📖 سلسلہ دروس و محاضرات علمیہ
صفحۂ اول › سلسلہ دروس › 1 - حجۃ اللہ البالغہ — سوانح و پس منظر حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ

1 - حجۃ اللہ البالغہ — سوانح و پس منظر حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
کتاب: حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة — درس نمبر: ۱
بیان: مفتی محمد سعید خان صاحب (سوانح و تاریخی پس منظر حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ)
مقدمہ و حجازِ مقدس کا سفر
حصہ اول
الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ ، وَالصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ عَلَى سَيِّدِ الْأَنْبِيَاءِ وَالْمُرْسَلِينَ ، وَعَلَى آلِهِ وَأَصْحَابِهِ أَجْمَعِينَ ، أَمَّا بَعْدُ !

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قبل اس کے کہ باقاعدہ طور پہ حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة کے پڑھانے کا یا اسے پڑھنے کا آغاز کیا جائے، یہ بات فطری، طبعی ہے کہ انسان یہ چاہتا ہے کہ جس مصنف نے یہ کتاب لکھی اس کے متعلق بھی کچھ نہ کچھ معلومات ہونی چاہئیں۔ اور اس کتاب سے پہلے حضرت اقدس شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے حالات کا کسی حد تک معلوم ہونا ضروری ہے۔

اور جو حالات حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے ہمارے شیخ حضرت مولانا ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے ”تاریخِ دعوت و عزیمت“ کی پانچویں جلد میں لکھے ہیں، بہت سی معلومات وہیں سے آپ کے سامنے پیش کی جا رہی ہیں۔

اصل مسئلہ حضرت مجدد الف ثانی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ سے شروع ہوتا ہے۔ ۹۷۱ ہجری میں حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کی پیدائش ہوئی اور ۱۰۳۴ ہجری میں حضرت رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہوا۔ اور بڑا طویل عرصہ تھا جو حضرت نے گزارا اور بہت زیادہ انقلاب اور تجدید کی بنیادیں حضرت نے ایسی رکھیں کہ اس کے اثرات ابھی تک عالمِ اسلام میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اور اسی سلسلے میں ہندوستان میں جو تبدیلیاں واقع ہوئیں اس کا بہت اثر باہر سے بھی آیا تھا اور واقعات اور انقلابات جو ہندوستان میں ہو رہے تھے، پاس پڑوس کے جو ملک تھے مثلاً ایران تھا، اسی طرح افغانستان تھا، وہاں جو کچھ ہو رہا تھا اس کے اثرات ہندوستان پر پڑتے تھے۔

حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ بھی حرمین شریفین گئے ہیں اپنی تعلیم کے سلسلے میں ۱۱۴۳ ہجری کے قریب یا اس کے اواخر میں حضرت حجاز پہنچے اور ۱۱۴۵ کے آغاز میں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ واپس آئے، دو حج انہوں نے اس دوران کیے اور ان کی ذہنی اور علمی تربیت میں حجازِ مقدس کا بنیادی حصہ تھا۔ جہاں انہوں نے ایک سال سے بھی زیادہ قیام فرمایا اور اس دوران انہوں نے اس زمانے میں حدیث کے فن کے جو امام تھے شیخ ابو طاہر محمد بن ابراہیم کردی مدنی رحمۃ اللہ علیہ، ان سے حدیث پڑھی اور ان کے ساتھ ان کی ملاقاتیں رہیں، علمائے حجاز سے ان کی صحبتیں رہیں، اور اس وقت حرمین شریفین میں سلطنتِ عثمانیہ کی حکومت تھی۔

اور شرفائے مکہ جو تھے وہ آلِ عثمان کے نائب کی حیثیت سے حج کی امارت کے لیے ہر سال اہتمام کرتے تھے اور حدیث شریف کا مرکز اس وقت بھی مدینہ منورہ بنا ہوا تھا اور عالمِ اسلام کی بہترین شخصیات اور باکمال افراد وقتاً فوقتاً وہاں پہنچتے تھے اور شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کو ان کی صحبتوں کا، ان سے ملنے کا یہ سارا موقع ملتا تھا، اسی لیے حضرت نے ایک جگہ لکھا ہے کہ یہ سارے حالات میری نظر میں ہیں۔ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے صراحت کے ساتھ بتایا ہے کہ عالمِ اسلام میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب کا سب ان کی نگاہ میں ہے۔

ہندوستان، افغانستان اور ایران کے سیاسی حالات
حصہ دوم

پھر بابر نے جب ہندوستان کو فتح کیا اور سلطنتِ مغلیہ کا قیام عمل میں لایا تو افغانستان اور اس کے اہم ترین صوبے کابل اور قندھار، ان کا اثر ہندوستان پر پڑا، شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ ہی کا دور تھا۔ نادر شاہ ایران کے راستے سے ہندوستان میں آیا اور پھر دہلی پر حملہ ہوا۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے دور میں قندھار کے جو والی تھے یعنی احمد شاہ ابدالی انہوں نے کئی بار ہندوستان کا رخ کیا اور بالاخر جب حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہوا ہے تو اس کے فورا بعد ۱۷۶۱ء میں احمد شاہ ابدالی ہندوستان آئے اور انہوں نے مرہٹوں کو شکست دے کر پوری تاریخ کا رخ بدل دیا، اگر یہ تاریخ رخ کا رخ نہ بدلا بدلا ہوتا اور شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی کاوشیں اور کوششیں یہ نہ ہوتیں اور انہوں نے ان لوگوں کو دعوت دے دے کے ہندوستان نہ بلایا ہوتا تو مسلم معاشرہ کب کا پٹ چکا ہوتا، شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے ان لوگوں کو بلایا اور یہ دونوں حملہ آور جن میں سے ایک کو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے دعوت دی تھی، ایران اور افغانستان سے تعلق رکھتے تھے اور ہندوستان پر پانچویں صدی ہجری سے یہ سارے سیاسی اور فوجی حیثیت سے جو اس کے گرد و نواح کے علاقے تھے ان کا اثر پڑ رہا تھا، اکبر بادشاہ کے دور میں یہاں پر لوگ آئے انہوں نے فلسفے کو یہاں پر رائج کیا، اس سے پہلے بھی فلسفہ رائج تھا، ہندوستان میں نصابِ تعلیم، طریقہ تعلیم، ایران کا اثر پڑا اور اس میں علومِ حکمت خاص طور پر داخل ہوئے۔

اور مجموعی اعتبار سے ترکی کی سلطنتِ عثمانیہ سارے عالمِ اسلام میں قلب کی حیثیت رکھتی تھی، افغانستان اور ایران کے پڑوس میں یہ سلطنت واقع تھی اور تقریباً اب جو موجودہ عرب ممالک ہم دیکھتے ہیں مصر، شام، عراق، یمن، حرمین شریفین، پورا سعودیہ، شمالی افریقہ کا بہت بڑا حصہ، یہ سب کے سب سلطنتِ عثمانیہ میں داخل تھے اور حرمین شریفین کی وجہ سے دنیا بھر کے مسلمان انہیں عزت اور احترام کی نظر سے دیکھتے تھے اور دنیا بھر میں مسلمان سلطنتِ عثمانیہ سے بڑی توقعات رکھتے تھے، مصر، شام اور عراق سے جو علماء آتے تھے اور جو سلاطینِ آلِ عثمان اور جو لوگ بھی تھے یہ سب کے سب بار بار حرمین شریفین میں حاضری دیتے تھے۔ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ جب وہاں پہنچے ہیں تو انہوں نے ان لوگوں سے نہ صرف ملاقاتیں کیں اور ان کی صحبتوں میں رہے بلکہ ان کے ذریعے ان ان حضرات کے ذریعے سے پورے عالمِ اسلام پر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی نگاہ پڑی۔

۱۱۱۴ھ میں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ پیدا ہوئے اور ۱۱۷۶ ہجری میں ان کا انتقال ہوا اور ان ۶۲ سالوں میں سلطنتِ عثمانیہ میں پانچ سلاطین یکے بعد دیگرے بدلے ہیں اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا زمانہ شعور جو تھا اس میں احمد ثالث، محمود اول، عثمان ثالث، مصطفیٰ ثالث، یہ سب لوگ تھے جنہوں نے سلطنتِ عثمانیہ کی عنانِ حکومت اپنے ہاتھ میں لی اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ تک برابر یہ خبریں پہنچتی تھیں۔

مصطفیٰ ثالث، یہ ابھی جو نام ہم نے لیا ہے، انہوں نے تقریباً ۱۷ برس حکومت کی اور ان کے زمانے میں سلطنتِ عثمانیہ اور روس کے درمیان جنگ شروع ہو گئی اور سلطنتِ عثمانیہ کو ۱۷۷۰ء کے قریب اس میں شکست ہوئی، لیکن یہ شکست روس سے نہیں ہوئی بلکہ ان کے اپنے انتظامات یہ کم تھے اور بعض اور تاریخی عوامل پیش آئے اور روسی جنرل جو تھا اس نے قسطنطنیہ پر بھی حملے کا ارادہ کیا لیکن اس کو منع کیا گیا کہ اگر وہاں کرو گے تو پھر یہ جو آج جیتی ہوئی جنگ ہے یہ کل تم اسے شکست میں خود ہی تبدیل کر لو گے، تو روس نے صلح کے لیے کچھ شرطیں پیش کیں اور ۱۱۸۶ھ میں جب حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہو چکا تھا یعنی ۱۷۷۲ء میں، بہت اونچے درجے کے جو لوگ تھے روس کے اور سلطنتِ عثمانیہ کے، ان کی میٹنگز شروع ہوئیں کہ کس طرح سلطنتِ عثمانیہ کے اور روس کے تعلقات بڑھائے جائیں اور دوبارہ بنائے جائیں، مگر ان میٹنگز کی ناکامی کے بعد پھر جنگ شروع ہو گئی اور اب جو جنگ ہوئی ہے اس میں ترک افواج نے روس کو بری طرح پیٹا اور روس کی مرعوبیت کا یہ حال تھا کہ عثمانی افواج روس کے مختلف علاقوں سے جب گزری ہیں تو شہر کی پوری پوری آبادیاں اپنے گھر کھلے چھوڑ کر چلی گئیں اور یہاں تک مورخین نے لکھا ہے کہ عثمانیوں نے کہا کہ ہم نے آگ پر چڑھی ہوئی ہانڈیاں پائیں جن میں گوشت تھا۔

تحریکاتِ نجد، سقوطِ دہلی اور نادر شاہی دور
حصہ سوم

اور یہاں تک کہ ۲۱ جنوری ۱۷۷۴ء کو سلطان مصطفیٰ ثالث کا انتقال ہوا اور بہت اچھا دور تھا، اس سلطان ثالث نے اپنے زمانے میں مدارس کو رائج کیا، خانقاہوں کو رائج کیا اور مسلمانوں کی اور سلطنتِ عثمانیہ کی آبرو کو جو بٹہ شکست سے لگ چکا تھا اس کو دور کرنے کی بھرپور کوششیں کیں اور اس انسان نے، سلطان مصطفیٰ ثالث نے سب سے اہم کام جو کیا وہ مدارس کا قیام اور تعلیم کا نظام تھا کہ تعلیم کو زیادہ سے زیادہ مسلمانوں میں پھیلایا جائے۔

شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کا عروج کا زمانہ تھا، شباب تھا، جوانی تھی اور اس دوران سلطنتِ عثمانیہ میں پریس لگنا شروع ہوئے اور پھر پہلا پریس جو لگایا قسطنطنیہ میں، اور ٹھیک یہ وہ عہد ہے جس عہد میں محمد بن عبد الوہاب سعودیہ میں اٹھے اور ان کی تحریک نے فروغ پایا اور سلطنتِ عثمانیہ کے خلاف وہاں پر چیزیں شروع ہوئیں اور علمائے نجد میں اور حجاز کے علماء نے سلطنتِ عثمانیہ سے جان چھڑانے کے لیے شیخ محمد بن عبد الوہاب کی تحریک کو سپورٹ کرنا شروع کیا۔ سعود بن عبد العزیز نجد کے امیر تھے اور انہوں نے آہستہ آہستہ اپنے پاؤں بڑھانے شروع کیے، پر پھیلانے شروع کیے، یہاں تک کہ ۱۲۱۸ ہجری میں حجازِ مقدس پر اور جزیرۃ العرب پر بہت بڑے حصے پر ان کا قبضہ ہو گیا اور سلطنتِ عثمانیہ کو وہاں سے ختم کر دیا گیا، ۱۲۳۴ ہجری میں محمد علی تھے والیٔ مصر، ان کی کوششوں کی وجہ سے سعود بن عبد العزیز کو ہٹا دیا گیا اور عثمانیوں کا وقار بحال کرنے کی کوشش کی گئی، یہاں تک کہ یہ جو سعود بن عبد العزیز تھے، فیصل، خالد، فہد، ان سب کے بڑے بھائی سعود بن عبد العزیز، ان کے بیٹے عبد اللہ بن سعود بن عبد العزیز کو سلطنتِ عثمانیہ نے بغاوت کے سلسلے میں پکڑوایا اور انہیں استنبول میں پھانسی دے دی گئی، ان سارے حالات کی وجہ سے سلطنتِ عثمانیہ آہستہ آہستہ کمزور ہوتی چلی گئی اور اس انتشار کے نتیجے میں روس نے بھی حملہ کرنا شروع کیا اور پھر یہاں تک کہ محرم ۱۱۸۷ ہجری میں ان کی آپس کی خانہ جنگی بھی ہوئی اور نتیجتاً مصر سلطنتِ عثمانیہ کا قبضہ جو چھڑانے کی کوشش کی جا رہی تھی ناکام ہوئی اور سلطنتِ عثمانیہ مصر پر قبضہ اس کا برقرار رہا۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حرمین شریفین میں جو طویل قیام فرمایا ہے تو اس وقت سلطان محمود کا زمانہ تھا اور حجاز میں سلطنتِ عثمانیہ کے نمائندے امیرِ حجاز جو شریفِ مکہ کہلاتے تھے وہ متعین ہوئے، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس زمانے کے لوگوں کی، وہاں کی تعریف کی ہے، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو جو لوگ بھی وہاں ملے ہوں گے انہوں نے ان کے ساتھ عزت اور احترام کا جو معاملہ کیا ہوگا، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی مختلف کتابوں میں ان کا ذکر آتا ہے۔

امرائے مکہ عام طور پہ حسنی سادات ہوتے تھے اور ان کو اشراف کے لقب سے یاد کیا جاتا تھا، چوتھی صدی ہجری سے یہ بات شروع تھی اور شریفِ مکہ کا تقرر جو تھا وہ عباسی خلفاء نے شروع کیا تھا اور اس کے بعد وہ مسلسل چلتا رہا ہے، یہاں تک کہ جون ۱۹۱۶ء میں عثمانیوں کے خلاف شریف حسین نے جو بغاوت کی تھی اور جنوری ۱۹۲۶ء میں سلطان ابن سعود کا جو قبضہ ہو گیا تھا حجاز پر، اس وقت تک شرفائے مکہ کا یہ دور چلتا رہا ہے، اور مسلم الثبوت، مسلم النسب حسنی سادات یہ ہوتے تھے اور وہ حسنی سادات سارے حج کا اور ان چیزوں کا انتظام کرتے تھے۔

اور اس کے ساتھ ساتھ دوسرا ملک جس کا اثر پڑ رہا تھا ہندوستان میں، ایران میں صفوی خاندان تھا اور صفویوں کی سلطنت پر صدیاں گزر چکی تھیں، اور ابن خلدون نے جو اصول کے ایک بات لکھی ہے کہ جب کسی سلطنت پر زوال طاری ہو جائے: «إِنَّ الْهَرَمَ إِذَا نَزَلَ بِالدَّوْلَةِ لَا يَرْتَفِعُ» کہ بڑھاپا جب کسی سلطنت، کسی ملک پر طاری ہو جاتا ہے تو وہ ملک پھر جوان نہیں ہوا کرتا، اس حالت کو دیکھ کے ایران میں، ہمسایہ ملک تھا افغانستان، افغانستان والوں نے ایران پر حملہ کیا اور ایران کو بہت سے اپنے ضلعے چھوڑنے پڑے اور شاہِ ایران قید میں تھا، لیکن خوش قسمتی اس کی یہ کہ شہزادہ طہماسپ اس وقت وہ لائق ترین فرد تھا جو ایرانی قوم کو ملا اور خاندانی طور پر اگرچہ اس کی حیثیت کم تھی لیکن صلاحیتوں کی بنیاد پر وہ ان لوگوں میں سے ہو گیا جن لوگوں نے سلطنتوں کی بنیاد رکھی، نادر شاہ کا زمانہ تھا، نادر شاہ نے طہماسپ کو اس کے آبائی تخت پر بٹھا دیا اور ایرانی حکومتِ صفوی جس پر زوال آ رہا تھا، نادر شاہ نے اس صورتِ حال سے فائدہ اٹھا کر ایک نئی طاقت کو عروج دیا اور اس نے ایرانیوں کو اکٹھا کیا اور پھر وہ سارے ملک پر چھا گیا اور ۱۷۳۰ء میں اس نے افغانستان سے واپس اپنے علاقے لیے اور افغانیوں کو ایران سے بالکل نکال دیا، ۱۷۳۳ء میں روسیوں کو اس نے کیسپین سی (Caspian Sea) پہ جا کر روک دیا، با عزت، خوددارانہ اور بڑے وقار کے ساتھ صلح کی اور اس نادر شاہ افشار نے پوری ایک سلطنت کو بچا لیا اور نادر شاہ افشار ۱۷۳۷ء، ۳۸ء میں ایران کا واحد تاجدار تھا اور سب طرف اس کی دھاک بیٹھی ہوئی تھی۔

نادر شاہ، احمد شاہ درانی اور مغلیہ زوال
حصہ چہارم

اور نادر نے تختِ سلطنت اس شرط پر قبول کیا کہ پوری ایرانی قوم کا مذہب اور عقیدہ اور مسلک تبدیل کر دیا جائے، وہ نسلاً ترک تھا اور مذہبًا سنی تھا، لیکن ظاہر ہے کہ عام عوام میں جو بھی مذہب، مسلک رائج ہوا کرتا ہے حکومتیں جبر اور زور کی بنیاد پر اسے تبدیل نہیں کرا سکتیں، اسی طرح نادر شاہ ناکام ہوا اور ایرانی جس مسلک سے تعلق رکھتے تھے ان کا مسلک قائم رہا، لیکن ۱۷۳۷ء میں نادر شاہ نے بلوچستان کو فتح کیا، وہ بلوچستان جو آج ہماری مملکت کا حصہ ہے، ایران کے پاس تھا، پھر اس نے بلخ اور ادھر کی ریاستوں کو فتح کیا، قندھار پر قبضہ کر لیا اور ہندوستان پر قبضہ کرنے کے لیے پشاور اور لاہور، ان سب کو اس نے اپنی سلطنت میں شامل کر لیا اور ۱۷۳۹ء میں دہلی کے قریب مغلوں کو کی بہت بڑی شکست ہوئی اور پھر ایسا خوفناک قتلِ عام ہوا کہ کہتے ہیں کہ گھوڑوں کے سم خون میں ڈوب گئے۔

نادر نے مغل بادشاہوں سے تخت نہیں چھینا، اسے ان کی عزت کا احساس تھا لیکن اس نے کہا تمہارے حالات کی وجہ سے جو مجھے یہاں آنا پڑا ہے اور یہاں کے معاملات ٹھیک کرنے پڑے ہیں، تو جو میرا خرچہ جنگ پہ آیا ہے ۵۰ کروڑ روپے اس زمانے کے، اس نے وہ تاوان وصول کیا۔ اور ۱۷۴۰ء میں حد ہو گئی، بخارا، خوارزم، لاہور، پشاور، بلخ، یہ سب کے سب علاقے نادر شاہ کی سلطنت تھی، مگر نادر شاہ جو ظلم کر رہا تھا اس ظلم کے باعث سلطنت کی جڑیں، سلطنت کے ستون مضبوط نہیں تھے، اور نادر شاہ کی جب موت واقع ہوئی ہے تو پھر ایران میں، اس پوری مملکت میں جہاں جو سردار تھا اپنا خود خواب دیکھنے لگا کہ وہ سلطنت کا دعویدار ہو جائے اور اس کے لیے ایک صوبے ہی جتنی چھوٹی حکومت کیوں نہ ہو مگر حکومت اس کی اپنی مطلق العنان ہونی چاہیے۔

اس اٹھارہویں صدی سے بیشتر افغانستان کا ایک حصہ ایران کے ماتحت تھا اور دوسرا حصہ ہندوستان کے ماتحت تھا، تیسرا حصہ بخارا کے خوانین، پٹھان تھے خان، ان کے ان کے ماتحت تھا، یہ افغانستان تو بعد میں بنا ہے۔ ۱۷۳۷ء میں نادر شاہ نے جیسے کہ ابھی بیان کیا، افغانوں کو قندھار سے نکالا اور احمد شاہ درانی نے درانی سلطنت کی بنیاد رکھی اور پھر اس نے آہستہ آہستہ مشرقی ایران یعنی مشہد، پورا افغانستان اور پورا بلوچستان، کشمیر اور پنجاب پر مشتمل اپنی حکومت اس نے قائم کی، اور بحیثیتِ مجموعی احمد شاہ درانی جتنا جس غربت سے اٹھا تھا، جس بے سر و سامانی سے اٹھا تھا، جس طرح اس نے اپنی حکومت قائم کی ہے، وہ اپنے دور کا بڑا جینئس آدمی تھا اور اگر مورخین اس کی تاریخ صحیح طور پر لکھیں اور اب بھی لکھی جائے اور اس کے کارناموں کو شمار کیا جائے تو تاریخ کا بڑے سے بڑا انعام اس شخص کو ملنا چاہیے، یہ الگ بات ہے کہ اس نے خون کیسے بہایا لیکن جس ذہانت سے اس نے سلطنت قائم کی اس بنیاد پر وہ بہت بڑی شخصیت تھی اپنے دور کی، تو احمد شاہ ابدالی نے سلطنت قائم کی، پھر ۱۷۷۲ء میں احمد شاہ ابدالی کا انتقال ہوا، قندھار میں اس کی وفات ہو گئی اور اس کے جانشین بھی ایسے ہی کمزور نکلے جیسے کہ پہلے اس سے نادر شاہ کے جانشین کمزور نکلے تھے اور پھر آہستہ آہستہ وہاں کی حکومت ٹوٹتی چلی گئی اور سلطنت کمزور ہوتی چلی گئی اور یہ حکومت بارکزئی خاندان میں منتقل ہو گئی۔

اسی خاندان کے حکمران تھے جن سے حضرت سید احمد شہید رحمۃ اللہ علیہ اور ان کے رفقاء کو سابقہ پڑا تھا، اور اسی خاندان سے ظاہر شاہ تھے جن کا کچھ ہی عرصہ پہلے انتقال ہوا ہے اور افغانستان میں سن ۷۵ میں جو انقلاب آیا تھا اس وقت تک یہی خاندان مسلسل چل رہا تھا۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ان سارے حالات کو دیکھا تھا اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ جانتے تھے کہ یہ سب کچھ جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس سے مسلمانوں کو کیا نقصان پہنچ سکتا ہے، مسلمانوں کے کون کون سے لیڈرز ہیں، کہاں پر عالمِ اسلام میں اصل مرض ہے اور عمومی طور پر جو نسل اٹھ رہی ہے اس نسل پر اسلام کا کیا غلبہ ہے یا نہیں ہے اور ان لوگوں کو کس طرح صحیح عقیدے کی دعوت دی جا سکتی ہے۔

عہدِ عالمگیرؒ، مرہٹہ فتنہ اور دہلی کی بربادی
حصہ پنجم

ہندوستان میں ایران کے اثر کی وجہ سے، افغانستان کے اثر کی وجہ سے خود اب تک جو بڑی بڑی عقلی کتابیں، صدرا، شمس بازغہ، ان کے پڑھنے پڑھانے کا رواج تھا، وہ اس زمانے میں بھی عام تھا، اب تک وہ عام ہے اور خاص طور پہ افغانستان کے پڑھے لکھے لوگ یعنی جو لوگ بھی علمِ دین حاصل کرتے ہیں وہ فلسفے کو بہت زیادہ ترجیح دیتے ہیں، ان حالات میں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے نصابِ تعلیم متعین کیا، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے تجدیدی کارناموں میں سے ایک کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے پورے برصغیر کی تعلیم پر صدیوں تک اپنے اثرات مرتب کیے۔

ان کی ولادت اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال سے چار سال پہلے ہوئی، اورنگزیب رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہوا ۱۷۰۷ء عیسوی میں اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت ہوئی ہے ۱۷۰۳ء میں۔ اور اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ اس کی حکومت مغلوں میں سب سے بڑی حکومت تھی، ہم پورے یقین سے کہتے ہیں کہ ہندوؤں میں اشوک کی حکومت تھی اور اشوک کے بعد اتنی بڑی حکومت اور سلطنت اگر کسی کو ملی تو وہ اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ تھے، غزنی سے لے کے اور چٹاگانگ بنگلہ دیش تک اور دوسری طرف کشمیر سے لے کے کرناٹک تک اتنی طویل و عریض عریض حکومت کسی کی قائم نہیں ہوئی جتنی طویل حکومت اس اللہ کے بندے کی تھی اور اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ بے نظیر، قوتِ ارادی، استقلال، اس کا اعلیٰ دماغ، اس کی انتظامی صلاحیتیں، دنیا سے بے رغبتی، شجاعت، کوئی ایک وصف ہو تو آدمی اس کا گنے، ان سب چیزوں میں اس انسان نے اتنی بڑی حکومت قائم کی، کاش کہ اس کے جانشین اتنی بڑی حکومت کو سنبھال سکتے۔ پوری سلطنت میں اس نے شرعی قوانین کو نافذ کیا اور خود قانون کو مرتب کروایا اور اس کے نتیجے میں فتاویٰ عالمگیری کے نام سے ایک مجموعہ مرتب ہوا اور ترکی اور مصر اور پورے عالمِ اسلام میں اس قانونِ اسلامی کی گونج سنی گئی اور سب کے سب جتنے بھی شرکیہ طریقے رائج ہو چکے تھے حکومت میں، یہ اللہ کا بندہ تھا جس نے ان ان طریقوں کو حکومت سے نکالا، اسی لیے اقبال نے جو کہا ہے:

شعلۂ توحید را پروانہ بود
چوں براہیم اندریں بتخانہ بود

اللہ کی وحدانیت، اللہ کی توحید اگر اس کی مثال ایک شمع اور شعلہ کی ہے تو اورنگزیب رحمۃ اللہ علیہ اس کا پروانہ تھا، جس طرح حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام بت خانے میں گئے اور وہ بت خانے کے لیے تھے اس کو ختم کرنے کے لیے، اسی طرح اورنگزیب رحمۃ اللہ علیہ بھی خدا کی توحید کو پھیلانے کے لیے تھے۔

انہوں نے اپنے والد شاہجہان کو ایک خط لکھا ہے، اور شاہجہان کیا چاہتے تھے یہ ایک الگ موضوع ہے، لیکن انہوں نے اپنے والد کو جو چیزیں لکھی ہیں خود اپنے متعلق ان میں ایک بڑا اچھا جملہ انہوں نے یہ لکھا کہ: والد! ساری خرابیوں کے باوجود مجھ پر یہ الزام عائد نہیں کیا جا سکتا کہ میں سست انسان ہوں، اور ۸۰ سال کا بوڑھا بادشاہ اپنے عوام کے لیے جب کام کرتا تھا تو ان کے ایک امیر نے مشورے میں لکھا کہ آپ اتنی شدید محنت چھوڑ دیں کہیں آپ کی صحت خراب نہ ہو جائے، تو اورنگزیب رحمۃ اللہ علیہ نے جواب میں لکھا کہ اس دنیا میں مجھے اللہ نے دوسروں کی خدمت کے لیے، محنت کرنے کے لیے بھیجا ہے، فولادی جسم تھا، حد درجہ محتاط تھا، اور اکثر وہ فارسی کے اپنے اشعار پڑھتا تھا، مشرق و مغرب کی خبریں رکھتا تھا اور اس کے باوجود اتنا باریک، اتنا حساس اور اتنا نازک مزاج دماغ تھا کہ شاعری بھی کرتا تھا، ایک شعر جو وہ پڑھتے تھے کہتے تھے:

من نمی گویم زیاں کن یا بفکرِ سود باش
اے ز فرصت بے خبر در ہر چہ باشی زود باش

میں یہ نہیں کہتا کہ تم اپنا نقصان کرو یا اپنے نفع کی فکر میں رہو، بس یہ کہتا ہوں اے ز فرصت بے خبر! یہ زندگی کی جو فرصت ملی ہے نا تو بے خبر آدمی! در ہر چہ باشی زود باش، جو کرنا ہے جلدی کر لے زندگی تھوڑی ہے اور مر کے اللہ کے سامنے جواب دینا ہے۔ اور خود اپنا مصرع دہراتے تھے:

غمِ عالم فراواں است و من یک غنچہ دل دارم

جہان کا غم بہت بڑا ہے اور کیا کروں ایک میرا دل ہے، ایک یہ غنچہ کھلا ہوا ہے، پھول ہے۔ یہ دور تھا جب شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ پیدا ہوئے، مگر حضرت کی پیدائش کے چار سال بعد اورنگزیب رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہوا اور پھر جتنے بھی آئے ہیں ان کے جانشین وہ سارے کے سارے بغیر کسی استثناء کے ایک بھی اس قابل نہیں تھا جو اورنگزیب جیسے آدمی کی سلطنت کو سنبھال سکتا۔

پھر اسی دور میں جیسے کہ پہلے ذکر کیا جا چکا، ۱۱۵۱ ہجری میں نادر شاہ نے دہلی کا رخ کیا اور اتنی بڑی سلطنت کو سنبھالنے کے لیے اب کسی جینئس کی ضرورت تھی مگر کوئی شخص مسلمانوں میں ایسا نہیں تھا، وہ سلطنت جو بابر بادشاہ جیسے عزم اور ہمت کے مالک انسان تھے اور وہ سلطنت جو ہمایوں اور شاہجہان جیسے پڑھے لکھے لوگوں سے اور وہ سلطنت جو اورنگزیب عالمگیر جس کی صفات کا آدمی آج تک مسلمان پیدا نہیں کر سکے یا یہ کہ ایسا آدمی برسرِ اقتدار نہیں آ سکا، اس سلطنت کو تباہ کرنے میں بہت بڑا ہاتھ اس معاشرے کا تھا جو آہستہ آہستہ بنتا چلا گیا۔ علامہ اقبال نے جو کہا تھا:

میں تجھ کو بتاتا ہوں تقدیرِ امم کیا ہے
شمشیر و سناں اول، طاؤس و رباب آخر

تو اس کے نتیجے میں خود نادر شاہ نے دہلی کا رخ کیا اور اس نے بہت خطوط محمد شاہ کو لکھے اور کہا کہ ہندوستان کو سنبھالو، اور آخرِ کار وہ خود آیا اور ستم کی بات یہ کہ محمد شاہ نے ان خطوط کا جواب تک نہیں دیا۔ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی عمر ۳۷ برس کی تھی جب نادر شاہ آیا ہے، اور جب نادر شاہ دہلی سے نکلا ہے تو مورخین کہتے ہیں کہ مردوں سے پر تھا دہلی اور زندوں کا وجود نظر نہیں آتا تھا، ویرانی برستی تھی اور چند دن میں جو لاشیں سڑنا شروع ہوئیں تو کوئی کسی کو کفن دینے والا نہیں تھا، کوئی گور کھودنے والا نہیں تھا، ہزاروں ہندو مسلمان سب ایک تھے، حتیٰ کہ جو تھوڑے بہت رہ گئے تھے انہوں نے باقی مردوں کو تیل چھڑک کے آگ لگا دی۔

خزانہ لٹ چکا تھا اور وہ امراء جو سلطنت کو سنبھالتے تھے آپس میں لڑ رہے تھے، اب مرہٹے آ گئے، مرہٹے تو خیر پہلے سے آئے ہوئے تھے، ان مرہٹوں کی مخالفت نے ان لڑتے ہوئے امراء کو یکجا ہونے کا موقع دے دیا، ورنہ تیمور کی سلطنت اسی وقت مٹ جاتی۔ نادر شاہ جب گیا تو دہلی سے سلطنت سے بہت تین بہت بڑے صوبے جو نہایت زرخیز تھے اور پورے ہندوستان کی مختلف ضروریات کو پورا کرتے تھے وہ تینوں صوبے مرکز سے ٹوٹ گئے، ہماری مراد بنگال، بہار اور اڑیسہ سے ہے کہ ان تینوں صوبوں نے مرکز سے اپنی جان چھڑا لی اور یہاں مستقل حکومتیں قائم ہوئیں۔

شاہ عالم ثانی آیا اور شاہ عالم ثانی کے آنے سے پہلے مرہٹے، سکھ، دہلی، آگرہ، راجپوتانہ، ہر جگہ ان لوگوں کی گویا کہ حکومتیں قائم ہو چکی تھیں اور اس سیاسی انتشار، جب کہ ۱۷۷۱ء میں الہ آباد سے دہلی حکمران آئے اور پانی پت میں عظیم الشان فتح ہوئی مسلمانوں کو اور مرہٹوں نے شکست کھائی، اس سیاسی انتشار میں بھی یہ ایک روشن ستارے کی طرح باہر کے امراء نے جو آ کر حملہ کیا تھا یہاں کے لوگوں میں طاقت نہیں تھی کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے۔

اور بالاخر نواب نجیب الدولہ کے پوتے غلام قادر روہیلہ نے ۱۷۸۸ء میں دہلی پر قبضہ کر لیا، اقبال نے پوری نظم اس پہ لکھی ہے، شاہی محل لٹا، شہزادیوں کو کوڑے لگے اور مغل بادشاہ کی آنکھیں خنجر کی نوک سے روہیلہ نے نکال دیں، اور پھر اس نے وہ کیا جس کو اقبال نے لکھا ہے اور انہوں نے کہا کہ:

حمیت نام تھا جس کا گئی تیمور کے گھر سے

شاہ عالم بادشاہ کو تخت پر بٹھایا گیا، ۹ لاکھ روپے اس زمانے میں مقرر کیے گئے کہ بادشاہ سلامت اپنے ذاتی اخراجات کے لیے رکھیں، مگر ایسٹ انڈیا کمپنی کے اثرات بڑھ رہے تھے، یہاں تک کہ ۱۸۰۳ء میں لارڈ لیک (Lord Lake) اس نے مغلوں کو ہٹا دیا، مرہٹوں کو نکال دیا، بادشاہ کی پینشن کہاں ۹ لاکھ روپے سالانہ اخراجات کے لیے تھے، ایک لاکھ روپے پہ لے آیا اور شاہ عالم بادشاہ ۴۵ برس تخت نشین رہا، ۱۸ سال تک نابینا ہونے کی حالت میں غلام قادر روہیلہ نے جس کی آنکھیں نکال دی تھیں یہاں رہا اور پھر ۱۸۰۶ء میں اس کا بھی قصہ پاک ہوا۔

دہلی کا علمی عروج اور خانوادۂ ولی اللّٰہی
حصہ ششم

ان ساری سیاسی ابتریوں کے باوجود اور ان سارے معاشرے کے تہ و بالا ہو جانے کے باوجود دہلی میں اتنی متعدد باکمال شخصیات تھیں کہ جب ہم ان کی کتابیں پڑھتے ہیں خاص طور پہ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے سامنے یہ دہلی کے سارے حالات ہوتے رہے ہیں، جب ہم ان کی یہ کتاب حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة یا اور چیزیں پڑھتے ہیں تو احساس تک نہیں ہونے دیتے حضرت کہ کن مشکل حالات میں انہوں نے بیٹھ کر اتنا علمی کام کیا۔ اس زمانے میں علم، ذہانت، تدریس، کتابوں کو پڑھانا ختم تھا اہلِ دہلی پہ۔

ملا جیون رحمۃ اللہ علیہ، ”نور الانوار“ جیسی عظیم فقہ کی کتاب جنہوں نے لکھی اور ”التفسیرات الاحمدیہ“ بھی لکھی انہوں نے، وہ اسی معاشرے کی، اسی دور کی پیداوار ہیں۔ ملا حمد اللہ جنہوں نے ”سلم“ کی شرح لکھی، سلم کی مشہور شرح حمد اللہ جنہوں نے لکھی ہے یہ اسی زمانے میں تھے، ۱۶۶۰ء [۱۱۶۰ھ] میں ان کا انتقال ہوا ہے، اسی طرح ملا حسن انہوں نے سلم کی جو شرح لکھی وہ اسی دور کی پیداوار تھے۔ قاضی محب اللہ بہاری جن کی کتاب ”سلم العلوم“ اور ”مسلم الثبوت“، ایک صدی تک علماء کو اٹھنے نہیں دیا اس کتاب نے اور علماء اسی کی شرح لکھتے رہے، اسی کے حاشیے لکھتے رہے، یہاں تک کہ جامعہ ازہر کے اساتذہ اور علمائے کبار جو مصر کے تھے انہوں نے بھی اس کتاب کی شروح لکھیں اور اس کتاب کے حواشی لکھے، یہ علامہ محب اللہ بہاری رحمۃ اللہ علیہ اسی زمانے کے ہیں اور ان کی ”التسویہ“ کیا زبردست کتاب ہے جو انہوں نے وحدۃ الوجود کے متعلق لکھی، مولانا محمد اعلیٰ تھانوی جن کی کتاب ”اصطلاحات الفنون کشاف“ اب تک دیکھی جاتی ہے اور پڑھی جاتی ہے، یہ اسی زمانے کے ہیں۔

شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ اسی زمانے کے ہیں۔ جتنا مسلمانوں کا سیاسی سورج غروب ہو رہا تھا اور مغلوں کی سلطنت تباہ ہو رہی تھی، علم کا اتنا ہی عروج تھا اور تزکیہ، تصوف، خانقاہیں آپ دیکھیں، حضرت خود فرماتے تھے شاہ عبد العزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہ محمد شاہ بادشاہ جس کی آنکھیں نکال دی گئی تھیں، حضرت فرماتے تھے اس دور میں بھی دہلی میں ۲۲ خانقاہیں تھیں۔ اور ارشاد فرماتے تھے کہ مختلف سلاسل کے مشائخ تزکیے میں مصروف تھے اور ایسا اتفاق کم ہوتا ہے۔ سلسلہ نقشبندیہ مجددیہ کے گلِ سرسبد اور اپنے دور کے مایہ ناز اور باکمال ہستی حضرت مرزا مظہر جانِ جاناں رحمۃ اللہ علیہ حیات تھے، وہاں غلام علی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی خانقاہ تھی۔ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی شہادت ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک مرتبہ عالمِ کشف میں مجھے زمین دکھائی تو ایک جگہ میں نے دیکھا ایک دل جو نہایت پاک اور روشن اور چمک رہا ہے، دمدما رہا ہے اور اس کی کرنیں ہر طرف کو منور کر رہی ہیں، تو میں نے درخواست کی کہ مجھے بتایا جائے کہ یہ دل کس کا ہے؟ یہ شخص کون ہے؟ تو مجھے کہا گیا کہ تمہارے شہر میں یہ مرزا مظہر جانِ جاناں رحمۃ اللہ علیہ ہیں دہلوی۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کہا ہر زمانے میں ایسے بزرگ نہیں پائے جاتے جن کی تعداد زیادہ ہو، چہ جائے کہ ہمارا دور جو فتنے اور فساد سے پُر ہے اس میں ایسے بزرگ پائے جائیں یعنی حضرت مرزا مظہر جانِ جاناں رحمۃ اللہ علیہ۔

سلسلہ قادریہ کے بڑے مشہور بزرگ جن سے بیعت تھے درسِ نظامی کی بنیاد رکھنے والے، سید عبد الرزاق بانسوی رحمۃ اللہ علیہ اس زمانے کے تھے، یہ ملا نظام الدین نے درسِ نظامی شروع کیا نا، یہ حضرت سید عبد الرزاق بانسوی رحمۃ اللہ علیہ ہی کے مرید تھے، سید عبد الرزاق بانسوی رحمۃ اللہ علیہ کا مزار ابھی بھی ہے اور حاضری کی وہاں اللہ تعالیٰ نے توفیق دی، سلسلہ چشتیہ نظامیہ کے مجدد تھے شاہ کلیم اللہ جہاں آبادی، بہادر شاہ ظفر ان کے شیخ شاہ فخر الدین دہلوی رحمۃ اللہ علیہ، خواجہ سلیمان تونسہ شریف کے، خواجہ سلیمان تونسوی رحمۃ اللہ علیہ کے جو شیخ تھے شاہ فخر الدین صاحب رحمۃ اللہ علیہ، یہ اسی دور کے ہیں۔ سلسلہ قادریہ کے بڑے مشہور بزرگ تھے شاہ محمد غوث قادری جو لاہور میں تھے، یہ اسی دور کے ہیں۔ خواجہ میر درد، ان کے والد خواجہ عندلیب، عابد سنامی، حضرت شیخ شاہ نور محمد صاحب بدایونی رحمۃ اللہ علیہم، یہ سب کا سب دور ان کا تھا، قادریہ، چشتیہ اور نقشبندیہ کے مشائخ کا عروج کا گویا کہ آخری زمانے میں یہ مقام اور یہ دور تھا۔

لیکن علمی اور روحانی ان ترقیوں کے باوجود عام عوام کی حالت بہت زیادہ ٹھیک نہیں تھی، تعیش عام تھا، نشہ آور چیزیں عام تھیں، پیسے کی فراوانی ہونے کے باوجود لوگوں میں غربت عام تھی اور پیسہ خرچ ہوتا تھا شادی بیاہوں پہ، رسومات پہ اور اپنی شخصیت کی نمود و نمائش پہ۔ حضرت شاہ عبد العزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ نواب قمر الدین خان کے گھر میں عورتیں جو غسل کرتی تھیں مہینے کے بعد گلاب سے، تو نواب صاحب کے گھر میں ۳۰۰ روپے کے پھول اور پان صرف خواتین کے لیے جاتے تھے، اور ”مآثر الکرام“ میں لکھا ہے کہ اورنگ آباد کے لوگ بیان کرتے ہیں کہ امیر الامراء یعنی حسین علی خان کے عہد میں جو اس زمانے کے مشہور نواب تھے، شہر کے اکثر لوگ اپنے گھروں میں کھانا نہیں پکاتے تھے، کیونکہ نواب صاحب کے ہاں اتنا کھانا پکتا تھا اتنا کھانا پکتا تھا کہ ان کے نوکر گلیوں میں لا کر بیچ دیتے تھے اور پلاؤ کی پوری ایک ڈش چند پیسے میں لوگوں کو پکی پکائی مل جاتی تھی، اس لیے لوگوں کو پرواہ ہی نہیں تھی اور لوگ گھروں میں کھانا نہیں پکاتے تھے، یہ حال تھا نوابوں کے ہاں کھانے پکنے کا۔

اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے آباؤ اجداد اس زمانے میں وہاں پر کام کر رہے تھے، سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے کیا خوب نقشہ ان کا کھینچا ہے اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ مغلیہ سلطنت کا سورج جب ڈوب رہا تھا اور مسلمانوں میں رسوم و بدعات کا دور تھا اور جھوٹے فقراء اور مشائخ اپنے بزرگوں کی خانقاہوں میں مسندیں بچھائے اور اپنے بزرگوں کی مزاروں پر چراغ جلائے بیٹھے تھے، مدرسوں کا گوشہ گوشہ منطق و حکمت کے ہنگاموں سے بھرپور، فقہ اور فتاویٰ کی لفظی پرستش ہر مفتی کے پیشِ نظر تھی، مسائلِ فقہ میں تحقیق اور تدقیق مذہب کا سب سے بڑا جرم تھا، عوام تو عوام خواص تک قرآنِ پاک کے معانی اور مطالب سے اور احادیث کے احکامات و ارشادات اور فقہ کے اسرار و مصالح سے بے خبر تھے، اس دور میں یہ خاندان تھا جس نے آنے والی صدیوں تک کے لیے ایک مضبوط نظام کی بنیاد رکھی اور انہوں نے اللہ کے ساتھ تعلق کی لو لگائی اور انہوں نے امت کی رہنمائی کی۔

شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی ولادت، تربیت اور والدِ بزرگوار
حصہ ہفتم

شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے آباؤ اجداد بہت قدیم سے ہندوستان میں تھے اور شجرہ نسب جو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا ہے وہ حضرت نے خود جو لکھا ہے اس میں سے حضرت عمر رضی اللہ عنہ تک انہوں نے اپنا سارا سلسلہ لکھ دیا ہے، اور پہلے بزرگ جو حضرت کے بزرگوں میں سے ہندوستان میں آئے شمس الدین تھے اور مفتی شمس الدین صاحب روہتک میں آئے، اس اعتبار سے شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کا خاندان اصل میں یہ روہتکی ہیں اور اندازہ یہ ہوتا ہے کہ ساتویں، آٹھویں صدی میں یہ لوگ یہاں آئے ہوں گے اور شیخ شمس الدین رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کے بعد پھر آگے جو ان کی نسل چلی ہے تو ان لوگوں نے یہاں کے قاضیوں سے اپنی شادی بیاہ کے سلسلے جاری رکھے، روہتک میں صدیقیوں سے اور سونی پت کے سادات میں ان لوگوں کی شادیاں ہوئیں، شیخ محمود جو شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے چھٹے دادا ہیں ان کی شادی سونی پت کے سادات میں سے ہوئی اور پھر اسی طرح یہ سلسلہ چلا ہے، یہاں تک کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اپنے والد شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت میں جو چیزیں انہوں نے سنی تھیں اور جو واقعات انہوں نے سنے تھے اس کو کئی جگہ پر نقل کرتے ہیں، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے دادا شیخ وجیہ الدین تھے اور اللہ تعالیٰ نے بڑی صفات ان میں رکھی تھیں، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ تقویٰ اور شجاعت یہ دونوں صفات دادا میں جمع ہو گئی تھیں، ہمارے والد کہتے تھے کہ ان کے والد شیخ وجیہ الدین ساری زندگی قرآنِ پاک کے دو پارے پڑھتے رہے، سفر ہو، گھر پہ ہوں، صحت مند ہوں، بیمار ہوں، دو پارے کبھی نہیں انہوں نے چھوڑے، عمر بھر روزانہ دو پارے پڑھتے تھے اور اپنے زمانے کے مشائخ سے بیعت تھے، ذکر و اذکار کرتے تھے، اللہ کے ساتھ تعلق تھا اور آخر پہ پہنچ کے سب چیزوں کو انہوں نے چھوڑ دیا اور اللہ کی یاد میں ایسے مصروف ہوئے کہ پھر یہاں تک کہ اللہ نے انہیں شہادت سے سرفراز فرمایا۔

حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے نانا شیخ محمد پھلتی تھے، سلطان سکندر لودھی کے زمانے میں یہ خاندان پھلت میں آیا تھا، پھلت ایک جگہ ہے ہندوستان میں اس جگہ کا نام، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ماموں اور سسر جہاں حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی شادی ہوئی تھی وہ بھی بہت بڑے مشائخ میں سے تھے، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے چچا جن کا نام محمد تھا وہ سب سے بڑے بھائی تھے یعنی دادا جو تھے شیخ وجیہ الدین ان کے پہلے بیٹے تھے، جیسے ہم آج کل کہتے ہیں تایا، اس زمانے میں چچا ہی کا لفظ استعمال ہوتا، بڑے چچا کہتے تھے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے چچا کی غیر معمولی تعریف کی ہے، یہاں تک بتایا ہے کہ ان کے زہد اور تقویٰ اور طہارت اور نیکی کی وجہ سے اور ولایت اور بزرگی کی ایسی شہرت تھی کہ عالمگیر بادشاہ نے کئی مرتبہ پیغام بھجوایا کہ زیارت کے لیے حاضر ہونے کی اجازت دی جائے، حضرت نے لکھا ہے کہ ہمارے چچا فرماتے تھے کہ بالکل نہیں، میں ملنا نہیں چاہتا۔ بڑے بڑے لوگ چاہتے تھے کہ کسی طرح ابو الرضا محمد رحمۃ اللہ علیہ ان کے گھر چلے جائیں، دعوت قبول کر لیں، لیکن سرمایہ داری سے اتنے دور تھے اور سرمائے والے لوگوں سے اتنے دور تھے کہ کبھی بھی اس دام میں گرفتار نہیں ہوئے، کئی چیزیں انہوں نے لکھی ہیں۔

پھر شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے والدِ بزرگوار کے حالات لکھے ہیں ”بوارق الولایۃ“ اس نام سے، ”انفاس العارفین“ کے نام سے جو کتاب ملتی ہے یہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے والد ہی کے حالات ہیں اور بہت زیادہ انہوں نے اپنے والد کے حالات میں یہ بات بیان کی کہ اللہ تعالیٰ نے میرے والد یعنی شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازا تھا۔

حضرت خود کہتے ہیں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کہ میرے والد کے جو نانا تھے شیخ رفیع الدین، انہوں نے اپنی زندگی کے آخری دور میں اپنا اثاثہ تقسیم کیا اور اپنی اولاد کو ہر ایک کا جو حصہ بنتا تھا دیا، اور میرے والد کی جو والدہ تھیں، شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی، سب سے چھوٹی اولاد تھیں ان کی باری آئی تو انہیں اپنے مشائخ کا شجرہ اور کچھ ورد، وظائف بتائے، تو ان کی اہلیہ نے کہا کہ ابھی اس کی شادی نہیں ہوئی جہیز کا سامان دینا چاہیے تھا، ان رسائل سے کیا ہوگا؟ تو فرمایا: یہ رسائل مجھے میرے بزرگوں سے ملے ہیں اور اس بچی کا ایک فرزند ہوگا اور میری نسبت اس تک پہنچے گی، اس بچی سے جو فرزند ہوا ہے پھر شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے، اور وہ کہتے ہیں کہ جب میں پیدا ہوا اور کچھ تھوڑا سا سیانا ہو گیا تو میری نانی نے جو اپنے والد سے سامان لیا تھا وہ میرے حوالے کیا۔

شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی طبیعت بچپن ہی سے اللہ کے دین کی طرف تھی، دنیا کی دولت سے گویا کوئی ایسا تعلق نہیں تھا، اور ایک نقشبندی بزرگ تھے جن کا نام تھا خواجہ ہاشم، بخارا سے تشریف لائے تھے اور شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے محلے ہی میں رہتے تھے، انہوں نے شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اللہ کا نام لکھنا سکھایا اور بچپن میں ہی انہیں بتایا کہ اللہ اللہ ایسے لکھا کرو، حضرت فرماتے تھے کہ لفظِ اللہ لکھنے کا اتنا غلبہ مجھ پہ ہوا کہ ایک مرتبہ ایک جز پورا، کاپی، ۲۰، ۲۵، ۳۰ صفحات لفظِ اللہ ہی مسلسل لکھتا چلا گیا اور پھر خیال آیا کہ یہ کیا کر رہا ہوں۔

تعلیم، بیعت، خلافت اور شاہ صاحبؒ کے فرزندان
حصہ ہشتم

شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے چھوٹے چھوٹے رسائل سے لے کے آخری کتابوں تک سب چیزیں اپنے اس بیٹے کو پڑھائیں، شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے تھے کہ میں جس دن کہتا تھا والد سے کہ آج میں نے خود نہیں پڑھا سبق، آپ کے سامنے کیا پڑھوں؟ تو فرماتے تھے ایک دو سطریں پڑھ لو، ناغہ نہیں ہونا چاہیے، اور پوری طرح میری تعلیم پر توجہ دی۔ ایک جگہ لکھا ہے کہ میرے والد ایک ہزار مرتبہ روزانہ درود شریف پڑھتے تھے، ایک ہزار مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھتے تھے، کلمہ طیبہ کا کچھ حصہ جہر سے اور کچھ حصہ اخفاء سے، اور ۱۲ ہزار مرتبہ اسمِ ذات روزانہ کا معمول تھا، اور وعظ بھی کرتے تھے اور اللہ نے بہت سے انعامات سے انہیں نوازا تھا، یہاں تک کہ ۷۷ سال عمر ہو گئی اور ۱۱۴۱ ہجری [۱۱۳۱ھ] میں صبحِ صادق سے پہلے وفات کے آثار ظاہر ہونے لگے تو بار بار پوچھتے تھے کہ صبح ہو گئی یا نہیں؟ اور پھر آخری مرتبہ پوچھا کہ صبح ہو گئی؟ تو جو ہم لوگ جو بھی پاس کھڑے تھے انہوں نے کہا حضرت ابھی صبحِ صادق نہیں ہوئی، تو بہت سختی سے ڈانٹا اور فرمایا: تمہاری نماز کا وقت ہی نہیں آتا، لو بھئی ہماری نماز کا وقت آ گیا، میرا چہرہ قبلے کی طرف کرو، اور پھر اشارے سے نیت باندھ لی اور اللہ کا نام لیتے رہے اور اسی حالت میں انتقال ہو گیا۔

شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی بظاہر کوئی تصنیف نہیں، بظاہر انہوں نے کچھ نہیں لکھا، لیکن یہ جو ایک بیٹے کی انہوں نے تربیت کی اور جو ایک بیٹے کو انہوں نے پڑھایا اور یہ جو ایک بیٹا ان کا تھا جس کا انہوں نے اہتمام کے ساتھ اتباعِ سنت اور دینی حمیت اور شرعی اقدار گویا کہ ان کے خون میں شامل کر دی تھیں، یہ ان کا ایک بیٹا ہزاروں نہیں لاکھوں افراد پہ بھاری تھا۔ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت ۱۱۱۴ ہجری میں ہوئی اور اس وقت ان کی والدہ ماجدہ اپنے آبائی گھر میں تھیں، ننھیال میں یعنی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ان کی ولادت ہوئی، پھلت، اب بھی مظفر نگر میں جو شامل ہے یہ جگہ تھی۔

حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی والدہ ماجدہ اس وقت ننھیال میں تھیں ان کے یعنی اپنے آبائی گھر میں، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت ہوئی اور ان کی ولادت سے پہلے ان کے والد شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے خواب میں خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ کی زیارت کی تھی اور انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ تمہیں بیٹا دے گا اور اپنے بیٹے کا نام میرے نام پر رکھنا، شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ والد نے میرا نام ولی اللہ رکھا، پھر انہیں خواب یاد آیا تو انہوں نے میرا دوسرا نام قطب الدین احمد تجویز کیا۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے والد نے اور خواب بھی دیکھے جو بعد میں پورے ہوئے، مثلاً ان میں سے ایک خواب یہ تھا کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ میں بچپن کے زمانے میں جب میری عمر سات برس کی تھی تو ایک دن آنکھ کھلی، دیکھا تو والد اور والدہ دونوں نہیں ہیں، کہاں گئے؟ غور کیا تو وہ ایک طرف تہجد پڑھ رہے تھے، تو میں اٹھا اور جا کر میں نے اپنے ہاتھ والد کے ہاتھوں میں ڈال دیے، پھر والدہ کے ہاتھوں میں ڈال دیے تو والد بہت خوش ہوئے اور صبح انہوں نے مجھے کہا کہ ولی اللہ! جب تم پیدا بھی نہیں ہوئے تھے تو میں نے تمہیں خواب میں دیکھا تھا کہ میرا ایک بیٹا ہے اور میں اللہ سے دعا مانگ رہا ہوں اور اس نے اپنے ہاتھ لا کر میرے ہاتھوں پہ رکھ دیے ہیں، وہ میرا خواب آج پورا ہوا ہے۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی عمر پانچ سال کی ہوئی تو مکتب میں داخل کیے گئے، پھر اس کے بعد نماز کی عادت ڈالی گئی، پھر قرآنِ کریم حفظ کرایا گیا، فارسی اور عربی کی کتابیں پڑھائی گئیں اور یہاں تک کہ ۱۴ سال کے تھے شاہ صاحب جب بیضاوی تک پڑھ چکے تھے اور ۱۵ سال کے جب ہوئے تو ان کے والد نے ان کی علوم سے فراغت کی خوشی میں دہلی میں بہت بڑی دعوت کی اور خواص و عوام لوگوں کو بلایا اور بتایا کہ ان کے بیٹے نے اس وقت جتنا کچھ دہلی میں پڑھا پڑھایا جاتا ہے سب پڑھ لیا۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ۱۵ برس کی عمر میں والد سے مشکوٰۃ پڑھی اور پھر صحیح بخاری کتاب الطہارۃ تک، پھر شمائلِ ترمذی مکمل طور پر پڑھی، پھر مدارک تفسیر پڑھی، اور شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ خدا کا بہت بڑا انعام مجھ پر یہ ہوا کہ والد قرآنِ کریم کا درس دیتے تھے میں کئی بار اس میں شریک ہوا اور قرآنِ کریم کے معانی کا ایک دروازہ مجھ پہ کھلا، آپ اللہ کے اس انعام پر غور کیجیے، شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ درس دیتے تھے قرآنِ پاک کا، اللہ نے ان کو اپنی کتاب سے ایسا تعلق نصیب فرمایا تھا، پھر ان کے بیٹے شاہ ولی اللہ ہیں اور شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی جتنی تصنیفات ہیں اگر آپ ان کے حل کی کنجی چاہتے ہوں، چابی چاہتے ہوں اس تالے کی تو وہ قرآنِ کریم ہے۔ ہر کتاب میں قرآن کا اثر اور رنگ ان کے ہاں نمایاں نظر آتا ہے، پھر شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے قرآنِ کریم کا ترجمہ فارسی میں کیا، پھر آگے ان کے بیٹے شاہ عبد القادر اور شاہ رفیع الدین نے رحمہما اللہ قرآنِ کریم کا ترجمہ اردو میں کیا، تو اس خاندان میں نسل در نسل قرآنِ کریم کی تعلیمات چلتی رہی ہیں، اللہ نے گویا کہ انہیں چن لیا تھا اور ان کے ساتھ وہ معاملہ ہوا جیسے کہ اللہ نے قرآن میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے عمران کے خاندان کو چن لیا تھا، اس آخری دور میں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کا خاندان اللہ نے چن لیا۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ”الجزء اللطیف“ ایک کتاب لکھی ہے اور اس میں انہوں نے اپنے زمانے میں جو نصاب پڑھایا جاتا تھا اس کی تفصیلات دی ہیں، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے جب طالب علم تھے اس وقت بھی برابر اعلیٰ درجے کے مضامین، خیالات ان کے دماغ میں آتے تھے اور برابر ترقی ہوتی رہی اور والد کی وفات کے بعد ۱۲ سال تک شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے دینی کتابیں پڑھائیں، عقلی علوم کو پڑھایا اور ہر علم میں غور و فکر کرنے کا موقع ملا۔ اور سب طرف یہی تھا کہ جنہوں نے بھی امت کی قیادت کی پہلے پڑھا پھر پڑھایا، یہ تو اب شروع ہوا ہے کہ دو سطریں نہیں پڑھنی آتیں اور تعلیم حاصل ہی نہیں کی اول تو محنت سے، اور ڈگری اور سند اس لیے لے لی کہ بڑے باپ کے بیٹے ہیں، اس لیے لے لی کہ مدرسے کے مہتمم صاحب کے بیٹے ہیں، اس لیے مل گئی کہ چلو اور غیر قانونی ذرائع استعمال کر لیے، تو جس نے پڑھا تعلیم کو خود حاصل نہیں کیا، پڑھا محنت سے نہیں وہ پڑھائے گا کیا خاک! جب پڑھنے پڑھانے سے بالکل عاری ہو گئے تو سیاست کا رخ کر لیا، امت کی قیادت اور امت کے واحد قائد اپنے آپ کو ثابت کرنا شروع کر دیا، تو ایسے جاہلوں کو ہزاروں جاہل اور مل گئے اور انہوں نے بھی انہیں شیخ الاسلام اپنے زمانے کے سمجھ کے یہ لقب دینے شروع کر دیے، امرِ واقعہ یہ ہے کہ جتنے بھی مشائخ اور بزرگ امت میں گزرے ہیں ان لوگوں نے کسی نہ کسی چیز میں کمال حاصل کیا، تزکیے میں، علم میں، پڑھنے میں، پڑھانے میں، اور جب مدت اس میں کھپا دی تو پھر اس کے بعد کہیں جا کر امت کی قیادت کے لیے آگے آئے ہیں، وگرنہ یہ لوگ اتنے بڑے مناصب پر ہاتھ ڈالنے کی ہمت نہیں کر سکتے تھے۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ مجھے ہر علم پر غور اور فکر کرنے کا موقع ملا اور پھر والد کی شفقت میرے حال پر ایسی تھی کہ کم ہی کسی شیخ نے مرید پہ ایسی توجہ کی ہوگی اور کم ہی کسی استاد نے اپنے شاگرد کو ایسے پڑھایا تھا، ایک روز میں جب کہ بچہ تھا دوستوں کے ساتھ سیر کو چلا گیا اور باغ گھوم کر دہلی میں جب واپس آیا تو والد نے مجھ سے کہا کہ ولی اللہ! اس دن رات میں کیا چیز حاصل کی جو کہ باقی رہے؟ تو میں چپ ہوا، تو مجھ سے فرمایا کہ بیٹے! ہم نے تمہارے بعد اتنی مرتبہ درود شریف پڑھا ہے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے تھے کہنے کا انداز کچھ ایسا تھا کہ میرا دل سیر و تفریح سے بالکل سرد پڑ گیا اور اس کے بعد کبھی شوق پیدا نہیں ہوا، والد مجھے حکمتِ عملی سکھاتے تھے، تہذیب اور دانش بندی کی باتیں سکھاتے تھے اور یہ شعر پڑھتے تھے ہمیشہ:

آسائشِ دو گیتی تفسیرِ ایں دو حرف است
با دوستاں تلطّف با دشمناں مدارا

دونوں جہان میں زندگی اگر سکون سے بسر کرنی ہے تو اس کا طریقہ بس یہ دو حرف یاد رکھنا: با دوستاں تلطف، با دشمناں مدارا، کہ دوست ان کے ساتھ مہربانی کرتے رہنا اور دشمنوں سے درگزر کرتے رہنا۔ پھر میرے والد نے مجھے سکھایا کہ لوگ گفتگو میں کوئی تکیہ کلام مقرر کر لیتے ہیں، بیٹے ایسے نہیں کرنا، بعض کھانے ایسے ہوتے ہیں کہ بچوں کی چڑ بن جاتے ہیں، ایسے نہیں کرنا، خاص لباس کے بچے پابند ہو جاتے ہیں، ایسے نہیں کرنا۔ اور پھر میرے والد نے مجھے تعلیم دی اور کہا کہ کوئی بھی خواہش ہو اس کی تکمیل بیٹے اس لیے نہیں کرنی کہ اس میں مزہ ہے بلکہ سوچنا ہے کہ حاصل کیا ہوگا اس سے۔

اور ۱۴ سال کا تھا جب مجھے بیعت کیا اور پھر نقشبندیہ سلسلے کے مشائخ نے جو اسباق لکھے تھے ان کی تعلیم مجھے دی، توجہ دی، تلقین فرمائی، اور جب میری عمر ۱۷ سال کی تھی تو والد نے انتقال سے پہلے مجھے بیعت کی اجازت دی اور بار بار یہ بات فرمائی کہ: «يَدُهُ كَيَدِي»، اس میرے بیٹے کا ہاتھ میرے ہی ہاتھ کی طرح ہے۔

شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ تھے شاہ عبد العزیز صاحب محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ، اور ان کے خلیفہ تھے آگے کو حضرت سید احمد شہید رحمۃ اللہ علیہ اور اب تک یہ سلسلہ بحمد اللہ جاری ہے۔ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی عمر ۱۴ سال کی تھی، والد نے ان کی شادی کر دی اور انہیں سمجھایا اور کہا کہ اس وقت شادی کرنا ہی مناسب ہے اور اگر اس میں دیر ہو گئی تو پھر مدت تک یہ بات ملتوی رکھنا پڑے گی، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس کا بھی ذکر کیا ہے، پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہوا پھر ان کی دوسری شادی ہوئی اور وہ سید ثناء اللہ تھے سونی پت کے، ان لوگوں سے شادی ہوئی تھی، اور یہ جو دوسری اہلیہ تھیں حضرت کی انہی سے آپ کے چار نامور صاحبزادے ہوئے: شاہ عبد العزیز، شاہ رفیع الدین، شاہ عبد القادر اور شاہ عبد الغنی، شاہ عبد الغنی رحمۃ اللہ علیہ تو اتنے مشہور نہیں ہوئے لیکن ان سب کی کسر ان کے صاحبزادے شاہ محمد اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ، یعنی مولانا محمد اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ وہی ہیں جن کا مزارِ مبارک، جن کی قبر اب بھی بالاکوٹ میں موجود ہے۔