یہ کتاب ہے حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة اور تحریر فرمایا ہے حضرت اقدس شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے اسے۔ اور اس کتاب کا آغاز کرنے کی، پڑھنے کی سعادت آج ایک مرتبہ پھر مل رہی ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ اس کتاب کو پڑھا۔
اور آج سے ٹھیک ۳۰ برس پہلے سردی ہی کے دن تھے، دسمبر تھا، اور پہلی مرتبہ اس کتاب کو اور اس کے ترجمے کو دیکھنے کا اتفاق ہوا، اور جتنے عالی مضامین اس کے ہیں ان کے سمجھنے کی صلاحیت اب بھی نہیں ہے، اس وقت تو خیر کیا ہوتی! لیکن اساتذہ نے جو کچھ اس کے متعلق کہا تھا، جتنی مرتبہ بھی اسے پڑھا احساس یہ ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک ایسا شاہکار اور ایسی زبردست چیز شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے قلم سے نکلوائی جس کی آئندہ صدیوں میں بہت ضرورت تھی۔
کتاب سے پہلے بلکہ ایک ذرا سی بات اس کے موضوع کے متعلق ہے کہ کتاب کیوں لکھی گئی؟ ایک آدمی تفسیر لکھتا ہے اور اس کا موضوع قرآنِ کریم کی تفسیر ہوتا ہے، سب جانتے ہیں کہ قرآن کی شرح بیان کرے گا۔ ایک آدمی حدیث کی کسی کتاب کی شرح لکھتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ حدیث ہی کا ذکر اس کتاب میں آئے گا۔ دنیوی علوم میں بھی لے لیں کہ ایک کتاب کمپیوٹر کے موضوع پر ہے تو کوئی ڈاکٹر اسے نہیں پڑھتا اس لیے کہ اس کا موضوع نہیں ہے۔ جب اسے ضرورت پیش آئے گی تو پھر وہ کمپیوٹر کے لیے کتابوں سے رجوع کرے جو کمپیوٹر کے موضوع پر لکھی گئی ہیں۔
حضرت نے اس کتاب کو بنیادی طور پر تحریر فرمایا ہے شریعت کے نظام میں جو حکمتیں ہیں اس پر۔ چنانچہ پوری شریعت کو وہ اس کتاب میں لائے ہیں اور بتاتے ہیں کہ اس چیز میں کیا حکمت ہے، شریعت کے اس کام میں کیا مصلحت ہے، انسانی زندگی کیسے وجود پذیر ہوتی ہے، انسانوں کے اعمال اس کائنات پر کیسے اثر ڈالتے ہیں اور پھر ان اثرات کی وجہ سے اللہ کے ہاں سے جو فیصلے ہیں وہ کیسے ہوتے ہیں؟
تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کتاب میں جس چیز پر زور دیا ہے یا جس چیز کو کھولا ہے وہ دین کے اسرار ہیں۔ اور ابتدا ہی سے وہ بتاتے ہیں کہ ان کی منہج اور طریقہ کیا ہے۔ اور پھر وہ بتاتے ہیں کہ یہ کتاب انہوں نے خود سے نہیں لکھی بلکہ غیبی طور پر انہیں اشارہ ہوا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ خواہش تھی کہ شاہ صاحب اس موضوع پر کام کریں، اور انہوں نے اپنے خواب بھی اس سلسلے میں لکھے اور ان میں سے وہ چیز بھی ہے جو یہاں تو نہیں ہے لیکن ہم بیان کریں گے کہ کس طرح حضرت حسن رضی اللہ عنہ نے شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کو ایک قلم عنایت فرمایا اور انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے نانا حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا قلمِ مبارک ہے۔
اور شاہ صاحب نے یہ جو کتاب لکھی ہے اس کتاب کے بارے میں بہت سی باتیں مختلف مواقع پر آتی رہیں گی۔ بنیادی طور پر ایک چیز یہ کہ کس موضوع پر ہے، اور ایک چیز یہ ہے کہ جن لوگوں کا خیال یہ ہے کہ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ زندگی کے آخر تک اس کتاب کی تسوید میں، اس کتاب کو لکھنے میں مصروف رہے، کاٹتے رہے، چھانٹتے رہے اور عبارتوں میں کمی بیشی کرتے رہے، یہ خیال صحیح نہیں ہے۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ آپ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی باقی کتابوں کو جب آپ پڑھتے ہیں تو آپ کو حوالہ ملتا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ میں نے حجت اللہ میں یہ بات لکھی ہے۔ اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے متعدد مرتبہ اس کتاب کو پڑھا بھی ہے، پڑھایا بھی ہے، اور کراچی میں ایک نسخہ ہم نے دیکھا، بنوری ٹاؤن میں گئے تھے اور وہاں کے اساتذہ کی وساطت سے، اور وہ نسخہ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے خود پڑھایا بھی اور اپنے ایک شاگرد کو اپنے قلمِ مبارک سے لکھ کے دیا ہے کہ یہ نسخہ اس پہ میں نے اس اپنے شاگردِ عزیز کو پڑھایا ہے اور فلاں سن میں اس نے یہ کتاب مجھ سے پڑھی ہے۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے بعد اس کتاب کو لوگ ہمیشہ پڑھتے اور پڑھاتے رہے، مگر اس اونچے درجے کی چیز ہے کہ جس طرح ہر ایک علم میں ایک ہوتا ہے عمومی علم اور ایک ہوتی ہے اس علم کی ایسی کلاس جسے کلاسیکل کلاس کہتے ہیں، بہت اعلیٰ درجے کا، یہ ان علوم میں سے ہے جو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے اللہ تعالیٰ نے کھولے اور ان کی زندگی کا نچوڑ جو چیزیں کہی جا سکتی ہیں ان میں سے ایک کتاب ہے جو ان سے لکھوائی گئی۔
اس موضوع پر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے پہلے کن لوگوں نے کام کیا ہے؟ یہ کام تو حقیقت میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے سے ہی شروع ہو گیا تھا، احادیث میں آتا ہے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ایسے سوالات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھتے، قرآنِ کریم میں آیا ہے: ﴿يَسْأَلُونَكَ عَنِ الْجِبَالِ﴾ اور یہ لوگ آپ سے پوچھتے ہیں پہاڑوں کے متعلق کہ ان کی اصلیت کیا ہے؟ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ کھوج اور جستجو کہ یہ چیز کیا ہے، یہ شروع سے انسان کی طبیعت میں رہی ہے۔ اور انسانی طبیعت کا اگر آپ کہیں تو پھر وہ تو بہت قدیم سے رہا ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اللہ تعالیٰ کا کلام بارہا سنا اور پھر وہ وقت آ گیا جب انہوں نے چاہا کہ وہ زیارت کریں، تو یہ جستجو ہی تو ہے، طلب ہے۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جو سوالات کیے ہیں، قرآنِ کریم میں آئے ہیں پہاڑوں کے متعلق، دوسری جگہ آیا ہے کہ آپ سے پوچھتے ہیں: ﴿يَسْأَلُونَكَ عَنِ الْأَهِلَّةِ﴾ کہ یہ چاند کا نظام کیا ہے؟ تو یہ جستجو تھی کہ یہ کیا چیزیں ہیں؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے معراج سے واپسی پہ جو چیزیں بیان کی ہیں وہ بہت سے سوالات کے جوابات بھی تھے، اور سیدھا سادہ ایک سوال جو تھا وہ بہت سے ذہنوں میں پیدا ہوا ہوگا کہ ان آسمانوں سے اوپر کیا ہے؟ تو ترمذی وغیرہ کی روایات میں آتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا وہاں بھی ایسی چیزیں ہیں اللہ کی مخلوق ہے اور دنبے ہیں، دنبہ جو جانور ہوتا ہے بتایا وہ ہیں اور اس دنبے کا کھر اور اس کا ٹخنہ اس سے لے کے گھٹنے تک اتنا فاصلہ ہے کہ تم اتنے سو سال میں اس فاصلے کو گھوڑے پر طے کر سکو۔ یہ بتایا کہ وہاں پر سمندر ہیں اور ان سمندروں میں لہریں اٹھتی ہیں، اور بہت سی روایات ایسی آئی ہیں، ایک جگہ یہ بھی آیا ہے کہ ایسی لہر اٹھتی ہے کہ اگر اللہ اس کو قابو نہ کرے تو اس پوری کائنات کو ایک لہر لپیٹ کر لے جائے۔ تو یہ سب چیزیں انسانی جستجو کا حصہ ہیں، تو اسی لیے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسے سوالات کرتے تھے۔
اور پھر جب دین پھیلا ہے اور عربوں سے باہر نکلا ہے تو اس زمانے میں یہ فن تو تھا، یعنی کتاب و سنت سے ثابت تو ہوتا ہے کہ انسان چاہتا ہے کہ مختلف جو احکامات ہیں ان کے اسرار دریافت کرے کہ یہ حکم کیوں ہے؟ کیا وجہ ہے؟ اور ابتدائی زمانے میں یہ چیزیں تھیں، حدیث کا اگر کثرت سے مطالعہ کریں تو کئی جگہ پر ان چیزوں کے اثرات ملتے ہیں، اور اگر آپ اس کے بعد کا دور دیکھیں تو جب یہ دین عجم میں آیا ہے خاص طور سے جب ان ریاستوں نے دین قبول کیا جو آج روس نے آزاد کر دی ہیں، سمرقند، بخارا اور یہ سارے علاقے، تو یہ عجمیوں کا خون اسلام کو ملا اور یہ اپنے نظام میں ایک خاص طرح سے جیتے تھے، اور یہاں سے جو خون نیا اسلام کو ملا ہے اس میں یہ سوالات کا عنصر بہت زیادہ تھا، فلسفہ اور منطق اور یہ علوم یہاں کی خصوصیات میں کہے جا سکتے ہیں، تو یہ چیزیں پھر پھیلی ہیں اور پھر اس موضوع پر لوگوں نے لکھنا شروع کیا۔
اب ان چیزوں کو دیکھیں اگر تابعین اور تبع تابعین کے دور میں، تو بہت سے ائمہ مجتہدین اس بات کو بیان کرتے ہیں۔ ایک شخص نے امام مالک رحمۃ اللہ علیہ سے پوچھا کہ ہاتھ کاٹا جائے گا چوری میں؟ تو انہوں نے کہا کاٹ دیا جائے گا۔ تو اس نے کہا کہ کتنی چوری میں؟ تو انہوں نے کہا اتنے پیسے کی چوری میں۔ اس نے کہا ایک انگلی اگر کوئی کاٹ دے تو اس کی قیمت کتنی ہے؟ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا دس درہم، یا دینار جو بھی فرمایا۔ اس نے کہا دو؟ انہوں نے کہا اس کا دوگنا، تین گنا، چار گنا۔ تو اس نے کہا کہ چار انگلیاں اگر کاٹ دی جائیں تو ۴۰ درہم ہوئے، تو یہ قیمت ہو گئی کہ وہ ادا کرے، اور ۴۰ کے مقابلے میں وہ دس درہم کی کوئی چیز چوری کر لے تو پورا ہاتھ کٹ جاتا ہے، تو ہاتھ کی کیا قیمت ہے؟ تو امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے اسے بتایا اور انہوں نے کہا کہ جب تک ہاتھ امانت دار تھا اس کی قیمت زیادہ تھی اور جب ہاتھ چوری کرنے لگا تو پھر اس کی قیمت گھٹ کے یہ رہ گئی۔ کہ اتنی تھوڑی چوری پر بھی یہ کاٹا جا سکتا ہے۔ تو یہ حکمت ہی تھی کہ اس نے کہا کہ انگلیاں کٹ جائیں تو اتنے کم پیسے اور اس سے بھی کم پیسے پر جب چوری ہو تو ہاتھ کاٹ دیتے ہیں، یہ کیوں؟ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے اس کی حکمت بیان کی۔
حنفی فقہاء تھے، امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ سے، باقی لوگوں سے پوچھا گیا کہ ہبہ کا واپس کرنا کیسا ہے؟ ایک آدمی نے گفٹ کے طور پر کسی کو کوئی چیز دی اور وہ کہتا ہے کہ پھر سے واپس کرو اب، تعلقات خراب ہو گئے، کہتا ہے واپس کرو۔ تو ان حضرات نے فتوے میں کہا کہ یہ ناپسندیدہ ہے۔ تو لوگوں نے شور مچایا اور انہوں نے کہا حدیث میں یہ آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «كَالْكَلْبِ يَعُودُ فِي قَيْئِهِ» کتے کی طرح ہے جو قے کر کے چاٹ لیتا ہے، تو یہ تو حرام ہے، قے ناپاک ہے، اس کو کھانا اور چاٹنا تو حرام ہے اور آپ اس کے لیے ہلکا لفظ استعمال کرتے ہیں کہ ناپسندیدہ ہے، اچھا نہیں، صاف کہیں حرام! حدیث میں آ گیا۔
یہ مزاج ہے، ہم اصل موضوع سے ذرا سا ایک طرف ہو رہے ہیں، یہ مزاج ہے بہت لوگوں کا: حدیث میں یہ لفظ آ گئے ہیں لہٰذا اس سے تو ہٹنا ہی نہیں، کوئی صورت نہیں، بس جی حدیث پڑھ لی، حدیث کافی ہو گئی۔ ہم کہتے ہیں کہ حدیث کا فہم ہے، اللہ نے عقل دی ہے، کچھ اصول متعین ہیں، ان کو سوچو اور پھر بات کرو۔
ابھی کا واقعہ آپ سے عرض کرتے ہیں، ایک صاحب پہ نیا نیا یہ دورہ پڑا، دورے کی طرح ہیجانی کیفیت ہو جاتی ہے کہ بخاری شریف پڑھ لی، تو انہوں نے کہا میں نے تو حدیث میں یہ پڑھا ہے، یہ فتویٰ کیسے دے دیا؟ حدیث میں تو یہ آیا ہے۔ تو ہم نے عرض کیا کہ بھائی حدیث میں جو کچھ آیا ہے کیا حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے ہر ہر حکم کو ماننا فرض ہے، ضروری ہے؟ جی بالکل! میں نے کہا اگر کوئی نہ مانے پھر کیا ہو؟ کہنے لگے جی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، حدیث میں جو آ گیا ہے بس اس پہ عمل نہیں کرے گا کافر ہو جائے گا، حدیث تو ایسی ضروری چیز ہے کہ اس پہ عمل کرنا ہی کرنا ہے۔ ہم نے کہا سوچ کے بات کرو کہ ایک بات حدیث میں آئی ہے ایک آدمی کسی وجہ سے عمل نہیں، نہیں جی نہیں کوئی وجہ نہیں، ہمارا تو ایمان حدیث پہ ہے، بخاری شریف میں جو آ گیا آخری بات۔
ہم نے ان سے پوچھا کہ بخاری سے بھی زیادہ اگر بڑی چیز مل جائے پھر؟ کہنے لگے جی بس بات ہی نہیں، کافر ہے، آپ لوگ سب فتوے حنفی حدیثوں کے خلاف دیتے ہو۔ میں نے کہا یہ جو قرآنِ کریم میں آیا ہے اللہ نے کہا، اللہ تعالیٰ کی بات تو جھوٹی نہیں ہو سکتی، اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ میں نے اللہ نے وحی نازل کی، اللہ تعالیٰ نے کہا کہ وہ وقت بھی ہے جب آپ نے یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت زید رضی اللہ عنہ سے کہا کہ: ﴿أَمْسِكْ عَلَيْكَ زَوْجَكَ﴾ اپنی بیوی کو پاس رکھو، یعنی طلاق نہ دو۔ اور پوری تاریخ اور حدیث آپ کو خود قرآن بتاتا ہے، اللہ نے کہا: ﴿فَلَمَّا قَضَىٰ زَيْدٌ مِّنْهَا وَطَرًا﴾ جب زید نے اس سے طلاق دے دی۔ تو حضرت زید رضی اللہ عنہ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے ہیں کہ بیوی کو طلاق نہ دو، اس کے باوجود انہوں نے طلاق دے دی تو اب کیا فتویٰ ہونا چاہیے؟ سوچنے کی بات ہے نا! تو سٹپٹا گئے، میں نے کہا سوچو تو! انہیں تو فرمایا کہ طلاق نہ دو، انہوں نے طلاق دے دی، تو حکم نہیں مانا پھر کس درجے میں بات پہنچی؟
اسی طرح کتا ہے، قے کر کے چاٹ لے، تو اب کیوں حنفی فقہاء کہتے ہیں یا کوئی بھی فقیہ کہتا ہے کہ یہ ناپسندیدہ ہے؟ اس کی علت اور وجہ یہ ہے اسرار کی بات، حکمت کی بات۔ جب پوچھی گئی امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ سے تو انہوں نے کہا بھئی کتا جو قے کر کے چاٹ لے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے ہم اس کو مانتے ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانا کتے کے لیے ہے نا، تو کتے کے لیے اس کی قے حرام ہے یا حلال ہے یا جائز ہے ناجائز ہے، پہلے اس کا تو فیصلہ کرو! یہ تو نہیں فرمایا کوئی انسان چاٹ لے، کتا ہے کتا اپنی قے کر کے چاٹ رہا ہے۔ اب چپ! فرمایا: البتہ یہ چونکہ منظر دیکھنا، یہ فعل ناپسندیدہ ہے، برا لگتا ہے، اس لیے ہم کہتے ہیں کہ ناپسندیدہ ہے، ہم حرام کے درجے کو نہیں کہتے کیونکہ تشبیہ جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دی ہے اس فعل کی کراہت کو بیان کرنے کے لیے دی ہے کہ بری بات ہے، یہ تھوڑی ہے کہ حرام قرار دیا جائے۔ یہ ہے مجتہد کا دماغ، فقیہ کا دماغ۔
شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے اس موضوع پر کام کیا۔ تو یہ ابتدائی دور تھا، لوگ علتیں دریافت کرتے تھے کہ شریعت کے اس کام میں کیا فائدہ ہے۔ اس کی ایک آسان مثال، بلکہ سوال آپ کے سامنے رکھ کے آگے چلتے ہیں، بہت سے لوگوں کو اب بھی آپ دیکھیں گے کہ وہ کہتے ہیں ظہر اور عصر کیوں آہستہ آواز میں پڑھی جاتی ہیں؟ مغرب، عشاء اور فجر کیوں اونچی آواز میں پڑھتے ہیں؟ یہ سوال بہت سے لوگوں کے ذہن میں پیدا ہوتا ہے، اس کا مطلب ہے وہ اس کی حکمت جاننا چاہتے ہیں، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس پہ ایک جگہ بحث فرمائی۔
پھر آہستہ آہستہ لوگوں نے اسے باقاعدہ لکھنا شروع کیا۔ اور لکھنے میں بہت سے نام ہیں جو متقدمین کے ہیں اور انہوں نے شریعت کے اسرار و حکم پر بحث کی کہ شریعت نے یہ حکم کیوں بیان کیا ہے؟ امام رازی رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا، ان کی کتابیں بہت ہیں اس موضوع پر، اور امام رازی رحمۃ اللہ علیہ بہت آگے چلے جاتے ہیں کیونکہ بنیادی طور پر وہ فلسفے کے آدمی تھے۔ پھر ان کے بعد عز بن عبد السلام رحمۃ اللہ علیہ تھے، انہوں نے بھی اس موضوع کو چھیڑا ہے، لکھا ہے کچھ چیزوں کو، اور عز الدین بن عبد السلام رحمۃ اللہ علیہ کی کتابیں وہ بہت اچھی ہیں، لوگوں کو چاہیے کہ وہ پڑھیں تاکہ پتہ چلے کہ اس کام کے کرنے میں کیا فائدہ ہے، کیا نقصان ہے۔
اور اس سے بھی اگر آپ پیچھے جانا چاہیں تو اصول کی بات جو اشاعرہ اور ماتریدیہ میں اختلاف ہے۔ ان دونوں فرقوں کا ذکر آگے بھی آئے گا، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ جب علمِ کلام پہ بات کریں گے تو پھر وہ بتائیں گے شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہ وہ اشعری ہیں اور حنفی ہمیشہ ماتریدی رہے ہیں۔ اس کی تفصیل ہم نے وہاں بیان کی ہے جہاں عقائد پر بیان کیا ہے کہ اشاعرہ اور ماتریدیہ کیا چیز ہوتے ہیں، حنفی ہمیشہ ماتریدی رہے ہیں، بالعموم شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے آپ کو اشعری لکھا ہے، اشاعرہ اور ماتریدیہ یہ دونوں علمِ کلام کے امام سمجھے گئے ہیں اور ہیں بھی حقیقتاً۔ اشاعرہ جو تھے وہ ابو الحسن اشعری رحمۃ اللہ علیہ کے پیروکار ہیں اور ماتریدی جو ہیں وہ ابو منصور ماتریدی رحمۃ اللہ علیہ کے پیروکار ہیں، امام الہدیٰ کے نام سے عام طور پہ انہیں یاد کیا جاتا ہے۔
ان کے آپس کے جو ۹، ۱۰، ۱۲ اختلافات ہیں، اگر بڑھا دیں تو وہ تو ۵۰ سے بھی زیادہ ہو جائیں مگر اصولی طور پر ۱۰، ۱۲ ہی بنتے ہیں، ان میں سے ایک چیز یہ ہے کہ اشاعرہ سے پوچھا گیا اور ماتریدیہ سے کہ اللہ کے کام حکمت پر مبنی ہوتے ہیں یا نہیں ہوتے؟ اشاعرہ نے کہا: اللہ کے کام حکمت پر مبنی نہیں ہوتے، جو اللہ چاہے سو کرے، کوئی حکمت نہیں ہے، بس ٹھیک ہے خدا مالک ہے جو چاہے سو کرے۔ اور اس کے مقابلے میں ماتریدیہ سے جب پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: بالکل اللہ کے کام حکمت کے مطابق ہوتے ہیں، کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہوتی ہے، ہاں ہم اس حکمت تک نہیں پہنچ سکتے تو ہماری عقل کا قصور ہے مگر ایسے نہیں ہے کہ اللہ کے کام ایسے ہی ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے کسی کو کسی کام میں لگا دیا ہے اور اس کی کوئی حکمت ہی نہیں۔
حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے ایک جگہ اس کی مثال بھی دی ہے، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ شریعت کے احکامات ایسے نہیں ہیں کہ کسی آدمی نے جن قابو کر لیا اور اس نے اس جن کو کہا کہ تو پہاڑ پر یا درخت پر اترتا رہے، چڑھتا رہے، اترتا رہے، چڑھتا رہے، تو وہ اس نے اسے اس چیز میں لگا دیا بغیر کسی حکمت کے، شریعت ایسی نہیں ہے بلکہ اس میں ہر کام میں کوئی نہ کوئی حکمت اور مصلحت ہے، ہاں دو چیزیں ماتریدیہ نے کہیں: انہوں نے کہا ایک بات تو یہ ہے کہ وہ حکمت ہماری سمجھ میں خود آتی ہے یا نہیں یہ ایک الگ مسئلہ ہے، اور دوسرے ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اللہ جو چاہے کہ حکمت کے بغیر کوئی کام کرے تو نہیں کر سکتا، اللہ تعالیٰ کے اختیارات پہ تو کوئی پابندی نہیں لگا سکتا۔
تو اس لیے یہ مسئلہ تو وہاں سے اٹھا اور حنفیوں کے اس مسلک کو اور ابو منصور ماتریدی امام الہدیٰ رحمۃ اللہ علیہ کے اس مسلک کو ساری امت نے پھر قبول کیا، خاص طور پہ جو علماء تھے بلخ کے، خوارزم کے، یہ یہ خراسان کے اور جتنے یہ حضرات تھے انہوں نے اس چیز کو بہت زیادہ لیا کیونکہ ان کے دماغ پر عقلیات کا غلبہ بھی تھا اور وہ ہر چیز لاجیکلی (logically) ثابت کرنا چاہتے تھے کہ اس میں فائدہ کیا ہے، نفع کیا ہے، نقصان کیا ہے، کیوں اللہ نے یہ حکم دیا ہے؟ تو ایک ایک چیز پہ لوگوں نے پھر لکھنا شروع کیا۔ پھر عز الدین بن عبد السلام رحمۃ اللہ علیہ اگرچہ شافعی مسلک کے تھے، اشعری تھے لیکن انہوں نے لکھا۔
ابنِ خلدون نے لکھا ہے اور بہت کچھ لکھا ہے، وہ تو قید ہو گیا اور وہ جب آئے ہیں یہاں افریقہ سے، اسپین سے گزر کے علاقوں سے تو یہاں انہیں قید کر دیا گیا، اور جو قید جس نے کیا تھا اگرچہ اس کی حرکت تو بہت بری تھی لیکن اللہ نے اس جیل کو اور ان کی قید کو پوری امت کے لیے ایک بہت اچھی چیز کا باعث بنا دیا اور وہ اچھی چیز یہ تھی کہ انہوں نے اپنی قید میں ”مقدمہ“ جیسی ایک عظیم الشان کتاب لکھی، اور مقدمہ وہ کتاب ہے جو برسوں تک اب بھی اب بھی اہلِ علم اسے پڑھتے ہیں، پڑھاتے ہیں اور غور و خوض مطالعہ اس کا کرتے ہیں، فرانس میں اب بھی بعض یونیورسٹیوں میں یہ تھا کہ بعض محققین نے بڑی اس کتاب کی تعریف کی، اور ”مقدمہ ابن خلدون“ جو ہے وہ واقعی اس قابل ہے کہ اسے پڑھا جائے۔
اس کے بعد جو انحطاط کا دور شروع ہوا ہے دسویں، گیارہویں صدی میں اور عمومی طور پر پورے عالمِ اسلام میں سیاسی غلبہ آہستہ آہستہ مسلمانوں پر ختم ہوا، حکومتیں ختم ہونے لگیں اور پرتگیزی، فرانسیسی یہ لوگ غالب آنے لگے، تو ان لوگوں نے، فرانسیسیوں نے ایک کام دنیا میں یہ کیا کہ جہاں بھی یہ غالب آئے ہیں وہاں انہوں نے بے دریغ قتلِ عام کیا ہے۔ تو بڑے بڑے علماء انہوں نے قتل کر دیے اور مدارس کو بند کر دیا۔ تو جبراً جب مدارس کو بند کیا گیا اور علماء کو شہید کر دیا گیا تو فرانس کی زد میں آیا لبنان، جب فوجیں یہاں آ گئیں، پھر شام، مصر، یہ سارے علاقے جب فرانسیسیوں کی زد میں آئے تو انہوں نے علماء کا قتلِ عام کر دیا، مدرسے بند ہو گئے، ختم ہو گئے اور اب تک مدارس وہاں نہیں کھل سکے، نتیجہ یہ نکلا کہ جب علماء نہیں رہے، منبر نہیں رہا علماء کے پاس، حکومت کی تحویل میں چلا گیا تو حکومت چھپا چھپایا ایک بھیج دیتی ہے نوٹس جمعہ کو کہ جمعہ کا خطبہ یہ پڑھ دیں، نہ حکومت کے خلاف بات ہو نہ کسی اور کے خلاف بات ہو، اب تک مدارس کا وہ نہج قائم نہیں ہوا۔
پھر فرانسیسیوں کے مقابلے میں یہ سیاسی صورتِ حال دوسری طرف جب برطانیہ اٹھا اور اب جو امریکہ اٹھا ہے تو انہوں نے اس پالیسی میں یہ نہیں کیا کہ قتلِ عام کریں، بلکہ انہوں نے عوامی اور جہاں جہاں گئے ہیں وہاں کے لوگوں کی کچھ نہ کچھ رعایت ضرور کی، جمہوریت کی طرف کر دیا، عوام کی رائے کی طرف کر دیا، کچھ سیاستدانوں کو ساتھ ملا لیا، یہ کر لیا۔ ان دونوں میں، فرانسیسیوں میں، پھر برطانویوں میں اور اب زمانۂ حال میں امریکیوں میں، تینوں میں سیاسی طور پر یہ قدرِ مشترک رہی ہے کہ دنیا میں کہیں بھی عالمِ اسلام میں عوامی طاقت کی بنیاد پر کوئی انقلاب نہ آئے، اگر آئے گا تو ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔
کیونکہ اگر عوامی طاقت پر انقلاب آ جائے تو پھر عوام سے کون نمٹے؟ اس کی بجائے دو کام کر لو: یا تو وہاں کے سیاستدانوں کو لوگوں کو خرید لو، بادشاہت کر دو، بادشاہوں کو خرید لو، اور یا پھر بادشاہوں کو نہیں خریدتے تو ڈکٹیٹرشپ قائم کر دو، چند آدمیوں کو ڈیل کرنا آسان ہے، عوام کے ساتھ کون نمٹے؟ اور پھر اسی سلسلے میں جب ایران کا انقلاب آیا عوامی طاقت کے زور پہ، تو اس زمانے میں جو چیزیں انقلابِ ایران پہ لکھی گئیں خاص طور پہ امریکنز نے جو لکھی ہیں، وہ اگر آپ پڑھیں تو جو چیزیں ہم نے پڑھی ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ہے وہ تلخ تجربہ جو اس امتِ مسلمہ کی طرف سے ہمیں پیش آیا ہے، ہم نے ایران پر محنت نہیں کی اور مولویوں کو آزادی دے دی حتیٰ کہ خمینی اٹھا اور اس کا انقلاب آ گیا ہے، اور اس عوامی انقلاب کو رد کرنا ہمارے لیے ممکن نہیں ہے، اور یہ بازگشت اب تک سنائی دے رہی ہے کیونکہ اب معاملہ آ گیا ایران کے ایٹمی طاقت ہونے نہ ہونے کا، تو اب بھی وہ چاہتے ہیں کہ کچھ کریں لیکن پتہ ہے کہ اگر کچھ کیا تو پوری ایران کی عوام اٹھ کھڑی ہوگی کیونکہ وہ حکومت کی بیک پر ہے۔
اس سیاسی صورتِ حال میں پوری دنیا میں صرف یہ خطہ رہ گیا تھا پاکستان، برصغیر۔ یہاں کے علماء کو اس پیمانے پر قتل انگریزوں نے کیا بھی نہیں جتنا کچھ کہ یونان اور شام میں ہوا، وہاں مدارس کی عمارتیں بند کر دی گئیں، علماء کو قتل کر دیا گیا، جو نکلا ایک ایک دن میں دس دس ہزار علماء کو انہوں نے اس اٹھارہویں، انیسویں صدی کے آخر پہ اور بیسویں صدی کے شروع میں گردنیں اتروا دیں، بلا دریغ قتلِ عام ہو گیا، خود آپ دیکھیں اگر اسی پیمانے کا قتلِ عام فرض کر لیجیے پاکستان میں ہو جائے یا جو کچھ بھی ہوا ہے، عوام نے اس کا ساتھ نہیں دیا، اس کے خلاف احتجاج کو نہیں نکلے، فرانسیسیوں نے اپنا کام کیا لیکن برطانیہ نے ہندوستان میں اس وسیع پیمانے پہ کام کیا بھی نہیں اور کر بھی نہیں سکتے تھے کیونکہ انہیں پتہ تھا کہ لوگ اٹھ کھڑے ہوں گے، ۱۸۵۷ء میں جو کچھ ہوا، پھر ۱۹۲۰ء میں شیخ الہند رحمۃ اللہ علیہ کی تحریک میں اور تحریکِ خلافت میں جو کچھ ہوا، تو ان لوگوں نے جو قربانیاں دی ہیں یہ سیاسی حالات تھے، یہ مسلمانوں کا زوال تھا، سیاست پہ بحث بھی نہیں کرنی لیکن ایک نقشہ، تصویر اس لیے آپ کے سامنے رکھی کہ ان حالات میں اب تصنیف و تالیف کا کام کہاں ہوتا!
اب اتنے بڑے دماغ جو شریعت کی ایک ایک چیز کو لکھتے، دیکھتے، ثابت کرتے، ان حکم پر بحث کرتے، دسویں صدی کے بعد لوگ مایوس ہو گئے تھے کہ اب عالمِ اسلام میں کوئی اتنی بڑی شخصیت پیدا ہوگی؟ کیونکہ سیاسی انتشار میں اور ہندوستان میں مغلوں کا انتشار تھا، آخری آدمی جو امتِ مسلمہ کی آبرو اس ان ان دیار میں تھا اس کا انتقال ۱۷۰۷ء میں ہوا اور وہ اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ تھے، اور اورنگزیب کے بعد ۱۸۰۷ء، ۱۹۰۷ء، ۲۰۰۷ء، ۳۰۰ سال گزر گئے، ان ۳۰۰ سالوں میں اورنگزیب جیسا تو درکنار اس کا آدھا بھی کوئی نہیں پیدا ہوا۔
کیونکہ یہ چیزیں بنیادی طور پہ ایک طرف سے نہیں ہوتیں، اورنگزیب جیسے دس ہزار بھی پیدا ہو جاتے عوام اگر ماننے کو تیار نہ ہو تو وہ کیا کر لے گا؟ اس لیے جمہوری نظام اور یہ چیزیں اس وقت ہوتی ہیں کہ دوسری طرف سے بھی لوگ ماننے کو تیار ہوں نا، لیڈر تو جب لیڈر بنتا ہے جب عوام مانے، جب عوام مانے ہی نہ تو پھر تو اس کی پارٹی ایسی ہو گئی جیسے تانگے کی سواریاں ہوتی ہیں، کہتے ہیں نا تانگے کی سواریوں جتنی اس کی پارٹی ہے، تو عوام ہی نہیں مانتے، اس لیے کہ عوامی سطح پر وہ شعور نہیں رہا، تو لوگ تصور میں یہ لا چکے تھے کہ اب کچھ نہیں ہوتا، بس اللہ اللہ کرو اور اطمینان سے بیٹھو اور خدا کو یاد کرو۔
اللہ کی شان ہے، سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے شبلی پر جو کتاب لکھی، سید صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا یہ شاہکار کاش کہ مکمل ہو جاتا، سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے استاد پہ کتاب لکھی ”حیاتِ شبلی“ کے نام سے اور وہ پڑھنے کے قابل ہے، خاص طور پہ اس کا مقدمہ جو سید صاحب نے لکھا ہے وہ پڑھنے کے قابل ہے، ان کا خیال تھا کہ وہ اپنی کتاب کو دو جلدوں میں لکھیں گے۔ یہ جتنے بھی حالات ہیں یہ جان بوجھ کے بیان کر رہے ہیں اس لیے کہ اس کتاب کے حل کرنے میں کام آئیں گے اور پتہ چلنا چاہیے کہ کتاب کن حالات میں اللہ نے کیسا انعام ہندوستان پہ کیا۔ تو سید صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے دو جلدوں میں لکھنا تھا: ایک جلد اپنے استاد کے ذاتی احوال، ان کی زندگی کیسے گزری، بہن بھائی تھے، والدین تھے، خاندان تھا، کہاں پڑھا، کیا کیا، اس پہ، اور دوسرا انہوں نے اپنے استاد کے افکار پر بحث کرنی تھی کہ شبلی نعمانی نے دیا کیا اس امت کو اور کیا چیز ہندوستان میں انہوں نے نئی پیدا کر دی تھی، لیکن پہلی جلد بھی ان کے لیے لکھنی دشوار ہو گئی۔
صفحات کے صفحات ہیں جو اب بھی محفوظ ہیں لوگوں کے پاس، کہ سید صاحب رحمۃ اللہ علیہ اپنے استاد پہ لکھتے دو صفحے، چار صفحے اور اس کے بعد آنسوؤں سے تر ہیں سارے صفحات اور وہ روتے رہے بیٹھ کے، اور بڑی مشکل سے انہوں نے شاید یہ ایک ہزار کے قریب، ۹۰۰ کے قریب صفحات لکھے ہیں، بس وہ پھر چھپ گئے، اس کے بعد ان کا خیال تھا کہ دوسری جلد وہ لکھیں گے لیکن جو محبت اور تعلقِ خاطر تھا انہیں اپنے استاد سے وہ دوسری جلد ان کی تعلیمات پر نہیں لکھ سکے، پہلی جلد میں بھی انہوں نے جو چیز لکھی ہے وہ بالکل حقیقت کی عکاسی کرتی ہے، انہوں نے کہا لوگ بھول چکے تھے کہ رازی اور ابنِ خلدون اور عز الدین بن عبد السلام اور فلاں فلاں کے بعد اب کوئی ہستی بھی ایسی پیدا ہوگی جو شریعت کے اسرار و حکم پر بحث کرے گی، اللہ کا اللہ اللہ کی قدرت کو دیکھیے اور نیرنگیٔ زمانہ کہ اب دہلی میں ایک شخص پیدا ہوا اور پھر حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کا انہوں نے تذکرہ کیا ہے اور حجت اللہ کی ایک جگہ تعریف کی ہے، انہوں نے کہا تصور میں نہیں آ سکتا تھا کہ امت کے اس زوال کے دور میں اتنا بڑا آدمی آئے گا جس کی روشنی کے سامنے پچھلوں کے کارنامے ماند پڑ گئے۔
یہ بالکل حقیقت ہے۔ آپ کبھی فلسفے کو اور اس موضوع کو پڑھیں کہ شریعت نے کس چیز میں کیا حکمت بیان کی ہے تو ابنِ خلدون، رازی اور یہ سب لوگ جتنے پچھلے گزرے ہیں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے بچے نظر آتے ہیں، گھٹنے ٹیک کے ادب سے بیٹھے ہیں اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ امام ہیں، آخر پر آئے لیکن پچھلوں سے بڑھ گئے، بالکل اس میں مبالغہ نہیں ہے۔ ہمارے حضرت کہتے تھے مولانا ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ، وہ کہتے تھے ۱۲۰۰ سال کی تاریخ میں ایسی کوئی کتاب نظر نہیں آئے گی جیسی حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة لکھی ہے، اور پھر فرماتے تھے اگر کسی نے لکھی ہوگی تو اب تک سامنے نہیں آئی ہمیں علم نہیں ہے، اور حقیقت میں حجت اللہ کوئی آدمی پڑھے تو پھر عز الدین بن عبد السلام اور امام رازی کو خاص طور پہ پڑھنا بعض اوقات ایسے لگتا ہے کہ وہ تو کچھ بھی نہیں تھا، اصل بات تو وہ ہے جو حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بیان کی، اسی وجہ سے بڑے محتاط مورخین نے جن میں ہمارے حضرت مولانا ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ بھی شامل ہیں، انہوں نے لکھا کہ یہ کتاب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ ہے جو ان کی وفات کے بعد ظاہر ہوئے ہیں امت میں، ان میں سے ایک یہ کتاب حجت اللہ ہے۔
شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ، یہ تو کتاب کے متعلق کچھ باتیں تھیں تاکہ اندازہ ہو کہ یہ کتاب ایسے ہی نہیں ہے، اسی لیے اساتذہ اسے پڑھتے پڑھاتے رہے ہیں۔ جہاں تک مصنف کا تعلق ہے شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کا، وہ فاروقی النسل تھے۔ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ پہ بہت سی چیزیں چھپ گئی ہیں، کچھ لوگوں کا خیال یہ ہے کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا سلسلۂ نسب متصل نہیں ہے، بہرحال یہ تاریخی چیزیں ہیں ہمیں اس سے بحث نہیں، لیکن کتابوں میں عام طور پر یہی ملے گا کہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی اولاد میں سے تھے، اب شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا سلسلۂ نسب اور حضرت مجدد الف ثانی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ کا سلسلۂ نسب ایک جگہ پر پہنچ کے مل جاتا ہے۔
حضرت مجدد الف ثانی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ تو وہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے اولاد میں ایسے تھے کہ کئی جگہ ان کے مکتوبات میں دیکھیں تو کہتے ہیں کہ یہ بات جب میں نے سنی بے اختیار رگِ فاروقی اندر حرکت میں آید، میری فاروقیت کی رگ پھڑک اٹھی۔ تیزی ہے! ایک جگہ کسی نے لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ عالم الغیب نہیں ہے، حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کا قلم وہ اتنی اتنی شدت ہے اس میں، فرماتے ہیں: «مخدوما! فقیرا استماع و انتشاق ایں سخنان اصلاً تاب نیست» میرے مخدوم! فقیر کو ان باتوں کے سننے کی ہمت ہی نہیں پڑتی، بے اختیار رگِ فاروقی اندر حرکت میں آید، بے اختیار میری فاروقیت کی رگ پھڑک اٹھتی ہے، «و فرصتِ تاویل و توجیہ نمی دہد» اور کوئی جس نے بھی کہا ہے، الزام تو یہ لگا ہے ابنِ عربی رحمۃ اللہ علیہ پہ، اور حضرت کہتے ہیں کہ کوئی بھی جس نے بھی یہ لکھا ہے اس کے اس جملے کی کیا حقیقت ہے، کیا اس کی تفصیل ہے، کیا اس کی توجیہ ہے، اس کا مطلب کیا تھا، مجھے فرصت نہیں دیتی فاروقیت کہ میں اتنا غور کر سکوں، اللہ نے خود اپنے آپ کو عالم الغیب کہا ہے، اللہ تعالیٰ نے خود قرآن میں یہ لفظ استعمال کیا ہے اور ہمیں ابنِ عربی کی کوئی ضرورت نہیں ہے محمدِ عربی درکار ہیں صلی اللہ علیہ وسلم، اور پھر کہتے ہیں کہ فتوحاتِ مدنیہ از فتوحاتِ مکیہ مستغنی کردہ، فتوحاتِ مکیہ جو حضرت نے لکھی ہے مدینہ منورہ کی فتوحات نے اس سے ہمیں بالکل بے نیاز کر دیا ہے، این قدر بس نیست کہ ایشاں را معذور داریم، اتنا کافی نہیں ہے کہ ہم ان صوفیوں کو معذور سمجھیں، و ملامت ہم نہ کنیم، اور ہم انہیں شرمندہ نہ کریں؟ اور پھر حضرت نے جو کچھ لکھا ہے سو لکھا ہے۔ حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے ہاں بھی نسب کے معاملے میں فاروقیت ہے۔
اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے آباؤ اجداد جو تھے یہ سب سے پہلے آ کر ٹھہرے ہیں روہتک، ہندوستان میں جگہ ہے، اور یہ لوگ روہتکی ہیں سارے اصل میں، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے جو دادا تھے شیخ وجیہ الدین، بڑا مقام اللہ نے انہیں دیا تھا، بہت اپنے زمانے کے اولیاء اللہ میں سے تھے اور روہتک میں قضاء کا منصب ان کے پاس تھا، شہر کے محتسب تھے لیکن بڑی نرمی سے اصلاح کرتے رہے، حتیٰ کہ انہیں ایک مرتبہ ایک کیفیت ان پر طاری ہوئی اور نماز کے دوران، پھر نماز کے بعد ایسے لگتا تھا جیسے ان کی روح نکل گئی۔ بہت دیر کے بعد جب انہیں ہوش آیا تو ان کے ساتھ جو لوگ تھے انہوں نے پوچھا آپ کو کیا ہوا؟ تو انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے شہادت کا مقام مجھے دکھایا کہ شہید کے کتنے بلند رتبے ہیں تو میں اس عالم میں چلا گیا تھا، پھر وہ کہتے تھے کہ اللہ تعالیٰ شہید مجھے بھی بنا دے، اس درجہ دے شہادت کا، تو یہ پھر نکلے، انہیں بتایا گیا کہ فلاں جگہ پہ تمہاری شہادت ہے تم چلے جاؤ، پھر وہ اس سے آگے چلے گئے، پھر بتایا گیا وہ مقام تو تم پیچھے چھوڑ آئے ہو، پھر وہاں گئے، شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے ان کے حالات لکھے ہیں، ان کے واقعات بیان کیے ہیں، اور پھر وہ اس جگہ پر پہنچے جہاں ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ ہوا اور ان کی شہادت ہو گئی۔
اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی دوسری طرف جو تھی ننھیال ان کا، وہ بھی بہت بڑے لوگ تھے اور شیخ محمد تھے پھلت کے، پھلت ایک قصبہ ہے ہندوستان میں اور وہاں اب تک شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی چیزیں موجود ہیں، جو انہوں نے فزیکلی چیزیں استعمال کی ہیں بہت سی چیزیں حضرت کی وہاں پہ موجود ہیں، شیخ محمد پھلتی تھے وہاں سے ان لوگوں کا آپس میں رشتہ جڑا اور اس سے پھر آگے ان کی نسل چلی ہے، شیخ محمد رحمۃ اللہ علیہ جو تھے وہ بھی اپنے وقت کے اولیائے کرام میں سے تھے، حضرت نے لکھا ہے کہ میرے جو میرے جو نانا تھے ان کا حال یہ تھا کہ وفات تک ۱۲ ہزار مرتبہ اسمِ ذات روزانہ کیا کرتے تھے، اور سفر ہو، گھر پہ ہوں، بیمار ہوں، صحت مند ہوں دو پارے روز تلاوت کرتے تھے، نہیں چھوڑتے تھے، اور ایک ہزار مرتبہ درود شریف پڑھتے تھے۔
اور جب باری آئی ان کی اپنے وفات کی تو انہوں نے اپنے بیٹے بیٹیوں کو بلایا، تو ظاہر ہے ان کی بیٹیوں میں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی والدہ بھی تھیں، نانا جو ہوئے، تو انہوں نے پھر اپنی چیزیں تقسیم کیں اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کہا کہ مجھے ان چیزوں سے فائدہ پہنچا۔ پھر اسی طرح ان کے ننھیال میں اور بڑے بڑے لوگ گزرے ہیں۔
شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ ان کے والد تھے اس لیے شاہ ولی اللہ بن شاہ عبد الرحیم کہا جاتا ہے، شاہ دو طرح ہندوستان میں استعمال ہوتا تھا: ایک ہے نام کے آخر پر شاہ کا آنا یہ لفظ، جب نام کے آخر پر آتا تھا تو اس کا مطلب یہ تھا کہ یہ سید ہیں، ہمارے ہاں بھی ہوتا ہے کامران شاہ مثلاً نام ہے، تو وہ سید ہوتا ہے شاہ آخر پہ آ جاتا ہے، اور جب وہ سید نہ ہو لیکن آدمی بڑا ہو یعنی وہ فاروقی ہو، صدیقی ہو، بڑے ان خاندانوں سے تعلق رکھتا ہو تو اس میں شاہ جو ہے وہ نام کے آغاز میں آ جاتا ہے، مثلاً مشہور سیاسی لیڈر تھے مولانا شاہ احمد نورانی، تو وہ تھے صدیقی اصل میں، ان کا خاندان اب بھی ہے یہ لوگ صدیقی ہیں لیکن شاہ جو آغاز میں آتا ہے وہ ان کی عظمت کے لیے کہ یہ ان کا نسب حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ سے جا کے ملتا ہے۔ بہشتی زیور کے آپ پرانے نسخے دیکھیں تو اس پہ لکھا ہوا ہوگا الشاہ اشرف علی تھانوی، یہ جو الشاہ پہلے آتا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ مولانا تھانوی رحمۃ اللہ علیہ چونکہ فاروقی تھے نسب کے اعتبار سے تو ان کا خاندان خلفائے اربعہ میں سے کہیں جا کر ملتا ہے تو وہ پھر پہلے شاہ لکھ دیتے ہیں، اسی طرح عثمانی کبھی کبھی اپنے آپ کو شاہ لکھتے ہیں، البتہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی وہ اولاد جو حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے نسب سے ہے یہ اپنے آپ کو شاہ لکھتے ہیں لیکن نام کے آخر میں۔ تو شاہ عبد الرحیم اس لیے کہتے تھے کہ یہ لوگ فاروقی تھے، شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بھی لکھا ہے، انہوں نے اپنی والدہ کا لکھا ہے شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کہ میرے جو نانا تھے ان کا انہوں نے بڑے عجیب و غریب واقعات بیان کیے، اولیائے کبار میں سے تھے اپنے زمانے کے، اور انہوں نے اپنی وفات سے پہلے جب اپنی چیزیں تقسیم کیں تو انہوں نے اپنے سب بیٹوں کو، بیٹیوں کو جائیداد، کچھ نہ کچھ چیزیں دیں اور یہ شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی جو والدہ تھیں انہیں بلایا اور اپنی اس بیٹی کو اپنا شجرۂ نسب دیا، سندیں دیں اور وظائف سکھائے اور کہا یہ کرو، تو سب نے کہا کہ اس کے لیے جہیز کی فکر ہونی چاہیے، تو انہوں نے کہا جہیز کا اللہ مالک ہے وہ ہو جائے گا مگر اس کی نسل میں کوئی ایسی بات ہے اور یہ اسے نفع دے گی، شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو نفع پہنچا۔
اسی طرح شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کی جو حقیقی نانی تھیں ان کے ساتھ بھی ایسے ہی ہوا، یہ جو حضرت کے نانا تھے حقیقی شیخ محمد پھلتی انہوں نے بھی اس چیز کو دیکھا تھا، انہوں نے شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی والدہ کو، اپنی بیٹی کو بہت چیزیں سکھائیں، تو لوگوں نے کہا کہ آپ اپنی بیٹی کو کیا دے کے جا رہے ہیں وفات سے پہلے؟ تو انہوں نے کہا مجھے بتایا گیا ہے کہ میری اس بیٹی کے اولاد میں ایک بہت بڑا آدمی ہے اور میں نے اس کی بات خواب میں دیکھی ہے، تو میں اپنی بیٹی کو جو کچھ دے رہا ہوں اصل میں اپنے نواسے کے لیے دے رہا ہوں۔
یہ ساری چیزیں بتاتی تھیں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق کہ یہاں کوئی نہ کوئی چیز ہے، اور شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ بھی یہی ہوا ہے، ان کی اولاد نہیں بچتی تھی تو پہلی جو اولاد بچی ہے شاہ عبد العزیز صاحب محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ، تو انہیں وہ لے گئے اور جا کر ان لوگوں نے جب عورتیں تھیں نا تو جب وہ جنم لیا انہوں نے تو انہیں جا کر مسجد کے محراب میں چھوڑ آئے، کچھ دیر کے لیے لٹا دیا کہ اللہ یہ تیرے حوالے ہے اس کی زندگی چاہیے، شاہ عبد العزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ تو خیر بڑے آدمی تھے۔
شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت ہوئی ہے اورنگزیب رحمۃ اللہ علیہ کے بالکل آخری دور، خاندان بڑا تھا، انہوں نے اپنے والد شاہ عبد الرحیم صاحب پر کتاب لکھی ہے ”بوارق الولایۃ“ کے نام سے اور اپنے والد کے حالات بیان کیے ہیں، شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ حقیقی معنی میں اللہ نے ان میں بڑی چیزیں جمع کر دی تھیں، وہ اتنے بڑے فقیہ تھے کہ یہ جو فتاویٰ عالمگیری لکھا گیا ہے اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ چاہتے تھے کہ انہیں اس میں شامل کریں، وہ نہیں آئے، اپنے تقویٰ کی وجہ سے اور حکومت سے دور رہنے کی وجہ سے وہ نہیں آئے وگرنہ اللہ نے علم بہت انہیں دیا تھا، اور پھر انہوں نے حضرت نے جو اپنے والد پہ کتاب لکھی ہے ”بوارق الولایۃ“، ”انفاس العارفین“ کے نام سے بھی مل جاتی ہے، اس میں انہوں نے ان کی کرامتیں بھی بیان کی ہیں، اولیائے کرام میں سے تھے، بہت کم لوگوں نے اپنے والد کے حالات لکھے ہیں، تقی الدین سبکی نے ”طبقات الشافعیہ“ ایک کتاب لکھی ہے اپنے والد تاج الدین سبکی کے حالات انہوں نے اس میں بیان کیے ہیں، اسی طرح یہ فرنگی محل میں مولانا عبد الحئی صاحب رحمۃ اللہ علیہ تھے انہوں نے بھی اپنے والد مولانا عبد الحلیم فرنگی محلی کے حالات بیان کیے، ”حسرۃ العالم بوفاۃ مرجع العالم“ کے نام سے انہوں نے کتاب لکھی ہے، خیر! شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ بہت اللہ اللہ کرنے والے بزرگ تھے، جب عمر زیادہ ہوئی ان کی تو انہیں کسی نے کہا کہ یہ جو تم اللہ کا نام لیتے ہو باقاعدہ کہیں پر جاؤ اور اللہ کا نام سیکھو۔
ان پچھلی ۱۵ صدیوں میں پہلی دو ایک صدیاں نکال دیں آپ، تابعین، تبع تابعین کا دور بھی نکال دیں اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ضمانت لی تھی، باقی ۱۱۰۰، ۱۲۰۰ سال میں جتنے لوگ تصوف کے ناقد ہیں، جتنی تنقید کرتے ہیں ہم انہیں کہتے ہیں ان میں سے ایک شخص ایسا بتاؤ ان ۱۲۰۰ سالوں میں جس نے خدا کے دین کے لیے کوئی کام کیا ہے اور بنیادی طور پر اس نے جا کر کہیں خانقاہوں میں زندگی نہیں گزاری، اللہ اللہ نہیں کیا، کہیں پہ بیعت نہیں ہوا، ایک آدمی نکال کے لے آؤ!
پہلے ذکر کرتے تھے ابنِ تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ کا، اب ابنِ تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق بھی ہمیں کئی شواہد ایسے ملے کہ یہ شخص بھی بنیادی طور پہ شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے سلسلے میں کہیں نہ کہیں کوئی چیز تھی، اور کتابیں آ جائیں گی شیخ کی کتابیں تو ابھی چھپ رہی ہیں، ابھی پچھلے سال سعودیہ نے ابنِ تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ کی ایسی کتابیں چھاپی ہیں جو اب تک پتہ ہی نہیں تھا، اب کل کو ایسی کتاب آئے گی تو ہمیں معلوم ہے پھر جھگڑا اٹھے گا کہ نہیں یہ شیخ کی کتاب نہیں ہے، پھر محققین ثابت کریں گے کہ شیخ ہی کی کتاب ہے، تو بہرحال کوئی ایک آدمی ان ۱۲۰۰ سالوں میں بتاؤ بھئی جس نے خدا کے دین کے لیے کام کیا ہے اور بنیادی طور پر اس کا تعلق بیعت کا، ذکر و اذکار، یہی اللہ اللہ کرنا کہیں نہیں تھا؟ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ جیسی بڑی ہستی ہے، بیعت تھے اپنے والد سے، ان کے والد کہاں سے بیعت تھے؟ ان کے والد جو تھے وہ گئے تھے بیعت ہونے کے لیے خواجہ عبید اللہ احرار، ان کے پاس، خواجہ باقی باللہ رحمۃ اللہ علیہ کے بیٹے تھے عبید اللہ ان کے پاس، تو انہوں نے نصیحت کی اور انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ تم میرے والد حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء میں سے کسی بڑے خلیفہ کے خلیفہ کو دیکھو۔
حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء میں سے بہت بڑی ہستیاں دو ہی تھیں: ایک خواجہ معصوم صاحب تھے ان کے صاحبزادے، اور ایک تھے خواجہ آدم بنوری، یہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ ہیں علم اللہ، یہ تھے جنہوں نے رائے بریلی میں ایک جگہ اپنا مسکن بنا لیا، جنگل میں رہنے لگے، یہی شاہ علم اللہ رحمۃ اللہ علیہ ہیں جن کے کی نسل میں آگے چل کر سید احمد شہید رحمۃ اللہ علیہ ہیں، مولانا ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ ہیں، یہ سارا ایک سلسلہ خواجہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ شاہ علم اللہ صاحب تک پہنچتا ہے، خواجہ آدم بنوری اتنے قوی النسبت بزرگ تھے کہ شاہجہان زمانے کے بادشاہ شاہجہان بادشاہ کے زمانے میں لاہور آئے۔ اور بغیر مبالغہ تو خیر بہت بڑی بات ہے اس کو چھوڑ دیں، لکھا ہے کہ ۶ لاکھ سے زیادہ افراد ساتھ چل رہے تھے، لاہور شہر گویا اجڑ گیا اور ساری مخلوق خواجہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ چل پڑی، شاہجہان بادشاہ نے دیکھا تو اس نے اپنے وزیرِ اعظم سعد اللہ سے پوچھا کہ یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا یہ درویش ایک آیا ہے، تو اس کا اس نے کہا کہ یہ تو حکومت کے لیے خطرہ ہو سکتا ہے، تو اس نے کہا میں کچھ کرتا ہوں۔
تو سعد اللہ بڑے قابل آدمی تھے، بڑے ذہین تھے، ان کی ایک الگ تاریخ ہے، وہ آئے خواجہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ کے سامنے چابیاں رکھ دیں اور کچھ اور چیزیں بھی، تو حضرت نے فرمایا یہ کیا ہے؟ تو اس نے کہا حضرت حکومت میں بس اب یہی رہ گیا ہے باقی، خزانے کی چابیاں رہ گئی ہیں، تاج رہ گیا ہے وہ بھی آپ لے لیں! تو حضرت نے فرمایا کیوں شاہجہان کا کیا ہے؟ انہوں نے کہا انہوں نے آپ کے یہ چیز دیکھی ہے انہیں تشویش ہے، فرمایا پھر کیا چاہتے ہو؟ انہوں نے کہا جی آپ حرم چلے جائیں۔ حضرت خواجہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ تشریف لے گئے تھے وہیں انتقال ہو گیا۔ خواجہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ تھے یا پھر ادھر دوسرے خواجہ معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ تھے، اور خواجہ معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اورنگزیب نے خط لکھا ہے خواجہ معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو کہ میری روحانی تربیت کے لیے تشریف لائیے اور مجھے کچھ بتائیے، حضرت نے اپنے ایک بیٹے کو بھیجا ہے، حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کے پوتے ہوئے نا، انہیں بھیجا ہے کہ جاؤ اور بادشاہ کی تربیت کرو، اور انہوں نے اپنے خط میں حضرت کو لکھا ہے کہ الحمد للہ اورنگزیب بادشاہ سلامت جو ہیں اب وہ سلوک اور تصوف کا یہ ذکر کر رہے ہیں اس مقام تک پہنچ گئے ہیں، یوں مراقبات ہوتے ہیں اور میں ان کی نگرانی کرتا ہوں، اپنے والدِ گرامی قدر خواجہ معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو لکھا ہے۔
تو یہ جو شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے والد تھے جب یہ گئے خواجہ باقی باللہ رحمۃ اللہ علیہ کے بیٹے کے پاس، خواجہ عبید اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے پاس، تو انہوں نے کہا بھئی دیکھو! تم بیعت اس جگہ سے کرو جہاں تمہارے شیخ کہیں قریب ہوں تاکہ تربیت ہو سکے۔ یہ بڑی بات ہے کہ لوگ تربیت کے معاملے میں دو چیزوں میں ٹھوکر کھاتے ہیں: بیعت بھی ہوتے ہیں، تعلق بھی ہوتا ہے لیکن دو مقامات بڑے مشکل ہوتے ہیں اور کوئی کہتا نہیں۔ ایک تو جہاں شیخ کے مرید بہت زیادہ ہو جائیں وہاں تربیت بڑی دشوار ہوتی ہے، ۱۰ ہزار مرید ہو گئے، ۵۰ ہزار ہو گئے، لاکھ ہو گئے، ہمارے مشائخ میں ایسے بھی گزرے ہیں کہ ان سے ۵، ۵ ہزار آدمی بیک وقت بیعت ہو گیا لیکن ہوتا کیا ہے؟ اب تربیت کے لیے براہِ راست جو شیخ سے تعلق ہونا چاہیے تھا وہ نہیں رہتا۔ اس لیے جو بڑے اور عقلمند لوگ تھے وہ اپنے خلفاء کے حوالے کر دیتے تھے، کہتے تھے اچھا ۱۰۰ آدمی بیعت ہو گیا وہ کہتے تھے تم فلاں سے تعلق رکھو، تم فلاں سے رکھو، فلاں سے رکھو، کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ یہ جو لوگ بیعت ہوتے ہیں ان کا حق بنتا ہے۔ ایک یہ مشکل مقام ہے کہ لوگ مشائخ کی شہرت کی وجہ سے جا کے بیعت ہو جاتے ہیں اور تربیت کا کچھ معاملہ نہیں کر سکتے، براہِ راست شیخ سے تعلق تو درکنار دیکھنے تک کی کبھی کبھی نوبت نہیں آتی اتنی زیادہ۔ اور دوسرا مشکل معاملہ اس وقت پیش آ جاتا ہے جب لوگ یہ سمجھیں ہمارے زمانے میں کہ کسی آدمی کی تربیت جماعت سے ہو سکتی ہے، نہیں ہوتی! فرد کی فرد سے تربیت ہوتی ہے، جماعت سے تربیت نہیں ہوتی، جماعت کتنی صالح، کتنی اچھی کیوں نہ ہو اس میں شبہ نہیں ہے لیکن کون اس جماعت میں ایسا ہوگا جو پکڑ کر بٹھا کے سمجھائے، دو تھپڑ مارے کہ یہ غصے میں کیا حرکت کی ہے؟ شیخ تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے، وہ تو پکڑ لیتا ہے، وہ تو کہتا ہے یہ خط لکھو، یہ چیز بتاؤ مجھے یہ کیوں کیا ہے تم نے؟ یہ کیسے ہو گیا؟ شاباش بھی دیتا ہے کہ بہت اچھا کیا ہے، حوصلہ بھی بڑھاتا ہے اور بھٹی سے بھی نکالتا ہے، وہ اپنے اپنے وقت پہ، کوئی جماعت ایسی نہیں ہوتی کہ وہ ایک ایک فرد کی ایسے تربیت کر سکے، تو لوگ اس میں آ کے اپنے نصب کو بھول جاتے ہیں، نصب العین سے مطلب یہ کہ تزکیہ نہیں ہو سکتا۔ تو یہ دونوں مقامات بڑے مشکل ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ چلے جاؤ عبد الرحیم اور وہاں بیعت ہو جہاں تمہارے شیخ کہیں قریب ہوں۔
شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ جب آئے ہیں تو ان کے قرب و جوار میں وہاں دہلی میں رہتے تھے وہ تھے وہ تھے سید عبد اللہ، اور وہ خلیفہ تھے خواجہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ کے، یہ سید عبد اللہ سے بیعت ہو گئے، پھر سید عبد اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے انہیں اجازت بھی دی، خلافت بھی دی۔ تو خواجہ آدم بنوری ان کا سلسلہ جو بنا تصوف میں وہ یہ کہ شاہ عبد الرحیم اور پھر سید عبد اللہ اور پھر خواجہ آدم بنوری اور پھر حضرت مجدد الف ثانی سرہندی رحمۃ اللہ علیہم، یہ چار سلسلے بن گئے ان کے یعنی چار واسطے ان کے بن گئے اور پھر انہوں نے بڑی ترقی کی، بہت ترقی کی۔ سید عبد اللہ ایک دن جب انہوں نے اجازت دی انہیں تو انہوں نے کہا میں تمہیں اجازت تو دے دی مگر تمہارا میرا تعلق بہت شروع سے ہے، تو شاہ ولی اللہ کے والد شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کہا کہ حضرت کیسے؟ تو انہوں نے کہا میں ایک مرتبہ تمہاری گلی سے گزر رہا تھا تو تم بچوں میں کھیل رہے تھے تو سعادت، نیکی، تقویٰ کا نور اس وقت بھی تمہارے چہرے پہ تھا تو میں نے اللہ سے دعا کی، میں نے کہا اللہ اس شخص کو اپنے اس بچے کو اپنے دوستوں میں شامل کر لے۔ تو فرماتے ہیں جس دن تم بیعت ہونے آئے تو مجھے یاد آیا کہ میں نے اس طرح تمہیں ایک دن گلی میں کھیلتے دیکھا تھا اور تمہیں دعا دی تھی۔ عجیب و غریب چیزیں ہیں۔
یہ چیزیں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے خود لکھی ہیں اپنے والد کے متعلق کہ میرے والد ایسے تھے، شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیم، تربیت ابتدائی طور پہ والد نے کی، یہاں تک کہ جب یہ ۱۷ برس کے ہوئے ہیں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ تو والد کا انتقال ہو گیا۔ ۱۴ برس کے تھے ان کے والد نے انہیں بلایا اور اس وقت کافی کتابیں پڑھ چکے تھے اور فرمایا کہ تمہاری شادی کرنا چاہتا ہوں۔ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے کہا میں نے والد سے کہا کہ میری عمر تو ابھی ۱۴ برس ہے، تو انہوں نے کہا مجھے بتایا گیا ہے کہ اگر اب تمہاری شادی نہ ہوئی تو کئی برس تک نہیں ہو سکے گی۔ اور پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے میں چپ ہو گیا پھر انہوں نے میری شادی کر دی، لیکن شادی کے بعد مسلسل خاندانی طور پہ جو اموات ہوتی رہیں، چھ مہینے بعد اس کا انتقال ہو گیا، سال بعد اس کا انتقال ہو گیا، فلاں چل بسا، فلاں چل بسا، تو بہت دیر میں جا کر یہ سلسلہ رکا تو مجھے خیال ہوا کہ اگر اس وقت والد صاحب شادی نہ کر دیتے تو پھر یہ مدتوں نہیں ہو سکتی تھی۔ خیر! تو ۱۷ برس کی عمر میں شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کو اجازت بھی دی، خلافت بھی اور بار بار وفات کا مرض تو ایسا تھا گویا جو کچھ شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ہاں تھا سو صحیح معنی میں کہنا چاہیے انڈیل دیا انہوں نے اپنے بیٹے پہ، ہاتھ پکڑ لیا، شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں وفات اسی حال میں ہوئی کہ میرا ہاتھ پکڑ کے سینے پہ رکھا اور محبت سے پھیرتے تھے اور بار بار فرماتے تھے کہ: «يَدُهُ كَيَدِي» اس میرے بیٹے کا ہاتھ میرا ہی ہاتھ ہے، اس کا ہاتھ میرا ہی ہاتھ ہے۔ پھر ان کا انتقال ہو گیا۔
شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے اس کے بعد سفر اختیار کیا ہے حرمین شریفین کا، جب وہ ۲۰، ۲۲ برس کے تھے، اور وہاں جو کچھ انہوں نے دیکھا اور سنا ہے یہ اس لیے بیان کر رہے ہیں کہ یہ کتاب ہے عقلیات کی، عقل کی باتیں ہیں، اور عقلیات کا غلبہ جب ہو جاتا ہے تو یہ لوگ نکتہ چینی کرتے ہیں تصوف پہ، یہ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی باتیں ہیں، اپنے پاس سے ہم کہہ نہیں رہے، شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ ۲۰، ۲۲ برس کی عمر میں جب پہنچے نا حرمین شریفین، گئے تھے وہ حدیث پڑھنے کے لیے، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے وہاں جا کر جو کچھ انہیں ملا ہے حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جو تعلقات رہے ہیں، ”الاربعین“ نام سے شاہ صاحب نے ایک کتاب لکھی ہے وہ پڑھ لیں۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اس میں بار بار کہتے ہیں کہ یہ چیز پیش آئی، یہ چیز پیش آئی، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے یہ کہا، میں نے ان سے یہ کہا، میں نے یہ درخواست پیش کی، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے کہا ہندوستان چلے جاؤ تم سے وہاں کام کیا جائے گا، پھر حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے روضۂ مبارک پہ میں لیٹا ہوا تھا مجھے یہ الہام کیا گیا، روحِ مبارکہ کو میں نے دیکھا میرے سامنے اس طرح آئی۔
خود شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ اپنے آباؤ اجداد کے ذکر میں کہتے ہیں، یہ اس لیے کہ جو لوگ فتوے دیتے ہیں انہیں سوچنا چاہیے کہ اس کی زد کہاں کہاں جا کر پڑتی ہے، انہوں نے کہا میرے فلاں جد امجد جو تھے وہ فلاں بزرگ وہ کہتے تھے میں روضۂ مبارک پہ بیٹھا اور تھوڑی دیر کے بعد میں نے دیکھا حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرۂ مبارک ہے، جسمِ مبارک، پھر روحِ مبارکہ آ گئی اور وہ بعینہٖ ایسے باہر تشریف لے آئے اپنے روضۂ مبارک سے کہ میں نے عالمِ بیداری میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بیٹھ کے باتیں کیں۔ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کو گزرے ہوئے عرصہ ہی کتنا ہوا ہے بھئی! فتویٰ جب دینا ہو تو پھر یہ بھی سوچنا چاہیے کہ اس کی زد میں کون کون آتا ہے، اس لیے بعض صوفیاء جو یہ کہتے ہیں نا کہ ان کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عالمِ بیداری میں ملاقات ہوئی یہ ہے صحیح کچھ نہ کچھ، یہ الگ بات ہے کہ کسی کے ادراک میں نہ آئے اور اس مقام تک کسی کی رسائی نہ ہو مگر ایسے بھی انکار نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ، ”الاربعین“ اگر آپ ان کی کتاب دیکھیں تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس میں اپنی ۴۰ مرتبہ کی گفتگو یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت یا جو چیزیں ہیں اس میں انہوں نے لکھ دیں۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث وہاں پڑھی، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے خوب دل لگا کر پڑھی اور اس دل لگانے کا جو مسئلہ ہے، دلیل ہے وہ یہ کہ شیخ ابو طاہر نے جب انہیں حدیث کی اجازت دی تو انہوں نے اپنے اس شاگرد کی سند میں لکھا، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ سوال بہت کرتے تھے کہ حضرت یہ حدیث ہے اس کا کیا مطلب ہے؟ اس کا کیا مطلب ہے؟ اس کا کیا مطلب ہے؟ تو شیخ ابو طاہر نے جب حدیث پڑھا کر اجازت دی تو انہوں نے لکھا کہ یہ لڑکا مجھ سے ہندوستان سے پڑھنے آیا ہے لیکن حقیقت میں اس نے مجھ سے الفاظ پڑھے ہیں اور حدیث میں کیا مفہوم ہے، اس کی روح کیا ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہنا کیا چاہتے ہیں وہ میں نے اس سے پڑھا ہے۔ اتنے بڑے الفاظ ان کے استاد نے سند میں انہیں لکھ کے دیے۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حرمین شریفین کے قیام میں بڑی دلچسپ چیزیں بھی لکھی ہیں، انہوں نے کہا مسجد میں مسجدِ نبوی میں امام صاحب نے ﴿تَبَّتْ يَدَا أَبِي لَهَبٍ وَتَبَّ﴾ پڑھ دی مغرب کی نماز میں، ہنگامہ ہو گیا مسجد میں، لوگوں نے امام صاحب کو گھیر لیا کہ کیوں ایسی سورت پڑھی ہے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دشمن کا ذکر ہے؟ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس پہ لکھا ہے کہ لوگ خواہ مخواہ ہی ایسی بات کرتے ہیں حالانکہ انہیں ایسے سوچنا چاہیے تھا، ایسے سوچنا چاہیے تھا، ان چیزوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس عمر میں بھی اللہ نے دماغ میں بڑی وسعت رکھی تھی، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اس کے بعد جب ہندوستان آئے ہیں تو وہ یہاں آئے ہیں مگر ان کے پاس کوئی ایسی جگہ نہیں تھی جہاں بیٹھ کے باقاعدہ طور پر وہ کام کرتے، اور اولاد ہو چکی تھی۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی اولاد جو تھی وہ مختلف سنین میں اللہ نے انہیں چار بیٹے دیے: شاہ عبد العزیز صاحب ایک، شاہ عبد القادر صاحب دو، شاہ رفیع الدین صاحب تین اور چوتھے شاہ عبد الغنی صاحب تھے رحمۃ اللہ علیہ، مگر یہ چوتھے بیٹے ان کے مشہور نہیں ہوئے، شاہ عبد الغنی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اتنا لوگ نہیں جانتے لیکن جو اس بیٹے کا بیٹا تھا نا مولانا اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ، اس نے اس نے سب کے نمبر کاٹ دیے، دادا کے بعد، مولانا اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ کے یہ دادا تھے اور مولانا اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ کی ”عبقات“ اگر کوئی آدمی سمجھ لے، ہمارا نہیں خیال کہ اس پورے ملک میں مطلب اگر فرض کر لو پانچ سات کروڑ بھی پڑھنے والے ہیں، فرض کر لو تو ”عبقات“ کو ۱۰۰ آدمی بھی سمجھ سکیں، کوئی نہیں جانتا۔ ”عبقات“ میں وہ علم ہے کہ یہ پوتا جو ہے مولانا محمد اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ یہ اس اتنا بڑا آدمی ہے کہ دادا یا ٹکر کا ہے یا پھر چچا، حضرت حضرت شاہ عبد العزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ، اور اگر پڑھانے بیٹھ جاتے اور جہاد میں نہ آتے وہ بالاکوٹ اور مولانا اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ پڑھانے بیٹھ جاتے، لوگ بھول جاتے کہ شاہ عبد العزیز صاحب بھی کوئی علم رکھتے تھے۔ یہ ہم بڑے سوچ سمجھ کے لفظ کہہ رہے ہیں، اتنا گہرائی میں اتنا گہرا علم ہے کہ ”عبقات“ اب وہ پڑھنے والے نہیں رہے لوگ، وگرنہ ”عبقات“ ہے ایک چھوٹی سی کتاب یعنی ۲۰۰، ۳۰۰ صفحے کیا اتنی بڑی کتاب ہے، مگر قلم ہے وہ ابنِ عربی سے جا کے ملتا ہے اور ایسے ایسے اسرار اور حقائق کا بیان کرتے ہیں کہ آدمی مبہوت ہو جاتا ہے کہ اللہ نے اتنا علم اس شخص کو دیا تھا۔
تو شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے چار بیٹے، شاہ عبد الغنی صاحب مشہور نہیں ہوئے لیکن جو پوتا اللہ نے دیا مولانا اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ یہ سب پہ ہی گویا برتر کاٹ گیا، تو شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ پھر دہلی جب آئے ہیں تو یہاں پر کوئی جگہ نہیں تھی، تو کسی نے محمد شاہ رنگیلا سے جا کے کہا، محمد شاہ رنگیلا کی داستانیں بڑی مشہور ہیں نا بہت زیادہ ایسا تھا، ویسا تھا، یہ تھا، سوچتے ہیں کبھی کہ اس نے ایک یہ نیکی ایسی کی ہے کہ شاید اللہ کے ہاں اس کی ایک نیکی سارے گناہوں کے معاملے مقابلے میں پلڑا اس کا بھاری ہو جائے، حقیقت تو اللہ ہی جانتا ہے اس کی مرضی ہے، لیکن اسے بتایا گیا کہ مدینہ منورہ سے پڑھ کے ایک لڑکا آیا ہے جوان عمر ہے اور جگہ نہیں ہے، تو اس نے یہ سارا فضلِ الٰہی پورا یہ کھلا میدان تھا، شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کو بلایا، سنا، دیکھا، جانچا کہ ہاں واقعی پڑھے لکھے ہیں، ساری جگہ دے دی، اس نے کہا رکھیں آپ اور بیٹھو اور پڑھاؤ۔
شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ ان کے والد پہلے بھی یہاں پڑھاتے تھے، کچھ نہ کچھ تھوڑا بہت سلسلہ تھا لیکن اب شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے اپنا مدرسہ بنا لیا، اور انہوں نے مدرسہ بنا کے کمال کے کام یہ کیے کہ انہوں نے صرف ہر فن میں ایک شاگرد تیار کر دیا، پڑھایا، حدیث کو مثلاً انہوں نے پڑھایا، جب انہیں احساس ہو گیا کہ حدیث کو یہ اچھی طرح پڑھا سکتا ہے میرا شاگرد تو بس پھر نہیں پڑھایا، انہوں نے کہا تم ہی پڑھایا کرو، جو آتا تھا کہتے تھے حدیث اس سے جا کے پڑھو، تفسیر کو پڑھایا دو چار سال جب اطمینان ہو گیا کہ اب کوئی ایسا آ گیا ہے جو اس کام کو سنبھال لے، ان کا تم سنبھالو، ادب کو پڑھایا، فلسفے کو پڑھایا، فقہ کو پڑھایا، تصوف میں بیعت فرماتے تھے باقاعدہ، یہ سب چیزیں ہو گئیں، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس کے بعد اپنا وقت جو تھا، شاہ عبد العزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے والد صبح آتے تھے اور ۱۱، ۱۲ بجے تک وہ دوپہر تک بیٹھتے تھے اور اس دوران ہم نے نہیں دیکھا کہ وہ کبھی کھجلی بھی کرتے ہوں، پہلو بھی بدلتے ہوں، مسلسل لکھتے رہتے تھے، بس تصنیف و تالیف، اور شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی کتابیں ابھی پوری چھپی نہیں ہیں، ان کی کتابیں ۱۰۰ کے قریب قریب ہیں اور شاید ۲۰، ۳۰ چھپی ہوں گی، ابھی بھی پچھلے دنوں ایک کتاب چھپی دو تین سال پہلے تو وہ دیکھ کے حیرت ہوئی کہ اچھا حضرت نے یہ خود لکھی تھی اور وہ دیکھی، ایک کتاب حضرت کی جو ہے حزب البحر کی شرح وہ ہمارے پاس قلمی نسخہ ہے وہ اب تک نہیں چھپا، اس طرح کی کتنی چیزیں ہیں جو کتب خانوں میں محفوظ ہیں۔
تو شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے اس دوران اس کتاب کو لکھا ہے حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة کو، اور اس کی تصنیف میں انہوں نے بتایا ہے کہ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں حکم دیا کہ وہ اس حجت اللہ حجت اللہ کو لکھیں، آتی رہیں گی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی اور باتیں بھی، چند سطریں اس کی پڑھتے ہیں۔
حضرت نے اس کتاب کو شروع کیا ہے خطبے سے، اور بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ سے، اور خطبے سے اس لیے شروع کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مختلف جگہوں پہ جو باتیں ارشاد فرمائی ہیں: ایک چیز یہ فرمائی کہ جو بھی بڑا کام کوئی آدمی زندگی میں کرتا ہے اگر اس نے اس کے آغاز میں اللہ کا نام نہیں لیا تو اسے اس کام سے برکتیں حاصل نہیں ہوں گی، ادارے کی بنیاد رکھتا ہے، مکان کی بنیاد رکھتا ہے، شادی کرتا ہے، بیسیوں چیزیں ہیں جو اہم کام ہیں فرمایا سب سے پہلے اللہ کا نام لو۔ ایک جگہ آیا ہے کہ اللہ کا ذکر کرو، تو اس لیے بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ بھی لکھ دیتے ہیں، زبان سے پڑھ لیتے ہیں، اور ایک جگہ آیا ہے کہ جس نے اللہ کا نام نہیں لیا، اللہ کی حمد نہیں کی دو، تیسری جگہ آیا ہے کہ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام بھیجتے ہوئے نہیں کیا اسے اس کام سے وہ فائدے حاصل نہیں ہوں گے، تو اس لیے مصنفین عام طور پر ان تینوں چیزوں کو جمع کر لیتے ہیں، یا زبان سے پڑھ لیتے ہیں، امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی صحیح بخاری اپ دیکھیں انہوں نے کوئی خطبہ اس میں نہیں لکھا، تو محدثین یہی کہتے ہیں کہ انہوں نے زبان سے پڑھ لیا ہوگا، امام مسلم رحمۃ اللہ علیہ کی مسلم دیکھیں تو انہوں نے پورا خطبہ لکھا ہے تاکہ اللہ کا نام، اس کی حمد و ثنا، حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام سب چیزیں ہو جائیں، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بھی اسی طریقے کے مطابق اپنی کتاب کو شروع کیا ہے اور بسم اللہ کے بعد وہ کہتے ہیں کہ:
تمام تعریفیں اس ذات کے لیے ہیں فَطَرَ الْأَنَامَ جس نے کیا کیا؟ فَطَرَ پیدا کیا۔
خلق اور فطر میں فرق ہے۔ فَطَرَ کہتے ہیں کہ جس کی کوئی مثال پہلے نہ ملتی ہو اور پہلی بار وہ کام ہوا ہو۔ عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے تھے کہ قرآن میں آیا ہے نا: ﴿فَاطِرِ السَّمَاوَاتِ﴾ آسمانوں کو پیدا کرنے والا، فرماتے تھے مجھے فطر کا ترجمہ بھول گیا، عرب تھے، عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے علم کو کون چیلنج کر سکتا ہے! فرماتے ہیں ذہن سے اتر گیا۔ تو میں بیٹھا سوچ رہا تھا کہ اس فطر کے معنی کیا ہیں؟ تو دو آدمی جھگڑتے ہوئے آ گئے۔ تو مجھ سے کہنے لگے آپ فیصلہ کریں، میں نے کہا کیا فیصلہ کرنا ہے؟ اس نے کہا جی کنواں میرا ہے، زمین میری ہے، تو دوسرے نے کہا کہ: «أَنَا فَطَرْتُهَا» اس کنویں کو پہلی مرتبہ میں نے کھودا ہے۔ تو عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ میں نے دل میں اللہ کا شکر ادا کیا، میں نے کہا چلو مجھے تو اس لفظ کے فندا تھا اس کے معنی تو پتہ چلے، مقدمہ بعد میں دیکھتے ہیں! «أَنَا فَطَرْتُهَا» میں نے پہلی بار اسے کھودا ہے۔ اللہ نے کہا نا: ﴿فَاطِرِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ﴾، آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے والا، یہ ترجمہ زیادہ مناسب نہیں ہے، یہ کہنا چاہیے پہلی مرتبہ پیدا کرنے والا، اس سے بھی بہتر یہ ہے کہ بغیر مثال کے پیدا کرنے والا کہ مثال ہی کوئی نہیں تھی، فاطر اس کو کہتے ہیں۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا: فَطَرَ الْأَنَامَ اللہ نے پیدا کیا ہے اس کے لیے ساری کی ساری تعریفیں ہیں اور پہلی مرتبہ، یعنی انسانوں سے پہلے اس طرح کی کوئی مخلوق تھی ہی نہیں، جنوں سے پہلے خود جنوں جیسی مخلوق نہیں تھی، عَلَى مِلَّةِ الْإِسْلَامِ وَالِاهْتِدَاءِ اور اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے ان سب کو اسلام کی ملت پر، اسلام کے مذہب پر، وَالِاهْتِدَاءِ، اہتداء راستے کو ڈھونڈنا، ہدایت کو ڈھونڈنا۔ تو گویا انہوں نے اس پہلے فقرے میں یہ کہا کہ اللہ نے انسانوں کو اور جنات کو اس فطرت پر پیدا کیا ہے کہ وہ لوگ اسلام پر ہیں۔
یہ اصل میں اس حدیث کی طرف اشارہ ہے جس میں آیا ہے نا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «كُلُّ مَوْلُودٍ يُولَدُ عَلَى الْفِطْرَةِ» ہر پیدا ہونے والا بچہ اسلام کی فطرت پر پیدا ہوتا ہے، «فَأَبَوَاهُ يُهَوِّدَانِهِ» اس کے ماں باپ اسے یہودی بنا لیتے ہیں اور یا مجوسی بنا لیتے ہیں، عیسائی بنا لیتے ہیں وگرنہ بچہ جو پیدا ہوتا ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ اسے اسلام کی فطرت پر پیدا کرتا ہے یعنی وہ فطرت کے اعتبار سے مسلمان ہوتا ہے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اس طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ اللہ نے انسانوں کو اور جنات کو دو چیزوں پر پیدا کیا: ایک اسلام کی فطرت کہ اس میں شرک نہیں تھا، دوسرے ان میں جستجو تھی ہدایت کی، راہ پانے کی، صحیح راہ پر چلنے کی۔
اور پھر اللہ تعالیٰ نے انہیں پیدا کیا ہے اس ملت، اس قوم میں جو حنیفیہ ہے، یکسو ہے، ایک طرف کو ہے۔
حنیفیہ کا لفظ اس میں ممتاز ہیں حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام، اللہ نے کہا نا: ﴿قَانِتًا لِّلَّهِ حَنِيفًا﴾، ابراہیم علیہ السلام ﴿مَا كَانَ يَهُودِيًّا﴾ یہودی نہیں تھے اور نصرانی بھی نہیں تھے، ﴿وَلَٰكِن كَانَ حَنِيفًا مُّسْلِمًا﴾ وہ سب سے ایک طرف ہو گیا تھا، یکسو ہو گیا تھا اور وہ مسلمان تھا، سیدھی سادی بات ہے، نہ یہودی تھا نہ عیسائی تھا وہ مسلمان تھا۔ یہی چیز دوسری جگہ بھی آتی ہے کہ وہ یہودی نہیں تھے، عیسائی نہیں تھے، ہاں امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق جو بعض لوگوں نے لکھا ہے نا ان کی بیٹی تھی حنیفہ اس کے نام سے ان کی کنیت ہو گئی، یہ سب جھوٹ ہے، امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی کنیت بھی اسی لیے ابو حنیفہ تھی کہ وہ یکسو ہو گئے تھے، بالکل الگ ہو گئے تھے۔ تو فرمایا کہ ایسی شریعت اللہ نے دی ہے جو یکسو کر دیتی ہے، سیدھی سادی، السَّمْحَةِ نرم، السَّهْلَةِ آسان، الْبَيْضَاءِ بالکل روشن۔ اسلام جو اللہ نے دیا ہے وہ بالکل ایک روشن مذہب دیا ہے اللہ نے انسانوں کو اور جنات کو۔
مسئلہ یہ ہے کہ یہ یاد رکھو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جو شریعت لائے ہیں یہ کوئی نئی شریعت نہیں ہے۔ اگر لوگ یہ سمجھیں کہ اسلام کوئی نیا دین تھا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لائے تھے تو یہ غلطی ہے۔ اللہ نے کہا: ﴿شَرَعَ لَكُم مِّنَ الدِّينِ مَا وَصَّىٰ بِهِ نُوحًا﴾ ہم نے آپ کو وہی دین دیا ہے جو نوح علیہ السلام کو دیا تھا، اور اس کے بعد وہی دین دیا ہے جو اللہ نے آگے انبیاء علیہم السلام کے نام لیے ہیں نا، فرمایا کہ وہی دین ہے جو ہم نے ابراہیم کو دیا، موسیٰ کو دیا، عیسیٰ کو دیا، آج محمد صلی اللہ علیہ وسلم سب کو جو دین دیا ہے وہی آپ کو دین دیا ہے۔ اس لیے اسلام کوئی نیا دین نہیں لائے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔
ہوا یہ کہ انسانیت کا آغاز کیسے ہوا؟ دنیا میں ایک نظریہ تو وہ ہے جو آپ اپنی کتابوں میں بچوں کو پڑھاتے ہیں کہ انسان ننگ دھڑنگ تھا، غاروں میں رہتا تھا، جانوروں کی کھالیں اوڑھتا تھا، یہ تھا، وہ تھا، اسلام اس نظریے کو نہیں مانتا۔ وہ کہتا ہے انسانیت کا آغاز نبوت سے ہوا، بڑے شاندار طریقے پہ ہوا، بڑی عزت، عظمت اور اعزاز کے ساتھ اللہ نے اپنے نبی حضرت آدم علیہ الصلوٰۃ والسلام کو بھیجا، ایسے تھوڑی ہے کہ ننگ دھڑنگ تھے! یہ تو یہ کہنا چاہیے کہ تاریخ میں یورپ کو کڑیاں یہاں تک ملی ہیں ابھی تک، اس کے بعد کڑیاں کہیں ملیں گی کب ملیں گی وہ نہیں ملتیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ کہہ دیا، قرآن نے بھی کہہ دیا کہ کہ اتنے درمیان میں واسطے ہیں، اتنے قرن، اتنا زمانہ گزرا ہے: «لَا يَعْلَمُهُمْ إِلَّا اللّٰهُ» اللہ کے علاوہ کوئی نہیں جانتا۔ خود حضور صلی اللہ علیہ وسلم اپنا نسب بیان کرتے تھے ایک جگہ پہنچ کے رک جاتے تھے، فرماتے تھے ان کے درمیان، میرے اس دادا کے درمیان اور اسماعیل علیہ السلام کے درمیان اتنی پشتیں گزری ہیں، اتنے لوگ گزرے ہیں کہ «لَا يَعْلَمُهُمْ إِلَّا اللّٰهُ» اللہ کے علاوہ کوئی نہیں جانتا، «كَذَبَ النَّسَّابُونَ» جھوٹ بکتے ہیں جو میرا نسب آدم علیہ الصلوٰۃ والسلام سے ملاتے ہیں، درمیان میں جو کڑیاں نہیں ہیں وہ کہاں ہیں؟ کتنے ہزار لاکھ سال گزرے کچھ پتہ نہیں۔ لیکن اسلام یہ کہتا ہے کہ پہلے دن جو آیا اور انسانیت کا آغاز ہوا بڑے شاندار طریقے سے، آدم علیہ السلام آئے، اللہ نے لباس دیا، اللہ نے یہ اکرام، یہ مہربانیاں فرمائیں، وہ جو دین اللہ نے دیا تھا وہ توحید تھی، وہ جو دین اللہ نے دیا تھا وہ رسالت پہ مبنی تھا، وہ جو دین اللہ نے دیا تھا تو انہیں تقدیر سکھائی تھی، وہ جو دین اللہ نے دیا تھا تو اس میں یہ سکھایا تھا کہ فرشتوں کو ماننا ہے، ٹھیک جو عقیدہ آدم علیہ السلام کا تھا وہی نوح علیہ السلام کا تھا، وہی ابراہیم، موسیٰ، عیسیٰ، حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سب کا وہی عقیدہ تھا، اسلام کوئی نیا عقیدہ لے کے نہیں آئے۔
اس لیے اللہ نے کہا: ﴿شَرَعَ لَكُم مِّنَ الدِّينِ مَا وَصَّىٰ بِهِ نُوحًا﴾ ہم نے آپ کو وہی دین دیا ہے جو نوح علیہ السلام کو دیا تھا۔ اسی لیے دیکھو نا بخاری میں آیا ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میں تمہیں دجال سے ڈراتا ہوں اور دیکھو نوح علیہ السلام بھی اپنی قوم کو دجال سے ڈرایا کرتے تھے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بنیادی طور پر عقیدے ایک ہی رہے ہیں، کسی نبی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ قیامت نہیں آئے گی، کسی نبی نے معاذ اللہ کبھی یہ نہیں کہا کہ رسالت کوئی چیز نہیں، کسی نبی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ دو دو خدا ہوتے ہیں، ہمیشہ انبیاء علیہم السلام عقیدے میں ایک رہے، ہاں یہ ہوا کہ شریعت تبدیل ہوتی رہی، نماز کبھی دو تھی کبھی پانچ ہو گئی، کبھی دو بھی نہیں تھی، کبھی صرف سجدہ تھا، زکوٰۃ تبدیل ہو گئی، اسماعیل علیہ السلام بھی زکوٰۃ دیتے تھے، اللہ نے کہا ہے: ﴿وَكَانَ يَأْمُرُ أَهْلَهُ بِالصَّلَاةِ وَالزَّكَاةِ﴾ وہ اپنے گھر والوں کو کہتا تھا کہ نماز پڑھا کرو، وہ اپنے گھر والوں کو کہتا تھا زکوٰۃ دیا کرو۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ اپنے گھر میں یہ آیت پڑھتے تھے، اپنے بچوں کو جگاتے تھے اور کہتے اللہ نے اسماعیل علیہ السلام کو بھی کہا تھا کہ اپنے بچوں کو، اپنے گھر والوں کو کہو نماز پڑھیں، زکوٰۃ دیں، اس کا مطلب ہے زکوٰۃ تھی، اب زکوٰۃ کا نصاب اسماعیل علیہ السلام کا کیا تھا؟ ہمارا کیا ہے؟ اللہ ہی جانتا ہے اس وقت کیا تھا کیا نہیں تھا، لیکن جو عقیدہ ہے وہ سب کا ایک تھا، صَدَقَ اللّٰهُ الْعَظِيمُ۔