📖 سلسلہ دروس و محاضرات علمیہ
صفحۂ اول › سلسلہ دروس › 17 - حجۃ اللہ البالغہ کا مقدمہ: شریعت کے احکام، اسرار و حکمتیں اور اجتہاد

17 - حجۃ اللہ البالغہ کا مقدمہ: شریعت کے احکام، اسرار و حکمتیں اور اجتہاد

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
مَنْ قَالَ إِنَّ الْأَحْكَامَ الشَّرْعِيَّةَ غَيْرُ مُتَضَمِّنَةٍ لِشَيْءٍ مِنَ الْمَصَالِحِ فَقَوْلُهُ بَاطِلٌ
۱ حضرت شاہ ولی اللہؒ کی کتاب «حجۃ اللہ البالغہ» اور احکامِ شریعت کی مصالح

حضرت شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی کتاب حجۃ اللہ البالغہ کا آغاز جو کیا ہے، تو انہوں نے گویا ایک طرح کا یہ کہیے کہ مقدمہ لکھا ہے۔ اور وہ تین نشست میں پورا ہو گیا تھا۔ اور شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ اب یہ بات بیان کرنے کے لیے کہ شریعت کے جتنے بھی احکامات ہیں ان میں کوئی نہ کوئی مصلحت ضرور ہوتی ہے اور وہ ایسے ہی نہیں ہیں، تمہید کے طور پر کچھ چیزیں ذکر کرتے ہیں۔

اور اب وہ جب اپنے موضوع پر لکھتے ہیں، تو ان کا قلم بڑا سیال ہے۔ بہت واضح ہے، رواں ہے۔ اور کسی جھجک کے بغیر اپنے موقف کو ثابت کرنے کے لیے وہ پورے دلائل کے ساتھ اور ٹھہر کے بات کرتے ہیں۔ اور یہ ان میں بڑا کمال ہے اور علم کی بڑی پختگی اور سنجیدگی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ زندگی انہوں نے ایسے ہی نہیں گزاری، بلکہ جن علوم کو بھی حاصل کیا، ان علوم کی غرض و غایت کو، ان چیزوں کو وہ اچھی طرح سمجھے ہوئے تھے۔

تو شروع اس فقرے سے کیا ہے کہ جن لوگوں کا یہ خیال ہے کہ شریعت کے احکامات کو پورا کرنے میں کسی مصلحت کا لحاظ نہیں ہے، تو ایسے لوگوں کا قول باطل ہے، غلط ہے، صحیح نہیں ہے، درست نہیں ہے۔ شریعت پر جتنا بھی ہم عمل کرتے ہیں، اس کے پسِ پشت کوئی نہ کوئی حکمت ضرور کارفرما ہوتی ہے اور ایسے نہیں ہوا کرتا کہ شریعت کسی چیز کا حکم دے اور آدمی بس اس کام کو کرنے لگ جائے اور یہ سوچے کہ اس کام کے پورا کرنے میں کوئی حکمت نہیں۔

اب شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ چار پانچ سطروں کے بعد اپنے اس ایک فقرے کی تشریح اور مثال کے بعد، پھر دھڑا دھڑ مثالیں لاتے چلے جائیں گے کہ دیکھو اس کام میں یہ حکمت ہے، اس میں یہ حکمت ہے، اس میں یہ حکمت ہے۔ تو سمجھانے کا مقصد ان کا بس اتنا ہے کہ جن لوگوں کا خیال ہے کہ شریعت کے کاموں میں کوئی عقلی چیز نہیں ہے، ان لوگوں کی بات درست نہیں۔

۲ امت کے دو مکاتبِ فکر: ظاہر پرستی بمقابلہ تفقہ و اجتہاد

شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ کی اس بات کو بڑھاتے ہوئے آپ دیکھیں گے کہ ایک تصور ہے لوگوں میں۔ اور وہ یہ ہے کہ جو تمہیں خدا اور اس کے رسول صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کا حکم ملے بس چپ کر کے اس پہ عمل کرو۔ جو کچھ تمہیں بتایا جا رہا ہے، اس کو بغیر کھوج اور تحقیق کے بس اسی طرح مان لو۔

اور ایک مکتبہ فکر اس کے مقابلے میں اور ہے۔ اور وہ کہتے ہیں کہ جو بات بھی کسی نے بتائی ہے بھئی کیوں مان لیں؟ اس کے پیچھے کیا حکمت ہے؟ شریعت نے یہ حکم دیا ہے، تو یہ حکم اس پہ عمل کرنا ہے یا نہیں کرنا؟ اور پھر اسی بات کو جب اس مکتبہ فکر کے لوگ بڑھاتے ہیں، تو وہ کہتے ہیں کہ اچھا، یہ بھی بتاؤ کہ جو آدمی یہ کہہ رہا ہے یہ شریعت کا حکم ہے، وہ کہنے والے کی authenticity کیا ہے؟ وہ آدمی اس قول کا، یا یہ قائد ہے، خود یہ جانتا بھی کچھ ہے یا ایسے ہی بات کر رہا ہے؟

تو دو بہت واضح مکاتیبِ فکر ہیں۔ ایک مکتبہ فکر کہتا ہے کہ جو کچھ اللہ اور رسول کے نام پر تمہارے پاس آگیا ہے چپ کر کے مانو، بات نہ کرو۔ دوسرا کہتا ہے کہ نہیں ہو سکتا۔ اللہ اور اس کے رسول صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کے نام پہ جو حکم ہمیں بتایا جائے گا، ہم ضرور یہ دیکھیں گے کہ اس حکم میں کوئی عقل کی بات ہے یا ایسے ہی کہہ دیا۔ اور پھر اس دائرے کو جب وہ بڑھائیں گے، تو کہیں گے پہلے تو یہ دیکھو کہ جو آدمی بول رہا ہے سچ بول رہا ہے یا ایسے ہی ہوا میں بے پر کی اڑا رہا ہے۔

پھر وہ اسی دائرے کو وسیع کریں گے اور کہیں گے کہ اچھا صاحب! شریعت کا حکم تو آپ نے بتا دیا، کیا آج کے اس موجودہ ماحول میں شریعت کا یہ حکم نافذ ہو بھی سکتا ہے یا نہیں ہو سکتا؟ پھر وہ اس اور دائرے کو بڑھائیں گے اور کہیں گے کہ آج یہ حکم نافذ نہیں ہو سکتا یا ہو سکتا ہے، تو یہ بتائیے کہ شریعت نے کیا اس کے لیے کوئی اور گنجائش بھی دی ہے؟

اور جن لوگوں پر روایت پرستی کا غلبہ ہوتا ہے اور جو محض ظاہری الفاظ پر اڑ جاتے ہیں، وہ اس دوسرے مکتبہ فکر کے شدید مخالف ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ظاہر میں جو لفظ آ گیا ہے، بس اس لفظ کی پابندی ضروری ہے، جو مرضی ہو جائے۔ حضورِ اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے یہ کہہ دیا ہے، قرآن نے یہ کہہ دیا ہے، لہٰذا اس بات کو مانا جانا ضروری ہے۔ ہم ایک انچ ادھر سے ادھر نہیں ہوں گے، زمانے میں کچھ ہوتا رہے، کتاب و سنت میں یہ آ گیا ہے الفاظ یہ آ گئے۔

اور دوسرا مکتبہ فکر، وہ کہتے ہیں کہ بھئی الفاظ کے پیچھے ایک مفہوم ہے۔ حضورِ اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی مراد کیا تھی؟ قرآن کے اس کہنے کی مراد کیا تھی؟ یہ تھوڑی ہے کہ جو کچھ الفاظ تم نے کہہ دیے بس مانتے چلے جاؤ۔ یہ دو مکاتیبِ فکر امت میں رہے ہیں اور اس میں لڑائی اور نزاع تک کی نوبت پہنچی ہے، لوگ لڑے بھی ہیں۔ اور جو لوگ خاص طور پہ اجتہاد کے شدید مخالف تھے اور ماحول کی گھٹن چاہتے تھے اور ان کے نزدیک ذرہ برابر رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کے اور قرآن کے الفاظ سے ادھر ادھر ہونا کفر کے مترادف سمجھا جاتا تھا، وہ اب بھی ہیں، پہلے بھی تھے، اور اہلِ علم ہر دور میں ان کی مخالفت کرتے چلے آئے۔

حضرت شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ علیہ کا، ہمارے اساتذہ کا، اور جن لوگوں سے ہم نے کم سے کم علم کو حاصل کیا، ان میں اکثر و بیشتر کیا سارے کے سارے لوگ دوسری طرف کے تھے، پہلی طرف کے نہیں تھے۔ اس لیے لازمی سی بات ہے کہ ہم اپنے اساتذہ کے اسباق اور جو کچھ ان سے دین کا تھوڑا بہت کچھ شعور دو چار لفظ پڑھنے کی تمیز آئی ہے، ہم اس سے ہٹتے تو نہیں۔ ہم کہتے ہیں جو کچھ انہوں نے کہا ہے اور اپنی سوچ سمجھ کے مطابق بھی وہ مکتبہ فکر درست ہے اور ٹھیک ہے۔ ہم قطعاً اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ صحیح بخاری میں یہ لفظ آ گیا ہے، لہٰذا اس لفظ کی پابندی ضروری ہے؛ قرآن میں یہ لفظ کہہ دیا ہے، اس لفظ سے ہم نے ہٹنا نہیں ہے چاہے کچھ بھی ہو جائے، ہم کہتے ہیں ایسی بات نہیں۔

۳ علمائے محققین اور احیائے تفقہ: پانچ عظیم اذہان کا تاریخی تسلسل

حضرت شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ علیہ نے پوری کتاب اس موضوع پہ لکھ دی اور امت نے اس آخری دور میں یہ جو تین چار دماغ پیدا ہوئے ہیں نا، ان کی صدیوں تک نظیر نہیں ملتی۔ ہر دور میں، ہر امت پہ جو قرون آئے ہیں، جو صدیاں آئی ہیں، کوئی نہ کوئی آدمی اللہ بھیجتا ہی رہا۔ اور امامِ اکبر یہ شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ علیہ تھے جو اس مکتبہ فکر کی نمائندگی کرنے والے تھے۔

اور شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ علیہ کے بعد دوسرا بڑا دماغ جو پیدا ہوا ہے، وہ تھا لسان الامت قاسم صاحب نانوتوی رحمتہ اللہ علیہ کا۔ ان کی کتابیں اگر کوئی آدمی اٹھا کر پڑھے، تو اگرچہ وہ مشکل ہیں لیکن ایک ایک چیز کو وہ عقلاً ثابت کرتے ہیں۔ بڑے بڑے فقہاء جن چیزوں پر لکھ جاتے ہیں کہ یہ تعبدی امور ہیں، یعنی یہ صرف عبادت سے تعلق رکھتے ہیں، بس عبادت کرو تمہیں سمجھ آئے نہ آئے، وہاں قاسم نانوتوی رحمتہ اللہ علیہ اپنی کتابوں میں عقل کی بنیاد پر بڑھتے چلے جاتے ہیں، لکھتے چلے جاتے ہیں، لکھتے چلے جاتے ہیں، عقل کی بنیاد پہ۔ اور وہ کہتے ہیں کہ یہ شریعت کے احکامات صرف ایسے نہیں ہیں کہ رسالت نے اسے ہمیں دے دیا ہے، بلکہ عقل بھی یہی تقاضا کرتی ہے کہ اس کام کو کریں۔

تیسرا دماغ، ان دونوں کے درمیان میں کسی حد تک گیا، اور اگر وہ اپنے اس موضوع سے ہٹ نہ جاتے اور اگر وہ اس پہ کام کر جاتے، تو اپنے دادا کی کتابوں سے بھی آگے بڑھ گئے ہوتے، وہ مولانا محمد اسماعیل شہید رحمتہ اللہ علیہ کا دماغ تھا۔ مولانا اسماعیل شہید رحمتہ اللہ علیہ سید صاحب رحمتہ اللہ علیہ کے ساتھ جہاد پہ چلے گئے، اور بدقسمتی کہ ان کا خون بالاکوٹ کی زمین میں بہہ گیا، ورنہ مولانا اسماعیل شہید رحمتہ اللہ علیہ اس مسلک کے آدمی تھے۔ انہوں نے جو کتاب لکھی ہے «عبقات» اور جو انہوں نے باقی چیزیں لکھی ہیں، شریعت کو عقل کے ذریعے ثابت کرنے میں یہ تیسرا دماغ تھا۔

چوتھا دماغ جو نظر آتا ہے وہ بہت آسان ہے، اور وہ ہے اگر آپ ملفوظات پڑھیں مولانا اشرف علی صاحب تھانوی رحمتہ اللہ علیہ کے، تو حضرت تھانوی نور اللہ مرقدہ کو بھی اللہ نے کمال دیا تھا کہ جن چیزوں کو فقہاء لکھ دیتے ہیں صرف یہ عبادت کی چیز ہے، حضرت تھانوی نور اللہ مرقدہ ٹھیک اسی مقام پہ عقل کی دلیل لاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عقل کا بھی تقاضا یہی ہے کہ ہم یہی کام کریں جو شریعت نے بتایا ہے۔

اور پانچواں دماغ جس کو شہرت حاصل نہیں ہوئی لیکن وہ اس پائے کا دماغ تھا اور علماء کی باہمی چپقلش نے اور فرقہ بندی نے اس شخص کو ضائع کر دیا، اور وہ اتنا بڑا دماغ تھا کہ پاکستان بن گیا اور پاکستان میں اسلام آ جائے گا اور یہ ہو جائے گا اور وہ ہو جائے گا، اور وہ اللہ کا بندہ کراچی میں لٹھا اور کپڑا اپنے کندھے پہ رکھ کے بازاروں میں بیچتا رہا، وہ علامہ ایوب دہلوی رحمتہ اللہ علیہ کا دماغ۔ زیادہ لوگ نہیں اسے جانتے، لیکن جو کچھ انہوں نے لکھا ہے تھوڑا یا بہت، وہ پڑھے آدمی اور سنے تو حیرت ہوتی ہے کہ یہ دماغ بھی پیدا ہونا تھا اور بالکل اس طرح وہ رُل گیا جس طرح گلی میں کنکر اور اور پتھر رُل جاتے ہیں، کوئی شخص نہیں سنبھالنے والا ہوا۔ اور آخر پہ پہنچ کے کچھ تھوڑی بہت ہوش بعض لوگوں کو آئی، ان میں مولانا نصر الحق قادری بھی ہیں جو شاہ ولی یہ مولانا احتشام الحق تھانوی کے بڑے قریبی آدمی اور بہت زیادہ انس و تعلق تھا، انہوں نے دو تین سو تقریریں ان کی محفوظ کر لیں۔ تو ان کا رجحان اگرچہ حضورِ اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی محبت کی وجہ سے زیادہ اس طرف ہو گیا تھا، لیکن تھا وہ بڑا زبردست دماغ۔

تو یہ دو مکاتیبِ فکر چلتے آئے ہیں۔ ہم یہ کہتے ہیں کہ اگر صرف الفاظ پر ہی اڑنا ہے اور صرف الفاظ ہی کی پیروی کرنی ہے، تو اجتہاد ختم ہو جاتا ہے۔ ہم مجتہدین کے اجتہاد کے پابند ہیں کہ اس کی تقلید کر لیں۔ کیونکہ ائمہ کے سامنے جب چیزیں آئیں تو انہوں نے صرف یہ نہیں دیکھا کہ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے یہ لفظ کہہ دیے لہٰذا اس کی پابندی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا اجتہاد کا راستہ کھلا ہے۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کا فرمان، اس کے مطابق چاہتے کیا تھے وہ؟ انہوں نے کہا اس چیز کو چاہتے تھے، لہٰذا اس پہ فتویٰ دو۔ انہوں نے الفاظ کو ایک طرف رکھا اور جو شریعت کی روح اور دین کا مفہوم تھا وہ سمجھنے کی کوشش کی۔ شریعت کا روح اور مفہوم سمجھنے کے یہ مطلب نہیں ہیں کہ جو کچھ ایوب خان نے فیلڈ مارشل نے اپنے دور میں کیا اور بڑا اس زمانے میں شورا ہوا کہ شریعت کے احکام میں ایک روح ہے، اس روح تک پہنچو اور جہاد کی روح کیا ہے اور فلاں کی روح کیا ہے۔ اس گمراہی کی طرف نہیں آ رہے ہیں۔ لیکن ہم کہتے ہیں کہ مجتہدین نے جو کچھ اجتہاد کیے اور سمجھے وہ برحق تھے، اگر ہم اس دروازے کو بند کر دیں تو امت کے لیے کوئی راستہ باقی نہیں رہتا۔

اور اس کے مقابلے میں، اس اجتہاد کے مقابلے میں ایک چیز آئی عدمِ تقلید۔ اور انہوں نے کہا جو کچھ ائمہ مجتہدین سمجھے ہیں ہمارے لیے کوئی ضروری نہیں ہے۔ حتیٰ کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جو کچھ حدیث سے سمجھے ہیں ہم اس کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ہم صرف ان الفاظ کی پیروی کریں گے جو کتاب و سنت میں ہیں۔ اور یہ بہت بڑا گمراہی کا راستہ عدمِ تقلید کا کھلا کہ جو لفظ جس کی سمجھ میں جو کچھ آ گیا ہے بس اس کو لے اڑا اور اس کے مطابق حدیث لے آیا۔

۴ احکامِ معاملات اور مقاصدِ شریعت: تجارتی بیع اور بیعانہ کی فقہی نظیر

مثلاً، ہمارے زمانے میں دیکھیں۔ ایک آدمی فون کرتا ہے اور کہتا ہے: صاحب! مجھے ٹیلی فون کے 50 سیٹ چاہییں۔ وہ آدمی دکاندار سنتا ہے اور وہ سوچتا ہے کہ میرے پاس تو 50 سیٹ نہیں ہیں۔ کہتا ہے کیسے سیٹ چاہییں؟ وہ کہتا ہے جی اس اس طرح کے جاپان کے، چائنہ کے، فلاں کے بنے ہوئے۔ یہ سوچتا ہے کہ وہ سیٹ فلاں جگہ پہ ملتا ہے۔ کہتا ہے جی ٹھیک ہے میں آپ کو دیتا ہوں۔ اس نے کہا کتنے میں دو گے؟ اس نے کہا جی ایک ہزار روپے۔ اس نے کہا جی ایک ہزار روپے میں یہ سو سیٹ شام کو مجھے بھیج دیجیے۔ اس نے فون بند کر کے دوسری طرف فون کیا اور جس دکاندار کے پاس وہ سو پچاس سیٹ پڑا ہوا تھا، اسے کہا وہ مجھے آپ بیچ دو اس نے کہا آٹھ سو روپے میں، اس نے آٹھ سو دے دیے، مان گیا۔

اب یہ کہتا ہے بیچ والا کہ یہ جو آٹھ سو روپے کے حساب سے ہے، میں تمہیں رقم بھجوا دوں گا شام کو لے لینا، اور یہ سیٹ فلاں جگہ پہنچا دو۔ اب اس نے ان سیٹس کو دیکھا ہی نہیں بیچ میں، صرف فون کیا اور وہاں پر پہنچ گئے ڈائریکٹ، تو پر سیٹ اس نے دو سو روپے بیچ میں کما لیے نا! بغیر کچھ کیے صرف دو تین کالز کر کے۔

حدیث میں آیا ہے رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: تم میں سے کوئی آدمی سودا نہ کرے جب تک کہ چیز پر قبضہ نہ کر لے۔ اب اس کے پاس تو چیز تھی ہی نہیں، ٹیلی فون سیٹس تھے ہی نہیں، اس نے کیا کیا؟ فقہاء کے پاس جب یہ احادیث پہنچیں، انہوں نے کہا بات صحیح ہے رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے بالکل سچ فرمایا، لیکن اجتہاد کے اعتبار سے انہوں نے کہا کہ کسی معاشرے میں ایمانداری کے ساتھ یہ چلن ہو جائے، نبی کریم صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ اس لیے چاہتے تھے کہ کسی کو دھوکا نہ ہو۔ اب سیٹ اس نے لیے نہیں، ادھر سے بھیج دیے، اس میں سے پچاس سیٹ ٹوٹے ہوئے نکل آئے، پھر کیا ہوگا؟

تو احتیاط کا تقاضا تو یہ تھا کہ یہ سیٹ اپنے پاس لے لیتا۔ اس نے دوسرے پر اعتبار کر کے، احتیاط کی، چیز بھجوانا، گڑبڑ نہ ہو، اس کے لیے بالکل گڑبڑ نہیں ہوئی۔ اسے پرانا تجربہ ہے کہ میرا دوست ہے، سچ کہتا ہے، بھیج دے گا۔ اس نے اس بنیاد پر دو سو روپے کما لیے۔ فقہاء کہتے ہیں بالکل ٹھیک کیا ہے، اس لیے کہ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ جو احتیاط فرمانا چاہتے تھے وہ احتیاط کا مقصد حاصل ہو گیا، جب مقصد حاصل ہو گیا تو سودا پورا ہو گیا۔

یہ تو ہو گئی حنفی فقہاء ہی نہیں، مالکی فقہاء کی بھی بات، یہ سب یہی کہتے ہیں۔ دوسری طرف جو الفاظ پہ اڑے ہوئے ہیں وہ کہیں گے سودا ٹھیک ہی نہیں ہوا، دو سو روپے حرام ہو گئے تمہارے، تم اس میں کمیشن کھا ہی نہیں سکتے، کیونکہ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا تھا: پہلے قبضے میں لو گے۔ یہ ہے ایک چھوٹی سی مثال کہ عقل کا استعمال نہ کریں اور ظاہری الفاظ میں اگر اٹک جائیں، تو دنیا کے بیسیوں مسائل اس وقت ایسے ہیں جو نہیں حل ہو سکتے۔

کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ مسئلہ اب تو اب رہا دنیا کا، یہ امام محمد رحمتہ اللہ علیہ کے زمانے میں پیش آگیا۔ اور امام محمد رحمتہ اللہ علیہ سے لوگ فتویٰ پوچھتے رہے کہ حضرت یہ بیعانہ دینا کیسا ہوتا ہے؟ تو انہوں نے کہا بیعانہ دینا جائز نہیں ہے۔ چیز کے پورے پیسے ادا کرو اور چیز پوری خریدو۔ کیونکہ بیعانہ دے دیا، سو روپے کی چیز بنوانی تھی، جوتا دو سو روپے کا بنوانا تھا اس نے سو روپے دے دیے۔ اب جوتا اگر ٹھیک نہیں بنا اور وہ اڑ جائے جوتا بنانے والا کہ نہیں جوتا ٹھیک ہی بنا ہے، اس کے سو روپے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ اور ادھر وہ جوتا بنا دے اور یہ لینے نہ آئے، تو اس بیچارے کی بھی تو چیز ضائع ہو سکتی ہے نا۔ دونوں طرف نقصان کا اندیشہ تھا، شریعت نے اس چیز کو منع کر دیا۔

امام محمد رحمتہ اللہ علیہ یہی فتویٰ دیتے رہے، اور جب وہ پہنچے خراسان تو انہوں نے دیکھا وہاں تجارت میں تو اسی طرح لین دین ہو رہا ہے، کاروبار سارے شہروں کے شہر ایسے کر رہے ہیں کہ کچھ پیسے علامت کے طور پہ دے جاتے ہیں اور پھر آ کے اپنی چیز لے جاتے ہیں، دنیا میں اب تک یہی چل رہا ہے، بیعانہ اب تک بھی چلتا ہے زمینوں کا، ہر چیز کا۔ امام محمد رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا بھئی اب ہمارے نزدیک یہ جائز ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت! آپ نے فتویٰ بدل دیا؟ کہنے لگے: ہاں، فتویٰ بدل دیا، کیونکہ پہلے ہمیں معاشرے میں ایسے چال چلن کا علم نہیں تھا، عربوں میں نہیں ہوتا تھا۔ ہم جب ایران آئے یہاں ہم نے دیکھا اور لوگوں کو اس پہ اطمینان ہے لہٰذا ٹھیک ہے۔

لیکن یہ ایسی خطرناک راہ ہے دوسری طرف کہ اس کی اجازت ہر آدمی کو نہیں دی جا سکتی۔ ہم کہتے ہیں یقینی طور پر اجتہاد قیامت تک رہے گا، نئے مسائل پیش آئیں گے، اس پر بحث کرنی پڑے گی، لیکن اجتہاد وہ کرے جو اس کا اہلِ ہے۔ جو لوگ کہتے ہیں نا کہ مولوی صاحبان سے اجتہاد کی اجازت ہونی چاہیے، بھئی کس نے روکا ہے اجتہاد سے؟ ہوتی ہے، نئے نئے مسائل پیش آتے ہیں۔ جن لوگوں کے دل میں اللہ کا خوف ہے وہ پوچھتے ہی ہیں آ کر مسئلے، یہ چھوٹے موٹے اجتہاد کی باتیں چلتی رہتی ہیں مفتیوں میں۔ مسئلہ یہاں پر اٹک جاتا ہے کہ جب ہم کہتے ہیں کہ مریض بیمار ہے ڈاکٹر کے پاس لے کے جاؤ وہ علاج کرے، اور دوسرا آدمی کہتا ہے نہیں میں خود ہی علاج کر دوں گا بس اس کو ڈاکٹر کے پاس، ہم کہتے ہیں مر جائے گا۔

یہ جو تم اجتہاد کا رٹا لگا رہے ہو، ہم اجتہاد کے قائل ہیں لیکن ہم کہتے ہیں اہلِ آدمی اجتہاد کرے، نااہل نہ کرے۔ نااہل کرے گا تو دین برباد کر دے گا۔ وہ کہتے ہیں نہیں ہم ہی کریں گے چاہے ناظرہ قرآن بھی نہ پڑھنا آتا ہو، مگر اجتہاد ہم کریں گے۔

۵ فہمِ دین، قرآنی بصیرت اور آثارِ صحابہؓ کی روشنی میں عقل و مصلحت کا انطباق

اب یہ جو دوسرا مکتبہ فکر ہے حضرت شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ علیہ کا اور یہ جو دماغ تھے، دیکھو قرآن میں کیا بات آئی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جب ہماری آیات پڑھی جاتی ہیں:

وَالَّذِينَ إِذَا ذُكِّرُوا بِآيَاتِ رَبِّهِمْ لَمْ يَخِرُّوا عَلَيْهَا صُمًّا وَعُمْيَانًا

اندھے بہرے ہو کے نہیں گر پڑتے، وہ ہماری آیات کو سوچتے ہیں۔ سوچتے ہیں خدا نے کیا کہا ہے، کس عظیم ذات نے یہ کتاب نازل کی ہے، تو سوچتے ہوئے ایسی چیزیں منکشف ہوتی ہیں ان پہ کہ بے اختیار رو پڑتے ہیں قرآن کو سن کے۔ حضورِ اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی بات سن کے طبیعت پر خاص اثر مرتب ہوتا ہے، اس لیے کہ عقل کا استعمال کرتے ہیں۔ وگرنہ تو ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اندھا بہرا ہو کے گر جائے، بس اللہ نے کہا سبحان اللہ، اس سے پوچھو بھئی سبحان اللہ کا مطلب کیا ہے اللہ تعالیٰ کا؟ وہ کہے مطلب نہیں پتہ لیکن اللہ نے کہا۔ اللہ نے کہا ایسے نہیں، سوچ سمجھ کے۔

حضورِ اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کے سامنے یہ چیز پیش آئی۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کو کہا کہ فلاں آدمی کے متعلق یہ رپورٹ ہے، یہ گواہیاں ہیں، اسے قتل کر آؤ۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ چلے گئے، اور حضرت علی رضی اللہ عنہ نے جا کے دیکھا تو وہ آدمی نہا کر ابھی کنویں سے نکلا ہی تھا، تو حضرت علی رضی اللہ عنہ بالکل صاف تلوار لے کے گئے تھے اور اسی طرح واپس آ گئے۔ اور رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سے عرض کیا کہ اللہ کے رسول! وہ جو آپ نے اس کے قتل کے لیے مجھے بھیجا تھا اس پہ جو حد جاری کرنے کی، تو میری اتفاق سے اس پہ نگاہ پڑ گئی، وہ تو نہا کے نکلا تھا وہ تو مرد ہی نہیں ہے۔

تو رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: علی! تم نے ٹھیک کیا۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کو برا نہیں کہا۔ اگر حضرت علی رضی اللہ عنہ اڑ جاتے کہ ترے قتل کا حکم تو رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے دیا ہے، مار کے ہی چھوڑنا ہے، مار دیتے۔ یہ ہے فرق جو شروع سے چلا آ رہا ہے۔

حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے پاس خط آیا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے خط پڑھا تو حضرت حاطب رضی اللہ عنہ کا خط تھا۔ انہوں نے اس میں پڑھا تو دیکھا کچھ غلام بھی ہیں، فرمایا کس کے غلام ہو؟ انہوں نے کہا حاطب کے۔ حضرت حاطب رضی اللہ عنہ بدری صحابی تھے، کوئی معمولی آدمی تھوڑی۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کیا ہے؟ حضرت حاطب رضی اللہ عنہ نے خط میں لکھا کہ امیر المومنین! یہ میرے نوکر ہیں، باغ میں ڈاکہ ڈال رہے تھے، رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، اور میں اپنے جو باقی عملے کے ارکان ہیں ان کے ذریعے پکڑوا کے آپ کے پاس بھیج رہا ہوں، ان سب کے ہاتھ کاٹ دیں۔

حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا تم نے کیوں چوری کی تھی؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں کھانا کم ملتا تھا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے حضرت حاطب رضی اللہ عنہ کو لکھا کہ حاطب! لوگوں کو یہ شکایت ہے تم سے کہ تم انہیں کھانا پورا نہیں دیتے، تو تم جب اپنے ملازمین کو کھانا پورا نہیں دو گے تو لا محالہ چوریاں کریں گے۔ اور اس پہ تم مجھے لکھتے ہو کہ میں ان کے ہاتھ کاٹ دوں، میں تمہیں کیوں نہ کہوں کہ تم کیا کر رہے تھے؟ نہیں ہاتھ کاٹے۔ آزاد کر دیے، فرمایا جاؤ۔

حتیٰ کہ ان کے اپنے دور میں جب قحط پڑا ہے ۱۷ ہجری کا، وہ عام الرمادہ کہلاتا ہے۔ رمادہ کا مطلب ہر طرف ریت ہی ریت اڑتی تھی، مٹی مٹی اڑتی تھی، بارش ہوئی نہیں تھی، فصلیں لگی نہیں۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کیا کیا؟ انہوں نے پہلا کام تو یہ کیا کہ جب قحط کی ہر طرف سے اطلاعات آئیں، تو انہوں نے کہا کہ اس سال کسی کا ہاتھ نہیں کاٹا جائے گا۔ اب ہوتا کوئی اور، وہ کہتا دیکھو امیر المومنین نے چوریوں کی اجازت دے دی، ڈاکوؤں کی اجازت دے دی، اس کا کیا مطلب؟ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کسی کا ہاتھ نہیں کاٹا جائے گا، ہم کسی پہ حد جاری نہیں کریں گے۔

اور دوسری بات جو صحیح بخاری میں آئی ہے، پچاس ساٹھ میل کے قریب چراگاہ تھی، یعنی پچاس ساٹھ میل آپ لمبائی اور چوڑائی میں دیکھ لیں، تو اسلام آباد سے بڑی جگہ بن جاتی ہے شاید۔ اتنا بڑا شہر آباد ہو سکتا تھا، پوری چراگاہ تھی سرکاری گھوڑوں کے لیے، ہیں؟ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے اس زمانے میں کہا تھا کہ یہاں اتنی گھاس اگاؤ کہ دس ہزار جانور بیک وقت چر سکیں اور گھاس ختم نہ ہو۔ اسلم تھے رحمتہ اللہ علیہ، اس ساری چار دیواری کے بہت سے ملازمین تھے اور اس پہ اسلم جو تھے وہ نگران تھے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ تشریف لائے اس چراگاہ میں اور فرمایا: اسلم! اس ساری چراگاہ کے دروازے کھول دو۔

اور عقل دیکھو اس زمانے میں بھی کیسی کام کرتی تھی! انہوں نے فرمایا کہ اس شہر میں مدینہ منورہ میں ایسے غریب لوگ رہتے ہیں کہ جن کے پاس صرف ایک جانور ہے، اونٹ یا اونٹنی، اور اس پر وہ پانی ڈھوتے ہیں، لوگوں کے گھروں میں لے جاتے ہیں۔ اور اگر ان کا جانور مر گیا، تو ان کی کفالت کا بوجھ خزانے پر آ کر پڑے گا، مجھ پہ پڑے گا، تو میں ان لوگوں کی کفالت کیسے کر سکتا ہوں؟ اس لیے چراگاہ کو کھول دو اور مت پوچھو ان سے، جو بھی چرانے آتا ہے اپنے جانور کو اسے چرانے دو۔ دو آدمیوں کو نہ آنے دینا: ایک حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو اور ایک عبدالرحمن ابن عوف رضی اللہ عنہ کو۔ فرمایا: ان دونوں کے لیے پابندی ہے، یہ سب کو بتا دو کہ ان کے جانور چرنے نہیں آئیں گے، باقی جو بھی آئے گا اس کو اجازت ہے۔

اور پھر کہنے لگے کہ عثمان اور عبدالرحمن کہیں گے کہ عمر نے ظلم کیا ہے، لیکن میں نے اس لیے یہ کہا ہے کہ ان کے باغات ہیں، اور وہ اپنے جانوروں کو بھرے ہوئے کھجور کے درخت توڑ کر بھی اگر کھلا دیں تو ایک سال کا نقصان ان کی معیشت پر کچھ اثر نہیں ڈالتا، ان کو اللہ نے اتنا کچھ دیا ہے۔ تو ایک سال نہیں کمائیں گے نفع، پھر کیا ہو گیا، اپنے باغات کھلا دیں وہ ایک سال، مگر یہاں پر ان کے جانور نہیں چریں گے۔

یہ کیا ہے؟ یہ اس عقل کا استعمال ہے شریعت کے ساتھ! وگرنہ کسی کی ہمت ہو سکتی ہے کہ کتاب و سنت میں یہ آیا ہے کہ چور کا ہاتھ کاٹ دینا چاہیے اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہیں کہ اس سال کسی کا ہاتھ نہیں کٹے گا؟ یہ ہے وہ مکتبہ فکر جو حضرت شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ علیہ سے پروان چڑھا ہے۔

۶ اعمال اور جزا و سزا کے مابین جنسی و معنوی مناسبت

شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جن لوگوں کا خیال یہ ہے کہ شریعت جو کام کہتی ہے اس میں کوئی مصلحت ہی نہیں ہے:

فَقَدْ يَظُنُّ أَنَّ الْأَحْكَامَ الشَّرْعِيَّةَ غَيْرُ مُتَضَمِّنَةٍ لِشَيْءٍ مِنَ الْمَصَالِحِ

اگر کوئی آدمی یہ سمجھتا ہے کہ شریعت کے احکامات پر عمل ہمیں کرنا ہی کرنا ہے اس میں کوئی مصلحت نہیں ہے، بس جیسے ہے تم ویسے مانو اور کرو:

وَأَنَّهُ لَيْسَ بَيْنَ الْأَعْمَالِ وَبَيْنَ مَا جَعَلَ اللَّهُ جَزَاءً لَهَا مُنَاسَبَةٌ

ایک غلط فہمی، دوسری جو آدمی غلطی سے یہ سمجھتا ہے کہ اعمال اور ان کی جزا کے درمیان مناسبت نہیں ہے۔ یہ بھی بڑا معرکۃ الآراء مسئلہ ہے۔ شریعت یہ بتاتی ہے کہ آدمی جیسا کام کرتا ہے، اسی طرح کی جزا اسے دی جاتی ہے۔ اللہ کی طرف سے سزا بھی ایسی ہوتی ہے اور اللہ کی طرف سے ثواب بھی ایسے ہی ہوتا ہے۔ قرآن میں بھی آیا ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ موسیٰ اور خضر علیہم الصلوٰۃ والسلام ایک بستی میں گئے، کھانا انہوں نے مانگا، انہوں نے نہیں دیا۔ تو جب نکلنے لگے، وہاں بستی میں ایک دیوار گری ہوئی تھی يُرِيدُ أَنْ يَنْقَضَّ فَأَقَامَهُ تو ان دونوں نے مل کے اس دیوار کو بنا دیا۔

حضرت موسیٰ علیہ السلام نے سوچا کہ ایک تو انہوں نے کھانا نہیں دیا، بستی والے ایسے ظالم نکلے، اوپر سے یہ دیوار بنا دی لَوْ شِئْتَ لَاتَّخَذْتَ عَلَيْهِ أَجْرًا حضرت! اس پہ کوئی اجرت ہی لے لیتے، ویسے ہی کچھ مل جاتا، کھانا کھاتے۔ تو انہوں نے کہا هَٰذَا فِرَاقُ بَيْنِي وَبَيْنِكَ یہ میرے اور تمہارے درمیان علیحدگی ہے۔ یہ دیوار کیوں بنائی؟ اللہ تعالیٰ نے کیا کہا؟ اللہ نے فرمایا کہ دیکھو بات یہ تھی کہ وَكَانَ تَحْتَهُ كَنْزٌ لَهُمَا اس دیوار کے نیچے ایک خزانہ گڑا ہوا تھا، دفن تھا۔ فرض کر لیجیے تیرہ انچ کی دیوار تھی، تو اس کے نیچے جو زمین تھی اس میں کسی نے خزانہ دبا دیا تھا۔ اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: وَكَانَ أَبُوهُمَا صَالِحًا ان کا باپ بڑا نیک آدمی تھا، غُلَامَيْنِ يَتِيمَيْنِ فِي الْمَدِينَةِ اس شہر میں دو یتیم بچے رہ گئے تھے اور اس نے مرنے سے پہلے اپنی تمام جمع شدہ پونجی اس دیوار کے نیچے دبا دی اور اوپر دیوار تعمیر کر دی، تاکہ دیوار کی وجہ سے وہ خزانہ محفوظ رہے، دیوار گرے گی تب کوئی دیکھے گا کچھ ہے کچھ نہیں ہے، اتنے میں میرے بچے جوان ہو جائیں گے اور وہ اس پیسے کو لے لیں گے۔ اللہ نے کہا کہ ان کے باپ نے صالح تھا، دین کی حفاظت کی، ہم نے اس کی دنیا کی حفاظت کروا دی۔

اور اللہ نے دو کم سے کم، ایک تو پیغمبر موسیٰ علیہ السلام جیسے جلیل القدر پیغمبر کو، پتہ نہیں کس کام پہ لگا دیا کہ دیوار بناؤ، اس لیے کہ جو کچھ باپ نے کیا تھا اللہ نے ویسی ہی جزا اس کی اولاد کو دی، وہ تحفظ کر کے۔ اور شریعت میں متعدد جگہ ہے، رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: اس پہ تھپڑ مارتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ عورتیں جو تجھے رو رہی ہیں کیا تو ویسے ہی تھا؟ وہ عورت کہتی ہے: «وا شمساہ!» ہائے میرا بھائی چاند جیسا! فقہاء نے کہا کہ جو پسند کرتا ہے کہ اس پہ رویا جائے، اسے تھپڑ پڑتے ہیں۔ کیونکہ وہ یہ پسند کرتا ہے کہ مرنے کے بعد جب ماتم ہو، بین ہو، تو اس کا نام بڑا ہو اور لوگ جانیں کہ یہ اتنا بڑا آدمی تھا، اوہ چاند جیسا تھا، سورج جیسا تھا۔ تو اپنے کبر میں، اپنے دل کے تکبر میں مبتلا ہے، فرشتے اس لیے مارتے ہیں اسے اور کہتے ہیں کہ اچھا، یہ چیز کر رہے تھے؟

اسی طرح تیسری چھوٹی سی مثال آپ دیکھیں کہ اعمال کی جزا اعمال کے قریب قریبی ہوا کرتی ہے۔ یہی حال گناہوں کا ہے، جو جیسا گناہ کرتا ہے خدا اس کے قریب قریب کی سزا ہی اسے دیتا ہے۔ تو جزا اور سزا اعمال کی جنس سے ہوا کرتے ہیں، یہ بڑا معرکۃ الآراء مسئلہ ہے اور کمال کی وکالت کی ہے شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ نے۔ شاہ صاحب نے دو اعتراض کیے، کہتے ہیں: جن لوگوں کا خیال یہ ہے کہ شریعت کے احکامات میں کوئی عقلی بات ہی نہیں ہے اور جو یہ کہتے ہیں کہ اعمال اور ان کی جزا میں مناسبت نہیں ہے، تو دیکھو ان کی مثال کیسی ہے۔ پھر شاہ صاحب نے مثال دی، ایک تیسری مثال آپ سے عرض کر رہے تھے کہ جیسا عمل ہوتا ہے اسی کے قریب قریب کی جزا اللہ تعالیٰ دے دیتا ہے۔

مثلاً، ایک آدمی مال کو بٹور کے رکھتا ہے، زکوٰۃ ادا نہیں کرتا۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: قیامت میں اس کا یہ مال سانپ کی صورت میں اس کے گلے میں ڈال دیا جائے گا۔ تو مال کو اس نے اس لیے رکھا تھا کہ اپنے جسم کی حفاظت کر سکے، مال کی حفاظت کر سکے، لوگوں میں کبر اور بڑائی کا اظہار ہو، اور اتنی یہ ہوس بڑھ گئی کہ زکوٰۃ بھی نہیں دی، اللہ نے ویسے ہی قریب قریب اس کے سزا دی۔

شاہ صاحب کہتے ہیں کہ بات یہ ہے کہ وَأَنَّ مَثَلَ التَّكْلِيفِ بِالشَّرَائِعِ جن لوگوں کو یہ دو غلط فہمیاں ہیں نا، ان کی مثال ایسی ہی ہے جو شریعت کے بارے میں یہ سمجھتے ہیں کہ اس کے حکموں پر عمل کرنے میں عقل کا کوئی دخل ہی نہیں ہے اور کوئی مصلحت ہی نہیں ہے: كَمَثَلِ سَيِّدٍ أَرَادَ أَنْ يَخْتَبِرَ طَاعَةَ عَبْدِهِ جیسے ایک آقا ہے، اس نے چاہا کہ وہ امتحان لے کہ اس کے نوکر اس کے وفادار ہیں یا نہیں، فَأَمَرَ بِرَفْعِ حَجَرٍ تو اس نے کہا یہ پتھر اٹھاؤ، پھر اس نے امتحان کی خاطر اپنے نوکروں سے کہا: لَمْسِ شَجَرَةٍ اس درخت کو ہاتھ لگا کے آؤ، مِمَّا لَا فَائِدَةَ فِيهِ غَيْرَ الِاخْتِبَارِ اس پتھر کے اٹھانے میں اور اس درخت کو ہاتھ لگا کے جو نوکر بھاگ کے واپس آ رہا ہے، اس میں فائدہ کیا واقعی ہے؟ اس میں کیا حکمت ہے؟

شاہ صاحب کہتے ہیں: غَيْرَ الِاخْتِبَارِ بس یہی حکمت ہے کہ وہ امتحان لینا چاہتا ہے کہ نوکر میری بات مانتے ہیں یا نہیں مانتے، فَلَمَّا أَطَاعَ وَعَصَى جُوزِيَ بِعَمَلِهِ تو جس نوکر نے بات مان لی اور جس نے نہیں مانی، اس کے ساتھ مالک ویسا ہی سلوک کرے گا۔ ایک آدمی نے دو چار نوکر رکھے، اب وہ اس کے دل میں شبہ پیدا ہوا کہ پتہ نہیں میری بات مانتے ہیں یا نہیں، اس نے کہا چلو یہ پتھر اٹھاؤ، چلو اس درخت کو ہاتھ لگا کے آؤ۔ وہ بھاگا، درخت کو ہاتھ لگا کے آ گیا، ایک نے پتھر اٹھا کے واپس رکھ دیا۔ دوسرے نے کہا جی اس کی آخر مصلحت کیا ہے؟ تو اس نے کہا اچھا! تم میری بات نہیں مانتے، لہٰذا تم نکل جاؤ اور یہ مانتا ہے یہ رہے گا۔ شاہ صاحب کہتے ہیں: جو سمجھتے ہیں کہ شریعت ایسی ہے کہ اللہ محض ایسے ہی امتحان ہی لینا چاہتا ہے اپنے بندوں کا کہ نماز پڑھ لو، روزہ رکھ لو، خدا صرف یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ میری اطاعت کون کرتا ہے، وَهَٰذَا ظَنٌّ فَاسِدٌ یہ ہے ظنِ فاسد، فساد والا خیال۔

شاہ صاحب کہتے ہیں جو لوگ یہ سمجھتے ہیں ان کا گمان غلط ہے، اور پھر: تُكَذِّبُهُ السُّنَّةُ وَإِجْمَاعُ الْقُرُونِ الْمَشْهُودِ لَهَا بِالْخَيْرِ اور رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی سنت اور امت میں وہ قرون جن کے متعلق شہادت دی گئی ہے کہ وہ سارے خیر پر مشتمل تھے، سب کے سب اس نظریے کی تردید کرتے ہیں۔ سنت کیسے اس نظریے کی تردید کرتی ہے؟ یہ نظریہ کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ محض نماز، روزہ، باقی ساری شریعت صرف امتحان کے طور پر کر رہا ہے یا اس میں کچھ فائدہ بھی ہے؟ شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں یقیناً فوائد ہیں اور عقل کی باتیں ہیں۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اللہ امتحان ہی لے رہا ہے، تو اس کا یہ ظنِ فاسد ہے، غلط خیالات کا مالک ہے وہ۔ اور ایسا خیال ہے کہ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی سنت نے بھی جھٹلاتی ہے اور جو امت کے وہ قرون جن کے متعلق شہادت ہے کہ وہ خیر کے دور تھے وہ بھی جھٹلاتے ہیں۔

۷ قرونِ اولیٰ کی تاریخی شہادت اور اعمال کے ارکان: نیت اور ہیئتِ نفسانیہ

کونسے دور ایسے تھے؟ تین دور۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: خَيْرُ الْقُرُونِ قَرْنِي میرا زمانہ سب سے اچھا ہے، پھر آپ نے فرمایا میرے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا زمانہ، پھر تابعین کا زمانہ۔ یا تو تین دور یہ تھے، یا بعض لوگ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کا اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا دور تقریباً ایک ہی تھا، اور وہ چلا ہے ۱۱۰ ہجری تک۔ ۱۰۸ ہجری میں بصرہ میں حضرت ابو الطفیل رضی اللہ عنہ کا انتقال ہوا اور بس وہ آخری آدمی تھے جنہوں نے رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی زیارت کی تھی۔

پھر وہ کہتے ہیں دوسرا دور تابعین کا، اور تابعین کا دور جو ہے وہ مزید سو سوا سو سال چلا ہے، یعنی ۲۱۰، ۲۱۵، ۲۲۰ ہجری تک ایسے، اور تیسرا دور اس کے بعد آیا ہے تبع تابعین کا۔ تو وہ کہتے ہیں یہ تین دور ایسے ہیں جن میں سچائی غالب تھی۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سے پوچھا گیا کہ ان تین ادوار کے بعد پھر امت میں کیا ہوگا؟ آپ نے فرمایا: ثُمَّ يَفْشُو الْكَذِبُ پھر جھوٹ پھیل جائے گا۔ اور آپ نے فرمایا پھر امانت دار اور بے امانت آدمی گھل مل جائیں گے اور کسی آدمی پر اعتبار نہیں کیا جا سکے گا، اس کے بعد یہ بھی شر اس امت میں پھیل جائے گا۔ تو وہ تین ادوار ایسے تھے کہ لوگوں پر خیر غالب تھی، لوگوں پر سچائی غالب تھی، بڑے بڑے ظالم اور جابر حکمران اس وقت بھی آئے ہیں لیکن سچ کہنے والے سچ کہتے تھے، لوگ سچ بولتے تھے۔

اس لیے آپ دیکھیں تو امام بخاری رحمتہ اللہ علیہ کی پیدائش ہوئی ہے ۱۹۴ ہجری میں، تو امام بخاری رحمتہ اللہ علیہ جو تھے یہ تبع تابعین کے بھی آگے شاگرد بنتے ہیں۔ امام احمد ابن حنبل رحمتہ اللہ علیہ تبع تابعین کے شاگرد بنتے ہیں، امام بخاری رحمتہ اللہ علیہ تو بعد کی بات ہے نا۔ کیونکہ امام بخاری رحمتہ اللہ علیہ سے پہلے ہیں امام احمد ابن حنبل، امام احمد ابن حنبل رحمتہ اللہ علیہ نے جو حدیث پڑھی ہے وہ انہوں نے امام ابو یوسف رحمتہ اللہ علیہ سے پڑھی ہے، اور ابو یوسف رحمتہ اللہ علیہ وہ تبع تابعین میں سے تھے۔ تابعین میں بڑی ہستی امام ابو حنیفہ رحمتہ اللہ علیہ کی تھی، وہ انہوں نے ان کے شاگرد تھے، اور امام ابو یوسف رحمتہ اللہ علیہ کے دادا یہ صحابی تھے۔

انہوں نے کتاب الاموال میں لکھا ہے کہ میرے دادا رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی خدمت میں حاضر ہوئے احد کے دن، اور اس وقت میرے دادا بچے تھے، چھوٹی عمر کے تھے، تو نبی کریم صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے میرے دادا کے سر پہ ہاتھ رکھا۔ یہ واقعہ ہے چار ہجری کا احد کا، اور یہ کتاب لکھ رہے ہیں کم سے کم بھی ۱۷۵، ۱۷۶ ہجری کے قریب قریب، یعنی تقریباً پونے دو سو سال کے بعد۔ تو امام ابو یوسف رحمتہ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ہنسے اور میرے دادا کے سر پہ ہاتھ رکھا اور واپس بھیج دیا اور لڑائی میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔ اور وہ لکھتے ہیں کہ اللہ کی قسم اب تک اس ہاتھ کی برکتیں ہمیں اپنے خاندان میں محسوس ہوتی ہیں۔ پونے دو سو سال کے بعد بھی رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کے ساتھ جو برکتیں منسلک تھیں ان کا یہ حال تھا۔ تو امام ابو یوسف رحمتہ اللہ علیہ سے پڑھا امام احمد ابن حنبل، امام احمد ابن حنبل خود کہتے تھے کہ جب میں بڑا ہوا تھوڑا سا، تو میرے والدین نے مجھے کہا کہ سب سے پہلے حدیث پڑھانی ہے، اور ہمارے شہر میں دستور تھا تو جس شخص کے پاس سب سے پہلے مجھے لے کے گئے وہ امام ابو یوسف رحمتہ اللہ علیہ تھے، میں نے ان سے حدیث پڑھی تھی۔ تو یہ یہ قرون، شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ کہتے ہیں، ان کا طرزِ عمل جھٹلاتا ہے اس بات کو۔

وَمَنْ عَجَزَ أَنْ يَعْرِفَ أَنَّ الْأَعْمَالَ مُعْتَبَرَةٌ بِالنِّيَّاتِ وَالْهَيْئَاتِ النَّفْسَانِيَّةِ الَّتِي صَدَرَتْ مِنْهَا

اور کون ایسا شخص ہے جو اتنا بھی نہ جانتا ہو، اب اتنا نہ جانتے جانتے کرتے کرتے بھی شاہ صاحب کوئی آٹھ مثالیں نو مثالیں دیں گے۔ کہتے ہیں کون ایسا آدمی ہے جو اتنا بھی نہ جانتا ہو کہ شریعت کے اعمال کی بنیاد ایک تو نیتیں ہیں۔ دو بنیادیں گنوائیں۔ وہ کہتے ہیں جتنے اعمال ہیں ان کی بنیاد نیت ہے کہ نیت جو ہے نا اس پہ عمل کا فیصلہ ہوتا ہے۔ اور یہ سب لوگ جانتے ہیں اور رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے جو کمال صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں پیدا کیا ہے نا، اس کمال کی بات یہ ہے کہ ان میں سے کسی ایک شخص کی بھی نیت خراب نہیں تھی۔

عمل میں گناہ ہو سکتا ہے، ہم صحابہ رضی اللہ عنہم کو کوئی معصوم تھوڑی سمجھتے ہیں، حتیٰ کہ عمل میں کبیرہ گناہ ہو سکتا ہے، لیکن اس شخص کی نیت خراب نہیں تھی۔ بس یہ کمال ہے۔ اس لیے جو لوگ اعمال کا دارومدار نیتوں پر نہیں سمجھتے، وہ کہتے ہیں فلاں صحابی سے ایسا کام ہو گیا، فلاں صحابی سے ایسا کام ہو گیا، ہم کہتے ہیں وہ جو اس سے کام ہوا تھا اس کی نیت کیا تھی؟ اگر اس کی نیت ٹھیک تھی اور عمل میں غلطی ہو گئی، تو نیت تو اب بھی ایک آدمی کی صحیح ہوتی ہے اور گولی چلاتا ہے، ایسے ہی ہوائی فائر کرتا ہے اور کسی کو لگ جاتی ہے تو کیا اس کو قتل کا حکم دے دیں گے؟

ایک آدمی کی نیت بالکل درست ہے، وہ انسان نرم تکیہ رکھتا ہے کیونکہ اسے نیند آرام سے آتی ہے اور کہتا ہے آرام سے سوؤں گا تو صبح نماز کے لیے اٹھوں گا۔ اب دوسرا آدمی کہتا ہے کہ یہ عیاشیاں اور یہ چیزیں، تو اس انسان کی نیت پہ تو کوئی شک نہیں کر سکتا اس لیے کہ نیت تو اس کے اور اللہ کے درمیان ہے۔ فعل قابلِ اعتراض ہے تو وہ بھی اس وجہ سے کہ اس کی نیت کا علم نہیں ہے۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے یہ کمال پیدا کر دیا تھا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں کہ ان کے آپس میں لڑائیاں تک ہوئی ہیں، خون ایک دوسرے کے بہائے ہیں لیکن نیتیں کسی کی غلط نہیں تھیں۔

اس نیت کا اندازہ اس سے لگاؤ کہ خط لکھا گیا، حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے خط لکھا حضرت علی رضی اللہ عنہ پہ، ابن کثیر نے یہ واقعہ البدایہ والنہایہ میں نقل کیا ہے، اور لکھنے والے نے پہلے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کا نام لکھا، ان کا کاتب تھا سیکرٹری تھا کہ معاویہ کی طرف سے علی رضی اللہ عنہ کے نام۔ تو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے اسے ڈانٹ دیا اور فرمایا: امیر المومنین سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا نام پہلے لکھو۔ اس نے کہا کمال ہے، آپ کو اتنے اختلافات ہیں ان سے؟ کہا: اختلاف اپنے مقام پہ، لیکن یہ کون نہیں جانتا کہ علی سب سے اچھے ہیں، اور علی ہی اس خلافت کے حقدار ہیں، میں نہیں۔ نیتیں ایسی صاف تھیں! تو کہا لڑائی؟ انہوں نے کہا وہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے خون پہ ہے، وہ ان کے ان لوگوں سے ہے جو حضرت علی رضی اللہ عنہ کا ساتھ دے رہے ہیں، ورنہ علی رضی اللہ عنہ کے بڑا ہونے میں کسی کو اختلاف نہیں۔ اتنا ادب اور احترام، یہ اس تربیت کا نتیجہ تھا جو رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے کی تھی۔

شاہ صاحب کہتے ہیں شریعت کے اعمال میں بنیاد ایک تو نیتیں ہیں، دوسری وہ ہیئتِ نفسانیہ الَّتِي صَدَرَتْ مِنْهَا جو کہ انسان سے ظاہر ہوتی ہے جس سے وہ اعمال صادر ہوتے ہیں۔ اعمال کا دارومدار دو چیزوں پہ ہو گیا: ایک نیت پہ اور اس کے ساتھ ساتھ انسان کی جو ہیئت ہوتی ہے، مثلاً نماز پڑھنے کا ایک طریقہ ہے، زکوٰۃ دینے کا ایک طریقہ ہے، حج کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ اب اگر کوئی آدمی کہتا ہے کہ نماز میں پڑھوں اور دو کی بجائے تین سجدے کر دیا کروں اس میں زیادہ ثواب ہے، تو اس نے وہ ہیئت بدل دی جو امت میں متواتر چلی آتی تھی۔ شاہ صاحب اس لیے کہتے ہیں کہ یہ دو چیزیں شریعت کی اصل ہیں، كَمَا قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ جیسے رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: إِنَّمَا الْأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ لوگوں! اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے، اور رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے یہ فرمایا:

لَنْ يَنَالَ اللَّهَ لُحُومُهَا وَلَا دِمَاؤُهَا وَلَٰكِنْ يَنَالُهُ التَّقْوَىٰ مِنْكُمْ

اللہ کو نہ خون پہنچتا ہے تمہاری قربانیوں کا نہ گوشت پہنچتا ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ کو تمہارے دل کا تقویٰ پہنچتا ہے۔ إِنَّمَا الْأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ تو مشہور حدیث ہے، آپ نے سنی ہوگی، پڑھی بھی ہوگی، اس کو چھوڑتے ہیں، آگے چلتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے کہا کہ ہم تمہاری نیتوں کو دیکھتے ہیں، یہ کیوں کہا کہ اللہ تک گوشت نہیں پہنچتا اور خون نہیں پہنچتا؟

۸ عرب جاہلیت کی رسومات، قربانی کا پس منظر اور نماز کا اصل مقصد

قرآن میں بعض چیزیں ایسی چلی ہیں کہ جب تک آدمی نے عربوں کی جاہلیت کے ادوار کا مطالعہ نہ کیا ہو، اور خاص طور پہ جاہلیت کی شاعری کو نہ پڑھا ہو، وہ آیات سمجھ میں نہیں آتیں۔ مثلاً، قرآن نے کہا ہے ایک جگہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جُوا اور شراب، إِثْمُهُمَا أَكْبَرُ مِنْ نَفْعِهِمَا کہ جوئے کا نفع کم ہے اور اس کا نقصان زیادہ ہے۔ اب جوئے میں کیا نفع ہے؟ لوگ بہت دلائل اس پہ دیتے ہیں: جوئے میں یہ نفع ہے کہ پیسہ جلدی آ جاتا ہے، یہ ہو جاتا ہے، وہ ہو جاتا ہے، لیکن اگر عربوں کی جاہلیت کو پڑھا ہوا ہو تو پھر اتنی باتیں کرنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی۔

ہوتا یہ تھا کہ یہ عرب بنیادی طور پہ بڑے کھلے دل کے مالک تھے۔ اب بھی عربوں جیسی سخاوت کون کر سکتا ہے؟ پیسہ لٹاتے تھے کھلا، جو گھر میں آیا اٹھا کر دے دیا۔ جب اسلام آیا تو اسلام نے یہی سخاوت ان کی قائم رکھی، اور صرف یہ پابندی لگائی کہ جو ضروریاتِ زندگی ہیں ان کو خرچ نہیں کرنا۔ عربوں کا جو مزاج اس وقت تھا اب بھی یہی تھا۔ اور جاہلیت کے زمانے میں یہ جو جُوا کھیلتے تھے، یہ کس لیے؟ تھوڑی کھیلتے تھے کہ کوئی پیسے کمانے ہیں کہ پیسے زیادہ آ جائیں گے، اب تو جواری اس لیے کرتے ہیں نا، پیسے کے لیے جُوا کھیلتا ہے، وہ کھیلتے تھے خوشی میں۔

اور جس دن جُوا کھیلنا ہوتا تھا عربوں کے جن سرداروں نے، وہ پہلے سے اعلان ہو جاتا تھا اور جوئے کی جگہ مقرر تھی صفا پہاڑی، صفا مروہ، عمر مروہ پہاڑی، مروہ کے یا صفا کے قریب وہ بیٹھتے تھے، جوئے کا اعلان ہو جاتا تھا اور جوئے میں لگتے تھے اونٹ۔ تو جو سردار جیت جاتا تھا، اعلان کا مقصد یہ ہوتا تھا کہ جتنے غریب، غرباء تھے مختلف قبیلوں کے سب پہنچ جاتے تھے کہ مہینے کی چاند کی فلاں تاریخ کو جُوا کھیلا جا رہا ہے، اور جتنے آتے تھے جو کچھ جُوا جیتتا تھا وہ سب اسی وقت غریبوں میں تقسیم کر کے چلا جاتا تھا گھر، کپڑے جھاڑ کے۔ خود کچھ نہیں لے جاتا تھا۔ اس لیے اللہ نے کہا کہ یہ جو جُوا ہے نا اس میں نفع ہے، نفع تو غریبوں کا ہے، اور یہ نیکی سمجھتے تھے اسے کہ غریبوں کی مدد کرنی چاہیے۔

حضورِ اقدس صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی دعوت کا اثر اور ان میں تبلیغ کا اثر ایسے ہی نہیں تھا، حتیٰ کہ ان میں کٹر سے کٹر مشرک آدمی بھی جس نے مسلمانوں کا خون بہایا ہے، اس کے دل میں بھی یہ چور چھپا ہوا تھا کہ محمد صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ جو کچھ کہتا ہے یہ سچ کہتا ہے، یہ ایسے ہی نہیں ہے بات۔ ہم اڑ گئے ہیں، غرور میں پڑ گئے ہیں، کبر میں پڑ گئے ہیں، اپنی انا اور اپنی بڑائی قائم رکھنے کے لیے اس شخص کی مخالفت کر رہے ہیں، لیکن یہ آدمی غلط نہیں ہے۔

عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ کے والد اس کی بڑی واضح مثال ہیں۔ عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ کے والد عاص بن وائل جو تھا، قرآن نے اس کی مذمت میں آیات نازل کی ہیں اور اللہ نے اس سے پوچھی بھی ہے۔ اس نے کہا کہ خدا کی کتاب پڑھتے ہو، شام کو جب بیٹھتے ہو تو تمہاری مجلس میں کون آتا ہے؟ یہ مکہ مکرمہ کے غریب، غربے آتے ہیں، میرے پاس آیا کرو تمہیں پتہ چلے سرداروں کی محفلیں کیسے جمتیں ہیں۔ اللہ نے فرمایا: كَمْ أَحْسَنُ نَدِيًّا جہنم میں ہم اس سے پوچھیں گے کہ کس کی محفل سجتی تھی۔ خدا نے بڑے سخت الفاظ اس کے لیے نازل کیے ہیں، یہ حضرت عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ کا والد تھا عاص بن وائل، اور یہی ہے وہ بدبخت جو حضرت بلال رضی اللہ عنہ وغیرہ کو دھوپ پہ لٹا دیتا تھا، آگ پہ اور ان کے سینے پہ پتھر رکھ دیتا تھا۔ جب یہ مرا ہے، تو حدیث کی کتابوں میں جہاں اس کے حالات آئے ہیں، اس نے مرنے سے پہلے کہا کہ اللہ کی راہ میں سو اونٹ دینا، خیرات کرنا۔

اس لیے کہ ایک آدمی کی قیمت سو اونٹ تھی نا، تو اس نے چاہا کہ سو اونٹ دے کے اپنے آپ کو جہنم سے بچا لے۔ اس نے کہا سو اونٹ دینا، اور پھر اگلا جملہ اس نے کہا کہ ممکن ہے یہ چیز مجھے آخرت میں نفع دے۔ او بھئی! آخرت تمہارے لیے اتنی عزیز تھی اور نفع کی توقع تھی تو کلمہ کیوں نہیں پڑھ لیا؟ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ جو بار بار کہتے تھے نا، آخرت میں اللہ کو جواب دینا ہے، کوئی نہ کوئی چور تو دل میں تھا نا۔ اسی طرح یہ بات بھی ہے۔

اللہ نے یہ جو کہا ہے کہ اللہ کو خون نہیں ملتا، گوشت نہیں ملتا، بلکہ تقویٰ کو دیکھتا ہے، اس کا کیا مطلب؟ اصل میں یہ عربوں کی جاہلیت کے دور میں یہ منیٰ میں ذبح کرتے تھے قربانی، اور اب بھی ہے اس وقت بھی تھا، سارے غریب لوگ جمع ہو جاتے تھے اور گوشت جتنا کٹتا تھا اس لیے سکھا لیتے تھے اور سکھا کے بیچتے تھے۔ اسی لیے وہ جو بخاری میں آیا ہے نا کہ ایک آدمی آیا اور رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کو دیکھ کے کانپنے لگا، تو نبی کریم صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے اسے اپنے پاس بٹھایا اور آپ نے فرمایا کہ کیوں ڈرتے ہو مجھ سے؟ اس سے بولا نہیں گیا رعب کی وجہ سے، نبوت کا خاص رعب تھا، تو آپ نے فرمایا تمہیں پتہ نہیں ہے، میں ایسی ماں کا بیٹا ہوں جو اتنی غریب تھی کہ وہ تازہ گوشت نہیں خرید سکتی تھی۔ تو وہ جو گوشت قربانی کے دنوں میں خشک ہو جایا کرتا تھا وہ بازار سے خرید کے پکاتی تھی، تو مجھ سے ڈرنے کی کیا بات۔

یہ منیٰ سے اپنا گوشت اٹھاتے، خون جمع کر لیتے تھے جانوروں کا اور آکر بیت اللہ کی دیواروں پر مل دیتے تھے، اور گوشت کے بڑے بڑے ٹکڑے بیت اللہ کے سامنے رکھتے تھے اور کہتے تھے کہ اے رب! تیرا کوئی شریک نہیں اور ہم اپنی طرف سے تیری بارگاہ میں یہ نیاز پیش کرتے ہیں۔ اللہ نے اس کا رد کیا، اللہ نے کہا: لَنْ يَنَالَ اللَّهَ لُحُومُهَا ہمیں کوئی گوشت نہیں ملتا، ہم تک کوئی خون نہیں پہنچتا، بلکہ ہم تک تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے کہ تمہارا دل کیسا ہے۔

شاہ صاحب کہتے ہیں: وَأَنَّ الصَّلَاةَ شُرِعَتْ لِذِكْرِ اللَّهِ وَمُنَاجَاتِهِ جو آدمی یہ سمجھتا ہے کہ نماز محض امتحان ہے کہ کون آدمی اللہ کی عبادت کرتا ہے اور کون نہیں کرتا، غلط سمجھتا ہے۔ دیکھو، نماز کو اللہ نے اس لیے رکھا ہے: شُرِعَتْ لِذِكْرِ اللَّهِ وَمُنَاجَاتِهِ کہ آدمی اللہ کو یاد کرے اور اللہ سے مانگے۔ نماز پڑھنا اس کی مصلحت یہ ہے کہ خدا کی یاد قائم ہوتی ہے، اور آدمی لا محالہ مانگتا ہے۔ شاہ صاحب نے بڑی اچھی بات کی، اللہ نے درحقیقت انسان کی نیچر میں یہ چیز ڈال دی تھی، ڈال دی ہے کہ وہ سپرمیسی کسی کی قائم رہے۔ بڑے سے بڑا انسان بھی زندگی میں جب بھی مشکلات کے دور میں آتا ہے، کتنا ہی اڑیل اور کتنا ہی ضدی کیوں نہ ہو، اپنا سر جھکا دیتا ہے۔ اور کہتا ہے کوئی نہ کوئی ہو جس سے جا کے بات کروں، کسی کو فون کروں، کس مصیبت میں پھنس گیا ہوں کسی بزرگ سے دعا کراؤں۔

حتیٰ کہ اکبر بادشاہ کو دیکھو، دینِ الٰہی ایجاد کر لیا، سورج کے نو سو، ہزار نام صبح اٹھ کے جپتا تھا، پڑھتا رہتا تھا سورج کے نام، ہندوؤں کی رسومات، سب کچھ۔ اور اکبر کی سوانح میں جب پڑھ رہا تھا تو ہنسی آئی اس بات پہ کہ اجمیر شریف جب پہنچا، تو اجمیر جب بھی وہاں سے گزر ہوتا تھا، تیرہ تیرہ، چودہ چودہ میل بادشاہِ اعظم پیدل جاتا تھا، ننگے پاؤں! اور جا کر بزرگ کی قبر پہ سجدہ کرتا تھا۔

تو جو بڑائی کی جگہ تھی وہ اپنی جگہ قائم ہے، وہاں پہ اللہ تعالیٰ کو ہٹا دیا، حضرت معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کو رکھ دیا۔ وہاں سے اللہ کو ہٹایا، سرمائے کو رکھ دیا۔ وہاں سے اللہ تعالیٰ کو ہٹا دیا، کیپٹلزم کو رکھ لیا۔ آدمی کہتا ہے کہ کہیں نہ کہیں جھکنا ہے، شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ کہتے ہیں: اللہ نے نماز اس لیے بنائی ہے کہ تم اس کے سامنے جھکو، یہ اس کے لیے ہے أَقِمِ الصَّلَاةَ لِذِكْرِي اللہ نے کہا ہے نماز کو قائم کرو میری یاد کے لیے۔

اور دوسری شاہ صاحب نے نماز کی جو حکمت بتائی ہے، وہ کہتے ہیں: وَلِتَكُونَ مُعِدَّةً لِرُؤْيَةِ اللَّهِ تَعَالَى وَمُشَاهَدَتِهِ فِي الْآخِرَةِ یہ نماز اس لیے ہے کہ آخرت میں اللہ کی زیارت ہو سکے، اللہ کا دیدار ہو سکے۔ یہ نماز کی سب سے بڑی حکمت ہے جو لوگوں کو سمجھ میں نہیں آتی۔ بہت سے لوگ پوچھتے ہیں نماز کیوں پڑھیں؟ اس کا کیا فائدہ؟ غریبوں کی مدد کرو، یہ کرو، وہ کرو۔ یہ پتہ لگ جائے گا اس دن جس دن اس نماز کے فوائد آئیں گے۔ شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ نے بیچ میں ایک ذکر نہیں کیا، وہ بھی عرض کر دیتے ہیں۔

۹ احوالِ قیامت، شفاعتِ عظمیٰ، سجدۂ الٰہی اور رویتِ باری تعالیٰ کی بشارت

صحیح بخاری میں کتاب التوحید میں یہ روایت بڑی طویل آئی ہے، بالکل اس کو مختصر کر لیتے ہیں۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے دوسرے صور کا ذکر کیا، پہلی مرتبہ تو سب دنیا تباہ ہو جائے گی، دوسری مرتبہ جب قبروں سے اٹھیں گے تو سب سے پہلے قبر سے کون اٹھے گا؟ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: سب سے پہلا شخص میں ہوں جس کی قبر کھلے گی، اور آپ نے فرمایا کہ میں جب اٹھوں گا تو میں دیکھوں گا کہ اللہ کے عرش کا ایک پایا پکڑ کے موسیٰ علیہ السلام کھڑے ہیں۔

تو آپ نے فرمایا مجھے نہیں پتہ کہ ان پہ بے ہوشی طاری نہیں ہوئی، یا یہ کہ وہ بے ہوش ہوئے طور میں جو، تو اللہ نے آج کے دن انہیں چھوٹ دے دی، یا یہ کہ خدا نے انہیں مجھ سے پہلے بیدار کر دیا۔ اس حدیث میں بڑی گہری بات رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے یہ جو کہا نا کہ مجھے نہیں پتہ کہ موسیٰ مجھ سے پہلے ہوش میں آگئے، تو رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے یہ نہیں فرمایا وہ زندہ ہو گئے۔ فرمایا: مجھ سے پہلے ہوش میں آگئے۔ یہ دلیل ہے اس بات کی کہ انبیاء علیہم السلام اپنی قبروں میں زندہ ہی ہوتے ہیں۔ کیونکہ اگر رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ یہ کہتے کہ مجھ سے پہلے وہ زندہ ہو گئے، تب تو ہم کہتے کہ پہلے وفات شدہ تھے اب زندہ ہو گئے، آپ نے یہ کہا ہی نہیں، آپ نے کہا مجھ سے پہلے ہوش میں آگئے۔ اور آپ نے فرمایا وہ عرش کا پایا پکڑ کے کھڑے ہوں گے، مجھے نہیں معلوم کہ طور کی وجہ سے مجھ سے پہلے پہلی فوقیت انہیں دے دی گئی یا صرف بے ہوشی آئی نہیں۔

اس کے بعد رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: کوئی آدمی خدا سے بات نہیں کر سکے گا سوائے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کے۔ اور آپ نے فرمایا تم جاؤ گے اس جگہ، اس جگہ، اس جگہ، یہاں تک کہ اللہ کی طرف سے اعلان ہوگا کہ جو جس کی عبادت کرتا تھا وہ اس کے ساتھ چلا جائے، تو سورج کو لایا جائے گا اور سورج کے جتنے پرستار تھے وہ سب اس کے پیچھے چل پڑیں گے اور سورج سمیت جہنم میں۔ اور پھر چاند کو لایا جائے گا، اور پھر آپ نے کہا سیدنا عیسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کو بھی لایا جائے گا، اور وہ اللہ کے ہاں دوسری روایت میں آتا ہے شفاعت نہیں کریں گے اور وہ کہیں گے میری قوم نے اتنی میری عبادت کی ہے کہ خدا کے سامنے جانا میرے لیے اب لائق نہیں رہا، جاؤ محمد صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کے پاس۔ ان ساری احادیث میں مختلف روایات جمع کر کے عرض کر رہا ہوں۔

ایک جگہ یہ آیا ہے کہ پھر رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: صرف میں اور میری امت رہ جائیں گے اور کچھ یہودی، کچھ اہلِ کتاب۔ یہ امت تو بہت بڑی تعداد میں ہوگی، کچھ یہودی اور عیسائی جو اپنے اپنے انبیاء علیہم السلام کے دور میں عقیدے کے صحیح تھے، بس فرمایا وہ رہ جائیں گے۔ اور پھر رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: بڑے بڑا مشکل ہے اس حدیث کا ترجمہ کرنا، آپ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ آئے گا، اور وہ کہے گا کہ میرے ساتھ چلو۔ تو میری امت کے لوگ یہ کہیں گے کہ اللہ نے ہمارے لیے ایک خاص صورت مقرر کر رکھی ہے، تو ہم تمہارے ساتھ نہیں جائیں گے۔ اور پھر اللہ آئے گا اس صورت میں جو صورت امت پہچانتی ہو۔

اللہ کی کیسی صورت ہے؟ کیا چیز ہے؟ یہ آج کل عقیدے پہ جو ہمارے بیانات آ رہے ہیں اس میں سننا چاہیے، اس حدیث کو ویسے نہیں نقل کر لینا چاہیے، اس میں ہم نے تشریح کی ہے اور لمبی تشریح ہے اس کی۔ اور پھر رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: جب اللہ کہے گا آ کے کہ میں تمہارا پروردگار ہوں، تو لوگ اللہ کو دیکھیں گے میری امت کے لوگ اور خوش ہو جائیں گے، اور آپ نے فرمایا میری ساری امت سجدے میں گر جائے گی اور میری امت میں جو لوگ باقی ہوں گے ان میں وہ بھی ہوں گے جو منافق تھے، اور وہ بھی ہوں گے جو ریاکاری سے سجدہ کرتے رہے تھے، اور وہ بھی ہوں گے جو فاسق و فاجر تھے۔

اور آپ نے فرمایا کہ امت جب کہے گی اللہ ان سے کہے گا کہ میرے ساتھ چلو، تو وہ کہیں گے یقیناً بلا شبہ اللہ تو ہی رب ہے، اور اللہ کے ساتھ چل پڑیں گے اور سب خدا کو دیکھ کے سجدہ کریں گے سوائے ان لوگوں کے جو دنیا میں نماز نہیں پڑھتے تھے۔ اور اللہ کہے گا کہ دنیا میں میں نے کہا تھا سجدہ کرو، تم نہیں کرتے تھے، آج تم اس نعمت سے محروم ہو، اور ان کی کمر کی ہڈی رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا بالکل اکڑ جائے گی، یعنی جیسے سلیٹ ہوتی ہے، حتیٰ کہ وہ گر جائے گا اور سجدہ نہیں کر سکے گا۔

یہ ہے شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ نے اس طرف اشارہ کیا، اور دوسری چیز جو حضرت نے ذکر نہیں کی ہے اس کے بعد حدیث میں آئی ہے: پھر رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: میری امت اور میں اللہ کے پیچھے چل پڑیں گے۔ اور آپ نے فرمایا پھر جہنم پہ پل صراط لگا دی جائے گی اور جہنم سے قینچیاں نکلیں گی، آنکڑے، اور وہ جس جس کو پڑے گی پکڑ کے اٹھا کر اپنے اندر کھینچ کے لے جائیں گی اور جس جس نے جو کرتوت کیے تھے، اور پھر کچھ ایسے لوگ ہوں گے جو پہلے ہلے میں، پہلے والے میں ہی پل صراط کو عبور کر جائیں گے اور آپ نے فرمایا وہ میں ہوں گا اور جو میرے ساتھ لوگ تھے، میرے طریقے پہ چلتے رہے ہم جنت میں پہنچ جائیں گے۔

اور پھر رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: واپسی ہوگی اور پھر میں شفاعت کرنا شروع کروں گا۔ اور اللہ تعالیٰ بلائیں گے انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کی سفارشیں، میری شفاعت اور پھر مجھے کہیں گے کہ اچھا جائیے اور آپ دیکھیے آپ کی امت میں کون لوگ رہ گئے ہیں۔ پھر جائیں گے، پھر اللہ کے مجھے کہیں گے کہ آپ اپنی امت میں سے اس آدمی کو دیکھیں جس کے دل میں ایک سرخ چیونٹی کے برابر بھی کوئی خیر کی، نیکی کی، ایمان کی رتی کوئی باقی ہے، کوئی رمق ہے اسے بھی نکالو۔ رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: میں اسے بھی نکالوں گا۔

اور پھر اللہ تعالیٰ کے پاس جنتی آئیں گے میری امت کے، اور کہیں گے کہ اللہ! اس جہنم میں یہ لوگ ہیں یہ ہمارے ساتھ نماز پڑھتے تھے، خدایا یہ لوگ ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ حج کیا تھا، اللہ یہ لوگ ہیں جو خیرات کرتے تھے، اور رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: میرے امتیوں کو اللہ کہے گا کہ یہ منافق تھے۔ سو تم ایسے خدا سے جھگڑو گے جیسے تم کسی ایسے شخص سے جھگڑتے ہو جس نے تمہارا قرض دینا ہو، اور تم اڑ جاؤ گے اس بات پہ کہ خدایا یہ ہمارے دوست تھے انہیں نکال، تو اللہ تعالیٰ کہے گا اچھا انہیں بھی لے جاؤ۔

اور پھر جب سب کو لے جائیں گے تو پھر ہے وہ رحمت کی بات، رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: اللہ کہے گا: شَفَعَتِ الْمَلَائِكَةُ وَشَفَعَ النَّبِيُّونَ انبیاء علیہم السلام نے میرے سامنے سفارش کی، پھر اللہ کے نیک بندے آئے، پھر شہداء آئے، پھر علماء آئے، ہر کوئی لے گیا جس جس پر اس کی بات تھی، وَبَقِيَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِينَ اور اب تو میں باقی رہ گیا ہوں جو سب سے زیادہ رحمت کرنے والا ہوں۔ تو خدا اپنا ہاتھ جہنم میں ڈالے گا اور ایک یا دو یا ڈھائی لپ کے برابر، تینوں روایات آئی ہیں، ان تین ڈھائی لپوں کے برابر اللہ جہنمیوں کو نکالے گا اور اللہ کہے گا یہ ایسے لوگ ہیں جن کے دل میں اتنا تھوڑا ایمان تھا کہ تم لوگوں کو پتہ نہیں چلا۔

اور رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: تمہیں جنت میں بھیج دیا جائے گا۔ اب پہچانے کیسے جائیں گے؟ فرشتوں کو جب حکم ہوگا کہ نکالو، وہ بات شاہ صاحب نے لکھی۔ حدیث میں آیا ہے رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: فرشتے جہنم میں جائیں گے اور جب میں کہوں گا کہ یہ میرا امتی ہے، یہ ہے، یہ ہے، اور جب تم کہو گے کہ یہ ہمارے ساتھ نماز پڑھتا تھا، یہ نماز پڑھتا تھا، تو جہنم کی آگ پہ اللہ نے یہ حرام کر دیا ہے کہ وہ آدمی کے ان نشانات کو جسم سے کھا لے جن نشانات کو سجدے کی وجہ سے داغ لگتے ہیں۔ جیسے پیشانی پہ، جیسے گھٹنوں پہ، ٹخنوں پہ، یہ داغ پڑ جاتے ہیں نا، یہ جگہ جہنم کے لیے حرام ہوگی۔ اور فرشتے انہیں دیکھ کر نکال لیں گے۔ اسی طرح دوسری حدیث میں آتا ہے کہ قبر میں عذاب ان جگہوں پر نہیں ہوگا۔

تو یہ جو نماز ہے، قبر کے عذاب سے بھی نجات کا باعث بنی، جہنم میں فرشتوں کی پہچان ہوگی وہاں بھی بچت ہو گئی اور اسی طرح فرشتوں نے پہچان لیا، شاہ صاحب نے یہ نہیں لکھا۔ لیکن وہ جو اللہ کی رویت ہے اور اللہ کی زیارت ہے اور خدا کا دیدار ہے، رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: بس جو دنیا میں نماز نہیں پڑھتے تھے یا پڑھتے تھے تو لوگوں کے دکھاوے کے لیے پڑھتے تھے، وہ خدا کو دیکھ کر بھی سجدہ نہیں کر سکیں گے۔ شاہ صاحب کہتے ہیں: تم کہتے ہو کہ نماز، یہ کیا لوگ اتنا بھی نہیں جانتے کہ نماز تو اس وجہ سے پڑھنا بھی ضروری ہے کہ آخرت میں مشاہدہ جو ہوگا اس کی تیاری ہے؟ كَمَا قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ جیسے رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا، یہ وہی حدیث کے الفاظ ہیں جو ابھی آپ سے عرض کیے ہیں:

سَتَرَوْنَ رَبَّكُمْ كَمَا تَرَوْنَ هَٰذَا الْقَمَرَ لَا تُضَامُّونَ فِي رُؤْيَتِهِ

رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا: تم قیامت میں اپنے رب کو ایسے ہی دیکھو گے جیسے تم چاند کو دیکھتے ہو، اور چاند کے دیکھنے میں جس طرح تمہیں کوئی دقت نہیں ہوتی اسی طرح تم خدا کو دیکھو گے۔

فَإِنِ اسْتَطَعْتُمْ أَنْ لَا تُغْلَبُوا عَلَىٰ صَلَاةٍ قَبْلَ طُلُوعِ الشَّمْسِ وَصَلَاةٍ قَبْلَ غُرُوبِهَا فَافْعَلُوا

تو تم سے اگر ہو سکے تو میری امت کے لوگو! دو وقتوں کی نماز نہ چھوڑنا: سورج کے طلوع ہونے سے پہلے کی نماز، یا تو فجر مراد ہے یا تہجد مراد ہے، اور وہ نماز جو پڑھی جاتی ہے سورج کے ڈوبنے سے پہلے، یعنی رسول اللہ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نے فرمایا ایک فجر اور ایک عصر یہ نمازیں نہ چھوڑنا تاکہ تم میں، فَافْعَلُوا ان نمازوں کو پڑھو تاکہ تم میں یہ استعداد پیدا ہو جائے، اتنی روحانیت پیدا ہو جائے کہ قیامت میں جب تم اللہ کو دیکھو تو وہ انوار و برکات، تجلیات اس کو جذب کر سکو، تم بے اختیار سجدہ کر سکو۔