
اور یہی چیز مسیلمہ کذاب کو پیش آئی، اس کا قبیلہ بڑا تھا، اس کا جتھہ بڑا ہو گیا، گروہ بڑا ہو گیا، اس نے دیکھا ایک آدمی اس طرح اٹھا ہے چالیس سال کی عمر میں اس نے نبوت کا دعویٰ کیا ہے، دس بارہ پندرہ سال بہت تکالیف برداشت کیں پھر اس کے بعد پورا عرب فتح کر لیا، اور اس ظالم کو یہ نظر نہیں آیا کہ اس کے پیچھے تو وحی کی تائید تھی، اللہ کی تائید تھی، اس نے کہا میں بھی نبوت کا دعویٰ کروں گا میرے ساتھ بھی ایسے ہی ہو جائے گا، یہ چیزیں ہو جائیں گی۔ تو یہ معاصرت جو ہوتی ہے، ایک ہم عصر دوسرے ہم عصر کا اعتراف کرے یہ بس ایک ہی صورت ہوتی ہے اور وہ یہ کہ کسی انسان کا تزکیہ ہوا ہو۔ کسی انسان کا نفس مٹا ہوا ہو نا تو وہ اپنے سے زیادہ اعتراف کرتا ہے دوسرے کا، وہ کہتا ہے وہ زیادہ اچھا ہے، مجھ سے زیادہ بہتر ہے، اس سے زیادہ اس میں خوبیاں ہیں۔ یہ اسی وقت ہوتا ہے جب اپنا نفس مٹا ہو، اور اگر اپنا نفس زندہ ہو تو پھر آدمی یہ کام نہیں کر سکتا۔
اور دوسرے انہوں نے کہا کہ مَنْ صَنَّفَ فَقَدِ اسْتُهْدِفَ اور جو آدمی بھی لکھتا ہے وہ ضرور تنقید کا شکار ہوتا ہے۔ یعنی جو بھی کتاب لکھے گا پھر اس کے بعد اسے ضرور لوگوں کی تنقید برداشت کرنا پڑے گی، کتاب تو اللہ ہی کی ہے جس میں کوئی عیب نہیں ہے، باقی جو کچھ بھی انسان لکھتے ہیں اس پہ تنقید ہوا کرتی ہے۔ تو اس وجہ سے گھبرانا تو نہیں چاہیے، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں لیکن مجھے خیال آتا رہا کہ میرے زمانے میں وہ علماء بھی نہیں ہیں۔