📖 سلسلہ دروس و محاضرات علمیہ
صفحۂ اول › سلسلہ دروس › 3 - حجۃ اللہ البالغہ کا تعارف، اسلوب، مقاصد، ارتفاقات اور اہمیت

3 - حجۃ اللہ البالغہ کا تعارف، اسلوب، مقاصد، ارتفاقات اور اہمیت

حجۃ اللہ البالغہ کا تعارف اور دورِ عقلانیت کے تقاضے
حصہ اول

حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کی جس کتاب کا تذکرہ کرنے ہم چلے ہیں اور جس کو پڑھنے اور پڑھانے کا، یا اس سے زیادہ بہتر لفظ یہ ہے کہ خود سمجھنے کا ارادہ ہے، وہ شاہکار تصنیف حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة ہے، اور حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا یہ ایسا علمی کارنامہ ہے جس میں انہوں نے پوری شریعت کو ایک مربوط اور مدلل طریقے پر پیش کیا ہے۔ دین کا بہت بڑا حصہ جو ایمانیات ہیں، اسی طرح صحیح عقیدے کے بعد عبادات ہیں، پھر معاملات ہیں اور انسان کی اخلاقیات ہیں، یہ سب چیزیں حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس ترتیب سے پیش کی ہیں اور ایسی ایسی حکمتیں اور گہرے نکتے بیان کیے ہیں کہ معلوم ہوتا ہے جیسے ہیرے کو سونے میں جڑ دیا گیا ہو، اور جیسے سنار بہت احتیاط سے ہیرے سجاتا ہے ایسے ہی حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس شیشہ گری میں کمال ظاہر فرمایا ہے، اور بتایا ہے کہ شریعت کس طرح دنیا میں جتنے بھی مسائل اور جتنی بھی تکالیف انسان کو مل سکتی ہیں یا پہنچ سکتی ہیں ان کو حل کرتی ہے، اور کس طرح شریعت پر عمل کرنے سے نہ صرف انسان کو بلکہ پورے معاشرے کو راحت اور اطمینان ملتا ہے۔

بہت سی تصنیفات جو اس سے پہلے لکھی جا چکی ہیں اور مختلف مصنفین نے لکھی ہیں، انہوں نے کسی نہ کسی جوش کے ماتحت لکھی ہیں، مگر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ہاں علمِ حدیث کا بہت گہرا مطالعہ آپ کو نظر آئے گا، اور وہ مخصوص مزاج جو محدثین کا ہوتا ہے یا جو لوگ سیرت پر کام کرتے ہیں ان کو حضورِ اقدس ﷺ کے مزاج سے جو مناسبت ہو جاتی ہے، اس مناسبت کے ساتھ ساتھ کسی اللہ کے اچھے بندے کی صحبت بھی ضروری ہوتی ہے، یہ دونوں چیزیں جہاں مل جاتی ہیں وہ حضور شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی یہ جامع ترجمانی ہے جو انہوں نے حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة میں اسلام کی کی ہے، اور بہت کم تصنیفات ہیں جو اس معیار پر پوری اترتی ہوں۔

حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة میں عقلیات کے ذریعے بہت سے اسلام کے حصوں کو ثابت کیا گیا ہے اور انسان کو یہ بتایا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مذہب اور دین سے تعلق رکھتا ہو، لیکن جب اس کتاب کے ذریعے، حُجَّةُ اللّٰهِ کے ذریعے ہدایت حاصل کرنا چاہے گا تو اسے علمِ کلام کے سے دلائل بھی یہاں پر ملیں گے۔ شریعت کی تائید میں اس کی حکیمانہ توجیہات میں بہت سی چیزیں اس سے پہلے بھی لکھی گئیں، ان میں امام شاطبی رحمۃ اللہ علیہ کی کتابوں کو شمار کیا جا سکتا ہے، المُوَافَقَات جو انہوں نے لکھی ہے بہت شاہکار چیز ہے۔

اور ہندوستان میں جو دور شروع ہونے والا تھا، بلکہ پورے عالمِ اسلام میں بارہویں صدی کے بعد جو نئے نئے فرقے وجود پذیر ہونے والے تھے، ان میں ایک چیز کی ضرورت تھی جو پوری دنیا پر چھا رہی تھی اور وہ ہے عقلیت، کہ ہر چیز کو عقل کے ذریعے ثابت کیا جائے اور انسانوں کو یہ بتایا جائے کہ جو کام تم کرنے چلے ہو اس کا فائدہ یہ ہے اور اس کا نقصان یہ ہے، اور اس عقلیت کی زد سے وہ لوگ بھی محفوظ اپنے آپ کو نہیں رکھ سکتے تھے جو ٹھیٹھ شریعت کے ترجمان تھے۔ اور یہ ضروری تھا کہ شریعت کی مصلحتیں لوگوں کو پتہ چلیں تاکہ ذہن بھٹکنے سے بچ سکے، اور خاص طور پر جتنا جتنا عقلیت کا ذوق عام ہوگا اتنا اتنا کتاب و سنت پر اعتراضات بڑھتے چلے جائیں گے، تو یہ ضروری ہے کہ انسان کتاب و سنت پر ہونے والے اعتراض کے عقلی جوابات بھی اپنے پاس رکھتا ہو۔

اور وہ آدمی جو شریعت کا دفاع کرنا چاہے، کتاب و سنت کی وکالت کرنا چاہے، اور وکالت سے بڑھ کر کتاب و سنت جسے اپنی جان سے زیادہ عزیز ہو اور وہ سمجھتا ہو کہ اللہ کے ہاں اسی کی پوچھ ہے اور آخرت کی زندگی ساری کی ساری اس کا دار و مدار کتاب و سنت پر ہے، تو اس کے دفاع کے لیے وہ اپنے ترکش میں جتنے بھی تیر رکھے گا اللہ کے ہاں سے اتنے ہی عظیم ثواب کا نہ صرف مستحق ہوگا بلکہ اپنے پورے اطمینانِ قلبی کے ساتھ شریعت پر عمل کر سکے گا۔ تو اس جدید دور کے تقاضوں سے صحیح طور پر وہی شخص عہدہ برآ ہو سکتا ہے جو کتاب و سنت کا بھی علم رکھتا ہو اور اسے یہ بھی پتہ ہو کہ اخلاقیات کا کیا مقام ہے، علمِ کلام میں کیا کیا دلائل آئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ معیشت اور سیاست سے بھی واقف ہو، پھر اس انسان کی تربیت کسی عالمِ ربانی کی صحبت میں ہوئی ہو، تو یہ سب چیزیں جو ضروری تھیں عقلیات کے دور کا مقابلہ کرنے کے لیے، اس دور کے شروع ہونے سے پہلے بارہویں صدی کے مجدد حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ سے اللہ نے یہ ایسی کتاب لکھوا دی کہ جس نے بعد میں آنے والی صدیوں یعنی اب تک—اب یہ سمجھ لیجیے کہ یہ تقریباً سوا دو سو برس ہوتے ہیں، ڈھائی سو برس ہوتے ہیں، ۱۱۷۶ھ کے قریب حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہوا، تو ڈھائی سو برس سے یہ کتاب علمِ کلام اور شریعت کی عقلیات کے موضوع پر کام کرنے والوں کے لیے ایک روشن مینار ہے۔

اور جن لوگوں نے بھی اس کتاب کو پڑھا اور پڑھایا ہے وہ جانتے ہیں کہ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ ایک لفظ ضرورت سے زیادہ نہیں لکھتے، اور یہ تو اللہ کا شکر ہے کہ وہ اپنے ایک ہی لفظ کی تشریح کے لیے مترادفات استعمال کر لیتے ہیں، اگر وہ یہ نہ کرتے اور بہت جگہ پر ایک جملہ بس ایک جملہ ہی رہتا تو بعد میں آنے والے شارحین کے لیے بڑی مشکل پیش آ جاتی۔ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہ جو لکھا ہے تو ڈھائی سو برس سے یہ ان لوگوں کے لیے جو عقلیات پر بحث کرتے ہیں یا اس بحث کو پسند کرتے ہیں، نور کا ایک روشن مینار ہے اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی اس کتاب نے بڑی حد تک اس ضرورت کو پورا کیا ہے۔

تالیف کے اسباب، رؤیا و مکاشفات اور قلمِ نبویﷺ کا فیضان
حصہ دوم

اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے خود حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة کے مقدمے میں ان باتوں کی تصریح کی ہے کہ حدیث سے انہوں نے استفادہ کیا، اور انہوں نے کہا خود کہ حدیث کا علم سب سے زیادہ باریک ہے اور اسرارِ دین کا وہ علم ہے جس میں احکامات کی حکمتیں، ان کی وجوہ اور وہ نکات بیان کیے گئے ہیں جن کے ذریعے انسان شریعت کی لائی ہوئی چیزوں کے بارے میں صاحبِ بصیرت بن جاتا ہے۔ اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس کتاب کے آغاز میں ہی یہ بات بتائی ہے کہ اللہ نے ان پر یہ کام الہاماً گویا کہ کروایا۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے دو مکاشفات کا ذکر کیا: ایک تو انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ عصر کی نماز کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہو کر بیٹھے تھے، اور الفاظ ان کے یہ ہیں:

بَيْنَمَا أَنَا جَالِسٌ بَعْدَ صَلَاةِ الْعَصْرِ مُتَوَجِّهًا إِلَى اللّٰهِ، إِذْ ظَهَرَتْ رُوحُ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَغَشِيَتْنِي مِنْ فَوْقِي...

کہ میں ایک دن عصر کی نماز کے بعد بیٹھا ہوا تھا اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہو کر، پوری بھرپور توجہ لگی ہوئی تھی، تو حضورِ اقدس ﷺ کی روحِ مبارکہ ظاہر ہوئی اور نبی کریم ﷺ کی روحِ مبارکہ نے مجھے اوپر سے ڈھانپ لیا، ایسے ڈھانپ دیا جیسے کہ کوئی کپڑا ڈال دیا جائے، ایک آدمی بیٹھا ہوا ہے اس کے اوپر کمبل ڈال دیا جائے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: اس طرح سے اس روحِ مبارکہ نے میرے پورے وجود کو ڈھانپ لیا، وَنَفَثَ فِي رَوْعِي، اور میرے دل میں اس حالت میں یہ بات ڈالی گئی، اس کیفیت میں یہ بات میرے ذہن میں آئی کہ یہ دین کی کسی خاص قسم کی تشریح کی طرف اشارہ ہے کہ دین کی ایک قسم ایسی ہے کہ میں اس کی تشریح کروں، وَوَجَدْتُ عِنْدَ ذٰلِكَ فِي صَدْرِي نُورًا، اور میں نے اس وقت محسوس کیا کہ میرے سینے میں نور آ گیا اور وہ پھر نور بڑھتا ہی چلا گیا۔ ثُمَّ أَلْهَمَنِي رَبِّي بَعْدَ زَمَانٍ، اور اس کے بعد ایک مدت کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے مجھ پر یہ الہام کیا گیا کہ تقدیر کے قلم نے یہ بات لکھ دی ہے کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اپنی زندگی میں ضرور کوئی ایسا کارنامہ انجام دیں گے جس سے یہ زمین اللہ کے نور سے منور ہو جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اللہ نے علم کی قلمی خدمت کے لیے چن لیا اور اللہ تعالیٰ نے یہ چیز ان پر واضح کر دی کہ خدا ان کے قلم سے کام لے گا۔

پھر تیسری بات شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کہی ہے، وہ کہتے ہیں:

ثُمَّ رَأَيْتُ الْإِمَامَيْنِ الْحَسَنَ وَالْحُسَيْنَ فِي مَنَامِي وَأَنَا يَوْمَئِذٍ بِمَكَّةَ، أَتَيَانِي بِقَلَمٍ وَقَالَا: هٰذَا قَلَمُ جَدِّنَا رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ...

کہ پھر میں نے سیدنا حسن اور سیدنا حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہما کو خواب میں دیکھا اور میں ان دنوں مکہ مکرمہ میں تھا، تو دونوں صاحبزادگان نے مجھے ایک قلم دیا اور دونوں صاحبزادوں نے ارشاد فرمایا کہ یہ ہمارے نانا حضورِ اقدس ﷺ کا قلمِ مبارک ہے۔ تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو یہ تینوں چیزیں شامل ہو گئیں: ایک تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان پر یہ اظہار کیا گیا کہ قلمِ تقدیر نے یہ بات لکھ دی ہے کہ خدا ان سے کوئی قلمی کام لے گا، پھر نبی کریم ﷺ کی روحِ مبارکہ کا انہیں ڈھانپ لینا اور اسی کے دوران ان کے دل میں یہ آ جانا کہ یہ دین کی خاص تشریح کی طرف اشارہ ہے کہ میں دین کی شرح بیان کروں، اور تیسرے سیدنا حسن اور سیدنا حسین رضی اللہ عنہما کا اپنے نانا ﷺ کا قلمِ مبارک انہیں عنایت فرمانا۔ یہ سب چیزیں وہ تھیں جو اللہ کے ہاں تقدیر میں تھیں، اور آہستہ آہستہ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ ذہنی طور پر تیار ہوتے رہے۔

اور پھر اللہ تعالیٰ کی بے حد و حساب رحمت ان کے ماموں زاد بھائی اور ان کے شاگردِ رشید شیخ محمد عاشق پھلتی رحمۃ اللہ علیہ پر نازل ہو، پھلت کے وہ رہنے والے تھے، ان کے دل میں یہ شوق پیدا ہوا کہ شریعت کے اسرار و حکم پر بحث کی جائے، اور وہ کسی قابل استاد کی تلاش میں نکلے اور انہیں اس بات نے بہت زیادہ مجبور کیا دل کے تقاضے نے کہ کہیں سے ایسا آدمی مل جائے جو شریعت کے اسرار و حکم پر بحث کرے اور میں اس انسان کے پاس رہ کے اس علم کا کچھ حصہ حاصل کروں، لیکن ناکام ہوئے، کوئی آدمی ہندوستان میں انہیں ایسا نہیں ملا، اور ان کی نظر حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ پر ٹھہر گئی، اور انہوں نے ان سے اصرار کیا کہ آپ اس موضوع پر کوئی کتاب لکھ دیجیے۔ اور پھر انہوں نے حضرت کو وہ حدیث بھی یاد دلائی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس شخص سے کوئی مسئلہ پوچھا گیا وہ شخص اس مسئلے کو جانتا تھا پھر اس نے اسے چھپایا تو قیامت کے دن اسے آگ کی لگام پہنا دی جائے گی، یہ سب اسباب اور وسائل جمع ہوئے تو پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی طبیعت اور کھلی اور انہوں نے حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة جیسی عظیم تصنیف رقم فرمائی۔

حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ انسان تھے اور معصومیت نہیں تھی، اور ان کا علم ہر زمانے اور ہر مکان ہر جگہ پر مشتمل نہیں تھا، ان کی عقل اس ماحول سے بھی متاثر تھی جو دہلی کا ماحول تھا، یہ سب چیزیں تھیں اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ کتاب کلیۃً سو فیصد معصومیت کی علامت ہے، بلکہ بعض جگہوں پر ایسا ہے کہ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جو استدلال فرمایا ہے جس حدیث سے، وہ حدیث کمزور ہے، وہ واقعہ کمزور ہے، اس کی نشاندہی بھی ان شاء اللہ ہو جائے گی۔ مگر بات یہ ہے کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اتنے نازک موضوع کو اختیار فرمایا ہے کہ اس کی تعبیر کے لیے بے اختیار خواجہ میر درد رحمۃ اللہ علیہ کا یہ مصرع ذہن میں آتا ہے کہ:

لے سانس بھی آہستہ کہ نازک ہے بہت کام

بالکل اسی طرح شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے دینی حقائق کو اور احکامِ شرعی کی حکمتوں کو مصلحتوں کو اتنے نازک موضوع کو چھیڑا ہے اور وہ بڑی حد تک اس میں کامیاب ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر دے کہ انہوں نے آنے والے لوگوں کے لیے ایک بہت بڑی چیز لکھ دی۔

امت کی غفلت، مادہ پرستی اور علم کی تحقیر کا المیہ
حصہ سوم

یہ الگ بات ہے کہ ڈھائی سو سال اس کتاب کو ہو گئے مگر اب تک اس کتاب سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا، اور اس کے فائدہ نہ اٹھا سکنے میں امت کی جہالت حائل ہے، اس لیے کہ مجموعی اعتبار سے تقریباً پوری کی پوری امت اس وقت جہالت کی پستیوں میں غرق ہے، اور نہ انہیں لکھنے پڑھنے کا شوق ہے نہ انہیں تعلیم کا شوق ہے نہ علمی حلقوں میں جانے کا شوق ہے، اور نہ ہی انہیں یہ پتہ ہے کہ ان کے اکابر اور ان کے اسلاف نے کتنی عظیم الشان کتابیں تحریر کی ہیں۔ اس امت کی ناقدری سے جتنے افراد ضائع ہو گئے، اور اس امت کی ناقدری سے جتنے بھی علمی ذخائر تباہ ہو گئے، اور ان نام نہاد مسلمانوں کی اوچھی حرکتوں سے جتنے علوم برباد ہو گئے ان پچھلے تین سو سال میں، اس کا اندازہ لگانا کچھ آسان نہیں۔

علم کو انہوں نے معاش سے جوڑ دیا ہے اور مکمل طور پر اس رنگ میں رنگ گئے ہیں کہ علم وہ حاصل کرنا ہے جس سے پیسے بنیں، اور تعلیم وہ حاصل کرنی ہے جس سے آگے چل کر نوکری ملے اور معاش کا انسان کے ساتھ رشتہ جڑا رہے، اور انسانوں کو مکمل طور پر معاشی حیوان بنانے کے فلسفے کو انہوں نے قبول کر لیا ہے۔ اس لیے اس امت کے افراد کی نگاہ میں اور ان کی نوجوان نسلوں میں جتنا متاثر ہونا چمک دمک سے ہے اور جتنے وہ دولت اور بڑی گاڑیوں اور زیبائش و آرائش پر مبنی عمارتوں سے متاثر ہوتے ہیں، بڑے سے بڑی دینی تحریر انہیں اتنا متاثر نہیں کرتی، اور ان میں دس فیصد افراد بھی ایسے نہیں ہیں جنہوں نے زندگی میں تعلیم کسی نہج پر حاصل کی ہو۔ جس زمانے میں جس چیز کا رجحان عام تھا یہ اسی تعلیم کی طرف چل پڑے، اگر میڈیسن عام تھا تو یہ دھڑا دھڑ ڈاکٹر بننا شروع ہو گئے، انجینئرنگ عام ہوئی اس کے پیچھے چل پڑے، کمپیوٹرز کا نظام عام ہوا اس کے پیچھے چل پڑے، الغرض مارکیٹ میں جو ڈیمانڈ پیدا ہوئی اس کو پورا کرنے کے لیے سب سے کم قیمت پر جو خون اور جو نوجوان ملے وہ مسلمان تھے۔

اور وہ مرد پیدا ہوتے جو اٹھتے ہیں اور زمانے کا رخ پھیر دیتے ہیں، اور وہ افراد تیار ہوتے جو دھارے پر بند باندھ دیتے ہیں اور جو وہ چاہتے ہیں دنیا میں اس نظام کو رائج کرتے ہیں، ایسے افراد کی ایسی شدید ناقدری کی گئی کہ ایک طرح سے ان مسلمانوں نے مل کے ان جواہر کو ضائع کر دیا اور ان کتابوں اور ان علوم سے انہوں نے منہ پھیر لیا جو علوم انسان کی ہمت کو بلند کرتے ہیں، جو علوم انسان میں ذکاوت اور ذہانت کو جنم دیتے ہیں۔

ان کتابوں کے ضیاع کی بہت بڑی مثال ابن خلدون کا مقدمہ ہے، اور ابن خلدون کا مقدمہ فرانسیسی، جرمن اور انگریز جو مستشرق تھے ان کی وجہ سے منصۂ شہود پر آیا اور ان کی وجہ سے دنیا میں جانا گیا اور اس کتاب کو انہوں نے اس جدید دنیا میں متعارف کروایا۔ اس ضیاع کی دوسری مثال طَبَقَاتُ ابْنِ سَعْدٍ ہے کہ وہ کتاب پہلے ان لوگوں نے جدید دنیا کو متعارف کروائی، وگرنہ مسلمانوں کی حد تک ہوتی تو یہ ان چیزوں کو بھول چکے تھے۔ اور اسی طرح حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی یہ کتاب حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة ہے کہ ڈھائی سو سال گزر جانے کے باوجود اب تک اس کی آسان عام فہم تشریح نہیں ملتی، اب تک اس کو پڑھنے والے، سمجھنے اور سمجھانے والے لوگ نہیں ملتے، اگر ایک لاکھ میں ایک آدمی ملتا ہے تو ظاہر ہے کہ نادر معدوم کے برابر ہے اور نایاب پر دستیاب ہونے کا فتویٰ نہیں لگایا جا سکتا۔

ایمان اور احتساب کی روح—احتساب کس کو کہتے ہیں؟ کتاب و سنت کی اصطلاح میں احتساب کا مطلب یہ ہے کہ کسی عمل کو اس شوق کی بناء پر کرنا کہ اللہ اس پر اتنا ثواب دے گا اور جو اللہ نے وعدے کیے ہیں یہ وعدے پورے ہوں گے، اللہ تعالیٰ کے وعدوں پر یقین کرتے ہوئے اور ثواب کے شوق میں کوئی کام کرنا اور گناہوں کی معافی کے شوق میں کوئی کام کرنا یہ ہے احتساب۔ یہ ایمان اور احتساب کی دعوت ایسی کتابوں میں آ کے کئی مرتبہ نکل جاتی ہے اور مصنف کسی اور وادی میں چلا جاتا ہے اور وہ وادی گمراہی کی وادی ہوتی ہے، مثلاً جب وہ شریعت کی حکمتوں پر بحث کرے گا تو یہ بتائے گا کہ تم نے اگر نماز پڑھنی ہے تو نماز میں یہ فائدہ، یہ فائدہ، یہ فائدہ، ہوتے ہوتے وہ اس حد تک چلا جائے گا کہ وہ کہے گا کہ یہ ایک پریڈ ہے! اور جو اصل روح تھی کہ نماز سے تمہیں اللہ کا قرب ملتا ہے، تمہاری عاقبت سنورتی ہے، تم اپنی بندگی کا فریضہ انجام دیتے ہو اور اس کے ذریعے تمہیں ایک پاکیزگی حاصل ہوتی ہے اور اخلاقیات کی بلندی اور عروج پر تم پہنچتے ہو، یہ چیز ختم ہو گئی اور فوجی پریڈ رہ گئی۔

ایسے ہی زکوٰۃ کہ اس کے ذریعے تزکیہ ہوتا ہے، مال کا خرچ کرنا انسان کو اللہ کا قرب دلاتا ہے، اب اس پر جب بحث کریں گے اور اس کی حکمتیں بیان کریں گے تو وہ اسے ٹیکس کے نظام سے جا کر ملا دیں گے۔ حج کے متعلق بحث کریں گے تو حج میں اللہ کی بندگی اور عبودیت کے جو مظاہر ہیں ان سے صرفِ نظر کر کے اس طرف آ جائیں گے کہ یہ ایک سالانہ کانفرنس ہے جہاں سارے عمائدین مل بیٹھیں گے اور عالمِ اسلام کے حل پیش کریں گے اور نکالیں گے۔ یہ جو اس طرح کی حکمتیں اور مصلحتیں بیان کرنے میں گمراہی آ جاتی ہے، حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب کا ایک کمال یہ بھی ہے کہ حضرت اس سے محفوظ رہے، پوری حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة میں جہاں تک ہمیں علم ہے اور پڑھنے سے جو کچھ معلوم ہوا کوئی ایک چیز بھی ایسی نہیں ہے جس میں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ ایمان، احتساب، نبوت اور آخرت کو بھلا کر اس گمراہی کی وادی میں معاذ اللہ چل پڑے۔

اور یہ وہی شخص کر سکتا تھا جو ایک طرف دین کے مزاج کو سمجھتا ہو، دوسری طرف ایمان اور احتساب کے ماحول میں اس کی پرورش ہوئی ہو، تیسرے اس میں اللہ کے نیک بندوں کی صحبت کے اثرات رچے بسے ہوں اور اس نے صحیح عقیدہ اور اس کے بعد صحیح علم اور پھر اس کے بعد صحیح عمل اور ان سب چیزوں میں اخلاص پیدا کرنے کے لیے کسی عالمِ ربانی کی صحبت اٹھائی ہو۔ سترہ برس وہ اپنے والد حضرت شاہ عبد الرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی ماتحتی میں رہے اور ان کی نظر میں رہے، وہ نظریں جو چند نظریں کسی شخص کو بدل دینے کے لیے کافی تھیں سترہ برس تک جس آدمی پر پڑتی رہی ہوں اور وہ آدمی بنیادی طور پر ہیرا تھا، تو اس ہیرے کی تراش خراش ایسی ہوئی کہ ڈھائی سو سال گزر گئے مگر آنکھیں ہیں کہ اب تک اس تاب سے خیرہ ہوتی چلی جاتی ہیں اور نگاہیں ہیں کہ اس کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔

کتاب کے بنیادی ابواب، عالمِ مثال، ملاءِ اعلیٰ اور نظریۂ ارتفاقات
حصہ چہارم

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حُجَّةُ اللّٰهِ کے بالکل آغاز میں یہ بتایا ہے کہ محققین نے حکمت کے موضوع پر کچھ لکھا بھی ہے لیکن اس موضوع پر مستقل تصانیف کون سی ہیں، حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ اصول اور فروع دونوں کو پورے طور پر مرتب نہیں کیا گیا۔ ایک مختصر سا جائزہ اس کتاب کا جسے ہم سمجھنے چلے ہیں وہ یہ ہے کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ امام غزالیؒ، شیخ الاسلام عز الدین بن عبد السلامؒ، علامہ خطابی رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے دیتے ہیں، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس دعوے کی مکمل تردید کی ہے کہ احکاماتِ شرعی مصلحتوں پر مشتمل نہیں ہیں، بعض لوگوں نے کسی بھی وجہ سے لیکن یہ بات اشعریوں کی طرف منسوب کی ہے کہ اشاعرہ یہ کہتے ہیں کہ شریعت کی کوئی بات بھی حکمت پر مشتمل نہیں ہے، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس دعوے کو رد کیا، یہ الگ بات ہے کہ اشاعرہ نے یہ بات کہی ہے یا نہیں کہی اور اس بات کو بیان کرنا اس کا تعلق عقائد سے ہے، فی الحال اس موضوع سے اس کی بات نہیں۔

تو ان آیات اور احادیث سے شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے استدلال کیا ہے جن میں اعمال اور ان کے نتیجے میں روابط بتائے گئے ہیں، بعض احکامات کی علت اور مصلحت خود صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے بیان کی ہے، حضورِ اقدس ﷺ نے بیان کی ہے، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ ایسی احادیث جو بظاہر قیاس کے برعکس معلوم ہوتی ہیں اور فقہاء نے مخالفِ عقل بتا کر ان احادیث پر عمل کرنا جائز اور درست نہیں سمجھا، احادیث کو ثابت کرنا بھی ضروری ہے۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے تلامذہ اور ان کے اصحاب میں سے اور حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مزاج کو سمجھنے والے حضرت کے ماموں زاد بھائی، برادرِ نسبتی اور ہر وقت ان کے ساتھ سفر اور حضر میں رہنے والے، ان کے صحیح معنی میں عاشقِ زار شیخ محمد عاشق پھلتی رحمۃ اللہ علیہ تھے، انہوں نے حضرت سے یہ اصرار کر کے لکھوایا کیونکہ جانتے تھے کہ حضرت کو اس بارے میں اللہ نے بڑا ٹھوس اور گہرا علمی فائدہ مرحمت فرمایا۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے نبوت پر بحث کی ہے اور ان کے نزدیک انسان میں عقل اور نطق دو چیزوں کے علاوہ ایک اور تیسری چیز بھی ہے، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ بتاتے ہیں کہ انسان اور حیوان میں فرق کیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ دیکھو: ایک عقل تم میں زیادہ ہے، ایک نطق تم میں زیادہ ہے (بولنا)، تیسری چیز قوتِ عقلیہ زیادہ ہے، اور چوتھی چیز قوتِ عملیہ زیادہ ہے، اور پھر وہ کہتے ہیں کہ جزا اور سزا یہ قدرتی تقاضے ہیں، ملاءِ اعلیٰ کے اثرات کیا ہیں۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کمال یہ کیا ہے کہ کتاب کے آغاز میں جیسے کہ ہم ان شاء اللہ سمجھیں گے: عالمِ مثال اور ملاءِ اعلیٰ—اگر انسان عالمِ مثال اور ملاءِ اعلیٰ کو نہیں سمجھ پائے گا تو پوری کتاب سمجھنی دشوار ہو جائے گی، کیونکہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ بار بار ملاءِ اعلیٰ کا ذکر کریں گے، تو یہ پتہ ہونا چاہیے کہ ملاءِ اعلیٰ کیا ہے اور یہ پتہ ہونا چاہیے کہ عالمِ مثال کیا ہے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ پھر اسی کتاب میں بیان کریں گے کہ انسان جو اعمال دنیا میں کرتا ہے آخرت میں اس کے اثرات کیا مرتب ہوتے ہیں، اور پھر ایک وقت ایسا آتا ہے کہ ملاءِ اعلیٰ، فرشتے اللہ کے ان اعمال کو ناپسند کرتے ہیں اور پھر اس کے بعد دنیا میں ان فیصلوں کا نزول ہوتا ہے۔

حُجَّةُ اللّٰهِ میں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ایک کمال کا باب اور بھی باندھا ہے جسے ہم سمجھیں گے اور وہ ہے: ارتفاق / ارتفاقات۔ ارتفاقات کا آسان ترجمہ اگر آپ کرنا چاہیں تو وہ ہے: نفع بخش تدابیر، تدبیراتِ نافعہ، کسی بھی کام کو کرنے کے لیے وہ راہ اختیار کرنی، وہ تدبیر اختیار کرنی جو تدبیر نفع دے۔ معاشرے میں مختلف افراد ایک دوسرے سے جائز فائدے کیسے اٹھا سکتے ہیں، ایک دوسرے سے اچھے کاموں میں تعاون کیسے کر سکتے ہیں؟ آپ کوئی بھی عمل کرتے ہیں: گھر بناتے ہیں، کپڑے استری کرتے ہیں، کھانا کھاتے ہیں، زندگی کا کوئی عمل آپ کا ایسا نہیں ہے جس میں آپ کے ساتھ کوئی نہ کوئی اور آدمی شریک نہ ہو، معتدل اور متوازن شہری نظام قائم کرنا، معاشرہ قائم کرنا تاکہ ملک میں اعتدال ہو، ملک میں توازن کے ساتھ زندگی بسر کی جا سکے۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ انسانی سعادت کے انفرادی اور اجتماعی پہلوؤں سے بحث کرتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ انبیاء علیہم السلام جو نظام لائے ہیں یہ سارے کا سارا ارتفاقات پر مبنی ہے اور اس کے لیے لوگوں کو انہوں نے تیار کیا۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ غالباً پہلے آدمی ہیں جنہوں نے علمِ معیشت کا، انسانی اقتصادیات کا اور اخلاقیات کا آپس میں ربط بتایا ہے، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا خیال یہ بھی ہے کہ معاشی اعتبار انسان کی اخلاقیات پر بھی اثر ڈالتا ہے، اور معاشیات اور اخلاقیات دونوں کو جب تباہی کا سامنا کرنا پڑے تو پھر انسانوں کی اجتماعی زندگی برباد ہو جاتی ہے، اور جب ملک کا نظام بگڑے اور اقتصادی طور پر لوگ تنگ ہو جائیں اور لوگوں کو کھانے تک کے لیے نہ ملے تو وہ پھر گدھے اور بیل کی طرح روپیہ حاصل کرنے کے لیے سرگردان رہتے ہیں اور ہر طرح کی ترقی سے انسان محروم ہو جاتا ہے۔

سیاستِ مدن، تمدنی بگاڑ کے اسباب اور چار ارکانِ سعادت
حصہ پنجم

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ سیاست پر بحث کرتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ انسانوں کو کس طرح سیاست میں رہنا چاہیے، سیاستِ مدن وہ ایک اصطلاح استعمال کرتے ہیں کہ شہری زندگی میں افراد کے درمیان تعلق کیسا ہو، پھر وہ گاؤں اور شہروں کی بات کرتے ہیں کہ شہر اور گاؤں یہ دونوں ایک دوسرے کی ضروریات کیسے پوری کرتے ہیں، شریعت نے اس معاملے میں کیا احکامات دیے ہیں۔ بہت سی طبیعتیں بتاتے ہیں کہ اجتماعی زندگی میں ایسے افراد معاشرے کو نقصان پہنچاتے ہیں، پھر اسی سے چوری شروع ہوتی ہے، جوا شروع ہوتا ہے، بھیک مانگنا شروع ہوتا ہے، غیر قانونی ذرائع سے دوسروں کی دولت پر قبضہ کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

اور پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کمال کی بات ارشاد فرمائی ہے، فرماتے ہیں کہ جب طبیعتیں غیر معمولی طور پر نازک ہو جائیں اور اعتدال سے بڑھ کر وہ لذت پسندی حاصل کرنے کی کوشش کرنے لگیں اور اتنی خوشحالی ہو جائے کہ فارغ البالی ہو جائے کہ انسان کو کمانا نہ پڑے، تو پھر لوگوں میں اجارہ داری پیدا ہوتی ہے، وہ بار بن جاتے ہیں، وہ مملکت پر بوجھ بن جاتے ہیں، اور فرماتے ہیں کہ ملک کی تباہی کے دو اسباب ہیں:

ایک تو یہ ہے کہ حکومت پر بغیر کسی محنت کے بوجھ ڈالنا، یعنی آدمی حکومت کو دے تو کچھ نہ لیکن پیسے اور اپنی زندگی کا خرچ مفت میں وصول کرے (نکمے اور کاہل افراد جن کو حکومت کی طرف سے وظیفہ ملتا رہے)، اور دوسرا شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ حکومت کی طرف سے جب بھاری ٹیکس رعایا پر لگائے جاتے ہیں، تو یہ دونوں چیزیں معاشرے کو تباہ کر دیتی ہیں، اس طرح ملک برباد ہو جاتے ہیں۔

پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے سعادت پر بحث کی ہے کہ انسان نیکی کیسے حاصل کرتا ہے، پھر انہوں نے اس کو تقسیم کیا ہے کہ انسان جسمانی طور پر پاک رہتا ہے تو اللہ کی طرف سے فرشتوں کی صحبت اسے نصیب ہوتی ہے، پھر وہ بتاتے ہیں کہ عجز اور تواضع انسان کی کیفیت میں ہونی چاہیے، پھر وہ بتاتے ہیں کہ اخلاقیات اچھے ہونے چاہئیں اور عدل ہونا چاہیے—شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے الفاظ ہیں: طہارت، اِخْبَاتُ اللّٰه، سماحت اور عدالت۔ یہ چار ارکان ہیں، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ان چاروں کے مفاسد بھی بیان کیے ہیں کہ کس طرح ان میں فساد پڑ جاتا ہے، بنیادی طور پر یہ چیزیں اچھی ہیں مگر فساد ڈالنے والے کس طرح فساد کرتے ہیں اور ان کو کس طرح محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ ان چیزوں کی تشریحات کے بعد عقائد پر آئے اور انہوں نے بِرّ (نیکی) اور اِثم (گناہ) پر بحث کی اور اللہ کی توحید پر بحث کی، یہ جتنی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی اصطلاحات ہیں جب اس کتاب کو سمجھیں گے تو آہستہ آہستہ اپنے مقام پر واضح ہوتی چلی جائیں گی۔ پھر انہوں نے بتایا ہے کہ سب سے کامل بعثت انبیاء علیہم السلام کی ہوتی ہے، ایک پوری قوم کو ایک نبی تبلیغ کرتا ہے اور اس کی صحبت سے دوسرے انسانوں کی تعلیم اور تربیت ہوتی ہے، اور انبیاء علیہم السلام کو جو بھیجا گیا ہے وہ بنیادی طور پر اس لیے کہ اللہ کے اور بندوں کے درمیان وہ واسطہ بنیں، اور انبیاء علیہم السلام کی سیرت، ان کا مزاج، وہ دعوت کیسے دیتے تھے، لوگوں کو کیسے سمجھاتے تھے، جب یہ باب آپ پڑھیں گے اور آپ سنیں گے تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اللہ نے نبوت کے ساتھ کیسی فطری مناسبت عنایت فرمائی تھی، انبیاء علیہم السلام کے طریقۂ کار پر حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی کمال کی نظر ہے۔

اور حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ عہدِ جاہلیت پر بحث کرتے ہیں کہ جہالت کیسے ہوتی ہے، قوموں کے مزاج کیسے بگڑتے ہیں، اور جو شاہ صاحب نے نقشہ کھینچا ہے اور جو اسباب بیان کیے ہیں اس سے بہتر اسباب اور نقشہ ماضی میں کسی نے ایسے لکھا ہو یہ ہمارے ناقص علم میں نہیں۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا قلم اپنے جوبن پر ہے اور ایسی کمال کی عربی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہاں لکھی ہے جسے رہتی دنیا تک اعلیٰ ادبی اور کلاسیکل عربی میں شمار کیا جا سکتا ہے، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ایسی عربی لکھی ہے کہ اب بھی عرب ادباء اور بڑے بڑے ماہرین اس کو پڑھتے ہیں اور سر دھنتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے انہیں قلم کی قوت بھی ایسی مرحمت فرمائی تھی۔

پھر انہوں نے انسانی تکلفات پر بحث کی ہے کہ زندگی کا معیار انسانوں میں کتنا بلند ہو جاتا ہے، اور پھر وہ بتاتے ہیں کہ شاہانِ دہلی اور مغل بادشاہ ان کی تباہی کے اسباب کیا ہو گئے، اور انہوں نے بتایا کہ زندگی کا معیار انہوں نے ایسا پر تکلف بنا لیا تھا کہ وہ ایک مصیبتِ عظمیٰ تھی، اور یہ پیسہ حاصل کرنے کے لیے تاجروں اور عوام سے پیسے وصول کرتے ہیں کیونکہ وہ اپنے کپڑے ایک ایک لاکھ کا کپڑا پہنتے ہیں، اب یہ پیسہ کہاں سے آئے؟ یہ پیسہ حکومت میں آئے گا اس وقت جب وہ پبلک پر ٹیکس لگائے گی، اور پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ بتاتے ہیں کہ جب ٹیکس کا نظام بگڑتا ہے اور حکومت کے تعیشات پر مال خرچ ہوتا ہے تو پورے ملک میں ایک آدمی تمہیں ایسا نہیں ملے گا جس کو اپنے دین کی فکر ہو اور دین کی کچھ اہمیت اس کی نظر میں رہے، اس لیے کہ وہ اپنی زندگی بچانے کے لیے پیسے جمع کرے، کھانے کا بندوبست کرے، اپنی اولاد کی تعلیم کا بندوبست کرے اور اپنا پیٹ بھرے یا پھر دین کو سوچے!

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بڑی عقلی باتیں اس میں کہی ہیں، اور یہ خاص طور پر ان لوگوں کے پڑھنے کے قابل ہے جو اپنی اولادوں کو بغیر تربیت کے اور اپنے گھر والوں کو بغیر ضروری بندوبست کے چھوڑ کر اللہ تعالیٰ کے دین کے معاملے میں محنت کرنے کے لیے چل پڑتے ہیں، اور وہ نہیں سوچتے کہ ان کی اس حرکت سے دین کتنا بدنام ہوتا ہے اور ان کی اس بات کی وجہ سے جن لوگوں کو دین سے دوری اور نفرت پیدا ہوگی اس کا ذمہ دار آخر کون ہوگا، یہ بحث ان لوگوں کے پڑھنے کے قابل ہے۔

کتبِ حدیث کے طبقات، عبادات کی حکمتیں اور تزکیہ و تصوف کا مقام
حصہ ششم

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے پھر اس کے بعد بڑی مفید مباحث کی ہیں، حدیث اور سنت کا مقام بتایا ہے، مبحثِ سابع جو ساتویں بحث ہے انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی حدیث کا کیا مقام ہے، حدیث کی کتابوں کے کتنے طبقات ہیں، کتاب و سنت سے شرعی مطالب کو اجتہاد کے ذریعے حاصل کرنا وہ احادیث سے کیسے ممکن ہے، پھر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعین میں مختلف مباحث جو ہیں اور اس میں ان پر کیا تھا، وہ اختلافات کیا تھے، فقہاء کے مذاہب کیا تھے، اور اسی طرح جو لوگ حدیث پر عمل کرتے تھے ان کے مذاہب کیا تھے، چوتھی صدی ہجری سے پہلے لوگوں کا کیا طریقۂ کار تھا اور چوتھی صدی ہجری کے بعد لوگوں کا کیا طریقۂ کار رہا۔

عقائد، عبادات، معاملات، احسان و تزکیہ، معیشت ٹھیک کرنے کے طریقے، تدبیرِ منزل، خلافت، قضاء، جہاد، کھانے پینے کے طریقے، نکاح اور اس کے بعد کی چیزیں، معاشرت، آخری زمانے میں جو فتنے پیدا ہونے ہیں وہ قیامت کی علامات، حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ان سب چیزوں پر بحث کی ہے اور وہ ان سب چیزوں میں ساتھ ساتھ اپنی مخصوص اصطلاحات بھی بتاتے جاتے ہیں یا ان میں کلام کرتے ہیں۔ اگر کوئی آدمی اصطلاحات کو ذہن میں نہ رکھے یا ان کی تشریح سے ناواقف رہے تو پھر کتاب کا سمجھنا بڑا دشوار ہو جاتا ہے، اس لیے حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی یہ کتاب جو سمجھنے ہم چلے ہیں یہ ضروری ہے کہ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی جو اصطلاحات ہیں، جو terms ہیں ان کو سمجھا جائے، مثلاً وہ بار بار ملاءِ اعلیٰ کا ذکر کریں گے تو ملاءِ اعلیٰ کو ابتدا میں کتاب میں بیان کر دیا جائے گا، اب کسی شخص کو یہی یاد نہیں رہے گا کہ ملاءِ اعلیٰ کیا ہے تو وہ پوری کتاب بھی پڑھ لے گا تو اسے بہت سی مباحث سمجھ میں نہیں آئیں گی کیونکہ اسے ملاءِ اعلیٰ سمجھ نہیں آتا۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ روزے پر کلام کرتے ہیں اور اپنی اصطلاحات کے تناظر میں وہ کہتے ہیں کہ روزے میں وقت اور تعداد یہ کیوں متعین کی گئی، رمضان کا وقت متعین کر دیا گیا، ۲۹ اور ۳۰ کی مقدار متعین کر دی گئی اور یہ پھر انسانوں کو اختیار نہیں دیا گیا، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ دیکھو اس کی حکمت یہ ہے کہ انسانوں کو اگر یہ اختیار دے دیا جاتا تو انسان فرار کا دروازہ کھول لیتے، کوئی بھی مہینہ اپنی مرضی سے مقرر کر لیتے اور دنوں کی تعداد اپنی مرضی سے مقرر کر لیتے، تو یہ انہیں فرار کا راستہ مل جاتا، جب چاہتے روزے رکھتے جب چاہتے چھوڑ دیتے۔ اور پھر فرماتے ہیں کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا دروازہ بند ہو جاتا، اسلام کی یہ بہت بڑی طاعت غفلت کا شکار ہو جاتی۔

اور پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ انتیس یا تیس اللہ نے اس لیے رکھے کہ حد سے کم بھی نہ ہوں اور حد سے بڑھے ہوئے بھی نہ ہوں، کوئی اس پر اتنا کم عمل کرتا کہ کوئی فائدہ نہ پہنچتا، ایک دو روزے رکھ لیتا، اور کوئی اتنا غلو سے کام لیتا کہ اپنے جسم کی قوتیں کمزور کر لیتا اور نیم مردہ ہو جاتا، تو اصل میں روزہ وہ تریاق ہے جو نفس کے زہر کو مارتا ہے، نفس کے زہر کو ختم کرتا ہے، تو یہ تریاق، یہ دوا کتنے عرصے تک استعمال کرنی چاہیے تھی اسے اللہ کے علاوہ کوئی نہیں جانتا، اور اللہ نے بتا دیا کہ ایک مہینہ۔ روزے کی قسموں پر وہ بحث کرتے ہیں کہ روزہ کتنی قسم پر ہوتا ہے، اسی طرح حج کے متعلق بحث کرتے ہیں، اسی طرح احسان اور تزکیۂ نفس میں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بحث کی ہے۔

اور احسان اور تزکیۂ نفس شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پسندیدہ موضوعات میں سے ہے، ان کی کتاب أَلْطَافُ الْقُدْس آپ پڑھیں، هَمَعَات ہے، لَمَعَات ہے، یہ حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة ہے، اور کتنی کتابیں حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی ہیں، ہر کتاب میں تقریباً تقریباً ہر کتاب میں حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا یہ رنگ آپ کو ضرور نظر آئے گا کہ وہ تصوف، احسان، تزکیہ، انسانی اخلاقیات اس پر زور دیتے ہیں۔

اور یہ بڑا سوچنے کا مقام ہے کہ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے والد شاہ عبد الرحیمؒ، ایک؛ شاہ ولی اللہؒ، دو؛ ان کے بیٹے شاہ رفیع الدینؒ، شاہ عبد العزیزؒ، شاہ عبد القادرؒ، پانچ؛ حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ ہی کے پوتے محمد اسماعیل شہیدؒ عبقات میں، چھ؛ یہ سب کے سب حضرات رحمہم اللہ ان میں سے کوئی ایک بھی ایسا نہیں ہے جو تزکیہ، احسان، تصوف اور سلوک کے خلاف ایک جملہ بھی کہتا ہو، بلکہ خود اس راہ کے راہی رہے، دوسروں کی تربیت فرمائی، ان کی خانقاہیں تھیں۔ مولانا محمد اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ نے تصوف کی گمراہیوں پر تنقید کی ہے، بلاشبہ ان کی تنقید سر آنکھوں پر اور برحق، اس تنقید پر بھی تنقید نہیں کی جا سکتی، حضرت کا قلم اتنا عمدہ اور مناسب اور اعتدال کے ساتھ ہے، لیکن حضرت کا خود تصوف میں کیا مقام تھا اس کا تھوڑا بہت اندازہ لگانا ہو تو عَبَقَات کا مطالعہ کرنا چاہیے، اصل حقیقت تو اللہ جانتا ہے یا حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے زمانے کے اہلِ نظر جانتے ہوں گے کہ تصوف کتابوں کے پڑھ لینے کا نام نہیں ہے بلکہ وہ تو ایک عملی حالت ہے، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی کیا حالت تھی، مولانا اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ کی کیا حالت تھی یہ تو ان کے اہلِ نظر معاصرین جانتے ہوں گے یا اللہ جانتا ہوگا، مگر جو کچھ ہم تک پہنچا ہے یہ لمحۂ فکریہ ہے ان لوگوں کے لیے جو آج حضرت سید احمد شہیدؒ اور شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ سے اپنا انتساب کرتے ہیں کہ ہم ان کے وارث ہیں اور پھر احسان، تزکیۂ نفس، پیری مریدی اور مرشد اور خانقاہ ان سب چیزوں کی مخالفت کرتے ہیں، انہیں سوچنا چاہیے کہ جن کی طرف نسبت ہے وہ کس مسلک پر تھے اور وہ لوگ کیا تھے، ان کے بارے میں بھی فیصلہ انہیں کرنا چاہیے کہ کیا ان کی نظر میں وہ لوگ گمراہ تھے، کتاب و سنت سے ہٹے ہوئے تھے اور گمراہی کی دعوت دیتے رہے، یا یہ کہ آج ہماری سوچ میں فرق پڑ گیا اور آج ہم لوگ امت کے متعین راستے سے ہٹ گئے ہیں اور ہم جدید نظریات سے متاثر ہونے کی وجہ سے تزکیہ اور احسان کی راہ کو بدعت قرار دینے لگے ہیں؟ آخر حق کہاں ہے؟ یہ دعوت ہے ان لوگوں کے لیے جنہیں اللہ نے فکرِ سلیم سے نوازا اور یہ دعوتِ فکر ہے ان لوگوں کے لیے اللہ نے جنہیں قلبِ منیب کی دولت سے مالا مال فرمایا، اور یہ دعوت ہے ان لوگوں کے لیے جو ضد، کبر اور سرکشی کے جذبات سے ہٹ کر سوچنا جانتے ہوں۔

شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة میں بھی احسان اور تزکیۂ نفس پر گفتگو فرمائی ہے اور اسی لیے وہ کہتے ہیں کہ دین کے جتنے اعمال ہیں اس میں نیت کو حاضر رکھو، پھر کہتے ہیں:

وَاعْلَمْ أَنَّ النِّيَّةَ رُوحُ الْعَمَلِ، وَالْعِبَادَةُ جَسَدٌ، وَلَا حَيَاةَ لِلْجَسَدِ بِدُونِ الرُّوحِ...

اچھی طرح سمجھو کہ تمام اعمال کی روح نیت ہے اور عبادت جسم ہے، اور جسم کو قائم رکھنا یہ ممکن ہی نہیں ہے جب تک اس میں روح نہ ہو، تو اس لیے روح یہ نیت ہے، نیت کو درست کرو۔ پھر انہوں نے قرآنی آیات کا حوالہ دیا ہے، حضورِ اقدس ﷺ کی احادیث کا حوالہ دیا اور پھر بتایا ہے کہ اچھے اخلاق کیسے حاصل ہوتے ہیں، حقوق العباد کی ادائیگی کیسے ہوتی ہے۔ اور پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جہاد پر بحث کی ہے اور وہ کہتے ہیں کہ یاد رکھو: مکمل ترین شریعت اور کامل ترین قانون وہ شریعت ہے جس میں جہاد کا حکم ہوتا ہے، اور پھر عقلاً اور نقلاً انہوں نے ثابت کیا ہے کہ جہاد کی ضرورت کیوں ہے، شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس پر بھی بحث کی، ادیان اور ملل کی تاریخ کی طرف اشارے کیے ہیں اور کمال کی چیزیں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس میں بیان کی ہیں۔

کبار اہلِ علم کا خراجِ تحسین، کتاب کی برکات اور باطنی انقلاب
حصہ ہفتم

پھر آخری حصہ اس کتاب کا آ جاتا ہے جہاں وہ قیامت کی بحث کرتے ہیں، جہاں وہ بتاتے ہیں کہ قربِ قیامت میں کیا علامات پائی جائیں گی اور پھر قربِ قیامت میں حضورِ اقدس ﷺ نے کیا کیا پیش گوئیاں ارشاد فرمائی تھیں۔ الغرض اس کتاب کو آپ اگر یہ کہیں کہ یہ دین کے مزاج کی تشریح کرتی ہے تو بھی آپ سچ کہیں گے، اگر آپ یہ کہیں کہ اس کتاب کو حضورِ اقدس ﷺ کی احادیث سے خاص مناسبت ہے اور رسول اللہ ﷺ کی احادیث کی شرح کرتی ہے تو بھی یہ ٹھیک ہے، اور اگر یہ کہا جائے کہ اس کتاب میں حق تعالیٰ شأنہ کی ذات و صفاتِ باری تعالیٰ پر بحث ہے اور یہ علمِ کلام کا شاہکار ہے تو بھی آپ درست کہتے ہیں، اور اگر آپ یہ کہیں کہ یہ آئندہ آنے والی نسلوں کی رہنمائی ہے تو بھی درست ہے، اور اگر آپ یہ کہیں کہ یہ مسلمانوں کی زندگی گزارنے کا عقلی اعتبار سے اعلیٰ ترین شاہکار اور اسلامی کتب خانے میں متعدد حیثیتوں سے بالکل انفرادی شان کی حامل ہے۔

علامہ شبلی نعمانیؒ نے عِلْمُ الْكَلَام میں ایک بات لکھی ہے، ان کے الفاظ یہ ہیں اور یہ بالکل درست الفاظ ہیں—شبلی جتنے بڑے مؤرخ اور بڑے آدمی تھے ہم جیسے لوگ کیا ان کی تصدیق کریں گے، مگر جو انہوں نے لکھا ہے وہ بالکل ٹھیک—وہ کہتے ہیں:

”ابنِ تیمیہ اور ابنِ رشد کے بعد، بلکہ خود انہی کے زمانہ میں مسلمانوں میں جو عقلی تنزل شروع ہوا اس کے لحاظ سے یہ امید نہیں رہی تھی کہ پھر کوئی صاحبِ دل و دماغ پیدا ہوگا، لیکن قدرت کو اپنی نیرنگیوں کا تماشا دکھلانا تھا کہ اخیر زمانے میں جبکہ اسلام کا نفس بازپسیں تھا، شاہ ولی اللہ جیسا شخص پیدا ہوا جس کی نکتہ سنجیوں کے آگے غزالی، رازی، ابنِ رشد کے کارنامے بھی ماند پڑ گئے۔“

اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے سامنے رازی، ابنِ رشد اور غزالی—ہم اس پہ اضافہ کر کے کہیں گے ابنِ خلدون، عز الدین بن عبد السلام، ابن الحاج مالکی—یہ سب لوگ ہوتے تو اعتراف کرتے کہ اللہ نے جو حکمتیں اور جو علوم اس شخص پر کھولے ہیں ہم ابھی تک اس راہ پر پہلا قدم نہیں رکھ سکے۔ پھر آگے چل کے شبلی لکھتے ہیں کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے علمِ کلام کے عنوان سے کوئی تصنیف نہیں کی اور اس بناء پر ان کو متکلمین کے زمرے میں شمار کرنا بظاہر موزوں نہیں، لیکن ان کی کتاب حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة جس میں انہوں نے شریعت کے حقائق اور اسرار بیان کیے ہیں درحقیقت علمِ کلام کی روحِ رواں ہے۔

ایک اور بہت بڑے فاضل مولانا عبد الحق حقانیؒ، جنہوں نے تَفْسِيرُ حَقَّانِي لکھی ہے، عَقَائِدُ الْإِسْلَام لکھی ہے—سر سید احمد خان صاحب کے رد کو اگر پڑھنا ہو تو یہ اور وہ ہم عصر ہیں نا، آپس میں ایک دوسرے کے ہم عصر ہیں، ان کی تفسیر دیکھنی چاہیے، انہوں نے سر سید پر بہت سخت تنقید کی ہے، یہ ساری چیزیں—اتنا بڑا اپنے زمانے کا آدمی، اور حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة کا جو انہوں نے ترجمہ کیا نِعْمَةُ اللّٰهِ السَّابِغَة کے نام سے، انہوں نے اس کتاب کے مقدمے میں لکھا ہے، کہتے ہیں:

”جس فن میں یہ کتاب ہے آپ سے پہلے کسی نے اس کو ایک جگہ جمع نہ کیا تھا، اس فن کا موضوع نظامِ تشریعِ محمدی من حیث المصلحۃ المفیدہ ہے، اور غایت اس کی یہ ہے کہ انسان کو یہ معلوم ہو جائے کہ خدا اور اس کے رسول کے احکام میں نہ کچھ تنگی ہے نہ وہ خلافِ فطرتِ سلیمہ ہے، تاکہ ان پر انسان کو پورا وثوق ہو جائے اور ان کو فطرت پر مبنی باتیں سمجھ کر دل ان کی طرف کھنچ آئے اور کسی منکر کے بہکانے سے دل میں شبہ نہ پڑ جائے، اور حد اس کی یہ ہے کہ وہ علم جس میں قوانینِ دینیہ اور احکامِ شرعیہ کی حکمت معلوم ہوتی ہے، اور مبادی اس کے تمام علوم ہیں۔“

ان الفاظ میں انہوں نے خراجِ تحسین پیش کیا ہے حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة کو۔ حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے زمانے میں خود بھی پڑھائی ہے، اس لیے کراچی کا جو نسخہ ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے خود اس نسخے کو پڑھایا بھی ہے، اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اپنی اس کتاب سے بڑا تعلق تھا، اسی لیے اس میں وہ بعض اپنے مقامات اپنے حالات بھی بیان کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ عالمِ کشف میں کیا چیز انہیں نظر آئی اور کیسے شریعت نے جو باتیں کی ہیں ان چیزوں پر اعتماد بڑھتا ہے۔

یہ سمجھ لیں کہ حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة کو اگر صحیح طرح سے سمجھ لیا جائے تو وہ شریعت جس پہ آج آپ عمل کرتے ہیں اس لیے کہ اللہ اور رسول کا حکم ہے، اس کتاب کو پڑھنے، سمجھنے سمجھانے کے بعد آپ شریعت پر اس طرح سے عمل کریں گے کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا بھی حکم ہے اور اس کے ساتھ ساتھ صحیح انسانی فطرت کا تقاضا بھی یہی ہے۔ ورنہ بس ایک کام ہے آپ کہیں کہ نماز پڑھنی ہے، روزہ رکھنا ہے، اللہ نے حکم دیا آپ نے پڑھ لیا، اس کتاب کو سمجھنے کے بعد صرف حکم حکم ہی نہیں رہتا، حکم کی علت، مصلحت سب سمجھ میں آتی ہے اور انسان کے اعتماد، اللہ پر یقین اور بھروسے میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس کتاب کو جو سمجھ جاتا ہے اس کو اللہ کے وعدوں پر مزید اعتبار ہو جاتا ہے، ایک کہ اللہ نے وعدہ کیا ہے قیامت آئے گی بس قرآن میں پڑھ لیا، ایک یہ کہ انسان کا دل گواہی دے کہ ہاں قیامت نے آنا ہے اور ضروری ہے، تو جس انسان کے لیے شریعت محض ایک حکم کا درجہ رکھتی ہے اور جس انسان کے لیے شریعت پر عمل اس کے اندر کی آواز ہو، دونوں میں فرق آپ سمجھ سکتے ہیں۔ یہ ہے فرق جو حُجَّةُ اللّٰهِ کے سمجھنے سے پہلے اور بعد میں ہوتا ہے: ایک آدمی مارے باندھے مسجد میں آتا ہے اور ایک آدمی خوشی سے مسجد میں آتا ہے، یہ ہے فرق پہلے شخص میں اور دوسرے شخص میں۔

جب حُجَّةُ اللّٰهِ الْبَالِغَة سمجھ میں آتی ہے تو پھر اندر سے طبیعت ایسی بنتی ہے کہ اللہ پر یقین بڑھ جاتا ہے اور فطرتِ سلیمہ اندر سے جاگتی ہے، اور انسان شریعت کو ٹھیک انسانی فطرت کے مطابق پاتا ہے اور اپنی زندگی اس کے مطابق گزارنے کی کوشش کرتا ہے۔