شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ تذکرہ کر رہے تھے کہ ان کے ماموں زاد بھائی مولانا محمد عاشق صاحب نے اس مقصد کے لیے ہندوستان میں مختلف علماء سے رجوع کیا کہ انہیں کہیں ایسا شخص مل جائے جو اس کتاب جیسی ایک کتاب لکھ سکتا ہو۔ یہ کتاب تو خیر بعد میں لکھی گئی، لیکن جو کچھ ان کے ذہن میں منصوبہ تھا، ایسی کوئی چیز لکھی جائے کہ شریعت کی حکمتوں کو اور ان چیزوں کو بیان کیا جائے۔
اور اس زمانے میں اتنا گہرا شخص اور جس کے علوم اتنے گہرے ہوں، ان کو کوئی شخص نہیں ملا۔ اور نتیجہ یہ کہ انہوں نے حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کو گویا کہ پکڑ لیا۔ اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی بات پچھلی مرتبہ سن چکے کہ انہوں نے مجھے دبوچ لیا اور مجھے گریبان سے پکڑ لیا۔ یعنی عربی میں وہ اتنے شدید الفاظ انہوں نے استعمال فرمائے جس کا مطلب یہ ہے کہ نہایت زور اور شور سے انہوں نے اصرار کیا۔ اور انہوں نے کہا کہ حضرت! اس وقت ہندوستان میں واحد شخص ایسے ہیں آپ جو اس چیز کو لکھ سکتے ہیں۔ تو شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے پھر اس چیز کی طرف قدم بڑھایا۔ چار وجوہ انہوں نے بیان کیں کہ میں نے «حجۃ اللہ» کیوں لکھی۔
اس کے بعد اب فرماتے ہیں اس کتاب کے نہج کے بارے میں کہ وہ کہتے ہیں:
اور یہ میں اس سے پہلے کہہ چکا تھا، میں نے اس سے یہ بات بتا دی تھی انہیں کہ دیکھو! جہاں تک میرا اپنا ذات کا تعلق ہے، أَنِّي سِكِّيتُ نَادِلِ الْبَيَانِ، میں بیان کی محفل کا ایک گونگا آدمی ہوں۔ سِكِّيت کا لفظ استعمال کیا ہے، اردو میں بھی استعمال ہوتا ہے، سکوت کا لفظ استعمال ہوتا ہے، ساکت کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔ تو اسی سے گویا انہوں نے مبالغے کے طور پر بات کی کہ سِكِّيت بہت زیادہ خاموش آدمی، بالکل جو بولتا نہیں ہے۔ میں ایسا آدمی ہوں کہ جب لوگ بول رہے ہوں، لوگ بیانات کر رہے ہوں، تو میں بالکل اس میں دخل نہیں دیتا، نہیں بولتا۔
اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی یہ وصف، یہ خاصیت ان کے بیٹے شاہ عبدالعزیز صاحب محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے بیان کی ہے۔ شاہ عبدالعزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ، اللہ تعالیٰ نے انہیں موقع دیا تھا شاہ ولی اللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے براہِ راست پڑھنے کا، کیونکہ باقی بھائی جو تھے وہ چھوٹے تھے۔ یہ چار بھائی تھے اور چاروں میں شاہ عبدالعزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ سب سے بڑے تھے۔ پھر شاہ عبدالغنی صاحب تھے، پھر شاہ رفیع الدین تھے، پھر شاہ عبدالقادر صاحب رحمۃ اللہ علیہ تھے، اور وفات ان کی بالکل الٹی ترتیب سے ہوئی۔ یعنی سب سے پہلے چھوٹے بھائی کا انتقال ہوا، پھر ان سے بڑے، پھر ان سے بڑے، اور آخر پہ شاہ عبدالعزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ہوا۔
تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جو چیزیں اپنے والد کے بارے میں لکھی ہیں، اس پہ انہوں نے لکھا ہے کہ والد کو دیکھا بہت خاموش آدمی تھے اور جب تک کوئی بات نہیں پوچھتا تھا، نہیں کرتا تھا، نہیں بولتے تھے۔ البتہ جب کوئی بات بولتا تھا، سوال پوچھتا تھا، کوئی علمی بات آتی تھی، تو پھر وہ بہتے ہوئے سمندر تھے یعنی سمندر کی طرح جس میں تموج ہوتا ہے اور اس میں پانی کا ذخیرہ کثرت سے ہوتی ہے، ایسے والد صاحب بیان کرتے تھے۔ تو شاہ صاحب نے اپنے متعلق بھی یہی کہا کہ میں نے اس کو بتایا، یعنی عاشق کو بتایا، اپنے ماموں زاد بھائی کو، میں نے کہا: لوگ باتیں کرتے ہیں، تقریریں کرتے ہیں، تو میں بالکل خاموش آدمی ہوں۔
دوسری چیز انہوں نے بیان کی کہ:
رِهَان کا لفظ جو ہے عربی میں، یہ اسم فاعل کے طور پر اگرچہ استعمال ہوا ہے یعنی رَہن جو ہے، وہ اردو میں بھی سنا ہوگا کہ کوئی چیز رہن رکھ دینا، کہ کسی آدمی کو گارنٹی کے طور پر کوئی چیز دے دینا اور اس کے عوض میں کوئی نفع لے لینا۔ مثلاً ایک لاکھ روپیہ لے لیا اور اس کی وجہ سے اپنی زمین رہن میں رکھ دی، تو رہان اس کو کہتے ہیں جو رہن رکھنے والا ہو، اور رہن میں وہ نفع اٹھاتا ہے۔ تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس لفظ کو جو استعمال کیا ہے، اسی وجہ سے پھر یہ رہان کا لفظ اس گھوڑے کے لیے استعمال ہونے لگا جو گھوڑا اس میں ریس میں لگتا ہے۔ تو ریس میں لگنے والے گھوڑے کو رہان کہتے تھے۔
تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ دیکھو میں نہ صرف خاموش ہوں، بلکہ میرا حال تو یہ ہے کہ میں ریس کے گھوڑوں میں ضالع۔ ضالع صفت ہے اور ضَلْعُ الشَّيْءِ کسی چیز کا ٹیڑھا ہو جانا، پسلی کو بھی کہتے ہیں، کیونکہ بنیادی طور پر وہ بھی ٹیڑھی ہوتی ہے نا۔ تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کہا کہ میں ایسا گھوڑا ہوں جو ریس میں لگایا جائے مگر وہ لنگڑا ہو۔ تو یہ اپنے لیے استعمال کیے ایسے الفاظ کہ تم جو مجھ سے توقع کر رہے ہو کہ اتنی بڑی چیز بنے اور اتنی اچھی میں کتاب لکھوں، تو میرا حال یہ نہیں ہے، بلکہ میرے علوم میں یا یہ جو چیزیں ہیں، وہ اس قابل، اس درجے کی نہیں ہیں جو تم توقع رکھتے ہو۔
اور پھر میں نے انہیں یہ بھی بتایا کہ دیکھو، تیسرا فقرہ بیان کیا:
اور انہوں نے کہا میں نے اسے بتایا کہ میں متعرق مرماۃ ہوں۔ متعرق گوشت نوچنے والا، ہڈی پہ جو گوشت لگا ہوا ہوتا ہے وہ ہے مراد۔ یہ «لسان العرب» وغیرہ، «تاج العروس»، جتنی عربی کی اچھی، بڑی لغات ہیں اس میں آپ دیکھیں گے تو وہ انہوں نے اہلِ لغت نے لکھا ہے کہ وہ کہتا ہے کہ میں گیا ایک بہت بڑا لغت کے امام تھے، وہ کہتے ہیں: میں گیا اور میں نے پوچھا کہ أَطْيَبُ اللَّحْمِ کون سا ہوتا ہے؟ سب سے لذیذ گوشت کون سا ہوتا ہے؟
تو اصل میں ان کا قاعدہ یہ تھا جو بڑے بڑے لغت کے امام تھے کہ وہ عربوں کے قبائل میں گھومتے تھے۔ جا کر دس دس سال وہاں زندگی کے گزار دیے، بیس سال گزار دیے، حتیٰ کہ تیس سال گزار دیے۔ اور ان لوگوں کو بڑا ذوق تھا عربی کا تو وہ دیکھتے تھے کہ لہجوں میں کیا فرق ہے، الفاظ کیسے استعمال ہوتے ہیں، کون سا لفظ کون سا قبیلہ اس کے کیا مفہوم لیتا ہے۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں بھی تھا، یہ بنو ہذیل جو تھے، عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ کا قبیلہ تھا، ان کی عربی میں اور قریش کی عربی میں فرق تھا۔ اور بڑی مشہور مثال ہے اس کی جو حدیث کی کتابوں میں بھی آتی ہے، حَتَّى حِينٍ کو عَتَّى عِينٍ پڑھتے تھے، اس طرح کے الفاظ پڑھتے تھے وہ۔ تو یہ مختلف قبائل کی مختلف لغات تھیں۔ تو کہتے ہیں کہ میں گیا اور میں نے پوچھا کہ أَطْيَبُ اللَّحْمِ، سب سے لذیذ گوشت؟ تو اس نے کہا: أَطْيَبُ اللَّحْمِ مَا عَوَذَ بِالْعَظْمِ، سب سے اچھا گوشت وہ ہوتا ہے جو ہڈی کے ساتھ چپکا ہوا ہو۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ وَإِنِّي مُتَعَرِّقُ مِرْمَاةٍ اور میں جو ہوں ایسا آدمی ہوں جو ہڈی پر سے جو گوشت بچ جاتا ہے اس کو کھرچ کے کھانے والا۔ یہ متعرق کا لفظ انہوں نے استعمال کیا، یہ اسم فاعل ہو گیا۔ تو گوشت کو نوچ کے کھانا یعنی جو اصل بوٹیاں ہیں، جو سالن اصل ہوتا ہے وہ لوگ لے جاتے ہیں، سارے لوگ کھا لیتے ہیں، باقی ہنڈیا میں ہڈیاں بچ جاتی ہیں تو اس پہ تھوڑا بہت جو گوشت لگا ہوا ہوتا ہے، میں تو وہ کھانے والا ہوں، میں ایسے کرنے والا ہوں۔ یہ وہ چیز ہے جو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کی ہے اور یہ انہوں نے تیسرا فقرہ بیان کیا ہے۔
چوتھا فقرہ بھی ان کا سن لیجیے، پھر اس کی ذرا تشریح عرض کرتے ہیں۔ اور فرمایا کہ میں ایسا آدمی ہوں، وَذُو بِضَاعَةٍ مُزْجَاةٍ، جو ایسی پونجی لے کے آیا ہے جو ناکافی ہے۔ یہ الفاظ وہ ہیں جو حضرت یوسف علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بھائیوں نے استعمال کیے تھے۔ ایک مرتبہ تو وہ آئے اور غلہ کی چیزیں لے کے جانی تھیں، چلے گئے، اور حضرت یوسف علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ان کے پیسے بھی اس غلے میں واپس رکھ دیے تاکہ اپنے وطن کو جائیں تو انہیں خیال رہے کہ کسی نے بڑا احسان کیا ہے۔ تو وہ جب وطن پہنچے تو انہوں نے کہا کہ هَٰذِهِ بِضَاعَتُنَا رُدَّتْ إِلَيْنَا، یہ ہمارے پیسے ہیں جو ہمیں ابا! لوٹا دیے گئے۔ حضرت یعقوب علیہ الصلوٰۃ والسلام سے کہا اور بہت ہی اچھا ہے وہ تو، جس نے پیسے بھی دے دیے، غلہ بھی دے دیا۔ پھر وہ گئے ہیں تو پیسے پورے نہیں تھے۔ اس موقع پہ انہوں نے کہا کہ ہم یہ چیز لے کے آئے ہیں جو تھوڑی پونجی ہے اور اس کے عوض میں جو ہم غلہ لینا چاہتے ہیں وہ بہت زیادہ ہے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: میرے پاس پونجی بھی تھوڑی ہے۔
اور پھر کہتے ہیں:
اور میں نے انہیں یہ بھی بتایا، محمد عاشق کو، کہ دیکھو میں ایسا آدمی نہیں ہوں کہ جس کے پاس اتنا وقت ہو کہ وہ صفحات کو پلٹتا رہے۔ زیادہ کتابوں کی ورق گردانی یہ بھی میرا میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے۔ یہ جو اس سے پہلے فقرے ہیں، اس میں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے متعلق جو کچھ بھی بیان کیا ہے، یہ ایک طرح کی کسرِ نفسی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پورے ہندوستان میں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے پائے کا کوئی آدمی نہیں۔ یہ بات بلا خوفِ تردید کہی جا سکتی ہے کہ ان سے پہلے ایک ہی بڑی ہستی تھی حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کی، اور حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کے بعد اتنا صاحبِ نسبت اور اتنا بلند آدمی کوئی پیدا ہوتا یہ بہت مشکل ہے۔
حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء میں بعض ہستیاں بڑی تھیں، خواجہ معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کے بیٹے تھے، وہ خود بہت بڑے آدمی تھے۔ اسی طرح دوسری طرف دیکھا جائے تو تصوف ہی کے اعتبار سے حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کے جو خلیفہ تھے خواجہ آدم بنوری، آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ بڑے آدمی تھے۔ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ کی مقبولیت کا یہ حال تھا کہ بڑے محتاط مورخین جو ایک ایک جملہ سوچ سمجھ کے لکھتے ہیں، انہوں نے لکھا کہ خواجہ آدم بنوری جب لاہور آئے ہیں تو ان کے ساتھ اور لاہور کے لوگ جو چل رہے تھے، ان کے قافلے میں لاہور سے بس وہ گزرے ہیں، تو سولہ لاکھ سے زیادہ آدمیوں کا اندازہ کیا گیا۔ اور شہر میں چلنے کی جگہ باقی نہیں رہی تھی، اتنی مخلوق ان کے ساتھ تھی۔ تو شاہ جہاں بادشاہ کو خبر ہو گئی، اور بادشاہ کو یہ فکر ہوئی کہ اگر اس شخص نے بغاوت کر دی تو کیا ہو گا؟
تو وزیر اعظم کو کہا، وزیر اعظم سعد اللہ حاضر ہوئے اور انہوں نے کہا: حضرت! میں حاضر ہوں اور بادشاہ کے پاس خزانے کی کنجیاں رہ گئی ہیں بس، اور تو کچھ رہا نہیں، وہ بھی آپ رکھ لیجیے۔ تو حضرت ہنس پڑے اور فرمایا: کیا ارادہ ہے؟ اس نے کہا: ہماری خواہش یہ ہے کہ آپ بیت اللہ تشریف لے جائیں اور ہم اس کے اخراجات دیں گے۔ خواجہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ وہیں چلے گئے تھے اور پھر اس کے بعد وہیں جنت البقیع میں ہی حضرت رحمۃ اللہ علیہ دفن ہوئے۔ یا جنت المعلیٰ میں دفن ہوئے؟ بہرحال، خواجہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ وہاں چلے گئے تھے۔
ان کے خلفاء میں یہ شاہ علم اللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ تھے۔ شاہ علم اللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہ مسکن اپنا بنایا تھا رائے بریلی کو۔ اور رائے بریلی سے پھر ان کی اولاد، ان کے آگے کے لوگوں میں جو بڑی شخصیت آئی ہے وہ سید احمد شہید رحمۃ اللہ علیہ کی تھی۔ یہ سارا سلسلہ تھا اور تیسری شخصیت جو ان حضرات کے بعد تھی، حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کے بعد، وہ اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ تھے۔ خدا نے کمال اس انسان میں رکھا تھا۔ یہ پچھلی ایک ڈیڑھ صدی کی تاریخ چھوڑ دیں، ہندوؤں نے جو جان بوجھ کے اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے، بلکہ تاریخ وہ پڑھنی چاہیے جو اس کے معاصرین نے لکھی ہے اورنگزیب کے۔ تو اورنگزیب بیک وقت عالمِ دین بھی تھے، صوفی بھی تھے۔
اور سلسلہ نقشبندیہ میں جو انہوں نے سلوک طے کیا ہے، اس میں انہوں نے تو کم لکھا ہے اپنے متعلق، لیکن خواجہ معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو درخواست پیش کی کہ حضرت! مجھے اپنی تربیت اور سلوک نقشبندی سلسلے کا طے کرنے کے لیے میری رہنمائی ہو۔ تو خواجہ معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے صاحبزادے عزیز القدر کو بھیجا اور کہا: جاؤ اور بادشاہ کو سلوک اور مراقبات اور یہ ساری چیزیں سکھاؤ۔ اور پھر انہوں نے اپنے والد کو خواجہ معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو جو خط لکھا ہے اس میں انتہائی مراقبات جو ہیں اس کے متعلق گفتگو کی ہے کہ اورنگزیب عالمگیر آج کل یہ مراقبات کرتے ہیں۔ تو ایک طرف وہ صوفی، دوسری طرف عالمِ دین اتنے بڑے تھے کہ یہ فتاویٰ عالمگیری جو مرتب ہوا ہے، تو حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کے والد کو انہوں نے بڑی درخواست کی کہ آپ آئیں اس کے مرتب کرنے میں۔ شاہ عبدالرحیم صاحب نہیں مانے، وہ نہیں گئے۔ مزاج تھا کہ بادشاہوں سے ان لوگوں سے کوئی تعلق رکھتا ہی نہیں۔ تو وہ نہیں تشریف لے گئے، لیکن ہوا یہ کہ ان کے ایک دوست تھے بڑے صاحبِ علم، بڑے اچھے مفتی دلی کے، تو یہ ان سے ملنے کے لیے گئے۔
تو گھر پہ نہیں تھے، انہوں نے بچوں سے کہا: دروازہ کھولو، بٹھا دو، تمہارے والد آئیں گے تو مل کے چلا جاؤں گا۔ بیٹھے تو کچھ اوراق، صفحات پڑے ہوئے تھے اور وہ حج کے باب کے تھے اور وہ فتاویٰ عالمگیری ہی لکھی ہوئی تھی۔ تو اورنگزیب رحمۃ اللہ علیہ کا یہ معمول تھا اس زمانے میں کہ انہوں نے یہ طے کر رکھا تھا کہ جتنا کچھ بھی مفتی حضرات یہ سارے مل کے لکھیں گے، رات کو انہیں سنایا جائے گا۔ جب وہ فائنل ایک نتیجے پہ پہنچ جائیں گے بحث مباحثے کے بعد، تو جو کچھ فتاویٰ عالمگیری میں لکھنا ہے وہ اورنگزیب رات کو سنیں گے۔
مفتی صاحب آئے نہیں اور شاہ عبدالرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے وہ صفحات لے کے ایک صفحے پہ ایک مسئلہ پڑھا اور انہوں نے اس کے حاشیے پہ لکھ دیا کہ یہ مسئلہ یوں نہیں، یوں ہے، یہ غلط ہے، یہ فتویٰ درست نہیں ہے۔ تشریف لے گئے۔ مفتی صاحب آئے کہیں دیر سے، انہوں نے فوری طور پر کاغذات اٹھائے اور اورنگزیب رحمۃ اللہ علیہ کو جا کے سنا دیے۔ جب اسی عبارت پر پہنچے تو حاشیہ لگا ہوا تھا، حاشیہ پڑھا تو اس پہ یہ لکھا تھا کہ یہ مسئلہ غلط ہے، اصل مسئلہ یوں ہے۔ تو اورنگزیب نے کہا کہ اگر اصل مسئلہ یہ ہے تو پہلے غلط مسئلہ لکھنے کی کیا ضرورت تھی؟ انہوں نے کہا: یہ چیز یہ کیا ہے؟ تو بادشاہ تھے، بس اتنا ہی کہنا کافی تھا، انہوں نے صفحات لپیٹے اور اٹھا کے آ گئے، اور آ کے شاہ عبدالرحیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے پھر شکایت کی اور کہا: حضرت! مجھے بادشاہ کے سامنے شرمندہ کیا۔ انہوں نے اس مسئلے پر بحث کی۔
یہ حال تھا اس شخص کے علوم کا، دوسری طرف تصوف کا، تیسری طرف جو بادشاہت تھی، اور جس اعتبار سے خیر وہ تو ایک تاریخ کا حصہ ہے، لیکن یہ ایک بڑی شخصیت تھی جو حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کا فیض تھا، اثر تھا جو پورے برصغیر پہ پھیلا۔ ان سارے حضرات کی اس لیے عرض کر رہا ہوں کہ اور بھی بہت سے لوگ ملیں گے، ہمیں اس سے انکار نہیں ہے کہ بعض شخصیات بڑی تھیں مگر شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ جیسی بڑی شخصیت جامع کوئی نہیں تھی۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جو کچھ لکھا ہے، یہ اپنے متعلق انہوں نے کسرِ نفسی سے کام لیا ہے۔
اور ہوتا یہ ہے کہ جب کسی انسان کو اللہ تعالیٰ عروج دیتا ہے تو اس عروج کے ساتھ ساتھ ایک کرم یہ کر دیتا ہے کہ وہ آدمی اپنے متعلق فنایت کے احساس میں غرق ہو جاتا ہے۔ وہ جو کچھ لکھتا ہے اپنی طرف سے بالکل صحیح لکھ رہا ہوتا ہے، کیونکہ وہ بالکل دن میں جیسے سورج چڑھا ہوا ہوتا ہے، اسی طرح وہ یہ سمجھتا ہے کہ میں کچھ نہیں۔ یہ خدا کی طرف سے ہوتا ہی یوں ہے۔ کیونکہ جتنا عروج ہوتا ہے اگر اللہ تعالیٰ اس پہ کھول دے کہ تم کیا ہو اور یا جتنے علوم میں نے تمہیں دیے ہیں تم شخصیت کیا ہو، تو ممکن ہے یہ شخص کبر میں مبتلا ہو جائے، اور کبر میں اگر آ جائے تو پھر تو اس انسان کی ساری دنیا آخرت برباد ہو جائے۔
حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم جیسی ہستی جس کے متعلق معصومیت کا یقین اور عقیدہ ہے، ابن ماجہ میں ایک جگہ آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے کچھ لوگ چل رہے تھے، اور ایک جگہ پہ پہنچ کے آپ بیٹھ گئے اور آپ نے لوگوں کو آگے بھیجا اور آپ نے فرمایا تم آگے چلو، اور پھر لوگوں کے پیچھے چلے۔ اور فرمایا، یا ایسی بات تھی کہ صحابہ رضی اللہ عنہم نے کہا، اس بات کے ڈر سے کہ کہیں انہیں اپنے متعلق بڑائی کا احساس نہ ہو جائے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ حال تھا۔ تو اس طرح ہو جاتا ہے کہ اللہ کے بندے جب انہیں عروج اور یہ چیزیں، خدا مہربانی کرتا ہے، تو اس مہربانی میں سے ایک چیز یہ ہوتی ہے کہ اپنا مٹنا۔ اور یہ سچ مچ رہا۔
تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ میں نے اس سے کہا کہ دیکھو میں ایسا آدمی نہیں ہوں جو تمہاری اس خواہش کو پورا کر سکوں۔ اور پھر دوسری طرف میرے پاس اتنی فرصت نہیں ہے کہ میں کتابوں کو بہت زیادہ دیکھ سکوں اور صفحات میں پلٹوں۔ کتابیں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے خوب پڑھی تھیں، مدینہ منورہ پڑھی تھیں، وہاں جا کے حدیث پڑھی تھی۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو علوم میں بھی اللہ تعالیٰ نے کمال دیا تھا مگر یہ کہ مطالعے کی وسعت اتنی کہ انہوں نے ہزاروں کے حساب سے کتابیں پڑھ لی ہوں یہ نہیں تھا۔ اور وجہ اس کی یہ تھی کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ جس دور میں آئے ہیں وہ دور مسلمانوں کے زوال کا تھا۔ سفر اس کی سہولتیں اتنی آسان تھیں نہیں، مغلوں کی خانہ جنگیاں ہو رہی تھیں، پھر مرہٹوں نے امن برباد کر دیا تھا، یہ سارے کٹ کٹ ایسے تھے کہ کسی بھی انسان کے لیے بڑا مشکل تھا کہ کوئی اچھا کتب خانہ اس کے پاس ہوتا۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے کتب خانہ البتہ تھا جو بعد میں پھلت منتقل ہو گیا۔
دوسرا عذر انہوں نے کیا بیان کیا؟ شاہ صاحب کہتے ہیں:
اور اس کے ساتھ ساتھ مجھے دل کے کام ایسے ہیں، ایسے کاموں میں مصروف ہوں کہ بِمَا لَيْسَ لَهُ فَوَاقٌ مجھے ذرہ برابر اس سے فرصت نہیں۔ دودھ دوہتے ہیں نا اونٹنی کا، تو دودھ دھوتے ہوئے دھار آتی ہے، پھر اس کے بعد دوبارہ اس کے تھن کو زور سے نچوڑتے ہیں، پھر دھار آتی ہے، تو اس کے درمیان کا وقفہ ہوتا ہے اسے عرب کہتے ہیں فَوَاق۔ تو شاہ صاحب نے کہا: مجھے اتنی بھی فرصت نہیں ہے۔ میں نے اسے بتایا کہ میں دل کے کام میں مصروف ہوں۔ دل کے کام کا مطلب کیا؟ یعنی ذکر و اذکار میں۔
شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کو خلافت جو تھی اپنے مشائخ سے ملی تھی، اور وہ پھر سلسلہ حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ سے جا ملتا ہے۔ اپنے والد شاہ عبدالرحیم صاحب کے خلیفہ تھے، وہ خلیفہ تھے حضرت مولانا عبداللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے، اور وہ خلیفہ تھے خواجہ معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے۔ تو یہ تین واسطے درمیان میں بنتے تھے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ پر ذکر، اذکار، ان چیزوں کا بڑا غلبہ ہو گیا تھا، اور کتابیں ان کے آخری زمانے کی دیکھیں اگر، یہ بھی اگرچہ «حجۃ اللہ» انہوں نے آخری زمانے میں لکھی ہے، لیکن ان کتابوں میں تو عجیب زیادہ رنگ نظر آتا ہے۔ بہت سی چیزیں ایسی ہیں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی جو ابھی چھپی نہیں ہیں، لیکن قلمی نسخوں میں پتہ چلتا ہے کہ ذکر، اذکار، نسخوں کے ساتھ ان لوگوں کا کیا تعلق تھا۔
اور امرِ واقعہ یہ ہے کہ جتنی بھی صدیاں پیچھے آپ چلے جائیں، جس جس سے اللہ تعالیٰ نے کام لیا ہے ان لوگوں کو تربیت کے مراحل سے گزارا ہے۔ بعض اوقات یہ بھی ہوا ہے، بغیر کسی شخصیت کا ذکر کیے ہوئے ہم یہ کہتے ہیں کہ بعض اوقات یہ بھی ہوا ہے کہ جو مشائخ تھے جنہوں نے تربیت کی تھی، ان کے مرید، ان کے خلفاء رتبے میں اپنے کام کے اعتبار سے ان سے بھی بڑھ گئے۔ اللہ تعالیٰ نے اس سے بھی زیادہ کام لیا، لیکن خدا نے اس چیز سے گزارا ضرور۔ یہ نہیں ہوا کرتا کہ کوئی آدمی بغیر تربیت کے ہی اتنے بڑے مرحلے تک پہنچ جائے۔
آپ ہندوستان کو ہی لے لیں، یہ جتنے مجددین آئے ہیں، اگر یہ تصوف، ذکر، مراقبات، یہ سب چیزیں بدعات ہوتیں تو پھر مجدد کا آنا ہی ختم ہو جاتا، اس کے آنے کا مقصد ہی ختم ہو جاتا۔ مجدد آتا ہی اس لیے ہے کہ پچھلی پوری صدی میں اب تک جتنی نئی نئی چیزیں دین میں مختلف راستوں سے بدعات داخل کر دی گئی ہیں، ان بدعات کو وہ ختم کرے۔ مجدد کا کام ہی یہی ہوتا ہے۔ اور اگر مجدد خود بدعات میں پڑ جائے تو پھر تو اسے کس چیز کی تجدید کی؟ اس انسان کا کیا فائدہ ہوا؟
اور ہندوستان میں جتنی بھی تجدید ہوئی ہے، حضرت مجدد الف ثانی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ جیسا آدمی جس نے پورے ہندوستان کے مزاج کو بدل دیا، اور علمی حلقوں حتیٰ کہ حکومت تک پہ اثر انداز ہوئے اور ہر طرف ان کے اثرات اور اب تک ان کے اثرات ہیں، اگر یہ لوگ دین ہی نہیں سمجھ سکے کہ تصوف، ذکر، اذکار، یہ سب بدعات ہیں، یہ پیری مریدی بے کار چیزیں ہیں، تو پھر تو اللہ ہی حافظ ہے اس دین کا۔
اس سے پیچھے چلے جائیں، کن کن لوگوں کو خدا نے تجدید کے مقام پہ فائز کیا؟ پانچویں، چھٹی صدی میں شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ تھے، پکے صوفی تھے، سلسلہ قادریہ کے مؤسس تھے، تاسیس کی انہوں نے، اور وہ اپنے وقت کے بہت بڑے صوفی تھے۔ ان سے بھی پیچھے چلے جائیں، اور لوگ مل جائیں گے۔ ان کے بعد دیکھ لیں تو یہ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ جو تھے، یہ بھی ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ خود اپنے متعلق جو کچھ لکھتے ہیں وہ بھی سلسلہ قادریہ میں بیعت تھے، اور سلسلہ قادریہ کے یعنی تبرکات کی چیزیں ان تک پہنچی ہیں۔ تو الحاصل یہ کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے متعلق جو لکھا ہے کہ مجھے ذرہ برابر فرصت نہیں ہے، تو بات یہی تھی کہ وہ ذکر، اذکار، مراقبات، یہ سب چیزیں تھیں۔
پھر وہ کہتے ہیں:
اور میں نے محمد عاشق کو یہ بھی بتایا کہ میں نے کہا: اساتذہ سے جو میں نے باتیں سنی تھیں، ان باتوں کو آخری حد تک میں یاد رکھوں، یہ بھی میرے لیے ممکن اب نہیں رہا۔ اس لیے کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہ کتاب مکمل کی ہے ۱۷۵۸ء کے قریب، ۱۷۵۷ء کے قریب، ایسے۔ یعنی سن ۵۵ کے بعد ہی، ۱۷۵۵ء کے بعد انہوں نے مکمل کی ہے اور ۶۱، ۶۲ میں شاہ صاحب کا انتقال ہو گیا۔ کیونکہ آخری نسخہ جو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے شاگردوں کو پڑھایا ہے اور جس پہ انہوں نے دستخط کیے ہیں اور بتایا ہے کہ میں نے اپنے شاگردوں کو پڑھایا، وہ کراچی میں میں نے دیکھا، ایک ایڈووکیٹ تھے اسحاق صاحب، غالباً انتقال ہو گیا، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے اور درجے ان کے بلند ہوں، بہت کتابوں کا ذخیرہ انہوں نے اور بہت چیزیں انہوں نے اکٹھی کی تھیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اس کا ایک نسخہ مکہ مکرمہ میں بھی ہے۔ مکہ مکرمہ میں ہم نے وہ نسخہ دیکھنے کی کوشش کی مگر مکہ مکرمہ میں جو نسخہ مجھے ملا وہ صرف اسی بیاسی صفحات تھے، اور اس سے پتہ چلا کہ شاہ اسحاق صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے مکہ مکرمہ میں «حجۃ اللہ البالغہ» پڑھائی تھی۔ شاہ اسحاق صاحب رحمۃ اللہ علیہ نواسے تھے شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے، اور وہ صاحبزادے تھے حضرت کے، تو یہ خاندانی سارا سلسلہ تھا۔
اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہ کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ بات بتائی ہے کہ تمہاری اولاد سے کام لیا جائے گا، اور تمہاری اولاد میں کچھ لوگ ایسے بھی ہوں گے جن کو ہم حرمین شریفین میں بلائیں گے اور حدیث پڑھنے اور پڑھانے کی، اور تفسیر پڑھنے اور پڑھانے کی سعادت اور یہ نیکی تمہاری اولاد کو ہم نے دی ہے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے جب یہ لکھا تھا کوئی تصور بھی نہیں ہو سکتا تھا، لیکن ان کے شاگردوں میں بھی اور ان کی نسبی اولاد میں بھی یہ چیزیں دونوں ملیں۔ شاہ اسحاق صاحب رحمۃ اللہ علیہ تو حضرت کے خاندان سے تھے، بیٹی کے نواسے تھے۔ شاہ اسحاق صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے «حجۃ اللہ» بھی پڑھائی، حدیث بھی پڑھائی۔ اور ادھر دوسری طرف جو ان کے شاگردوں کا تعلق ہے، تو شاہ عبدالغنی صاحب مجددی رحمۃ اللہ علیہ جو تھے، یہ سلسلہ سارا شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ ہی کے تلامذہ اور انہی کے شاگردوں کا ہے، اور شاہ عبدالغنی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث جو مدینہ منورہ میں بیٹھ کے پڑھائی ہے، تو عرب جو سینکڑوں کی تعداد میں ہیں، علماء ان کے شاگرد تھے اور حدیث کی سندوں میں ان کا نام بھی آتا ہے۔ الجزائری کے ایک محدث تھے، مدت ہوئی مدینہ منورہ میں، وہ ان کا معمول تھا کہ وہ رمضان سے ایک مہینہ پہلے آ جاتے تھے۔ تو شعبان اور رمضان میں بیٹھ کے مسجد نبوی میں اپنے شاگردوں کے ساتھ حدیث پڑھتے تھے تو ان سے پوچھا کہ حضرت! آپ کا سند کا سلسلہ کیا ہے؟ تو اس میں بھی شاہ عبدالغنی صاحب مجددی محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ آتے تھے۔ اللہ نے اس سلسلے کو بڑا وسیع کیا۔
تو شاہ صاحب کہتے ہیں: میں نے انہیں کہا کہ دیکھیے! میرے پاس اتنا بھی نہیں ہے کہ جو اساتذہ سے میں نے سنا ہے یہ سب کچھ مجھے یاد ہو۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے استاد تھے طاہر مدنی، اور طاہر مدنی جو تھے یہ ان کے والد ابراہیم کورانی، انہوں نے پڑھا تھا شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ کو۔ اس لیے شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ میں جو ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ کا اثر آیا ہے، یہ اس واسطے سے آیا ہے۔ کیونکہ یہ بات آگے چل کے کہیں نہ کہیں شاید آئے، اور آ بھی سکتی ہے خاص طور پر اللہ تعالیٰ کی صفات کے بارے میں۔ اور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس «حجۃ اللہ» کے علاوہ جو چیزیں لکھی ہیں باقی جگہ پہ، ایک دو دو مقامات ایسے بھی ہیں جہاں انہوں نے عقیدے میں ماتریدیوں کی بجائے وہ چیز لکھی ہے جو شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ نے لکھی تھی۔ تو وہ ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ کی جو موافقت انہوں نے کی ہے عقیدے کے باب میں، وہ اصل میں اثر ادھر سے آیا ہے، وگرنہ ماتریدی اور حنفی اس بات کے قائل نہیں تھے۔ کہیں بحث آئی تو وہاں یہ بات کام آئے گی۔ تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ مجھے اساتذہ کی بھی ساری باتیں یاد نہیں ہیں۔
پھر میں نے انہیں کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ:
اور تم جانتے ہی ہو عاشق کہ میں ایسا آدمی نہیں کہ كُلِّ جَاءٍ وَآتٍ ہر آنے جانے والے کے سامنے بیٹھ کر تقریریں کرتا پھرے۔ ہوتا ہے نا کہ اپنی علمیت کا اظہار ان چیزوں کے ذریعے، تو انہوں نے کہا: میں ایسا آدمی نہیں ہوں کہ میں لوگوں کے سامنے گلا پھاڑ پھاڑ کے بولوں اور باتیں کروں، ہر آنے جانے والے کو اپنے کلام سے متاثر کرنے کی کوشش کروں۔ اور یہ بہت بڑی بات ہے جو انہوں نے لکھی ہے۔ علم تو آ جاتا ہے لیکن علم کو سنبھالنا اور علم کو کسی عمل میں لانا یہ اس سے زیادہ بڑی بات ہے۔
اساتذہ کہتے تھے ہمارے کہ:
ایک من علم کو سنبھالنے کے لیے دس من عقل چاہیے۔ کیونکہ پڑھ تو لے گا، کتابیں بھی آ جائیں گی، جتنی بھی محنت کر لے گا، اسے سنبھالنا اور نیت کو صاف رکھنا یہ بہت بڑی چیز ہے۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے علم اس لیے حاصل کیا لِيُمَارِيَ بِهِ السُّفَهَاءَ تاکہ لوگوں کو بے وقوف بنائے، مسئلہ کچھ ہے بیان کچھ کرتا ہے، محض اس لیے کہ لوگوں کی جیب سے پیسے نکلیں، یہ چیزیں ہوں یہ چیزیں ہوں۔ اور فرمایا کہ یا اس نے علم اس لیے حاصل کیا کہ اس کے ذریعے سے بادشاہوں کے ہاں قرب حاصل کرے۔ ایک روایت میں آیا ہے کہ آپ نے فرمایا: اس لیے کہ اس کے ذریعے دوسرے علماء پر اپنا رعب جمائے علم کا۔ چوتھی چیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ لوگوں کو لوگوں کے چہرے اپنی طرف کھینچنے کی کوشش کرے، تاکہ لوگ متاثر ہوں، پتہ چلے کون عالم ہے کتنا علم ہے اس کا، جس شخص نے یہ نیت رکھی فَهُوَ فِي النَّارِ، جہنم میں ہے۔
اس لیے یہ بہت بڑی چیز ہے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کہا: میں نہیں بولتا ہر آنے جانے والے کے سامنے، تاکہ اپنی حفاظت ہوتی رہے۔ یہی حال سب کا تھا، شاہ عبدالقادر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا بھی، بڑے لوگ اتنے تھے، جب علم کی بات ہوئی تو بولے، وگرنہ خواہ مخواہ ایسی باتیں جس کے ذریعے لوگوں پر رعب اور دھاک جمے، یہ نہیں کرتے تھے۔
اور کچھ ایسے بھی تھے کہ طبعی طور پہ اللہ نے اتنے علوم دیے تھے کہ وہ عام گفتگو بھی کرتے تھے تو وہ اتنی معیاری ہوتی تھی کہ لوگ سمجھتے تھے۔ انور شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ ایسے تھے۔ کتنا علم تھا ان کا کہ وہ عام لوگوں سے بھی بات کرتے تھے تو کوئی نہ کوئی مسئلہ کوئی نہ کوئی بات ہوتی تھی، وہ تو پھر بے اختیار چیز ہو جاتی ہے۔ مولانا عبیداللہ صاحب فرماتے تھے کہ ان کی عام گفتگو جو تھی، ان کے معاصرین کہتے تھے کہ وہ ریکارڈ کیے جانے کے قابل ہوتی تھی۔ وہ سیاسی بات کرتے تھے، کوئی بھی بات کرتے تھے تو اتنی عمدہ باتیں، اتنے عمدہ نکات بیان کرتے تھے، وگرنہ اور دوسری طرف یہ لوگ تھے کہ جان بوجھ کے کبھی اپنے علم کی دھاک نہیں بٹھائی۔
اس کی بہت بڑی ایک چیز لکھی ہے شاہ عبدالقادر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق کہ وہ قرآن پاک کا ترجمہ کر رہے تھے اور ایک دن کچھ مفتی حضرات ان سے ملنے کے لیے آئے، تو وہ راستے میں بات کرنے لگے اور کہنے لگے: اللہ نے حضرت کو سارے علوم میں کمال دیا ہے، مگر علمِ کلام جو ہے حضرت کا وہ نہیں، کمزور ہے۔ علمِ کلام کا مطلب یہ ہے کہ دلائل کے ذریعے اور بحث مباحثے کے ذریعے اسلام کی اس چیز کی حقانیت کو ثابت کیا جائے۔ خلاصہ یہ ہے علمِ کلام کا۔
تو جو قرآن پاک کا ترجمہ کیا ہے نا شاہ عبدالقادر صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے، یہ ترجمہ ایسا نہیں ہے کہ ہر آدمی اسے سمجھ سکے۔ مطلب ٹھیک ہے، اردو لکھی ہوئی ہے لیکن یہ لفظ کیوں لائے ہیں حضرت؟ یہ اساتذہ سے پڑھنے کے قابل ہے۔ ایک ایک لفظ ایسا ہے جس سے شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی علمیت ٹپکتی ہے۔ کاش وہ لکھ جاتے کہ میں یہ لفظ کس لیے لا رہا ہوں، مگر یہ انہوں نے نہیں لکھا۔ وہ ان کے ذہن میں جو بات ہو گی بس وہی جانتے ہوں گے، ہم تو بہت تھوڑی چیزوں تک پہنچے ہیں کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ یہ لفظ آخر لائے کیوں۔ اور اس میں جہاں عقیدے کی آیات آتی ہیں قرآن کریم میں، وہاں اتنا محتاط ترجمہ ہے، اتنا محتاط ترجمہ ہے کہ سمجھ آتی ہے کہ اچھا، حضرت کا مسلک یہ تھا اور یہ کہنا چاہتے ہیں اس ایک لفظ سے۔
تو علمِ کلام میں باری تعالیٰ کی صفات، یہ چیزیں جو آتی ہیں بہت پیچیدہ موضوع ہے، بہت مشکل موضوع ہے۔ تو کہتے ہیں: ہم بات کر رہے تھے کہ حضرت کو اللہ نے سارے علوم دیے ہیں لیکن علمِ کلام میں وہ چیز نہیں۔ تو فرمانے لگے کہ بحث مباحثے سے حضرت بہت دور تھے۔ تو جب ہم پہنچے مسجد میں تو حضرت نے اشارہ کیا، مطلب دروازے سے ہم دیکھ رہے تھے تو ہم رک گئے۔ تو ایک چٹائی لے کے آئے اور مسجد کے دروازے پہ بچھا دی اور ہم لوگوں سے کہا: یہیں گلی میں بیٹھ جاؤ۔ ہم بیٹھ گئے، ہم نے کہا: پتہ نہیں کیا ہوا ہے۔
تو فرمانے لگے: مفتی صاحب! یہ بتاؤ کہ علمِ کلام کی سب سے مشکل مرحلہ کون سا ہے؟ تمہارا کیا خیال ہے جہاں پر پہنچ کے محدثین گھبرا گئے ہوں اور علماء گھبرا گئے ہوں اور علمِ کلام کا وہ مسئلہ اس میں علمِ کلام والوں کو ترجیح حاصل ہے؟ تو وہ بھی بڑے اچھے مفتی تھے، انہوں نے کہا: حضرت! یہ مسئلہ ہے۔ کہتے ہیں: انہوں نے بحث شروع کی، اور بحث کرتے کرتے کرتے کرتے ہمیں حیرت ہوئی کہ یہ کیا ہو رہا ہے؟ اور کچھ دیر کے بعد انہوں نے چٹائی باہر بچھا دی اور کہنے لگے: تم میری جگہ بیٹھو۔ اور پھر فرمایا: میں تم سے پوچھتا ہوں کہ علمِ کلام میں یہ جو موقف اختیار کیا انہوں نے اور محدثین اس طرف گئے ہیں، اس کا کیا جواب ہے؟
تو ظہر کا وقت جب آ گیا، ہم بڑے شرمندہ ہوئے۔ تو چٹائی اٹھائی حضرت نے، چلے گئے اندر، اور نماز پڑھائی اور پھر سلام دعا کر کے فارغ ہو گئے، تو کہنے لگے: اتنے شرمندہ ہوئے ہم کہ ہم نے کہا یہ وہ چیز ہے جو کشفاً حضرت کو معلوم ہوئی اور دیکھو علمِ کلام میں انہوں نے ایسی باتیں کیں جو ہمارے وہم و گمان میں نہیں تھیں۔ یہ جو چٹائی انہوں نے اندر اور باہر بچھائی، یہ ان کا تقویٰ تھا، کیونکہ بحث مباحثہ علمِ کلام کا، اس میں بہت سی چیزیں ہیں، مناظرے۔ تو انہوں نے اپنے آپ کو مسجد میں رکھا کیونکہ وہ اس وقت دفاع کر رہے تھے کتاب و سنت کا، اور علمِ کلام والوں کو باہر بٹھا دیا، اور پھر جب خود باہر چلے گئے تو وہ علمِ کلام کا دفاع کر رہے تھے، انہوں نے کہا مسجد میں ایسی باتیں مناسب نہیں ہیں، یہ ان کا تقویٰ تھا۔
ایسا تقویٰ تھا کہ مولانا اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ نے صحیح بخاری حضرت سے ہی پڑھی۔ وہ شاہ عبدالقادر صاحب رحمۃ اللہ علیہ تھے، کہتے تھے کہ حضرت کی کرامتیں ایسی ظاہر ہوتی تھیں کہ جیسے پت جھڑ میں پتے گرتے ہیں، ایسی کرامتیں شاہ عبدالقادر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی ظاہر ہوتی تھیں۔ اور فرماتے تھے کہ دلی میں یکم رمضان پہلی تراویح جو ہوتی تھی، اس میں درزی اور یہ لوگ خاص طور پہ آتے تھے نماز پڑھنے کے لیے۔ تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اگر سوا بارہ پڑھتے تھے تو وہ سمجھ جاتے تھے کہ اس مرتبہ جو ہے رمضان ۲۹ کا ہو گا۔ اور اگر ایک پارہ پڑھتے تھے تو کہتے تھے بس رمضان ۳۰ کا ہو گا۔ یہ اس سے پتہ چل جاتا تھا اور برہا برس تک یہ ہوتا رہا۔ یہ کیا چیزیں تھیں؟ وہ اللہ کے ساتھ تعلق کی ایک چیز تھی۔ تو یہ کہتے ہیں شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ، یہ تو ان کی اولاد کا حال تھا۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا بھی یہی تھا کہ کبھی ایسی بات نہیں ہے کہ لوگوں پر خواہ مخواہ علم کا رعب چڑھایا جائے۔
اور فرماتے ہیں: میں نے اس سے کہا عاشق سے کہ:
اور میں تو اپنی ذات کے ساتھ بالکل تنہا ہوں۔ الْمُتَجَمِّعُ لِرِمْسِهِ، رِمْس کہتے ہیں قبر کی مٹی کو، تو میں تو خود اپنی قبر کی مٹی کو جمع کرنے والا ہوں۔ یہ وہ تنہائی ہے جو ہو جاتی ہے جب آدمی علمی طور پر زیادہ پڑھ لکھ جاتا ہے تو اس کی سطح عام لوگوں سے بلند ہو جاتی ہے، حتیٰ کہ ایسی سطح ہو جاتی ہے کہ پھر زمانے میں کوئی ملتا ہی نہیں، بات ہی کرنے کے لیے کوئی نہیں ملتا۔ وہ بات کس سے کرے؟ اس لیے کہ جس سطح پہ وہ بات کرتا ہے اس سطح کا جواب کون دے، اس سطح کی بات کہاں سے ہو؟
یہی وہ چیز تھی جو بخاری شریف میں بھی آئی ہے، یہ جو ہیں عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ، حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے لکھا، حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے لکھا کہ إِنَّ أَهَمَّ أَمْرِكُمْ عِنْدِي الصَّلَاةُ، گورنروں کے نام، حکمرانوں کے نام جو خط لکھے، فرمایا: سب سے اہم کام میرے نزدیک تمہارا نماز ہے۔ اور جب نماز ضائع ہو گئی تو دین ضائع ہو گیا۔ اور پھر کہا کہ وَإِنْ عِشْتُ فَسَأُبَيِّنُهَا لَكُمْ، اور اگر مجھے اللہ نے زندگی دی میں خدا کے دین کی اور باتیں تمہیں لکھتا رہوں گا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے احکامات میں لکھا ہے، خط لکھا ہے، اور پھر کہتے ہیں: وَإِنْ مِتُّ فَلَسْتُ عَلَى صُحْبَتِكُمْ بِحَرِيصٍ، اور اگر مجھے موت آ گئی تو تم جیسے لوگوں کی صحبت میں مجھے جینے کی کوئی تمنا بھی نہیں ہے۔ یہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ لکھ رہے ہیں ایسے لوگوں کے نام جو خود ان کے چنے ہوئے لوگ ہیں اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے بعض نچلی سطح کے صحابہ رضی اللہ عنہم ہیں، لیکن ذہنی سطح کا فرق ہے، کہا: وہ بات اور کہاں یہ بات۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یہ حال ہو گیا جب وہ کوفہ آئے ہیں بالکل آخری دور میں، تو حضرت علی رضی اللہ عنہ کوفہ میں جامع مسجد کے منبر پر بیٹھے اور ہزاروں لوگ سننے والے تھے تو انہوں نے کہا: چار ہزار سے زیادہ تو ان میں خارجی تھے، تو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے کہا کہ لوگو! سَلُونِي قَبْلَ أَنْ تَفْقِدُونِي، تم مجھ سے علم حاصل کرو، پوچھو قبل اس کے کہ میں گم ہو جاؤں۔ اور اللہ کی قسم! دنیا میں اس وقت کوئی شخص ایسا نہیں ہے جس کے متعلق مجھے معلوم ہو کہ وہ اللہ کی کتاب کو مجھ سے زیادہ جانتا ہے۔ اور اگر مجھے مجھے پتہ ہوتا تو میں اس کے پاس جاتا اور اس سے علم حاصل کرتا۔ ابن مسعود رضی اللہ عنہ بھی یہی کہتے تھے، وہ کہتے تھے کہ سارے صحابہ رضی اللہ عنہم جانتے ہیں کہ خدا کی کتاب کو مجھ سے زیادہ ان میں کوئی بھی نہیں سمجھتا۔ اور یہ انہوں نے اس وقت دعویٰ کیا جب حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی خلافت تھی۔
تو وہ راوی کہتا ہے ان کا شاگرد کہ میں دس صحابہ رضی اللہ عنہم کے پاس گیا اور میں نے کہا: ابن مسعود نے یہ کہا ہے آج اور سب لوگوں کے سامنے کہا، تو اب کہتے ہیں نہ ان سب سچ کہتے ہیں ان سے زیادہ کوئی نہیں جانتا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو تفسیر کی ضرورت پیش آ گئی تھی تو انہوں نے ابن مسعود رضی اللہ عنہ کو کہا کہ اس کی تفسیر مجھے لکھیں، مجھے بتائیں کیا ہے۔ تو یہ ہو جاتا ہے۔
تو شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے کہا کہ میں تو اپنی ذات میں اکیلا ہوں اور میں اپنی قبر کی مٹی جمع کرنے والا ہوں یعنی دن گزار رہا ہوں، جو کام مجھے کرنا ہے کر رہا ہوں۔
اور میں ایسا شخص ہوں کہ اپنے وقت کا بندہ ہوں، اور اپنے نصیب کا شاگرد ہوں یعنی جو اللہ نے نصیب میں لکھ دیا ہے بس زندگی گزر رہی ہے اور جو کام مجھے کرنے ہیں میں اس کو تحریر کر رہا ہوں۔ باقی تم یہ چاہو کہ میں لوگوں کی سطح پہ آ جاؤں یا لوگ میری سطح پہ آ جائیں تو یہ باتیں ایسی نہیں ہیں۔ اس لیے تم مجھ سے اتنی چیزوں کی توقع نہ رکھو۔
اور جو واردات ہے میں اس کا قیدی ہوں، اور اپنی ٹھنڈی روٹی پر غنیمت اختیار کرنے والا ہوں۔ تو میرا تو حال یہ ہے، أَسِيرُ وَارِدِهِ یعنی جو کچھ واردات ہوتی ہے میرے دل پہ میں اسے لکھتا ہوں۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے یہ بھی بڑا کمال کیا، بہت سی چیزیں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ایسی لکھی ہیں جو ان کی کتابوں میں آئی ہیں مگر ان کی زندگی میں معلوم نہیں تھیں۔ انہوں نے مکتوبات اپنے لکھے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ یہ چیزیں دکھائی ہیں، یہ میں نے خواب دیکھا ہے، یہ چیزیں دیکھی ہیں، ان کی ایک ڈائری تھی اس میں لکھتے رہتے تھے۔ بہت سی چیزیں ایسی تھیں جو ان کے بعد صحیح بھی ثابت ہوئیں، لیکن اس کا ایک حصہ ضائع بھی ہو گیا، پھلت سے خاص طور پہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی جب چیزیں منتقل ہوئی ہیں تو وہاں لوگوں نے اس کی ناقدری کی۔ تو وہ کہتے ہیں: جو میری واردات ہے میں اس کا اسیر ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ میرے ساتھ یہ بھی ہے کہ جو میری ٹھنڈی روٹی ہے بس اسی پہ قناعت کرتا ہوں۔ یعنی ہر طرح سے میں قانع آدمی ہوں، قناعت کر کے بیٹھا ہوا ہوں۔ مجھے اس سے بحث ہی نہیں ہے کہ اور کیا چیزیں ہو رہی ہیں کیا نہیں ہو رہیں، اپنے کام سے کام ہے۔
تو جو شخص اس سے خوش ہو کہ وہ جو کچھ بھی ہے میرے پاس بس وہی ہے، ٹھیک ہے۔ اور جو شخص اس سے زیادہ چاہے تو اس کا معاملہ اس کے اپنے ہاتھ میں ہے، اسے چاہیے کہ جو اس کی طبیعت میں آئے کرے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں: بس بھئی جو کچھ میرے پاس ہے میں نے اب لکھ دیا ہے، جو کچھ خدا کے دین میں سے حکمتیں میں سمجھا ہوں وہ میں لکھ کے جا رہا ہوں۔ جس شخص کو میرے ساتھ اطمینان ہے علوم پہ، چلو میں تمہاری بات مان لیتا ہوں، کتاب لکھتے ہیں، کام کرتے ہیں۔ لیکن تم یہ چاہو کہ اس سے زیادہ بڑھ کے میں کچھ کرتا تو اب میرے بس میں نہ رہا، نہ میں کتابیں اتنی دیکھ سکتا ہوں نہ مجھے وہ چیزیں ساری یاد ہیں جو اساتذہ سے سنی تھیں، فضول ہی ساری تقریر۔
اور پھر فرماتے ہیں:
اور جب یہ اشارہ ہوا کہ تکلیف اور اعمال کی جزا اس میں ایک راز ہے۔ یہ جو عبارت ہے، اس سے پہلے سورۂ انعام کی ایک آیت ہے، اصل میں شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا مقدمہ اب یہاں ختم ہو رہا ہے، جو انہوں نے باتیں کرنی تھیں، پھر وہ اصل موضوع پہ آ جاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اس کتاب کا نام انہوں نے رکھا «حجۃ اللہ البالغہ»، یہ الفاظ انہوں نے لیے ہیں قرآن کریم سے۔ قرآن کریم میں آیا ہے:
آپ کہہ دیجیے کہ اللہ کی طرف سے جو حجت اور دلیل تھی وہ پوری ہو گئی۔ آیات میں بات یہ چل رہی ہے کہ کفارِ مکہ نے یہ کہا اور اسی طرح دیگر جو گمراہ اقوام تھیں انہوں نے کہا کہ دیکھو! تم ہی کہتے ہو کہ اس کائنات میں ایک پتا بھی نہیں ہلتا جب تک اللہ نہ چاہے۔ تو یہ جو ہم شرک کرتے ہیں، یہ جتنے گمراہی کے کام کرتے ہیں، یہ بھی تو اللہ چاہتا ہے تو ہی تو کرتے ہیں، تو تقدیر میں لکھا ہے۔ بس ٹھیک ہے، جو کچھ خدا نے لکھا ہے ہم تو وہی کریں گے۔ یہ تقدیر کو اس معنی میں لیتے تھے۔
تو اللہ تعالیٰ نے اس کا رد کیا اور اللہ نے کہا: یہ گمراہی کی بات ہے، یہ پہلے بھی جو تم سے قومیں تباہ ہوئیں نا وہ بھی اسی گمراہی میں پڑے ہوئے تھے۔ لاہور میں ایک فرقہ اب نیا بنا ہے، اور ہم ان کے ایک آدمی سے ملے تو اس نے کہا: نام سوچ رہے ہیں کہ ہم اپنی جماعت کا کیا نام رکھیں۔ میں نے کہا: اچھا نام تو رکھو گے تم، مطلب آخر یہ نیا فرقہ نئی جماعت بنانے کی ضرورت کیا پیش آئی؟ کہنے لگا جی: لوگوں کا تقدیر پہ ایمان ہی اٹھ گیا ہے، مسئلہ تو ایمان کا ہے، اور آپ نہیں جانتے ہیں کہ تقدیر پہ ایمان بنیادی ہے، اگر تقدیر پہ ایمان نہیں ہو گا تو بندہ کافر ہو جائے گا۔ تو تقدیر پہ اس نے احادیث بھی سنائیں، مجھے ہوا کہ یہ واقعی بات تو ایمان کی اور تقدیر کی کر رہا ہے۔ میں نے کہا: تقدیر سے مطلب آگے آپ کیا لینا چاہتے ہیں؟ لوگوں کو کیا بتانا چاہتے ہیں، تقدیر پہ کیسے ایمان رکھیں؟ اس نے کہا جی: صاف بات ہے، کیا ضرورت ہے آپ کو نماز پڑھنے کی، روزہ رکھنے کی، حج کی؟ جو تقدیر میں لکھا ہے ہو جائے گا، ہم چاہتے ہیں لوگوں کو یہ تبلیغ کریں۔
تو ہم نے کہا: وہ تقدیر پہ ایمان نہ رکھے وہ کفر ہے، اور یہ لوگوں کو اس چیز کی طرف دعوت دینا کہ نماز روزہ چھوڑو، حج چھوڑو، میں نے کہا: یہ کفر نہیں ہے بھائی؟ یہ کفر وہی ہے کہ تقدیر پہ ایسی گمراہیاں ہیں لوگوں میں، اور وہ کہاں کہاں کے پڑھے لکھے نوجوان اور یہ حال ہے کہ پتہ نہیں تقدیر پر ایمان رکھو بس، جو کچھ کرو سب خدا کی تقدیر کے حوالے! معاذ اللہ! اللہ نے قرآن کریم میں کئی جگہ بیان کیا ہے، سورۂ انعام میں بھی یہی ہے، اللہ نے فرمایا وہ کہتے ہیں:
اگر اللہ چاہتا نہ ہم شرک کرتے نہ ہمارے باپ دادا شرک کرتے۔ اتنے گمراہ تھے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے جب بتایا، اللہ نے آیات نازل کیں کہ دیکھو مردار حرام ہے۔ کہنے لگے: مردار کیوں حرام ہے؟ انہوں نے کہا: اللہ نے حکم نازل کیا ہے مردار کے حرام ہونے کا۔ کہنے لگے: عجیب بات کرتے ہو! تم اپنے ہاتھ سے مسلمانوں ذبح کرو تو وہ جائز، تم مار دو اپنے ہاتھ سے وہ جائز، اور اللہ جس کو مار دے وہ ناجائز؟ خدا ہی مارتا ہے نا! تو دونوں صورتوں میں موت ہے، تو موت میں تمہارا ہاتھ کام کرتا ہے لہٰذا جائز ہو گیا، اور جب خدا خود مار دے تو وہ کیوں ناجائز ہو گیا؟ اس طرح کے شبہات اور گمراہیاں وہ لوگ لاتے تھے۔
اور اللہ نے اس کا جواب دیا ہے، اس جواب کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کئی مقامات پہ جو چیزیں ارشاد فرمائی ہیں، اس کا مقصد یہ علماء نے لکھا ہے کہ دیکھو! انسان کو اللہ نے اس ساری کائنات میں کچھ خصوصیات سے نوازا ہے جو اور چیزوں میں نہیں ہے۔ پتھر کے مقابلے میں، درختوں کے مقابلے میں، حتیٰ کہ جانوروں کے مقابلے میں انسان میں شعور کی کیفیت زیادہ ہے، اختیار کی کیفیت زیادہ ہے۔ کیوں آخر وہ ایک رنگ کو چھوڑ دیتا ہے اور ایک رنگ کو چن لیتا ہے؟ کیوں آخر وہ کہتا ہے یہ کھانا نہیں یہ کھانا کھانا ہے؟ کیوں آخر وہ کہتا ہے کہ یہ نہیں آج یہ پکا دیں؟ تو یہ سارے انسان کے اختیار ہیں نا! یہ تھوڑا سا جو خدا نے اختیار دیا ہے، یہ اختیار دلیل ہے اس بات کی کہ انسان کو اللہ تعالیٰ نے مختار بنایا ہے۔ اور اسی اختیار کی بنیاد پر وہ قیامت میں پوچھے گا کہ تم نے یہ کام کیوں کیا اور یہ کیوں نہیں کیا، یہ رنگ کیوں اختیار کر لیا اور یہ رنگ کیوں نہیں اختیار کیا، انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کی تقلید، پیروی اور وہ رنگ اختیار کرنا چاہیے تھا، اس کی بجائے تم کافروں کے پیچھے کیوں چل پڑے تھے؟ یہ ہے وہ چیز جو اللہ تعالیٰ نے فرمائی ہے اور اللہ نے کہا کہ ہماری طرف سے تو دلیل پوری ہو گئی۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
یہ جو «حجۃ اللہ» اللہ نے کہا ہے قرآن میں، اس میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ انسانوں کو مکلف بنانے میں اور ثواب اور عذاب دینے میں اللہ تعالیٰ نے اشارہ کیا کہ خدا کی طرف سے دلیل پوری ہو گئی۔ اللہ نے جب دلیل پوری کر دی، حجت پوری ہو گئی، بحث پوری ہو گئی تو اب خدا کو حق حاصل ہے، اسے ویسے بھی حق حاصل تھا، لیکن دلیل کے بعد تو ہر ایک منصف مزاج آدمی، انصاف پسند آدمی یہ سمجھے گا کہ اللہ تعالیٰ کو واقعی حق حاصل ہے کہ وہ اپنے بندوں سے ثواب اور عذاب کا معاملہ کرے اور اپنے بندوں کو مکلف کرے کہ بندے اس کام کو کریں۔
مکلف اور مکلف میں فرق ہے، جیسے مبارک اور مبارک۔ مبارک اللہ کی ذات برکت دینے والی، اور مبارک وہ جس پر برکت نازل ہو۔ منتظر وہ جس کا انتظار کیا جائے، اور منتظر وہ جو انتظار کرنے والا ہے۔ اسی طرح یہاں پر لفظ استعمال فرمایا تکلیف کا، تکلیف کا مطلب مکلف۔ مکلف وہ جو بندہ ہے، تکلیف اردو والی نہیں پریشانی کے معاملے میں جو اتی ہے وہ نہیں۔ مطلب جب کسی انسان کو پابند بنایا جائے کہ یہ کام کرنا ہے تو بندہ مکلف ہے، مکلف جو کسی کو کسی چیز کا پابند بنائے اور مکلف اللہ کی ذات۔ اس لیے اردو بولنے میں بھی جو عربی کے الفاظ ہیں اس میں احتیاط چاہیے، اگر کہے گا مبارک تو مبارک کا مطلب ہے اللہ تعالیٰ کی ذات جو برکت دیتی ہے، اور مبارک کہے گا تو ٹھیک بولے گا، آپ کو مبارک ہو یہ تو ٹھیک ہے، اور آپ کو مبارک ہو یہ غلط ہو جائے گا اس لیے کہ یہ مہمل جملہ ہے نا، اللہ تعالیٰ کی ذات کا نام وہ استعمال کر رہا ہے۔ تو مکلف بندہ ہے۔
شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اتنی یہ چیزیں رکھی ہیں:
اور وہ رحمت جو ہدیہ کی ہے، وہ رحمت جو خدا نے کی ہے بغیر کسی ایڈوانس پیمنٹ کے، خالصتاً خدا نے جو تحفے کے طور پر ہمیں رحمت دی یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، جن کے لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے نا کہ وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ، اور ہم نے تو خالصتاً آپ کو ساری کائنات کے لیے رحمت بنا کے بھیجا ہے۔ تو وہ جو اللہ تعالیٰ نے انہیں فرمایا کہ آپ اس پوری کائنات کے لیے رحمت ہیں، تو کہتے ہیں: یہ ایسی رحمت تھی جو مہداۃ ہے، مہداۃ کا مطلب جو ہدیہ کی ہے، اللہ نے گفٹ دیا ہے اس پوری کائنات کو۔ انہوں نے جو کچھ کہا ہے، جو شریعت المنزلہ جو ان پہ نازل ہوئی ہے، اس شریعت میں جو اسرار و حکم ہیں، جو مباحث ہیں، جو عقلیات ہیں کہ کیوں آخر ہم لوگ یہ کام کریں، یہ ساری کی ساری چیزیں پتہ چلتی ہیں:
کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ فَلِلَّهِ الْحُجَّةُ الْبَالِغَةُ، اللہ کے لیے اب دلیل پوری ہو گئی یعنی اللہ نے بیان کر دیا۔
اور یہ جو کتاب میں لکھ رہا ہوں، یہ یہ ایک شاخ ہے نابغہ، جو پھوٹی ہے اس درخت سے۔ ایک ٹہنی ہے جو اس درخت سے پھوٹی ہے۔ وہ درخت کیا ہے؟ وہ درخت اللہ کی کتاب، وہ درخت حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے جو شریعت بیان کی ہے حدیث ہے۔ ان دونوں کی وجہ ان دونوں میں جو احکامات ہیں آخر کیوں، ہم کیوں ان پہ عمل کریں؟ حج کیوں کریں، زکوٰۃ کیوں دیں وغیرہ وغیرہ۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ جو کچھ میں اب اس کتاب میں رسالے میں لکھوں گا، رسالہ کا مطلب کتاب، اس کتاب میں میں ایسی چیزیں تمہیں بتاؤں گا کہ آخر ہمیں کیوں عمل کرنا ہے۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ابھی تو اشارہ کیا ہے، لیکن جب وہ اس کتاب کو شروع کرتے ہیں تو وہ جیسے شیر آ جاتا ہے نا میدان میں پھر ان کی ایسی کیفیت ہے کہ وہ صاف صاف سے جملے لکھتے ہیں کہ جو آدمی یہ کہتا ہے شریعت میں کوئی مصلحت نہیں ہے اس کا قول یہ باطل ہے، غلط بات کرتا ہے، یہ مصلحت ہے یہ مصلحت ہے یہ چیز ہے۔ تم سمجھتے ہو میں اس علم کو لکھ رہا ہوں مجھ سے پہلے نہیں؟ دیکھو صحابہ رضی اللہ عنہم نے یہ کہا ہے، خود اللہ نے یہ کہا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایسے بیان کیا کرتے تھے، میں نے کب سے نیا کام شروع کیا ہے؟ پھر شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ خوب لکھا ہے انہوں نے۔
اور پھر کہتے ہیں کہ اور یہ جو ہے یہ حکمتوں کا بیان کرنا، یہ کتاب و سنت سے استنباط کرنا:
شریعت کا جو افق ہے، شریعت کا جو آسمان ہے اس پہ جو جو بدور، بدر کی جمع، بدر کہتے ہیں چودھویں کے چاند۔ چاند کے لیے عرب بڑے الفاظ استعمال کرتے تھے، کیونکہ چاند پہ تو سارا دارومدار ہوتا تھا نا۔ ہلال کہتے ہیں پہلی تاریخ کے چاند کو، اور بدر کہتے ہیں چودھویں کے چاند کو۔ ٹھیک؟ تو وہ کہتے ہیں کہ یہ ایسا چاند ہے جو شریعت کے آسمان پر چمکا ہے۔
تو بہتر یہ ہے کہ میں اپنی کتاب کا نام رکھوں «حجۃ اللہ البالغہ»، کہ اس کتاب کا نام ہی «حجۃ اللہ البالغہ» رکھا جائے یعنی اللہ کی طرف سے جو دلیل پوری ہو گئی۔
اللہ تعالیٰ میرے لیے کافی ہے اور وہ کیا ہی اچھا کارساز ہے۔ یعنی جب کام نہ بنے اور جہاں پر پہنچ کے آدمی اپنی ہمت ہار دیتا ہے اور اسے پتہ چلتا ہے کہ کچھ نہیں کچھ نہیں میں کر سکتا، اللہ تعالیٰ کی وکالت کام اتی ہے یعنی اللہ ان کاموں کو کر دیتا ہے۔ اسی لیے حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ یہ ایسی چیز ہے جو قرآن کریم میں بھی آئی ہے اور بزرگوں نے بھی بتایا کہ جب آدمی کسی مشکل میں پھنس جائے تو کثرت سے اس چیز کا ذکر کرتا رہے۔ یہاں بھی حضرت نے لکھا آخر پہ:
اور جو میں نیکی کر رہا ہوں اور جس گمراہی سے آدمی بچتا ہے، یہ سب کی سب چیزیں اللہ ہی کی توفیق سے ہیں۔ اور اللہ تعالیٰ کی دو صفات بیان کیں: الْعَلِيّ اور الْعَظِيم۔
یہ جو الْعَلِيّ ہے نا، اس کا استعمال بھی لوگ غلط کرتے ہیں کبھی کبھی۔ کئی جگہ دیکھو، لفظ ہے مملوک العلی، علی اللہ کے ناموں میں سے ہے۔ آیت الکرسی کے آخر پہ آتا ہے: وَهُوَ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ، یہ علی بلند، اعلیٰ مرتبے والا، اونچی ذات اللہ ہی کی ہوئی۔ تو اب العلی جو ہے یہ اللہ تعالیٰ کا نام ہے، اب مملوک العلی بڑی ذات کا غلام، لوگ اسے مملوک علی کہہ دیتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے غلام بن گئے، اور پھر کہتے ہیں تشیع کا اثر آ گیا۔ ارے بھئی! ان ساری بحثوں کی بجائے وہ اصل نام ہی سیدھی طرح لکھ دیتے تو وہ مملوک العلی نام تھا، مملوکِ علی نام ہی نہیں تھا۔ یہ ساری بحث اگر آپ کو دیکھنی ہو تو مولانا یعقوب نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ کے جو والد تھے ان کا نام تھا مملوک العلی۔ اور مولانا مملوک العلی صاحب رحمۃ اللہ علیہ جو تھے، یہ دہلی میں پڑھاتے تھے۔
اب لوگ کہتے ہیں سرسید نے ان سے پڑھا ہے، مولانا قاسم نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ نے پڑھا ہے، اور حضرت گنگوہی نضر اللہ مرقدہ نے بھی ان سے پڑھا ہے، اور یہ ساری گپیں بہت سی چلتی ہیں۔ سرسید نے بالکل نہیں پڑھا مولانا مملوک العلی صاحب سے، یہ تاریخ سے ثابت ہی نہیں ہوتا۔ اور چونکہ تاریخ پڑھتے نہیں نا، اس لیے لوگوں کا خیال ہے کہ حضرت نانوتوی، مولانا قاسم نانوتوی اور حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ کہیں دورۂ حدیث اکٹھا ہی پڑھتے رہے ہیں، حالانکہ سرے سے ان دونوں نے دورۂ حدیث اکٹھے مولانا شاہ عبدالغنی صاحب مجددی رحمۃ اللہ علیہ سے پڑھا ہی نہیں۔ یہ جس دیوبندی سے بھی جا کے پوچھ لو، انہوں نے تاریخ پڑھی ہو تو انہیں پتہ ہو نا۔ حضرت گنگوہی نضر اللہ مرقدہ ایک سال پہلے فارغ ہو کے گنگوہ چلے گئے تھے، وہ اپنے کاموں میں مصروف تھے، مولانا قاسم نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث بعد میں پڑھی ہے حضرت سے، اور یہ بھی پتہ نہیں کہ پوری صحاح ستہ، یعنی پوری چھ حدیث کی کتابیں بھی پڑھی تھیں مولانا عبدالغنی صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے یا ایک دو کتابیں پڑھی تھیں، پوری چھ کتابوں کا کوئی ثبوت نہیں ہے، مگر جو بات چل پڑے تو چل پڑے تو مملوک العلی نام ہے ان کا۔ اسی طرح یہاں بھی کئی مرتبہ لوگوں نے نام رکھا ہوتا ہے مملوک العلی، تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے کوئی نسبت ہے اس کی، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ العلی اللہ کی جو ذات ہے بلند و بالا اس کا یہ غلام۔
تو یہ ہے إِلَّا بِاللَّهِ الْعَلِيِّ الْعَظِيمِ، اللہ تعالیٰ کی دو صفات بیان کیں۔ اس کے بعد شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ:
جس انسان نے کہا کہ شریعت کے احکامات جو ہوتے ہیں ان کاموں کے کرنے میں کوئی حکمت نہیں ہے، کوئی مصلحت نہیں ہے، ایسے آدمی کا قول باطل ہے، ایسے آدمی کی بات نہیں سننی چاہیے جو یہ کہتا ہے کہ شریعت کے کام جو ہیں ان کو کرو گے تو اس میں کوئی فائدہ ہی نہیں تمہارا، بس اللہ تعالیٰ نے بتا دیا ہے لہٰذا کرو۔ اب کوئی عقلاً پوچھے کہ کیوں کرو، زکوٰۃ کیوں دیں، حج کے لیے کیوں جائیں، نماز کیوں پڑھیں؟ تو وہ کہتا ہے بس اللہ کا حکم ہے کرو، اس بحث میں نہ پڑو۔ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں: کیوں نہ پڑیں؟ اور اس کے بعد حضرت نے اب اصل کتاب کو شروع کیا ہے۔ انشاء اللہ آئندہ اس سے بعد۔