اس اعتبار سے ہمیشہ سے ایک رہا، انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام عقائد میں ہمیشہ یکتا رہے ہیں، اختلاف ہوا ہے شرائع میں، فروع میں، اور وہ اختلاف اس کے مطابق ہے جس طرح انسان ہیں۔ تو اس لیے جو کچھ وہ ہے، وہ ایک الگ چیز ہے۔
اور شاہ صاحب جس کا ذکر کر رہے ہیں وہ انسانی فطرت ہے، اور انسانی فطرت اور عقل اگر وہ سلیم ہو تو خود اس بات کی متقاضی ہے کہ عقائد میں ان چیزوں پر جمی رہے جو عقائد انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے اپنی اپنی امتوں کو دیے اور وہ عقیدہ ایک ہی تھا۔ اسی لیے قرآنِ کریم میں آیا ہے: ﴿شَرَعَ لَكُم مِّنَ الدِّينِ مَا وَصَّىٰ بِهِ نُوحًا﴾، ہم نے آپ کو وہی دین دیا ہے جو نوح علیہ الصلوٰۃ والسلام کو دیا تھا اور تمام انبیاء علیہم السلام کو، تو ان سے بھی یہی کہا تھا اور آپ سے بھی یہی کہ: ﴿أَنْ أَقِيمُوا الدِّينَ﴾ کہ آپ اس دین کو قائم کیجیے۔
یہ ہے اقامتِ دین، اور اس آیتِ کریمہ کو اگر آپ اچھی طرح غور سے دیکھیں تو جہاں اقامتِ دین کے بعد آگے ارشاد فرمایا ہے کہ: ﴿وَلَا تَتَفَرَّقُوا فِيهِ﴾ اور اس میں فرقہ بازی نہ کرنا، فرقے نہ بنانا۔ تو یہاں پر اس سے مراد اقامتِ دین سے تمام وہ عقائد کا اجتماع ہے اور امتوں کو، افراد کو ان صحیح عقائد کی دعوت دینا، انہیں قائم رکھنا، ان پہ محنت کرنا جن عقائد کو اللہ نے خوشی سے اپنی مخلوق کے لیے وضع فرمایا اور اللہ خود ان عقیدوں سے خوش ہے، اللہ ان سے راضی ہے۔
تو اس لیے یہ جو فقہِ عقائد ہے بہت بڑا کام ہے اور بہت بڑے ثواب کی چیز ہے، امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے ”فقہِ اکبر“ اسے قرار دیا ہے، اور امام صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی فقہِ اکبر کے نام سے جو کتاب ہے اسے آپ پڑھتے ہیں یا پڑھیں گے تو اس کی ابتدا میں امام صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اسے علمِ کلام کی ایک چیز قرار دیا ہے کہ یہ علم جو ہے یہ فقہِ اکبر ہے کہ عقیدے کا علم ہونا ضروری ہے اور عقیدے کا بہت بڑا ثواب ہے۔ اتنا بڑا ثواب ہے کہ جنت اور جہنم عقیدے پر مشتمل ہے۔
یہ جو عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ ہیں، ان کے والد عاص بن وائل مشرک تھا، اسی شرک پہ مرا، اس نے مرنے سے پہلے خدا معلوم اس کا کیا عقیدہ ہوگا، تھا تو بظاہر کفری سارا اور مسلمانوں کے خلاف اور مرا بھی اسی حال میں، لیکن اس نے کہا کہ ۱۰۰ اونٹ میری طرف سے اللہ کی راہ میں دے دینا تاکہ عذاب سے بچوں۔ ایک طرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے آخرت، تو یہ نہیں مانتا تھا، اور دوسری طرف مرتے ہوئے یہ کہا، یا تو ضد میں آ گیا ہوگا اور یا پھر اندر یہ بات کھل گئی ہوگی کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم جو کچھ کہتے ہیں ہے برحق، ہے سچی بات، لیکن قومی ضد میں آ کے اس انسان نے نہیں مانا۔ ایسی چیز ہے کہ اب تک کوئی اس کی تحقیق سامنے نہیں آئی، اگر کوئی آدمی اس پر محنت کرے اور عاص بن وائل کے حالات لکھے یا دیکھے کہ کیا ہے، تو شاید اس کا کچھ کھوج مل سکے۔
تو عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ کیا اسے اس چیز کا نفع ہوگا؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اس نے ایک دن بھی تو یہ نہیں کہا کہ اللہ مجھے معاف کر دے۔ اگر عقیدہ اس کا ٹھیک ہوتا تو اسے اس چیز کا نفع ہوتا۔ اس سے ہی بحث چھڑتی ہے کہ کافر کو اس کے نیک اعمال کا فائدہ ہوتا ہے یا نہیں ہوتا؟ وہ تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے خود مستقل ایک باب باندھا ہے اور اس پر بحث کی ہے، وہ تو جب آئے گا سو آئے گا، مگر عقیدے کا صحیح ہونا اتنے بڑے ثواب کی چیز ہے کہ جنت اور جہنم اس پر ہے۔
امام صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اسی لیے فقہِ اکبر کے آغاز میں وہاں پر بتایا ہے کہ اصل میں جو فقہ ہے جس میں بہت بڑا ثواب ہے، اس عام فقہ سے بھی بڑھ کے وہ ہے فقہِ عقیدہ، اور عقیدے کی فقہ قرآنِ کریم کی وہ پوری آیت پڑھ لیں تو اس میں یہی ہے کہ: ﴿أَنْ أَقِيمُوا الدِّينَ﴾ کہ آپ صحیح عقیدے کا یہ دین قائم کیجیے تمام انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام سے ہم نے کہا۔ اور اس میں تفرقہ نہیں ہونا چاہیے تھا کہ کوئی تقدیر کو مانتا ہے کوئی نہیں مانتا، کوئی نبوت کو مانتا ہے کوئی نہیں مانتا، کوئی ختمِ رسالت کو مانتا ہے کوئی نہیں مانتا، کوئی اللہ کی توحید کا قائل ہے کوئی نہیں ہے، یہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
اور موجودہ زمانے میں اسی آیت کے حوالے سے دیا گیا اقامتِ دین، اور پھر اس کی سیاسی تشریح کی گئی کہ اقامتِ دین سے مراد یہ ہے کہ اسمبلی میں ووٹ زیادہ ملنے چاہئیں، اپنے ممبرز زیادہ ہونے چاہئیں، ٹو تھرڈ میجارٹی (two-third majority) ہونی چاہیے، تو اقامتِ دین اس آیت کو خود پڑھو اور اس کی تشریح بھی دیکھ لو، تو یہی چیز سمجھ میں آتی ہے کہ اللہ نے اقامتِ دین جس چیز کو کہا ہے یہاں یہ سیاسی تاویل نہیں ہے، یہ الگ بحث ہے یہ سیاسی تاویل ٹھیک ہے، غلط ہے، کہیں اور سے ثابت ہوتی ہے نہیں ہوتی، ہم یہ کہتے ہیں اس آیت میں اقامتِ دین سے مراد وہ صحیح عقائد ہیں جن عقائد کو تمام انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے دنیا کے سامنے رکھا ہے اور اللہ نے جن کی جن کی اشاعت کے لیے اور اللہ تعالیٰ نے جن کی تعلیم کے لیے انہیں دنیا میں مبعوث فرمایا ہے۔
تو دین تو ایک ہی ہے، اس لیے اسلام کوئی نئی چیز نہیں، ہاں آگے جو فرعی احکامات ہیں اس کے وہ بدلتے رہے ہیں، نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ وغیرہ وغیرہ۔
تو اس لیے انہوں نے کہا حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کہ اللہ نے تو فطرت کے اعتبار سے لوگوں کو ایسے پیدا کیا: ثُمَّ إِنَّهُمْ غَشِيَهُمُ الْجَهْلُ تو اور پھر اس کے بعد کیا ہوا؟ انہیں لوگوں کو غَشِيَهُمُ الْجَهْلُ جہالت نے غالب آ گئی ان پر اور جہالت ان پر چھا گئی۔
جہالت کس چیز کا نام ہے؟ علم کے نہ ہونے کا۔ اور جتنی جتنی نبوت کی راہ سے دوری ہوتی ہے اتنی اتنی جہالت بڑھ جاتی ہے، اور علم در حقیقت وہ اللہ کی معرفت ہے اور اللہ تعالیٰ کی پہچان ہے، اور ہر وہ چیز جو اللہ کی راہ نہ دکھائے وہ جہالت ہے۔ سعدی نے کہا ہے نا:
علم جو اللہ کی راہ نہ دکھائے وہ جہالت ہی ہے۔ انسان پڑھتا ہے، سب کچھ کرتا ہے، علم کے بھی کئی ایک شعبے ہیں مثلاً یہ شعبہ ہے کہ علم کے ذریعے وہ دنیا کے معاش کو درست کرتا ہے، اس کو کماتا ہے، بالکل ٹھیک ہے، جائز علم سے جائز ہے، ناجائز ناجائز ہے۔ ایک آدمی جادو کا علم سیکھ لیتا ہے اور لوگوں کو دیوانہ، پاگل اور بے وقوف بناتا ہے، بظاہر اس نے علم سیکھا ہے لیکن یہ علم اس کو اللہ کی راہ سے ہٹا دے گا۔ ایک آدمی ہے مروجہ علوم اور فنون کو سیکھ لیا، اب وہ انسان اس کے ذریعے پیسہ کماتا ہے اگر وہ جائز ہے تو جائز ہے، ناجائز ہو جائیں گے تو ناجائز ہو جائیں گے۔
قرآنِ کریم نے ان کا بتایا: ﴿وَتَنْحِتُونَ الْجِبَالَ﴾، یہ کیا کرتے تھے؟ پہاڑوں کو تراشتے تھے، تو جو اقوام بھی پہاڑوں کو تراشتی رہی ہیں، یہ کام کرتی رہی ہیں انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے ان کے عقیدے پر بحث کی ہے اور بتایا کہ تمہارے عقیدے گمراہی کے ہیں، اور غیر معمولی طور پر انہماک جیسے ہو جاتا ہے کہ باقی سب چیزوں کو بھول کے صرف ایک ہی کام کے پیچھے پڑ گئے اس پہ انہوں نے تنقید فرمائی ہے، لیکن اگر وہ لوگ اپنے اعتدال پر رہتے تو عمارت بنانے پر انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے کیا تنقید کرنی تھی! انہیں یہ تھوڑی کہنا تھا کہ بھئی اپنا گھر بھی نہ بناؤ۔ لیکن گھر بنانے کے سلسلے میں بھی جب وہ اتنے آگے چلے گئے کہ پہاڑوں کو تراش کر ہزار ہزار کمروں کے محلات بنا رہے ہیں، نو نو سو کمروں کے محلات بنا رہے ہیں تو یہ سب کیا ہے؟ اللہ نے جو صلاحیتیں دی تھیں اپنی معرفت اور پہچان کے لیے ان میں ان کو غلط جگہ پر استعمال کیا، تو انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے ان سے کہا: ﴿وَتَتَّخِذُونَ مَصَانِعَ لَعَلَّكُمْ تَخْلُدُونَ﴾ اور یہ یہ عمارتیں ایسے بناتے ہو جیسے ہمیشہ ہمیشہ تم کو ان عمارتوں میں رہنا ہے۔ یہ غلط بات ہو گئی۔
وگرنہ جنہوں نے عمارت کے لیے پہاڑ کو تراشا ہے لازمی بات ہے کہ انہیں علمِ ہندسہ آتا ہوگا، جغرافیہ آتا ہوگا، جیومیٹری آتی ہوگی، چٹان کس طرح نکالنی ہے، کس اینگل (angle) سے نکالنی ہے، کیسے یہ کمرہ بنے گا، اس کی چھت کتنی ہائٹ (height) پہ ائے گی، یہ سارے علوم انہیں آتے تھے تو ہی تو اتنا کچھ وہ تراش سکے، یہ نہ آتے ہوتے تو کلہاڑیاں کہاں گھسیڑتے! تو علم کی بجائے اسے بعض دفعہ فن کا نام دیتے ہیں، یہ الگ بحث ہے بہرحال، اسے فن کہو، علم کہو اس کے ذریعے جو آدمی حلال اور جائز پیسے کماتا ہے بالکل جائز ہیں، لیکن ایسے علوم میں مصروف ہونا جس کی پہلے مثال دی جادو وغیرہ کی کہ جس کی وجہ سے اللہ کی راہ تک انسان نہ پہنچے وہ حقیقت میں جہالت ہی ہے۔
اور جب جہالت آئی تو پھر کیا ہوا؟ وَوَقَعُوا أَسْفَلَ السَّافِلِينَ تو یہ گر گئے انتہائی پستی میں جا گرے، ثُمَّ رَدَدْنَاهُ اللہ تعالیٰ نے فرمایا پھر ہم پلٹاتے ہیں أَسْفَلَ سَافِلِينَ اللہ تعالیٰ نے کہا ہم پلٹاتے ہیں۔ حقیقت میں عقیدے کا مسئلہ یہ ہے کہ اس کائنات میں جتنی خیر اور شر دونوں کا خالق اللہ ہے۔ شر کا خالق کوئی اور نہیں ہے، کفر اور ایمان دونوں کا خالق اللہ ہے، ہاں ہم شر اور کفر کی نسبت اللہ کی طرف ادب کی وجہ سے نہیں کرتے، احترام کی وجہ سے نہیں کرتے، وگرنہ عقیدے کی بات وہی ہے جو حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کہی کہ اللہ تعالیٰ نے تمہیں پیدا کیا ہے: ﴿وَاللَّهُ خَلَقَكُمْ وَمَا تَعْمَلُونَ﴾ اور اللہ ہی نے تمہیں پیدا کیا ہے اور جو عمل تم کرتے ہو اس عمل کو بھی اللہ ہی نے پیدا کیا ہے۔ تو کفر، شر پیدا اللہ نے کیا ہے، کسب اس کا کام اس کا بندہ کرتا ہے، اسی لیے عقیدے کی عبارات میں ایک جگہ یہ عبارت مل جائے گی کہ تمام افعال کا خالق اللہ ہے اور کاسب بندہ ہے، بندہ کرتا ہے لیکن حقیقت میں اللہ نے ان چیزوں کو پیدا کیا ہے، اگر عقیدہ یہ ہو جائے معاذ اللہ معتزلہ کی طرح کہ اللہ کے علاوہ بندے اپنے افعال کے خالق ہیں تو پھر دو خالق ماننے پڑیں گے۔
تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ رَدَدْنَاهُ ہم نے اسے لوٹایا ہے، بندہ کرتوت کرتا ہے، کرتا ہے، کرتا ہے ایک وقت آ جاتا ہے جس وقت پہ پہنچ کے اس کے دل پر مہر لگا دی جاتی ہے اور اسے پھینک دیا جاتا ہے۔ اور قرآنِ کریم نے اسی لیے آدمی کی تخلیق کو احسن الخالقین کے متعلق لکھا کہ: ﴿فَتَبَارَكَ اللَّهُ أَحْسَنُ الْخَالِقِينَ﴾ کیا ہی برکت والی ذات ہے، کیا ہی اونچی اور بلند ذات ہے جس نے انسان کو پیدا کیا، بہت اچھا ہی خالق ہے حق تعالیٰ شانہٗ۔ اس کے درجے کا کوئی نہیں جتنا عمدہ تخلیق وہ کرتا ہے، اور تو خالق اول تو ہے ہی نہیں، لیکن جو کچھ بھی لوگ مادے کی تبدیلی سے بناتے ہیں صورتیں، اس طرح کی دوسری چیزیں، درخت اللہ نے پیدا کیا انسان نے اس کے لکڑی کے استعمال سے مختلف چیزیں بنا لیں، جتنی بھی چیزیں بنتی ہیں سب سے زیادہ شاہکار تخلیق اللہ ہی کی ہے کہ اللہ نے پیدا فرمایا ہے۔
تو انسان جب علم کے درجے سے گرتا ہے تو پھر وہ جہالت میں چلا جاتا ہے اور وَأَدْرَكَهُمُ الشَّقَاءُ اور پھر ان کو پا لیا کس چیز نے؟ بدبختی نے دبوچ لیا۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اس کو بتاتے ہیں کہ جب جہالت آتی ہے تو اس کے ساتھ ساتھ بدبختی بھی اتی ہے۔
اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے علم کی تحصیل پر زور بھی دیا۔ ابنِ ماجہ میں روایت آئی ہے، حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کے حالات جہاں آئے ہیں بڑی کتابوں میں، کئی جگہ یہ روایت مل جائے گی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم جو چیز مجھ سے سیکھتے ہو اسے جا کے اپنے ہمسایوں کو بھی سکھاتے ہو؟ لوگوں کو بھی بتاتے ہو؟ تو انہوں نے عرض کیا ایسے تو نہیں ہے۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو چیزیں مجھ سے تم سیکھتے ہو اسے لوگوں کو جا کر بتاؤ وگرنہ میں اللہ سے بد دعا کروں گا کہ تمہارے چہرے بگڑ کے سور اور بندر کی طرح ہو جائیں۔ اتنی شدید تنبیہ فرمائی، وجہ اس کی یہ ہے کہ علم عام نہیں ہوگا۔
اگر صرف صحابہ کرام رضی اللہ عنہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنتے رہتے اور آگے اس چیز کو نہ پہنچاتے تو علم کیسے عام ہوتا؟ اس لیے علم کو عام کیا گیا، شریعت نے بتایا اسے عام کرو۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ایک آیت، ایک جملہ بھی جو تم مجھ سے سنتے ہو میری طرف سے پہنچا دو۔ ترغیب دلائی، فرمایا: تم میں سے کوئی آدمی خوش ہے اس بات سے کہ صبح اٹھے اور مدینہ منورہ میں مویشیوں کی جو منڈی لگتی ہے یہاں چلا جائے اور جا کر ایک اونٹنی بالکل صحیح دودھ سے بھری ہوئی اور اسے مل جائے مفت میں؟ تو صحابہ رضی اللہ عنہم نے کہا اللہ کے رسول! کون اس سے ناخوش ہوتا ہے؟ سب خوش ہوتے ہیں، مفت میں اونٹنیاں مل رہی ہیں اتنی، آپ نے فرمایا: تم جو اللہ کی کتاب سے ایک آیت کا علم حاصل کر لیتے ہو تو یہ علم اس سے کہیں زیادہ اچھی چیز ہے۔
الغرض متعدد احادیث میں یہ چیزیں آئی ہیں کہ پہنچاؤ، آگے پہنچاؤ، آگے پہنچاؤ، اس علم کو پھیلاؤ، تو اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا اتنا زیادہ زور دے کے کہ اگر علم محدود رہ جائے گا تو آہستہ آہستہ وہ ختم ہو جاتا ہے۔ اس کی بڑی اچھی مثال اگر آپ دیکھنا چاہیں تو ہمارے زمانے میں حکمت کا جو زوال ہو گیا ہے، جڑی بوٹیاں، حکیم لوگ یہ بناتے تھے، بڑے بڑے علاج کرتے تھے، صحیح تاریخ ہے ان کی، سب چیزیں ہیں، ہر جگہ مبالغے سے کام نہیں لیا گیا بہت سے حقائق بھی ہیں اس میں، لیکن آخری زمانے میں یہ ہوا کہ جو مرا اپنے ساتھ لے گیا، لکھ کے بھی نہیں چھوڑ کے گیا۔ وہ کچھ لکھ دیتا تو وہ بھی علم کا ذریعہ بن جاتا، وہ لے گیا اس نسخے کو، تو اس طرح ہوتے ہوتے علم ناپید ہو گیا۔
اور دوسری طرف آپ دیکھ لیجیے اس کے بالکل برعکس یورپ والے، دوسرے لوگ، یہ اب بھی کوئی دوائی ایجاد ہوتی ہے تو اسے پھیلا دیں گے، پھر انتظار کریں گے لاکھوں لوگوں نے استعمال کیا پھر اس کے رزلٹس (results) واپس آئے، پھر اس پہ تحقیق ہو گئی، یہ دوائی اچھی ہے نہیں ہے، اتنے سال کے لیے اس کو ہٹاؤ، یہ، یہ سب کچھ کیا ہے؟ یہ علم کی نشر و اشاعت کی وجہ سے ہی ہوتا ہے، یہی دین کا بھی معاملہ ہے۔
کہ اگر علم چھپا لیا جائے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے لیے بہت سخت تنبیہ فرمائی۔ اور ہمارے دور میں یہ جو ایک آئی ہے چیز انٹرنیٹ، شاید شاید دجال سے پہلے اتنا بڑا فتنہ دنیا میں اب تک نہیں آیا۔ فتنے کا معنی ہم لے رہے ہیں آزمائش کے، لغت میں جو معنی آتے ہیں اصطلاح میں نہیں، الفاظ کے لغوی اور اصطلاحی معانی میں فرق ہوتا ہے۔ فتنہ اصطلاح میں کہتے ہیں ایسی آزمائش کو جس میں آدمی کا اپنے دین پر قائم رہنا بھی دشوار ہو جائے۔ آزمائش آئی نا اللہ کی طرف سے تو آدمی کے لیے مشکل ہو گیا کہ اپنے دین پر قائم رہے، کسی نے کہا کہ اس مسجد کو گرا دو، وہ کہتا ہے اللہ سے ڈرو مسجد کیسے گرائی جا سکتی ہے! وہ کہتا ہے میں ایک کروڑ روپیہ دیتا ہوں، اب اس آدمی پر قرضہ ہے دو لاکھ، چار لاکھ، جب پتہ چلا ایک کروڑ مل رہا ہے تو اب مصیبت میں پڑ جاتا ہے کہ اس کو گراؤں کہ نہ گراؤں، یہ اس کی آزمائش ہو گئی، اسے کہتے ہیں فتنہ۔
قرآن و حدیث میں جو اولاد کے متعلق آیا ہے اور مال کے متعلق آیا ہے کہ وہ فتنہ ہے تو وہاں مراد یہ ہے کہ آزمائش ہو جاتی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جی چاہتا ہے لمبی نماز پڑھاؤں مگر میں جب بچے کے رونے کی آواز سنتا ہوں تو نماز کو مختصر کر دیتا ہوں کہ اس کی ماں فتنے میں نہ پڑ جائے، تو فتنے سے کیا مراد ہوئی؟ آزمائش میں پڑ جائے گی کہ اب نماز پوری کروں کہ بچے کو سنبھالوں، کیا کروں؟ فتنہ اصطلاح میں یہ ہے۔ اور عام لغت میں فتنے کے معنی آتے ہیں اس چیز کے آزمائش کے، لیکن اس میں ایمان کی آزمائش نہیں بلکہ جانچنا مراد ہے۔ تو لغت اصطلاح میں تو یہ اتے ہیں، عام لغت میں جب اپ اسے دیکھتے ہیں ہمارے ہاں اردو لغت میں، تو اردو میں فتنہ برے معنوں میں استعمال ہونے لگا۔ کتنی چیزیں ہیں جو کسی زبان میں اصل ہیں، صحیح ہیں، غلط ہیں الگ بات ہے لیکن دوسری زبان میں اتی ہیں تو کچھ سے کچھ مفہوم ہو جاتا ہے، اسی طرح فتنہ اردو زبان میں دیکھیں تو یہ غلط معنی میں استعمال ہونے لگا یعنی بہت ہی نقصان دہ چیز۔
تو فتنہ اس معنی میں ہم کہہ رہے ہیں کہ یہ جو انٹرنیٹ ایا ہے دجال سے انے کے انے سے پہلے جو آزمائشیں ہیں اتنی بڑی یہ ایک آزمائش ہے لیکن ہے یہ عجیب چیز کہ اس کے ذریعے اللہ کا دین پھیل بھی سکتا ہے، علم بھی پھیل سکتا ہے، چیزیں بھی پھیل سکتی ہیں، صحیح بات بھی پہنچ سکتی ہے اور اس کے شر اور مفاسد وہ بھی لوگوں پر واضح ہیں۔ تو علم کے لیے اگر استعمال کیا جائے ان چیزوں کو، پھیلایا جائے تو وہ وہ چیز ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بتلائی ہے کہ تم مجھ سے جو چیز سنو اسے لوگوں تک پہنچاؤ۔
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مجھے دودھ پلایا گیا اتنا زیادہ، اتنا زیادہ کہ اس دودھ کا اثر میں نے اپنے ناخنوں میں اس کی تری دیکھی، اور پھر فرمایا کہ وہ بچ گیا تھا تو میں نے عمر رضی اللہ عنہ کو دے دیا، تو لوگوں نے پوچھا اس کی تعبیر؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ علم ہے جو انہیں دیا گیا، اور ان کے بعد حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو نبوت کا علم گویا کہ عنایت فرمایا گیا جو ان کے مناقب میں بہت بڑی بات ہے۔ تو اس لیے جب بدبختی اتی ہے، بدبختی دبوچ لیتی ہے کسی کو تو پھر انسان جہالت میں گر جاتا ہے۔
فَرَحِمَهُمْ اللہ تعالیٰ نے ان پر رحم فرمایا، وَلَطَفَ بِهِمْ اور اللہ نے ان کے ساتھ لطف و کرم کا معاملہ کیا، وَبَعَثَ إِلَيْهِمُ الْأَنْبِيَاءَ اور انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کو ان کی طرف مبعوث کیا۔ نبوت رحمت ہے اور نبوت کی تعلیمات بھی رحمت ہیں، اس لیے کہ تنہا عقل اللہ تک نہیں پہنچا سکتی تھی۔ اللہ تعالیٰ تک پہنچانے کے لیے جتنے بھی ذرائع ہیں ان ذرائع میں حواس ہیں، انسان کو سردی، گرمی محسوس ہوتی ہے، یہ چیز انسان کا بالکل ابتدائی دور دیکھ لیں اگر جہالت ہے، علم نہیں ہے، یہاں پر بہت واضح فرق دو نظریات کا ہے۔
شریعت ہمیں یہ بتاتی ہے، کتاب و سنت یہ بتاتی ہے کہ انسانیت کا آغاز بڑے شاندار طریقے پہ ہوا ہے، نبوت سے ہوا ہے، اللہ نے انسان کو ایسے ہی نہیں دنیا میں بھیج دیا، بڑے مقاصد دے کے بھیجا ہے، ابتدائی پیشے جو تھے، جو چیزیں تھیں اللہ تعالیٰ نے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کو الہام کیں، وحی کیں، بتائی ہوں گی۔ انسان پہلا جب اس کا انتقال ہوا تو اللہ نے بتایا ہے کہ اس کے لیے قبر کھودی گئی اور پھر اسے دفن کیا گیا، اسے نہیں پتہ تھا قتل کرنے والے کو کہ میں اپنے اس مقتول بھائی کی لاش کو کیا کروں اب؟ تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿فَبَعَثَ اللَّهُ غُرَابًا﴾، اللہ نے کووے کو بھیجا تو کووے سے اس نے سیکھا کہ ہاں اس طرح لاش کو زمین میں دفن کرنا چاہیے۔ تو ﴿فَبَعَثَ اللَّهُ غُرَابًا﴾ اللہ نے کووے کو بھیجا تو اس کا مطلب ہے یہ ابتدائی تعلیمات جو تھیں اللہ کی طرف سے انسان کو دی گئی تھیں، انسانیت کا آغاز یہ تھا۔
دوسرا نظریہ یہ ہے کہ انسان غاروں میں رہتا تھا، ننگ دھڑنگ تھا، کچھ تھا ہی نہیں، یہ ہمارے پاس شواہد ہیں، یہ شواہد ہیں، ہم کہتے ہیں تم جتنی کڑیوں سے بھی یہ ثابت کرتے ہو یہ درمیان کی کڑیاں ہیں، درمیان تک پہنچے ہو۔ اس علاقے میں جو تہذیب اس وقت پرورش پا رہی تھی کسی کے پاس اس کے ثبوت نہیں ہیں، انسانیت کا آغاز اللہ نے بڑے شاندار طریقے پہ کیا ہے، اللہ تعالیٰ نے انسان کو ایسے ہی نہیں بھیج دیا، علم کے ساتھ بھیجا تھا، معرفت کے ساتھ بھیجا تھا، نبوت کے ساتھ بھیجا تھا، ہاں پھر درمیان میں ایسے زمانے گزرے ہیں جب انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کی مخالفت کی گئی اور تعلیم سے لوگ رک گئے، انہوں نے صحیح تعلیم حاصل نہیں کی اور سب سے بڑا دور اب تک جو اسلامی امور کے ماہرین، کتاب و سنت کے ماہرین کہہ سکتے ہیں وہ سب سے بڑا دور حضرت عیسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان تھا، یہ ۶۰۰ برس ایسے گزرے ہیں یہ یہ ۶۱۰ سال سوا ۶۰۰ سال جس میں نبوت کی رہنمائی آہستہ آہستہ ختم ہوتی چلی گئی حتیٰ کہ انسان بالکل بھٹکنے لگ گیا، اس سے پہلے کبھی ایسے ہوا ہو اس کی کوئی گواہی نہیں۔
﴿ثُمَّ أَرْسَلْنَا رُسُلَنَا تَتْرَىٰ﴾ ہم نے پے در پے اپنے رسول بھیجے، بنی اسرائیل میں مختلف علاقوں میں ایک ہی وقت میں متعدد رسول تھے علیہم الصلوٰۃ والسلام۔ حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام رسالت کا پیغام عام کر رہے تھے، حضرت لوط علیہ الصلوٰۃ والسلام ان کے بھتیجے ان کے ہم عصر ہیں، اسحاق، یعقوب یہ علیہم الصلوٰۃ والسلام یہ دیکھ لیں یہ سب ان کی اولادیں ہیں کہ اس زمانے میں کتنے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام تھے، کہاں کہاں کام ہو رہا تھا، شعیب علیہ الصلوٰۃ والسلام تھے، حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام تھے، تو انبیاء علیہم السلام ایک دوسرے کے ساتھ آتے رہے ہیں، اللہ نے انسانوں کو بغیر رہنمائی کے نہیں چھوڑا، تو انسان کی رہنمائی اللہ کی طرف کیا چیزیں کرتی ہیں؟ حواس کرتے ہیں۔
یہاں سے دونوں نظریے بن جاتے ہیں، ہم کہتے ہیں حواس کرتے ہیں ایک حد تک، اس سے زیادہ نہیں کر سکتا۔ سردی اور گرمی کچھ احساس دلا سکتی ہیں لیکن اس سردی اور گرمی کی قربانی سے اللہ کی راہ آسان ہوتی ہے یہ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام بتاتے ہیں، وہ کہتے ہیں گرم بستر چھوڑ دو، اٹھو، وضو کرو، نماز پڑھو اللہ کا قرب ملے گا۔ وہ کہتے ہیں کہ گرم پانی نہ پیو اس سے تمہیں تمہیں اطمینان نہیں ہوگا، ٹھنڈا پانی پیو خوش ہو کے، طبیعت خوش ہوگی اللہ کا شکر ادا کرے گی تو اس ٹھنڈک کے پہ اللہ کا شکر ادا کرنے کی وجہ سے خدا کا قرب ملے گا۔ گرم پانی سے وضو کرو گے تو اس میں اطمینان ہوگا، اس سے اللہ کا شکر دل سے ادا ہوتا ہے اس سے اللہ کا قرب ملے گا، یہ سب چیزیں نفع اور نقصان کی انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے سکھائیں، صرف حواس انسان کی رہنمائی اس دنیا میں نہیں کر سکتے تو آخرت تو بہت بڑی بات ہے۔
پھر دوسرا ذریعہ عقل رہ جاتی ہے اور تنہا عقل فیصلہ نہیں کر سکتی، خالصۃً عقل فیصلہ کرے انسان کا اور خاص طور پہ آخرت کے معاملات کا نہیں کر سکتی اس لیے کہ عقل کا میدان ہی نہیں۔ اللہ تعالیٰ کی ذات تک بھی چلو عقل کہہ دیتی ہے کہ اللہ کی ذات ایک ہے، عقل میں یہ اتا ہے، آگے چل کر جہاں باری تعالیٰ کی صفات کا مسئلہ اتا ہے وہاں تو عقل بالکل ہی گم ہو جاتی ہے، اللہ کی صفات میں کیسے بحث کرے! حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ حجت اللہ میں جہاں پر اللہ تعالیٰ کی صفات کے بارے میں بحث کرتے ہیں وہ مضامین عقیدے کے اعتبار سے پڑھنے سننے کے قابل ہیں، کمال کی بحث کی ہے۔
اب عقل اس کا فیصلہ کرے کہ اللہ تعالیٰ کی صفت ہے ایک مثلاً رحمت ہے، وہ خدا سے الگ کوئی چیز ہے؟ خدا کی ذات میں شامل ہے؟ اگر وہ ذات ہی کا حصہ ہے ایک تو اس ذات کا وجود کیا ہے؟ وجود خود ایک صفت ہے، عقل کیا فیصلہ کرے؟ اور کل کہے کہ نہیں ذات کا حصہ نہیں اس سے الگ ہے تو اس کا مطلب ہے دو خدا ہو گئے، تین ہو گئے، جتنی صفات ہوئیں اتنے خدا ہو گئے، عقل گم ہو جاتی ہے۔ اور عقل کے سلسلے میں ایک بات اچھی طرح سمجھنی چاہیے کہ کچھ چیزیں ہوتی ہیں جو خلافِ عقل ہیں اور کچھ چیزیں ہوتی ہیں جو ماورائے عقل ہیں، لوگ ان دو چیزوں میں تفریق نہیں کرتے اس لیے پریشان ہوتے ہیں۔ کچھ چیزیں ہیں جو عقل کے خلاف ہیں یہ ایک الگ مسئلہ ہے، اور کچھ چیزیں ہیں جو عقل میں اتی ہی نہیں ہیں یہ ایک الگ مسئلہ ہے۔
اب بچے کی عقل میں یہ نہیں اتا کہ وہ انرجی (energy) کو، طاقت کو کس طرح استعمال کر سکتا ہے، کس طرح اسے لائٹ میں تبدیل کر لے یا لائٹ کو انرجی میں لے آئے، بچے کو سمجھ نہیں اتی، ایک عام ادمی کو سمجھ نہیں اتی، وہ کہتا ہے یہ پتہ نہیں کیا فلسفہ ہے، لیکن اسی دنیا میں ایسے انسان ہیں جنہیں یہ چیزیں سمجھ میں اتی ہیں، وہ سمجھتے ہیں اس کو کیا کرنا ہے۔ بچے سے آپ ہیرے کا پوچھیں اسے کچھ خبر نہیں ہے اور وہی ہیرا ایک جوہری کے پاس دیتا ہے اس سے پتہ چل جاتا ہے کہ ہاں یہ چیز یہ ہے، تو عقل کے خلاف چیزیں الگ ہیں لیکن عقل سے ماورا کہ ہماری اتنی عقل نہیں ہے، سمجھ نہیں ہے کہ ہم اس چیز کو سمجھ سکیں، یہ چیزیں الگ ہیں۔
تو عقل سے جو ماورا چیزیں ہیں عقل کی پہنچ اور رسائی سے اوپر کی جو چیزیں ہیں، یہ وہ جہان ہے جس کی انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام خبر دیتے ہیں اور ضروری نہیں ہے کہ انسان ہر ادمی کی عقل وہاں پہنچے۔ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے اس جہان کی بہت سی خبریں دی ہیں، اس جہان میں جا کر اگر کوئی واپس آ گیا ہے اس سے بھی خبر دی ہے کہ اس جہان میں کیا ہو رہا تھا۔ اب یہ ایسی چیز ہے جس پہ اب ہمارے ہاں تو کتابوں میں ائی ہیں بہت چیزیں، اب تحقیق یورپ میں بھی شروع ہوئی نا لائف آفٹر ڈیتھ (Life After Death)، کتابیں ا رہی ہیں بہت زیادہ اور کتابیں بھی ایسی ہیں جو ملینز (millions) کے حساب سے چھپتی ہیں، اور ہمارے ہاں وہ بھی چیزیں ہیں۔
یہ عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ ہیں کتنے جلیل القدر صحابی ہیں رضی اللہ عنہ، یہ ابتدائی لوگوں میں ہیں جنہوں نے اسلام قبول کیا، پھر اللہ کی راہ میں انہیں تکلیف دی گئی، یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، قرآن نے کہا ہے کہ: ﴿وَأُوذُوا فِي سَبِيلِي﴾ اللہ نے کہا یہ لوگ میری راہ میں ستائے گئے ہیں، یہ خدا کی راہ میں ستائے گئے، حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے ساتھی اسی دور میں اسلام لائے، مہاجر تھے، بدری تھے، بڑے مناصب ہیں ان کے، احد میں شامل رہے، بیعتِ رضوان میں شامل تھے، فتحِ مکہ میں شامل تھے، تمام جنگوں میں حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رہے۔ پھر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے جن چھ لوگوں کے لیے کہا تھا کہ خلافت ان میں رہے ان میں رہے عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ، اور عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ واحد ایسے ادمی ہیں کہ باقی جتنے حضرات تھے حضرت علی اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہما سمیت اس بات پر راضی تھے کہ خلافت انہیں دے دی جائے، انہوں نے کہا نہ میں اس میں نہیں پڑتا۔
اتنے بڑے ادمی، وفات کے وقت غشی طاری ہو گئی، لوگ سمجھے انتقال ہو گیا، پھر ہوش آیا انہیں تو انہوں نے کہا روتے کیوں ہو؟ تو انہوں نے کہا ہم سمجھے آپ کا انتقال ہو گیا۔ انہوں نے کہا میں مجھے بس غشی طاری ہو گئی پھر میں نے فرشتوں کو دیکھا وہ مجھے لے گئے، اور پھر فرشتوں نے کہا کہ یہ کس ادمی کو لے آئے ہو؟ پھر میرا نام لیا گیا، پھر انہوں نے باتیں بیان کیں کہ کیا ہوا، تو اس جہان میں جا کر پھر واپس ائے، ایسی چیزیں مل جاتی ہیں۔ ایک اور غالباً صحابی رضی اللہ عنہ تھے ان کا بھی تذکرہ مل جاتا ہے کہ وہ فرشتے لے گئے تو جب پیش ہوئے حساب کے لیے تو وہاں جو فرشتے تھے انہوں نے کہا یہ ادمی نہیں مطلوب تھا، دوسرا ادمی چاہیے تھا لے جاؤ اسے، وہ واپس لے آئے۔ یہ چیزیں اللہ تعالیٰ نے کروائیں تاکہ لوگوں کو یہ بھی پتہ چلے کہ اس اس جہان میں اگلے میں بھی ہے، اس کی خبریں انہوں نے ا کے دیں کہ وہاں کیا ہو رہا تھا۔
تو انسان کی عقل اس جہان کو، بہت سی چیزوں کو نہیں پا سکتی، تو عقل سے ماورا ہیں عقل کے خلاف نہیں، اگر خلافِ عقل ہوتی تو انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام بھی نہ بتا سکتے۔ انہوں نے بتایا ہے تو کچھ نہ کچھ تو ہے۔ اس لیے انہوں نے کہا کہ دیکھو اللہ نے مہربانی کی اور اللہ تعالیٰ نے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کو بھیجا، کیوں؟ انہوں نے آگے حضرت نے خود فرمایا کہ: لِيُخْرِجَهُم مِّنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ تاکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام آئے ہیں ان کو اس لیے مبعوث فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف لوگوں کو لے جائیں، ان تاریکیوں سے نکالیں اور روشنی کی طرف لے جائیں انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام، وہ بتائیں کہ عاقبت پورا ایک جہان ہے۔
اللہ نے تمہیں جو پیدا کیا ہے تو اس لیے نہیں ہے کہ اللہ کا کوئی اپنا نفع ہے، مولانا روم نے مثنوی میں اسی لیے ایک شعر میں بڑی اچھی بات کہی، انہوں نے کہا کہ اللہ کہتا ہے کہ ہم نے تمہیں اس لیے پیدا نہیں کیا:
بلکہ تا بر بندگاں جودے کنَم
کہ مجھے کوئی نفع ہے، بلکہ ہم نے اس لیے پیدا کیا ہے تاکہ ہم اپنی فیاضی کا، اپنی مہربانی، اپنے کرم کا، اپنے لطف کا، اپنی شان کا اظہار کریں تم پہ، تمہیں بتائیں کہ رب کیسا ہوتا ہے، اللہ کیسا ہے، کیسے اپنے بندوں کو معاف کرتا ہے، کیسے ان کے ساتھ مہربانیاں کرتا ہے، کیسے دل کھول کے خرچ کرتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، ترمذی میں آتا ہے: اس دن سے وہ خرچ کرنا شروع ہوا ہے جس دن سے اس نے اس دنیا کو پیدا کیا ہے اور اس دن سے اب تک اس کے دونوں ہاتھ بھرے ہوئے ہیں، کوئی کمی واقع نہیں ہوئی اور تم سوچ لو اب تک وہ کتنا خرچ کر چکا ہوگا۔ ہم نے تجھے اس لیے پیدا کیا ہے کہ اپنے بندوں پہ جود و کرم کا، سخاوت کا، مہربانیوں کا اظہار کریں۔ حضرت فرماتے ہیں اس لیے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کو بھیجا تاکہ وہ اندھیروں سے نکالیں اور نور کی طرف لے کر چلیں، اندھیرے بہت ہیں۔
یہ اس لیے قرآنِ کریم میں ظلم کی جمع ظلمات استعمال کی ہے، نور کی جمع کہیں نہیں لایا، انوار نہیں کہا، قرآن نے ہمیشہ نور کہا، اس لیے کہ سچائی ایک ہی ہوا کرتی ہے، حقیقت ایک ہی ہوا کرتی ہے، عقیدہ اٹل ہوا کرتا ہے۔ ایک ادمی کہتا ہے حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے آخری نبی تھے، دوسرا کہتا ہے نہیں تھے، دونوں چیزیں نہیں کہہ سکتا کہ تھے بھی اور نہیں بھی تھے، اللہ ایک بھی ہے اور دو بھی ہیں معاذ اللہ، قیامت ائے گی بھی اور نہیں بھی ائے گی، دو نہیں کیتے ایک ہی ہوتا ہے، یا ائے گی یا نہیں ائے گی، یا نبی تھے یا نہیں تھے، یا اللہ ہے یا نہیں ہے، سیدھی بات کریں۔ تو اس لیے اللہ تعالیٰ نے نور کا ہمیشہ قرآنِ کریم میں واحد کا لفظ استعمال فرمایا ہے۔ حضرت نے فرمایا تاکہ اللہ انہیں نکالتا ہے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کے ذریعے سے ظلمات کے سے نور کی طرف، اور اس کے ساتھ ساتھ وَمِنَ الْمَضِيقِ إِلَى الْفَضَاءِ اور اللہ تعالیٰ ان انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کو اس لیے بھیجتا ہے تاکہ مضیق، تنگی سے وہ کشادگی کی طرف نکالیں۔
اتنی تنگی ہوتی ہے، اتنی تکالیف میں انسان گھِر جاتا ہے کہ انسانی زندگی جانور سے بدتر ہو جاتی ہے۔ انبیاء علیہم السلام آ کے بتایا کرتے ہیں کہ زندگی ایسے آسان ہوتی ہے، اسی لیے نبوت کا یہ جو پہلو ہے نا شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کمال کیا ہے جہاں ارتفاقات کی انہوں نے بحث کی ہے۔ یہ ارتفاقات کی بحث ہے ایسی جس پہ میں نے حضرت سے سنا تھا مولانا ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ سے، حضرت فرماتے تھے کہ ۱۲۰۰ سال کی تاریخ میں ارتفاقات کی بحث میں نے نہیں پڑھی کہیں۔
ارتفاقات مطلب وہ تدابیر اختیار کرنا جس سے انسانی زندگی میں سہولت ہو جائے، انسان کی زندگی آرام سے گزرے۔ اس لیے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام اور ان کے جو جانشین ہوتے ہیں وہ انسانوں کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں تنگی میں۔ یہ جتنے بھی مفتی حضرات ہوتے ہیں اگر وہ صحیح معنوں میں مفتی ہوں اور پڑھا لکھا بھی ٹھیک ہو اور افتاء کے مزاج کو سمجھتا ہو تو مفتی کا کام یہ نہیں ہوتا کہ لوگوں کے لیے تنگی پیدا کرے۔ اس لیے جتنا تجربہ، علم بڑھ جاتا ہے تو مفتی یہ کہتا ہے کہ بھائی یہ چیز ناجائز ہے، اس کو اس طرح کر لیں تو یہ جائز ہو جائے گی، یہ یہ چیزیں کر لو، دیکھو اس میں یہ تبدیلی کر لو، حتیٰ کہ کبھی کبھی وہ کہتا ہے یہ چیز صرف نیت اپ کی فرق پڑے گا، نیت یہ کر لو یہ جائز ہو جائے گی، یہ نیت کر لو گے تو ناجائز ہو جائے گی۔
حدیث میں آتا ہے حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کتنے پانی سے نہاتے تھے؟ کتنا پانی؟ ڈیڑھ پانی، سوا سیر پانی، بس اتنا ہی تھا، ڈیڑھ سیر چلو کر لو، نئے پیمانے ایجاد ہو گئے، تحقیق کسی کی مختلف ہو گئی تو کہہ دے گا ڈیڑھ کلو پانی سے نہاتے تھے، اب ڈیڑھ کلو پانی سے کون نہائے! اور دوسری طرف حدیث میں یہ ایا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بس اتنا پانی استعمال کرتے تھے، تو وہ کہتا ہے جی میں تو دو بالٹیوں سے کم نہا ہی نہیں سکتا، تو کہتے ہیں اس کی بھی نیت رکھو اور اس کی بھی نیت رکھو کہ اس سے تمہیں ٹھنڈک مطلوب ہے، ارام مطلوب ہے، سکون سے نماز پڑھیں گے، دو پانی کی بالٹیاں ہیں گرم استعمال کرنی ہے یہی دو چھوڑ تین کر لو لیکن نیت اپنی تبدیل کر لو یہی پانی ٹھیک ہو جائے گا۔ اور نیت نہیں ٹھیک ہوگی تو پھر اس پانی کا استعمال کم سے کم کراہت کے درجے میں ا جائے گا، شریعت پسند نہیں کرے گی کہ اتنا پانی استعمال کر لیا۔
تو مفتی جو ہوتے ہیں یہ حقیقی معنوں میں نبوت کے حصے میں ورثاء، ایک مفتی کیا اللہ کے اچھے بندے جن کا تزکیہ ہوا ہوتا ہے، مشائخ ہیں، بزرگ ہیں، یہ دین کو اس طرح پیش کرتے ہیں کہ وہ بالکل فطرت کے مطابق نظر اتا ہے۔ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح خلافت کہیں دیکھنی ہو اہلِ علم، تو اس کو یاد رکھو وہ دین کو اس رنگ میں پیش کرتا ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں یہ ہماری اپنی ہی بات ہے، اپنی ہی طبیعت ہے۔
کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق اللہ نے کہا ہے: ﴿وَيَضَعُ عَنْهُمْ إِصْرَهُمْ وَالْأَغْلَالَ الَّتِي كَانَتْ عَلَيْهِمْ﴾ اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ہم نے بھیجا ہے اس لیے کہ انسانیت پر جو بوجھ لَد گئے ہیں اور انسانوں کی گردن میں جو زنجیریں پڑ گئی ہیں، انسانوں کے جسم پہ زنجیریں لپٹ گئی ہیں، مفہوم ہے یعنی اس کا، ترجمہ ایگزیکٹ (exact) نہیں کر رہا مفہوم ہے اس کا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان زنجیروں کو ہٹاتے ہیں، ﴿وَيَضَعُ عَنْهُمْ إِصْرَهُمْ﴾ بوجھ کو ہٹاتے ہیں انسانیت سے۔
یا اللہ! کوئی ایک بوجھ تھا انسانوں پہ؟ عیسائیت کا یہ جو دور تھا ساتویں، آٹھویں، پانچویں، چھٹی صدی سے جو شروع ہوتا ہے اور پھر ساتویں، آٹھویں صدی جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لا چکے تھے دنیا میں پھر پردہ فرما لیا اپ نے پھر خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کا دور ایا ہے، صحیح معنوں میں انسانیت کے گلے میں زنجیریں ڈال دی گئیں، صحیح معنوں میں انسان جانوروں سے بدتر زندگی بسر کرتے تھے۔ پادریوں کے ہاں اب تک یہ چلتا ہے اور اس زمانے سے یہ بات شروع ہوئی کہ اگر تم نے خدا کی خدمت کرنی ہے، کلیسا میں انا ہے تو تم شادی نہیں کر سکتے۔ اب بھلا بتاؤ کہ یہ اتنی بڑی، ایک یہ معمولی درجے کی بات عرض کر رہے ہیں، یہ اتنی بڑی تنگی ہے مرد اور عورت کے لیے، اتنی بڑی مصیبت میں مبتلا کر دیا کہ وہ اس کے بغیر زندگی میں جس انتشار کا اور ذہنی انتشار کا شکار ہو سکتا ہے وہ کیا کرے؟ یہ مصیبت ڈال دی، عذاب میں ڈال دیا، سمندر کا سفر نہیں کر سکتے اس لیے کہ سمندر خدا ہے، یہ ہندوؤں نے تعلیم دی، دنیا میں جتنے مذاہب پھل نہیں کھا سکتے۔
حتیٰ کہ پانی پینا ہے تو پانی کو تم نہیں پی سکتے، تم پانی کو کپڑے میں نتھارو پھر پیو اس لیے کہ پانی میں بھی اگر کوئی کیڑا ہے وہ بھی مر گیا تو تم جہنم میں چلے جاؤ گے۔ یہ سب انسانوں، بدھسٹ جو ہیں بھکشو انہیں اپ دیکھیں، میں نے نیپال میں دیکھے اور منہ پہ وہ کپڑا لے کے گھوم رہے تھے تو ایک بھکشو سے ہم نے پوچھا اسی وجہ سے کہ ہمیں پتہ تھا کہ یہ ان کی تعلیم ہے، اس نے کہا ہاں ہم سانس بھی ایسے ہی لیتے ہیں کہ کوئی کیڑا ہمارے منہ میں نہ چلا جائے، ایسا نہ ہو کہ اس کی زندگی ختم ہو جائے۔ اسی وجہ سے مچھلی نہیں کھا سکتے، مچھلی تو درکنار کسی چیز کو ذبح نہیں کر سکتے، کھانے پینے میں پابندی، شادی میں پابندی، رہائش میں پابندی، لباس میں پابندی، کوئی ایک چیز تھی جو انسانوں کے لیے مصیبت بنی ہوئی تھی دنیا! ﴿وَيَضَعُ عَنْهُمْ إِصْرَهُمْ﴾ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانوں سے وہ بوجھ اتار کر دور کر دیا، انسان کے انسان کا اللہ کے ساتھ تعلق، یہ ساری پابندیاں اسی لیے تھیں نا کہ آخرت درست ہو۔ اسی لیے یہ پابندیاں تھیں نا کہ شادی نہ کرو ثواب ملے گا، آخرت درست ہوگی، قیامت میں تم اللہ کے ہاں جنت میں جاؤ گے، عیسائی یہی کہتے تھے، ہندو بھی یہی کہتے تھے، سمندر میں سفر نہ کرو اس پہ پابندی کرو، اس کا احترام کرو گے آخرت میں نجات پا جاؤ گے، بدھسٹ بھی یہی کہتے ہیں، اب بھی یہی کہتے ہیں کہ وہ جو اگلا جنم ہے تمہارا، وہ تو جنم کے قائل ہیں نا، اگلے جنم میں تم اچھے ہو جاؤ گے، اس کے اگلے جنم میں اچھے ہو جاؤ گے۔
یہ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا احسان تھا کہ انہوں نے کہا کھاؤ بھی، پیو بھی لیکن اعتدال کے ساتھ، دیکھو اللہ کی نافرمانی اس میں نہ ہو۔ تو انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام لوگوں کو اللہ کی طرف جو لے کر چلتے ہیں تو وہ تنگی سے نکال کے روشنی کی طرف، کشادگی کی طرف، اچھے پہلو کی طرف لے کے جاتے ہیں، وہ کہتے ہیں یہ سب چیزیں جائز ہیں اپنی نیت درست کرو، یہ چیزیں جائز ہیں اپنی کمائی حلال کی کر لو، یہ چیزیں جائز ہیں اس کو اس اس طرح سے تم جائز کرا دے سکتے ہو، اس طرح سے ناجائز۔
حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم گھر تشریف لائے اور پوچھا اپنی اہلیہ محترمہ سے کہ کچھ کھانے کو ہے؟ انہوں نے کہا کچھ نہیں۔ تو پھر عرض کیا کہ وہ دودھ ایا تھا ہمسائے دے گئے ہیں اور وہ صدقہ انہوں نے کیا ہے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ تمہارے لیے صدقہ ہے اور اگر تم مجھے دے دو گی تو یہ میرے لیے ہدیہ بن جائے گا، تحفہ ہو جائے گا۔ انہوں نے وہی پیالہ اٹھا کر پیش کر دیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پی لیا۔ آسانی ہو گئی نا زندگی میں! صدقہ تو انہوں نے کیا تھا اس خاتون پہ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اہلیہ محترمہ پہ، لیکن صدقے کی وجہ سے کھانے میں کسی بھی چیز میں جو ایک درجے کی معمولی سی کراہت ا جاتی ہے، کسی عام راہ چلتے ادمی کو بھی اپ کہیں نا کہ یہ اپ کی خدمت میں تحفہ پیش کرتا ہوں تو خوش ہوتا ہے، اسے کہیں اپ پہ صدقہ کرتا ہوں، کہتا ہے میں نہیں صدقہ لیتا کبھی، میں تو اس کو نہیں کھاتا، وہ جو ذرا سی دل میں کراہت اتی ہے حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ نبوت جو تھی کہیں بلند و بالا تھی، وہ یہ چیز برداشت نہیں کر سکتے تھے، قلبِ مبارک کی لطافت جو تھی وہ بہت زیادہ تھی۔
یہ بعض اوقات ہوتا ہے کہ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام ہی نہیں، اللہ کے بہت سے ایسے بندے ہو جاتے ہیں کہ روحانی طور پر جب ترقی ہو جاتی ہے جتنی بڑھتی چلی جاتی ہے ان دنیاوی چیزوں سے ایک طرح کا کٹاؤ پیدا ہو جاتا ہے، وہ طبیعت اس عروج پر پہنچ جاتی ہے کہ معمولی معمولی چیزیں بھی تنگ کرتی ہیں، تکلیف دیتی ہیں۔ حضرت مرزا مظہر جانِ جاناں رحمۃ اللہ علیہ کی طبیعت میں یہ چیز غالب آ گئی تھی بہت، ایک جگہ ہندوستان میں گئے اور رات بھر ایسے ہی رہے، بے چین، صبح اٹھے تو لوگوں نے پوچھا حضرت رات فرمایا نیند نہیں ائی۔ تو وہ چارپائی جس پہ ارام فرمایا تھا وہ اب بھی کہیں موجود ہے، تو لوگ ہندوستان کے ہم سے بیان کرتے تھے کہ وہ چارپائی موجود ہے اور حضرت نے فرمایا اس کی چولیں جو ہیں نا یہ برابر نہیں ہیں، پائے اس کے برابر نہیں ہیں اس لیے رات نیند نہیں ائی، تو کہتے ہیں جب ہم نے بڑی پریشانی ہوئی ہمارے خاندان والوں نے دادے، پردادے جو تھے انہوں نے کھلوایا اس چارپائی کو دیکھا تو صرف دو سوت کا فرق نکلا۔ ایسی نزاکت ا گئی تھی تو برداشت نہیں ہوتا۔
حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم تو بالکل ہی مختلف تھے، اس سے تشبیہ نہیں دے رہا لیکن عرض کر رہا ہوں کہ کبھی کبھی ایسی چیزیں ہوتی ہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دل کی لطافت کا حال یہ تھا، اس نفاست کا حال یہ تھا کہ حضرت سعد رضی اللہ عنہ ائے ہیں صبح کی نماز میں اور نسائی میں اتا ہے، نماز کھڑی ہو گئی تھی انہوں نے جلدی جلدی وضو کیا اور ا کر پیچھے صف میں کھڑے ہو گئے، صحابہ رضی اللہ عنہم بھی سارے نماز میں جو بھی حاضر تھے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سورۂ روم پڑھ رہے تھے، تلاوت فرما رہے تھے رکوع کر دیا، سلام پھیرا اور سلام پھیر کے ارشاد فرمایا کہ لوگوں کو کیا ہو گیا ہے یہ وضو ٹھیک کر کے نہیں اتے اور میری نماز میں گڑبڑ ہو جاتی ہے! ایک مقتدی ہے اور وہ بھی سعد رضی اللہ عنہ کے درجے کا ہے اور اس نے جلدی میں وضو کیا ہے تو ظاہر ہے کوئی بے احتیاطی ایسی ہو گئی ہوگی، اس کا اثر قلبِ مبارک پر پڑا ہے اور فرماتے ہیں کہ لوگ ٹھیک وضو نہیں کر کے اتے اور میری نماز میں گڑبڑ کر دیتے ہیں، یہ دل کی لطافت کا حال ہے۔
تو صدقہ اس لیے وہ نفلی تھا، واجب تو تھا نہیں، لیکن نفلی صدقہ ہونے کے باوجود یا چلو بعض محققین کی یہ بھی روایت ہے کہ واجب ہی تھا کچھ بھی تھا، انہوں نے جب دے دیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تو وہ ہدیہ بن گیا نا، حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے نوش فرما لیا۔ یہ ہے شریعت میں اس کی بے پناہ مثالیں ملیں گی کہ لوگوں کے لیے آسانی کیسے پیدا کرنی ہے۔ اس لیے جو یہ کہہ دیتا ہے نا کہ جی یہ تو حرام ہے، تو بات اس پہ ختم نہیں ہو جاتی، یہ مفتی کا فرض ہے کہ وہ آگے بتائے کہ یہ چیز جائز کیسے ہوگی، درست کیسے ہوگی، اسی لیے مجتہد جو ہوتا ہے وہ اجتہاد کے ذریعے مختلف چیزوں کو ثابت کرتا ہے کہ اس میں یہ یہ صورتیں ہیں جو ناجائز ہیں، یہ یہ صورتیں ہیں جو جائز ہیں، تو حضرت نے فرمایا کہ دیکھو وہ کیا کرتے ہیں انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام؟ وہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق لوگوں کو اس تنگی سے کھلی فضا کی طرف لے جاتے ہیں۔
اور اس کے ساتھ ساتھ وَجَعَلَ طَاعَتَهُمْ مَنُوطَةً بِطَاعَتِهِ اور اللہ نے یہ کیا کہ اپنی فرمانبرداری کو مَنُوطَةً بِطَاعَتِهِ ان کی اطاعت کے ساتھ لگا دیا، مربوط کر دیا، معلق کر دیا کہ ان کی فرمانبرداری میں میری فرمانبرداری ہے۔ منوط اصل میں تو اتا ہے کسی چیز کا لٹک جانا، عرب پرستش کرتے تھے ایک درخت کی بھی، اور وہ درخت جو تھا وہ درخت نہیں تھا بلکہ وہ ایک طرح کا سٹینڈ (stand) لگایا جاتا تھا، درخت بھی ہوتے تھے لیکن وہ سٹینڈ ایک لگا دیتے تھے اور اس پر یہ اپنا اسلحہ لٹکا دیتے تھے، تلوار لٹکا دی، کوئی اور چیز لٹکا دی تو اسے کہتے تھے ذاتِ انواط، ایسی چیز جس پہ مختلف چیزیں لٹکا دی جائیں، اس سے اسی اسی سے یہ لفظ بنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کی اطاعت اور فرمانبرداری کے ساتھ اپنی فرمانبرداری کو لگا دیا کہ جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اور انبیاء علیہم السلام کی نافرمانی کرے گا وہ اللہ کی نافرمانی کرے گا۔
مستقل اطاعت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی، اگرچہ علماء نے اصول کی کتابوں میں یہ مسئلہ چھیڑا ہے مگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مستقل اطاعت ہے، دو اطاعتیں مستقلاً اللہ نے فرمائی ہیں، اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ﴾ اللہ کی اطاعت کرو اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرو۔ سورۂ نور کے آخر پر اللہ نے فرمایا ہے صرف تنہا یہ کہ: ﴿أَطِيعُوا الرَّسُولَ﴾ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرو، وہاں اللہ کی اطاعت کا بھی ذکر نہیں ہے، اس لیے کہ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اللہ ہی کی اطاعت ہے، اللہ ہی کی فرمانبرداری ہے۔
اور یہی حکمت ہے کہ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کو ان کی اجتہادی خطا پر قائم نہیں رہنے دیا جاتا، کیونکہ نبی اپنے اجتہاد کے ذریعے اگر ایک خطا کرے گا اور وہ اس پہ خدا اسے قائم رکھے گا تو آنے والی امت کے لیے وہ خطا نہیں وہ تو سنت بن جائے گی۔ یہ ہے حکمت کی بات! اور نبی کے علاوہ کوئی بڑے سے بڑے درجے کا، سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ ہی کیوں نہ ہوں، وہ اتنی بڑی شخصیت ہے، اتنی بڑی ہستی ہے کہ اس جیسا آدمی انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کے بعد کوئی نہیں، وہ بھی اگر خطا کر گئے ہوں کوئی، کوئی وحی نہیں آئے گی۔
ان دونوں کی مثال آپ سے عرض کریں۔ دیکھو! حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک معاملے میں کہا کہ میں شہد نہیں کھاؤں گا، اللہ تعالیٰ نے وحی نازل کر دی، اللہ نے فرمایا: ﴿قَدْ فَرَضَ اللَّهُ لَكُمْ تَحِلَّةَ أَيْمَانِكُمْ﴾ اللہ نے ضروری قرار دیا کہ آپ اپنی قسم کو توڑیں، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قسم کو توڑا، کفارے میں ایک غلام آزاد کروایا۔ اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس اجتہادی خطا پر، اس لغزش پر وحی نہ آتی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ قسم قائم رہتی اور شہد نہ استعمال فرماتے تو امت کے لیے تو سنت بن جاتی نا! ایک اٹھ کے کہہ دیتا کہ آئندہ سے میں چینی نہیں کھاؤں گا، دوسرا کہہ دیتا میں پنیر نہیں کھاؤں گا، تیسرا کہتا میں شہد نہیں کھاؤں گا، اللہ کی قسم یہ تو سنت سے ثابت ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے شہد کے متعلق قسم کھا لی تھی میں بھی قسم کھاتا ہوں۔ تو جو اجتہاد کی خطا نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام سے ہو جائے اگر خدا اسے قائم رہنے دیتا تو امت کے لیے وہ سنت بن جاتی، اس لیے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام جو بھی ذرا سی بھی بات ہو، اجتہاد میں بھی خطا ہو جائے وحی آ جاتی ہے تاکہ امتیں ان کی ایک خطا کروڑوں، اربوں آدمیوں کے طریقۂ زندگی بن سکتی ہے، خدا نہیں چاہتا اپنی مخلوق کو اپنی راہ سے ہٹائے، تو اس لیے انہیں قائم ہی نہیں رہنے دیا جاتا کہ تمہیں دیکھ کر لوگوں نے اپنے آپ کو بنانا ہے۔
حضرت طلحہ اور حضرت عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہما حج میں ریشم کی چادروں کا احرام باندھ کے آئے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے بلا لیا اور پوچھا یہ ریشم کی چادریں ہیں؟ انہوں نے کہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اجازت دی ہے، یہ دوسری جگہ بھی آیا ہے حضرت زبیر رضی اللہ عنہ کا بھی ذکر ایا ہے کہ وہ سوتی کپڑا پہن نہیں سکتے تھے جلد کی بیماری ہوئی شروع ہو جاتی تھی، خارش، تو ریشمی کپڑے پہنتے تھے۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں کو اجازت دی تھی، تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا عبد الرحمن! آپ ایسے آدمی ہیں جسے دیکھ کر لوگ اپنی زندگی بنائیں گے، آپ کے لیے یہ مناسب نہیں ہے۔ یہ ٹھیک ہے تمہیں اجازت ہے لیکن تمہارے لیے حج کے موقع پہ یہ پہننا ایسے، جو دیکھے گا کس کس کو بتائیں گے کہ خصوصی اجازت لی گئی تھی؟ کس کس سے بات کریں گے؟ اس لیے یہ مثال ہے اس کی کہ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کو اگر اجتہادی خطا پہ خدا قائم رہنے دے، امت کے حق میں وہ سنت بن جائے گی۔
اور دوسری طرف دیکھو، حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے ایک بات کہی ہے، نہیں قبول ہوئی، نہیں چلی، لیکن حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ پہ وحی بھی نہیں آئی۔ اور قصہ یہ ہوا کہ حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ آئے اور انہوں نے کہا کہ حضرت! فلاں پلاٹ (plot) جو زمین کا ہے ہمیں دے دیں، حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے لکھ دیا وہ زمین تمہاری، اور فرمایا عمر سے بھی دستخط کرا لینا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے پاس گیا تو انہوں نے کہا میں تو نہیں دستخط کرتا، انہوں نے اصرار کیا تو انہوں نے پھاڑ کر کاغذ ہاتھ میں پکڑا دیا اور انہوں نے کہا یہ لے جاؤ۔ وہ آئے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پاس بڑے غصے میں اور کہا یہ دیکھیں یہ حال کیا ہے۔ تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو بلایا گیا، انہوں نے کہا حضرت! یہ اس لیے کہ یہ اصرار کر رہے تھے بار بار، میں ان سے کہتا ہوں میں دستخط نہیں کروں گا، اور میں اس لیے نہیں کرتا کہ زمین کے جس ٹکڑے کو انہوں نے مانگا ہے اس میں نمک کی کان ہے، تو نمک کی کان اس میں ہر مسلمان کا حق ہے وہ تو سرکاری ملکیت، ان کی مراد یہ تھی کہ سرکاری ملکیت ہونی چاہیے، سب لوگوں تک اس کا نفع پہنچنا چاہیے، اور اس طرح یہ ذریعۂ آمدنی شخصِ واحد کے ہاتھ میں آ جائے گا، حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی ساری گفتگو کا خلاصہ عرض کر رہا ہوں۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا بھائی مجھے تو نہیں پتہ تھا کہ اس زمین میں کان ہے۔ اب پھر فرمایا کہ طلحہ میں نہیں دیتا، عمر صحیح کہتے ہیں۔
تو حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ کو بھی سمجھ آ گئی کہ بات تو یہی ہے کہ ایک فردِ واحد کو اتنی بڑی چیز، سورس آف انکم (source of income) اتنا ایک شخص کو کیسے دیا جا سکتا ہے! تو حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ نے کہا یہ ٹھیک ہے، لیکن یہ بتائیں کہ خلیفہ آپ ہیں یا یہ ہیں؟ تو حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا کمال تھا، انہوں نے کہا خلیفہ در حقیقت عمر ہی ہیں، میرا تو ایسے ہی نام آ گیا ہے۔ لیکن دیکھو، ابوبکر رضی اللہ عنہ پہ وحی نہیں نازل ہوئی، اگر وہ کر جاتے، حضرت عمر رضی اللہ عنہ نہ روکتے پھر کیا ہوتا؟ ایک مثال امت کے لیے بن جاتی، وحی نہیں نازل ہوتی، کسی صورت بھی وحی نہ نازل ہوتی، کیونکہ وحی نازل ہو کے یہی کہتی نا کہ آپ نہ کریں، تو امر اور اور تشریعی اور شریعت یہ ساری کی ساری چیزیں وحی سے ہی ثابت ہوتی ہیں، غیر سے کہاں سے ثابت ہوتی ہیں! یہ ہے فرق کہ اللہ نے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کی اطاعت کو اپنی اطاعت کے ساتھ جوڑ دیا، اسی لیے خدا انہیں ذرہ برابر ادھر ادھر نہیں ہونے دیتا کیونکہ خدا کو پتہ ہے کہ ان کو دیکھ کر کروڑوں آدمی ان کے پیچھے چلیں گے اور یہ آدمی ضامن ہے اس بات کا کہ میری مخلوق کو مجھ تک پہنچائے گا۔
اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیسے تقسیم کرنے پر ایک آدمی نے اعتراض کیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے بڑا زبردست جواب دیا، آپ نے فرمایا: یہ چند دینار، ٹکے، سکے، درہم ان کی تقسیم پر تم مجھ پہ اعتراض کرتے ہو، حالانکہ اللہ نے ساری مخلوق کو ہدایت دینے کے لیے مجھ پر اعتبار کیا ہے۔ یعنی تم چند پیسوں اور ٹکوں میں مجھے امین، امانت دار نہیں سمجھ رہے تو یہ بھی تو دیکھو کروڑوں افراد ہیں جن کے بارے میں اللہ نے مجھ پر اعتبار کیا ہے! تو انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام اس لیے، یہ ان باتوں کے کرنے کا مقصد آگے آئے گا جہاں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ بات کرتے ہیں کہ سب سے افضل علم کون سا ہے، پھر کہتے ہیں:
سو کیا کہنے بلندی کے! کیا کہنے بزرگی کے! یعنی انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کی جو بزرگی ہے، ان کی جو بڑائی ہے اس کے کیا کہنے! ثُمَّ وَفَّقَ مَنِ اصْطَفَى مِنْ أَتْبَاعِهِمْ پھر اللہ تعالیٰ نے انبیاءِ کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام کے پیچھے چلنے والوں میں سے جس کو چاہا یہ توفیق دی، کس بات کی توفیق دی؟ اس کی کہ: لِتَفَهُّمِ عُلُومِهِمْ کہ وہ ان کے علوم کو اٹھا لیں۔ نبوت کا علم تھا اور اس علم کو حاصل کر کے آگے امت تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائی، صَدَقَ اللّٰهُ الْعَظِيمُ۔